Tag: خودکشی

  • بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، دہلی کالونی واقعے کی متاثرہ بچی کا بیان

    بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، دہلی کالونی واقعے کی متاثرہ بچی کا بیان

    کراچی: شہر قائد کے علاقے دہلی کالونی میں زہریلا مشروب پی کر خود کشی کرنے والے شخص کی بیوی اور آٹھ سالہ بیٹی کا بیان سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں زہریلا مشروب پینے اور اپنے بچوں کو پلانے والے شخص ریحان کی بیوہ اور بیٹی نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کی بیوہ نے بھی واقعے کو خود کشی قرار دیا ہے، بیوہ نے بیان دیا کہ ریحان نے زہریلا مشروب خود پیا اور بچوں کو بھی پلایا، وہ سنار کا کام کرتا تھا اور لوگوں کا قرض دار ہو گیا تھا، قرضے کی ادائیگی سے ہر وقت پریشان رہتا تھا۔

    6 سال کے بچے ابراہیم کو این آئی سی ایچ کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے

    کراچی، گھریلو پریشانیوں‌ سے تنگ باپ نے 2 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی

    واقعے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ جاں بحق نوجوان ریحان نے خود کشی کی، بچوں کو بھی زہریلا مشروب پلا کر مارنے کی کوشش کی، واقعے میں متاثرہ ریحان کی 8 سال کی بیٹی منزہ کا بیان بھی قلم بند کیا جا چکا ہے، بچی نے بیان دیا کہ بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر گلاس میں کچھ ملایا، بابا نے شربت مجھے اور چھوٹے بھائی کو بھی پینے کے لیے دے دیا، بابا نے خود شربت کے 3 گلاس پیے، مجھے اور بھائی کو ایک گھونٹ پر ہی شربت بد ذائقہ لگا۔

    آٹھ سالہ منزہ کا علاج اسپتال میں جاری ہے

    پولیس کے مطابق واقعے میں ریحان تو مر گیا تاہم اس کی بیٹی اور بیٹا بچ گئے ہیں جو این آئی سی ایچ میں زیر علاج ہیں، متاثرہ بچی منزہ کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ متوفی ریحان کرائے کے مکان میں مقیم تھا، اور بھائی کی دکان پر ملازمت کرتا تھا، ریحان کی نماز جنازہ عزیز آباد میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔

    اپنے تفصیلی بیان میں ریحان کی بیوہ نے کہا میں واش روم میں تھی، ریحان نے کہا تھا تم واش روم سے ہو کر آؤ مجھے تم سے کام ہے، جب اچانک بیٹی کے چلانے کی آوازیں آئیں، بیٹی نے کہا ابو نے کچھ پی لیا ہے وہ بے ہوش ہو گئے ہیں، میں اندر بھاگ کر گئی تو ریحان زمین پر بے ہوش پڑا تھا، بیٹی نے کہا ابو نے ہمیں بھی جوس پلایا تھا، بیٹی کو بھی الٹیاں شروع ہو گئی تھیں، بیٹے کے منہ سے بھی خون آنے لگا۔

  • کینسر کی شکار ماں نے 9 سالہ بیٹی کو قتل کردیا

    کینسر کی شکار ماں نے 9 سالہ بیٹی کو قتل کردیا

    روس میں کینسر کا شکار ایک ماں نے اپنی 9 سالہ بچی کو گلا دبا کر قتل کردیا، اس کے بعد خود بھی آٹھویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔

    یہ افسوسناک واقعہ روس کے شہر نووسبرسک میں پیش آیا، 29 سالہ ماریہ آٹھویں منزل سے نیچے برف پر گری اور اس کی کراہیں سن کر قریبی افراد اس کی مدد کو پہنچے۔

    ایک عینی شاہد کے مطابق اس نے ماریہ سے پوچھا کہ کیا ہوا ہے، لیکن وہ ایک ہی بات دہراتی رہی کہ وہ اپنی ٹانگیں اور ہاتھ محسوس نہیں کر پارہی۔

    پڑوسیوں کے کال کرنے پر پیرا میڈک عملہ وہاں پہنچا اور خاتون کو ایمبولینس میں ڈال کر اسپتال کی طرف روانہ کیا۔ اس دوران پولیس ماریہ کے گھر کا جائزہ لینے اندر داخل ہوئی تو داخلی دروازے کے سامنے ہی 9 سالہ بچی اپنے خون میں لت پت پڑی تھی۔

    بچی کے فارنسک تجزیے سے علم ہوا کہ اسے قتل کرنے سے قبل اس کے سر پر کسی بھاری شے سے وار کیا گیا۔ پولیس کو ماریہ کے گھر سے ایک خط بھی ملا جس میں اس نے لکھا تھا کہ میں اس جان لیوا سر درد کے ساتھ مزید زندہ نہیں رہ سکتی۔

    اس نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ وہ اپنی بیٹی سے بہت محبت کرتی ہے۔

    پولیس نے ماں کے خلاف کم عمر بچی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے صحت یاب ہونے کے بعد اس سے تفتیش کی جائے گی۔

    دوسری جانب خودکشی کی کوشش کرنے کے لیے گرنے پر ماریہ کے جسم میں کئی فریکچرز ہوگئے ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کا ماننا ہے کہ 29 سالہ ماں اپنی بیماری کی وجہ ذہنی طور پر شدید ابتری کا شکار تھی یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی کوشش کی۔

    خاتون کے شوہر کے بارے میں علم ہوا ہے کہ وہ فوج میں ملازم ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ان دونوں کی شادی برقرار ہے یا نہیں۔

  • جڑواں بھائیوں نے ایک ساتھ خودکشی کرلی

    جڑواں بھائیوں نے ایک ساتھ خودکشی کرلی

    لندن: رئیلٹی ٹی وی شو میں کام کرنے والے 2 جڑواں بھائیوں نے ایک ساتھ خودکشی کرلی، خاندانی ذرائع کے مطابق ایک بھائی کینسر کا شکار تھا۔

    خودکشی کرنے والے دونوں بھائی بل اور جو اسمتھ ایک ٹی وی چینل پر نشر کیے جانے والے رئیلٹی شو ’مائی بگ فیٹ جپسی ویڈنگ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے تھے۔

    مذکورہ رئیلٹی شو اپنے 3 سیزن پورے کرچکا تھا، دونوں بھائی تیسرے سیزن میں آئے تھے اور وہ مالی کا کردار ادا کر رہے تھے۔

    دونوں کی عمریں 32 سال تھی اور ان کے مردہ جسم ایک قریبی درخت سے لٹکے ہوئے ملے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اسمتھ کو کچھ عرصہ پہلے ہی کینسر تشخیص ہوا تھا۔ ایک کزن کے مطابق جب جو کو کینسر تشخیص ہوا تو بل نہایت صدمے میں مبتلا ہوگیا تھا، اس نے کہا تھا کہ وہ اپنے بھائی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔

    کزن کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2 ماہ قبل جو نے خاندان کو بتایا تھا کہ کیمو تھراپی کے بعد اب وہ اپنے کینسر سے نجات حاصل کرچکا تھا، لیکن اب یوں لگتا ہے کہ یہ سچ نہیں تھا۔

    شو کے ایک اور اسٹار پیڈی ڈورتھی نے فیس بک پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے انہیں صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔ دونوں بھائی نہایت خوش اخلاق تھے۔

    پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع تو کردی ہے تاہم انہیں امید ہے کہ ان اموات کی اور کوئی وجہ نہیں۔

  • بیوی کے بے تحاشہ اخراجات نے شوہر کی جان لے لی

    بیوی کے بے تحاشہ اخراجات نے شوہر کی جان لے لی

    بنگلورو: بھارت میں ایک سافٹ ویئر کمپنی میں کام کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص نے بیوی کے بے تحاشہ اخراجات سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹکا کے مرکزی شہر بنگلورو میں پیش آیا جہاں ایک اپارٹمنٹ کے فلیٹ سے 39 سالہ شخص کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تو پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت سری ناد کے نام سے ہوئی جو سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، بیوی کی خواہش پر قرض حاصل کرکے متوفی نے گھر حاصل کیا اور دیگر اخراجات پورے کیے مگر اس کی بیوی ریکھا کی بے جا اخراجات کا بوجھ وہ برداشت نہ کر سکا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ریکھا اپنے شوہر کی محدود آمدنی سے بڑھ کر طرز زندگی اپنانے کی خواہش کرتی تھی اور مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات پر ان میں تنازع رہتا تھا جب کہ وہ شوہر کی جائیداد کو اپنے والد کے نام کروانے کے لیے دباؤ بھی ڈالتی تھی۔

    پولیس کے مطابق بیوی کے بے تحاشہ اخراجات سے تنگ آکر شوہر نے خود کو پھاندہ لگا کر زندگی کا خاتمہ کردیا، سرناد کی موت کے واقعے پر 306 کا مقدمہ ریکھا اور اس کے والدین کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

  • یو اے ای میں طالبہ کی ہلاکت معمہ بن گئی

    یو اے ای میں طالبہ کی ہلاکت معمہ بن گئی

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بلندو بالا رہائشی عمارت سے گر کر ہلاک ہوگئی۔

    امارتی میڈیا کے مطابق متوفی کی شناخت ’عین‘ کے نام سے ہوئی ہے جو کہ بھارتی ہے اور انڈین اسکول شارجہ میں زیر تعلیم تھی۔

    15سالہ طالبہ کی موت کا سبب کہیں خود کشی تو نہیں؟ پولیس خودکشی سمیت تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

    اس ضمن میں لاش کو فرانزک لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے اور ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کی سمت کا تعین کیا جائے گا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے بعض افراد کے بیاناب قلمبند کیے ہیں اور اطراف میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں واقعے کی اطلاع ملی تو وہ پیرا میڈکس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور لڑکی ایمبولینس کے ذریعے کویتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے طالبہ دم توڑ گئی۔

  • مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    نوشہروفیروز: صوبہ سندھ کے شہر کنڈیارو کے قریب مجبور ماں نے 2 بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ایک مجبور ماں کو اپنے دو بچوں کے ساتھ خود کشی کرنی پڑی، ماں نے دو بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا دی جس کے نتیجےمیں ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئے تاہم ایک بچے کو بچا لیا گیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق نہر میں خاتون کے کودنے کے بعد مقامی افراد نے انھیں بچانے کی کوشش کی تاہم ایک بچہ ہی بچایا جا سکا، جب کہ ماں اور ایک بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گجرات، غربت سے تنگ باپ 4 بچوں سمیت نہر میں کود گیا

    کنڈیارو پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا، پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بچہ اپنا نام ماجد علی ولد بخش علی جتوئی بتا رہا ہے جب کہ والدہ کا نام عجیباں اور بہن کا نام پارس تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ورثا کے تھانے پہنچنے پر خود کشی کی وجہ سامنے آئے گی، تب تک اس متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر شہریوں کی کثیر تعداد اسپتال پہنچ گئی۔

  • بیٹی کی پیزا کھانے کی فرمائش نے باپ کی جان لے لی

    بیٹی کی پیزا کھانے کی فرمائش نے باپ کی جان لے لی

    بیروت: غربت وافلاس سے تنگ باپ بیٹی کی پیزا کھانے کی فرمائش پوری نہ کرسکا اور دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا لگا کر جان دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت سے 122 کلو میٹر فاصلے پر ناجی نامی شہری بیٹی کی پیزا کھانے کی فرمائش پوری نہ کرسکا اور اس نے خودکشی کرلی۔ لبنانی شہری کافی عرصے سے بے روزگار تھا۔

    لبنانی شہری اپنی بیٹی کی فرمائش کو پورا کرنے کے لیے قصبے کی تمام دکانوں پر گیا مگر تمام دکان داروں نے اس سے پرانے قرض کا تقاضہ کیا اور اسے مزید رقم دینے سے صاف انکار کردیا۔ قرض نہ ملنے پر گھر کے عقبی حصے میں آکر ناجی نے ایک درخت سے رسی باندھ کر خود کو لٹکا دیا۔

    ناجی کی چھوٹی بیٹی منقوشہ زعتر اپنے والد کا انتظار کر رہی تھی کہ کب اس کے والد اس کے لیے پیزا لے کر آئیں گے لیکن اسے کیا پتہ تھا کہ اب اس کے والد کبھی واپس نہیں آئیں گے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق محلے کے دکان داروں نے بھی ناجی کو قرض دینا بند کر دیا تھا، لبنانی شہری قرض لے کر اپنے گھر والوں کی ضروریات پوری کر رہا تھا، دکان داروں کا کہنا تھا کہ اس پر 7 لاکھ لبنانی لیرا یعنیٰ 460 امریکی ڈالر قرض تھا جو اسے ادا کرنا تھا۔

  • افسران کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ پولیس کانسٹیبل نے خود کشی کر لی

    افسران کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ پولیس کانسٹیبل نے خود کشی کر لی

    لاہور: افسران کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ پولیس کانسٹیبل نے خود کشی کر لی ہے، کانسٹیبل عاشق حسین پولیس لائن میں چھت پر ڈیوٹی پر مامور تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک پولیس کانسٹیبل نے خود کشی کر لی ہے، معلوم ہوا ہے کہ پولیس اہل کار عاشق حسین افسران کی مستقل ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عاشق حسین حادثاتی طور پر چھت سے گر کر جاں بحق ہوا، واقعے کے بعد کانسٹیبل عاشق حسین کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہو سکا، اہل کار افسران کے رویے سے تنگ تھا، اور وہ روزانہ چھت پر ڈیوٹی کرنا نہیں چاہتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، دفتری پریشانی سے تنگ شخص نے پانچویں‌ منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

    خیال رہے کہ دفاتر اور محکمہ جات میں افسران کی جانب سے دباؤ بعض اوقات نچلے درجے کے ملازمین کے لیے جان لیوا ثابت ہوتا ہے، رواں برس کراچی کے علاقے کھارادر میں بھی ایک شخص نے دفتری پریشانی سے تنگ آ کر خود کشی کر لی تھی۔

    46 سالہ قمر رضا نے عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی تھی، قمر رضا گلشن اقبال کا رہایشی تھا اور ای ایف یو کی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا تھا، انھیں افسران بالا کی جانب سے چارج شیٹ ملی تھی جس کا جواب مانگا گیا تھا۔

  • چھوٹی پتلون پر بے عزتی، طالبعلم نے خودکشی کرلی

    چھوٹی پتلون پر بے عزتی، طالبعلم نے خودکشی کرلی

    لدھیانا: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانا میں استاد کی جانب سے مبینہ بے عزتی کیے جانے پر دلبراشتہ طالبعلم نے خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 11 ویں جماعت کے طالبعلم کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی، خودکشی سے قبل طالبعلم نے ویڈیو بیان ریکارڈ کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں قد سے چھوٹی پتلون پہننے پر اسے استاد نے سب کے سامنے بے عزت کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

    متوفی نے کہاکہ کالج پرنسپل نے دیگر طلبہ کے سامنے اسے طعنے دیے اور برا بھلا کہا، اس گھٹیا عمل کی وجہ سے مجھے شرمندگی ہورہی ہے اور میں کسی سے بات نہیں کر پارہا، اس ذلت بھری زندگی کا کیا فائدہ!۔

    دوسری جانب سے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور اہل خانہ ، دوستوں ، اساتذہ اور کالج انتظامیہ کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں، واقعے کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے۔

  • باپ کی اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کی کوشش، 2 افراد جاں بحق

    باپ کی اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کی کوشش، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شادمان ٹاؤن سے باپ بیٹی کی لاشیں ملی ہیں، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کاشف نامی شخص نے بیوی بچوں پر ہتھوڑے سے تشدد کیا اور عمارت سے کود کر خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق شادمان ٹاؤن میں فلیٹ سے 2 لاشیں ملنے سے متعلق ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئی ہیں، پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی وجہ گھریلو جھگڑا ہے، جاں بحق کاشف کی بیوی اور بیٹے کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ باپ بیٹی کی لاشیں شادمان ٹاؤن میں کے ڈی اے فلیٹس سے ملیں، جن کی شناخت 40 سال کے کاشف اور 8 سالہ زینب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کاشف گھریلو جھگڑے پر اونچائی سے کود گیا تھا، جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچی کے سر پر کسی وزنی چیز کے نشانات ہیں، جس سے اس کی موت ہوئی۔

    اس واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہیں جنھیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں کاشف کی بیوی صوفیہ اور بیٹا ایان شامل ہیں، دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    قبل ازیں، تفتیشی حکام نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے، ہمسائے کے مطابق جاں بحق کاشف ٹریول ایجنٹ تھا، ٹیوشن بھی پڑھاتا تھا، چوکیدار نے بتایا کہ اسے زوردار آواز آئی تھی جس پر وہ باہر کی جانب بھاگا تو دیکھا کہ کاشف نے بالائی منزل سے چھلانگ لگائی ہے، جسے رشتہ دار رکشے میں ڈال کر اسپتال لے گئے تھے، جائے وقوعہ سے ایک خاتون اور بچہ بھی زخمی حالت میں ملے۔

    پولیس نے واقعے کو گھریلو تنازعے کا نتیجہ قرار دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بہ ظاہر خود کشی اور قتل کا لگتا ہے، کسی وزنی چیز سے بچوں اور خاتون پر تشدد کیا گیا، بہ ظاہر کاشف نے کارروائی کے بعد خود کشی کی، رپورٹ آنے کے بعد ہی تمام معاملہ واضح ہوگا۔ کاشف نے خودکشی سے قبل کسی رشتہ دار کو فون بھی کیا اور کہا کہ سب کچھ ختم ہو گیا۔

    ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم کا کہنا ہے کہ مرنے والے شخص کاشف کی لاش کا معائنہ کر لیا گیا ہے، کاشف کی موت بلندی سے گرنے کے باعث ہوئی، جسم کے متعدد حصے فریکچر ہوئے، سر کی ہڈی بھی ٹوٹی۔ دوسری طرف خاتون ایم ایل او نہ ہونے کے باعث بچی کی لاش کا معائنہ نہ ہو سکا، بچی کی لاش 2 گھنٹے سے عباسی شہید اسپتال میں رکھی رہی۔