Tag: خواجہ سعد رفیق

  • عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، خواجہ سعد رفیق

    عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، خواجہ سعد رفیق

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان جیسا بے شرم آدمی نہیں دیکھا، ایک ایسا آدمی جو اداروں کے احترام کی بات کرے اور اداروں پر قبضہ کرے اُسے آپ کیا کہیں گے؟ وہ بہت بہکی بہکی باتیں کرنے لگے ہیں اُن کا معائنہ کروایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے سنگین الزامات بھی لگائے۔

    انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے تلاشی مانگنے کی بجائے تلاشی آپ دیں۔

    عمران خان صاحب آپ بابائے آف شور ہیں، تلاشی کی باتیں کرنے والوں کی جامع تلاشی ہونے والی ہے

    آپ کی تلاشی لی گئی تو آپ کی جیب سے پڑیاں اور آف شور کمپنیاں نکلیں گی۔ آپ نے سیاستدانوں کی تضحیک کی، پی پی سے مدد مانگی اور قیادت کو بھی بولا، اپنی جماعت میں بھی آپ کسی کی عزت نہیں کرتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دھرنے میں وعدہ خلافی کی گئی، ریاستی اداروں پر حملہ ہوا، پی ٹی وی پر قبضہ ہوا تو ایک دوسرے کو مبارک باد دی گئی۔

    126 دن کا دھرنا دیا اور کفن پوش بھی آگئے تھے۔ دھاندلی کا شور کیا گیا، چینی صدر پاکستان آرہے تھے مگر آپ نے دھرنا کر دیا۔ آپ کا مینڈیٹ کیا تھا، خود جس کا حصہ تھے اُس پارلیمنٹ کو برا کہا گیا۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد عدالت نے دو نومبر کا دھرنا روکنے سے متعلق اہم فیصلہ کیا، ہم عدالت کے احکامات پر مکمل عملدر آمد کروائیں گے۔

    عدالت کے احکامات کا انکار کر کے عمران خان توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے حکومت عوام کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی ذمہ داری حکومت کی ہے ہر صورت حفاظت کریں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے شیخ رشید پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے 10 مرلہ زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، وہ پریشان نہ ہوں بلکہ سرکاری خزانے میں پیسے جمع کروادیں۔

    سعد رفیق نے کہا کہ جو باتیں طاہر القادری نے کیں وہی باتیں آج عمران خان کررہے ہیں، حکومت کے خلاف جلسے کرنا آپ کا جمہوری اور آئینی حق ہے۔

    حکومت نے کشمیر کے معاملے پر جوائنٹ سیشن بلوایا مگر آپ نے بائیکاٹ کیا، آپ نے دشمن کو موقع دیا کہ وہ پاکستان کا مذاق اڑائے۔ شہر بند کروانا دشمن کا ایجنڈا ہے ، خان صاحب کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

     

  • لاہور: این اے 125 کے ایک لاکھ سے زائد ووٹ ناقابل تصدیق قرار

    لاہور: این اے 125 کے ایک لاکھ سے زائد ووٹ ناقابل تصدیق قرار

    اسلام آباد: حلقہ این اے 125 میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر نادرا نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔ انتخابات میں ڈالے گئے 1 لاکھ 49 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 125 میں ہونے والے انتخابات کو تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان نے دھاندلی کی بنیاد پر چیلنج کر رکھا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر نادرا نے ووٹوں کی تصدیق کر کے اپنی رپوٹ پیش کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق این اے 125 میں انگوٹھوں کے نشانات واضح نہ ہونے کے باعث ایک لاکھ 49 ہزار 138 ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ 7 ہزار 892 ووٹوں کی مختلف وجوہات کی بنا پر تصدیق نہیں کی جاسکی۔

    نادرا کا کہنا ہے کہ تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر ووٹوں کو جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 14 ہزار 134 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 398 افراد نے ایک سے زائد ووٹ ڈالے جو بالکل جعلی ہیں جبکہ حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں میں سے 3 ہزار 998 ووٹرز کا شناختی کارڈ نمبر غلط درج کیا گیا ہے۔

    این اے 125 میں 184 ووٹ دوسرے حلقوں کے ووٹرز نے ڈالے جبکہ 1917 ووٹرز کے شناختی کارڈ نمبر موجود نہیں ہیں۔ رپورٹ میں نادرا نے مذکورہ حلقے کے صرف 57 ہزار 98 ووٹوں کو درست قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ این اے 125 کے انتخابات کو تحریک انصاف نے دھاندلی کی بنیاد پر چیلنج کیا تھا جس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کے حق میں حکم امتناعی جاری کر کے نادرا سے رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔

  • صرف ڈھائی سیٹوں کیلئےعمران بلاول نے زہریلی مہم چلائی، خواجہ سعد رفیق

    صرف ڈھائی سیٹوں کیلئےعمران بلاول نے زہریلی مہم چلائی، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان نے محض ڈھائی سیٹوں کے لیے آزاد کشمیر انتخابات میں زہریلی مہم چلائی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہی، خواجہ سعد رفیق نے کشمیر الیکشن میں ہارنے والی پارٹیوں کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیر میں توقع سے زیادہ ووٹ ملے۔ بلاول اور عمران نے محض ڈھائی سیٹیں جیتنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔

    وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی چیئرمین اور رہنماؤں کے کالا چشمہ پہننے پر بھی جُملہ کستے ہوئے کہا کہ کالا چشمہ لگاؤ گے توسفید بھی سیاہ نظر آئے گا۔

    لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر مخالفین اور جمہوریت کے دشمنوں کو غور کرنا چاہئے، نتائج محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے سیاسی مخالفین کو حکومت سے نمٹنے کے گر بھی سمجھائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور جمہوریت پاکستان کی بنیاد میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کی باتیں کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا احتجاج اس بات پر کرو گے کہ مری ہوئی ریلوے زندہ ہوگئی ہے؟  کیا یہ ماتم کروگے کہ رینجرزآپریشن کے بعد کراچی کا امن واپس آرہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ صرف گالیاں دوگے، جھوٹ بولو گے تولوگ آپ کا ساتھ نہیں دینگے۔ خواجہ سعد تقریر کے دوران کسی ٹیچر کی طرح کارکنوں کو بیٹھنے اور خاموش ہونے کی تلقین بھی کرتے رہے۔

     

  • عید پرمیری دعا ہے کہ اللہ پاک عمران خان کو بڑا کردے، خواجہ سعد رفیق

    عید پرمیری دعا ہے کہ اللہ پاک عمران خان کو بڑا کردے، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عید کے روز ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو بڑا کر دیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق بے سہارا بچوں کو عید کی خوشیاں دینے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں میلے کا انعقاد کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق اپنی اہلیہ کے ہمراہ میلے میں پہنچے تو بچوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

    وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ان بچوں کے ساتھ عید منائی اور تحائف بھی تقسیم کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کی کفالت کرنا بہت عظیم کام ہے۔

    اس موقع پر خواجہ سعدرفیق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو میری طرف سے عید مبارک ہو اور اس مبارک دن ہاتھ اٹھا کر دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں بڑاکر دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں دھرنوں اور بچگانہ سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ میرے نزدیک پاکستان میں اپوزیشن ہے ہی نہیں۔ کیونکہ چاروں صوبوں میں تین سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں۔ جو جماعت اچھا کام کرے گی، عوام اسی کو ووٹ دیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ ان کے بھائیوں کی طرح ہیں۔ اس لئے وہ ان کی کسی بھی بات کا برا نہیں مناتے۔

    چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رہائش پذیر بچوں کا کہنا تھا کہ عید کے روز انہیں ان کے والدین کی یاد تو آتی ہے، لیکن وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بھی یہاں بہت خوش ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کے ہمراہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

     

  • رائل پام پر نہیں اسٹیٹس کو پر ہاتھ ڈالا ہے، خواجہ سعد رفیق

    رائل پام پر نہیں اسٹیٹس کو پر ہاتھ ڈالا ہے، خواجہ سعد رفیق

    لاہور:  وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رائل پام گلف کلب کی جگہ ریلوے کی ملکیت ہے اور اب اس جگہ کا کنٹرول  محکمہ ریلوے کے پاس آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوے نے رائل پام کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائل پام کلب کے مسئلے میں کچھ لوگوں نے ہاتھ نہ ڈالنے کا مشورہ دیا تھا جبکہ مجھے اچھی طرح سے علم تھا کہ رائل پام پر ہاتھ ڈالنا اسٹیٹس کو پر ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ رائل پام کلب کو تعمیر کرنے کے لیے ریلوے کے کوراٹرز اور بنگلوز کو گرا کر قبضہ کیا گیا اور اسے کلب بنا کر ممبران سے لاکھوں روپے وصول  کیے گئے، مگر اس قبضے کے عوض محکمہ ریلوے کو کرایہ تک ادا نہیں کیا بلکہ جعلسازی کے ذریعے 2 کروڑ  کرائے کی رقم کو کو 21 لاکھ 60 ہزار روپے کردیا گیا۔

    خواجہ سعد رفیق نے انکشاف کیا کہ رائل کلب اور محکمہ ریلوے کے مابین کیا گیا معاہدہ  کرپٹ انداز میں کیا گیا اور اس معاہدے کو بھی ریلوے کے ریکارڈ سے غائب کردیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹس کواور ڈیفالٹر لوگوں کے تعلقات ہرادارے میں ہیں ، ایسے افراد ملک میں ایک خاص حیثیت رکھتے ہیں  جو قابلِ افسوس ہے، ملک میں کرپٹ افراد بہت زیادہ طاقتور ہیں کیونکہ اسٹیٹس کو کے حامی ہرجگہ موجود ہیں اگر ہم ایسے افراد کو شکست نہیں دیں گے تو یہ لوگ ملک کو تباہی کی طرف لے جائیں گے۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ کل تک سب کہتے تھے کہ محکمہ ریلوے ڈوب گئی ہے مگر اب  جب ادارے کا خسارہ 32 ارب سے 27 ارب تک آگیا ہے تو ہمارے خلاف سوشل میڈیا پر طرح طرح کی سازشیں کی جارہی ہیں، محکمہ ریلوے بطور ریاست اس وقت ملک کی چار عدالتوں میں کھڑی ہے اور نیب سے بھی درخواست کی ہے کہ غبن کرنے والے افراد سے ریلوے کا پیسہ دلوایا جائے۔

    واضح رہے رائل پام گلف کلب پر قبضہ کیا گیا تھا جس کے خلاف محکمہ ریلوے نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے فیصلہ کرتے ہوئے کلب کو ریلوے کے ماتحت دینے اور قبضہ ختم کروانے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • عمران خان کی معذرت کے بھی منتظر ہیں، خواجہ سعد رفیق

    عمران خان کی معذرت کے بھی منتظر ہیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو الزام لگاتے ہوئے شرم نہیں آتی معافی مانگنے میں کیوں شرماتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے عمران خان کی جانب سے مریم نواز پر تنقید کے رد عمل میں کہی۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی ہمشیرہ کی مریم نواز سے معذرت کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن ہم مریم نواز سے عمران خان کی معذرت کے منتظر ہیں۔

    سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے طیش اور نفرت میں بلا تحقیق مریم نواز پر الزام لگا یا، عمران اینڈ کمپنی کوبغیر تحقیق بہتان تراشی کا رویہ بدلنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور پیپلز پارٹی کا ایجنڈا الگ الگ ہے، کرپشن کا ایشو پیپلز پارٹی کا پرابلم نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے طریقہ کار سے اختلاف اپنی جگہ لیکن جمہوریت کیخلاف کام نہیں کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ عمران نے دھرنوں کی سیاست سے کوئی سبق نہیں سیکھا، ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے خسارے میں ہے ،لوٹ مار کرنے والوں پر ہاتھ ضرور ڈالوں گا ۔

    ان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹس کو پر ہاتھ  ڈالا ہے جس پر ڈٹے رہیں گے، امید ہے کہ عدالت میں ریلوے کو انصاف ملے گا۔

    علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی عمران خان پر باؤنسر مارتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان تنقید کریں جھوٹ نہ بولیں۔

     

  • جھوٹ اور نفرت انگیز تقاریر لیگی وزراء کا خاصہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی

    جھوٹ اور نفرت انگیز تقاریر لیگی وزراء کا خاصہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی

    لاہور : تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ جائز تنقید کے جواب میں نازیبا الفاظ اور الزامات کی بوچھاڑ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا خاصہ بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بیان کے جواب میں سخت ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ’’ جھوٹ اور نفرت انگیز تقریر مسلم لیگ ن کے وزراء کا خاصہ ہے‘‘۔

    نعیم الحق نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق چاہتے ہیں کہ ملک میں کوئی بھی شخص وزیراعظم پاکستان، مسلم لیگ ن کے وزراء کی کرپشن اور لوٹ مار پر بات نہ کرے مگر قوم کرپٹ عناصر کا احتساب کرنا جانتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ حکمراں جماعت کے اراکین اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں اور مہذب انداز میں گفتگو کریں۔

    دوسری جانب لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ چیئرمین پی ٹی آئی کالا چشمہ اتار کر خیبر پختونخوا سے چوہے اور پولیو کے مرض کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    مزید پڑھیں : وزیرریلوے نے مخالفین پر ایک بار پھر ٹرین چڑھا دی

     خواجہ سعد رفیق نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بلاول بھٹو کرپشن کی بات کرنے سے پہلے ماضی میں جھانکیں اور ریڈ لائن کراس نہ کریں‘‘۔

    انہوں نے آصف علی زرداری کی تعریف کرتے ہوئے اپیل کی کہ ’’ سابق صدر معاملہ فہم اور دور اندیش ہیں وہ ٹی اور آرز کے معاملے کو سنبھالیں اور اس مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔

  • ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک برقرار، پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بے نتیجہ

    ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک برقرار، پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بے نتیجہ

    اسلام آباد: ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار،پارلیمانی کمیٹی کا ایک اور اجلاس بےنتیجہ رہا۔خواجہ سعدرفیق کہتے ہیں اپوزیشن کی دو جماعتوں کا ہدف صرف نواز شریف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اراکین اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ٹی او آرز کے تعین کے لیے آٹھواں اجلاس منعقد ہوا تاہم دونوں میں اتفاق رائے نہ ہوسکا جس کے بعد معاملہ جوں کا توں ہے اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’’ پارلیمانی کمیٹی کا کام ایسا راستہ تلاش کرنا ہے جو سب کو منظور ہو،کسی جماعت کی آمرانہ سوچ مسلط نہیں ہونے دیں گے، اپوزیشن کے ٹی او آرز دراصل جراح ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی دو جماعتوں کا ہدف صرف وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ہیں، کسی ایک شخصیت کے احتساب کی خواہش کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ اپوزیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

    اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ’’ حکومت کے پاس کمیشن بنانے اور راستے موجود ہیں، جب قانون بننے گا تو مستقل بنیادوں پر لاگو کروانا ہوگا‘‘۔

    حکومت کی پہلی کوشش ہے کہ ضابطہ کار پر عمل درآمد ہو، وزیراعظم کے صاحب زادے کمیشن کے سامنے ضرور پیش ہوں گے۔

    دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو پانامہ لیکس کے حوالے سے پارٹی پالیسی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت ٹی او آرز پر متفق نہیں ہوئی تو حکومت کو کسی صورت بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

    دریں اثنا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان آئندہ اجلاس کی تاریخ کا تعین بھی نہیں کیا جاسکا۔

    اس مسئلے پر تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی کے پروگرام ’’ آف دی ریکارڈ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مستقبل میں ٹی او آرز کے حوالے سے کوئی بیٹھک نظر نہیں آرہی اور نہ ہی مذاکرات آگے بڑھنے کے کوئی امکانات نظر آرہے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج کے اجلاس میں مکمل اس امید کے ساتھ خاموشی اختیار کی ہوئی تھی کہ کوئی پیشرفت نہیں ہوگی، متحدہ اپوزیشن اور عمران خان کے سامنے بھی اپنی رائے کا اظہار کرچکا ہوں‘‘۔

  • ماہ رمضان : ریلوے کرایوں میں 10 سے 25 فیصد تک کمی کا اعلان

    ماہ رمضان : ریلوے کرایوں میں 10 سے 25 فیصد تک کمی کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ریلوے نے ماہ رمضان المبارک میں مسافروں کے لیے ریلوے کرایوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہرسال کی طرح امسال بھی پاکستان ریلوے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ماہ رمضان المبارک میں عوام کو سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام نے کہا ہے کہ اس ضمن میں بہاؤ الدین ذکریا، سکھر ایکسپریس، موسیٰ پاک ایکسپریس، ملتان اور مہر ایکسپریس کی مختلف کلاسوں میں 16 سے 25 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ کراچی ایکسپریس، پاک بزنس، جعفر ایکسپریس کے مسافروں کے لیے 11 سے 15 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ پاکستان ریلویز نے گرین لائن، قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، پاک بزنس، جعفر ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، خیبرمیل، تیز گام، ملت ایکسپریس، عوام ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، راوال ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس اور مارگلہ ایکسپریس کی مختلف کلاسوں میں 10 فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ریلوے ترجمان کے مطابق رمضان پیکج کی سہولت ایڈوانس بکنگ کی صورت میں میسر ہوگی جبکہ اس پیکج کا اطلاق یکم سے بیس رمضان المبارک ( 7 جون تا 27 جون) تک ہوگا۔

  • چوروں کا مقدمہ لڑنے والے پانامہ لیکس کامقدمہ لڑرہے ہیں، خواجہ سعد رفیق

    چوروں کا مقدمہ لڑنے والے پانامہ لیکس کامقدمہ لڑرہے ہیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے بڑے بڑے وکیل صرف چوروں کا مقدمہ لڑتے ہیں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خواجہ سعد رفیق نے نام لئے بغیراعتزاز احسن پرطنزکرتے ہوئے الزام لگایا کہ چوروں کا مقدمہ لڑنے والے آج پانامہ لیکس کامقدمہ لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جس چور کا وکیل تلاش کریں گے ایک ہی نکلے گا.

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حسن اور حسین نواز پاکستان سے ایک روپیہ بھی باہر لیکر نہیں گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائٹ کالر کرائم پکڑنا کوئی آسان کام نہیں ہے، وزیر اعظم وطن واپس کب آئینگے کچھ معلوم نہیں ،ایک شخص بیمار ہے ، صحت یاب ہوگا تو واپس آئے گا اندازے نہ لگائے جائیں ۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میری معلومات کے مطابق ابھی تک کمیشن کا سربراہ کسی کو مقرر نہیں کیا ، اپوزیشن سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں آئے اور ہم سے بات کرے۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان برطانیہ فرانزک ایکسپرٹ سے نہیں اپنے سالے کی انتخابی مہم چلانے گئے ہیں، 24 اپریل کو تحریک انصاف دھرنا نہیں بلکہ میوزیکل شو کرنے جارہی ہے ۔

    ایک صحافی نے کہا کہ آج ہم خواجہ سعد سے نہیں بلکہ رفیق شہید کے بیٹے سے سوال کرنا چاہتے ہیں، صحافی نے سوال کیا کہ مزدور ایک ایک ڈالر کما کر ملک میں بھیجتا ہے ، حکمرانوں کے بچے پاناما میں خفیہ اکاونٹ کھولتے ہیں۔ صحافی کا سوال سن کر خواجہ سعد رفیق پریشان ہوگئے۔

    سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جواب نہیں دینا چاہتا کوئی اور سوال ہے تو کریں ، یاد رہے کہ پی پی رہنما اعتزاز احسن ایڈووکیٹ نے ہی ماضی میں وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کا مقدمہ بھی لڑا تھا۔