Tag: خودکشی

  • خاتون ای این ٹی ڈاکٹر نے اپنا گلا کاٹ ڈالا

    خاتون ای این ٹی ڈاکٹر نے اپنا گلا کاٹ ڈالا

    حیدرآباد: بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک خاتون ای این ٹی ڈاکٹر نے اپنا گلا کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھرا پردیش کے ضلع نرمل میں ایک لیڈی ڈاکٹر بینا نے گلا کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی ہے، ڈاکٹر بینا کا تعلق وشاکھاپٹنم سے بتایا گیا ہے۔

    ڈاکٹر بینا مقامی اسپتال میں کان، ناک اور گلے کے ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز انھوں نے گلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بینا کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں سے انھیں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔

    لیڈی ڈاکٹر نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیوں کرنا چاہا، اس حوالے سے ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے، تاہم یہ شبہ کیا جا رہا ہے کہ خودکشی کی کوشش کی وجہ شخصی ہو سکتی ہے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • بھارت: ماں دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی

    بھارت: ماں دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے ایک علاقے میں ایک ماں اپنے دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی، جس سے تینوں ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے ضلع الور میں دانتیا ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون نے اپنے دو بچوں سمیت ٹرین کے آگے کود کر خود کشی کر لی۔

    پولیس حکام کے مطابق مرنے والوں میں 30 سالہ پنکی جاٹ اور ان کا 13 سالہ بیٹا پرشانت اور 11 سالہ بیٹی ہیما شامل ہیں۔ خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کمزور تھی۔

    رپورٹس کے مطابق خاتون کے شوہر رام ویر چودھری کھیتی باڑی کرتا ہے، جمعہ کی شام جب وہ گھر پہنچے تو معلوم ہوا کہ بیوی بچوں سمیت غائب ہے، خاندان اور گاؤں والوں نے جب اس کی تلاش شروع کی تو رات دیر گئے خبر ملی کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔

    شوہر نے اپنی بیوی اور بچوں کی لاشوں کی تصدیق کر دی، علاقے کے لوگوں کے بیانات کے مطابق خاتون نے اپنے دو بچوں کے ساتھ وہاں کے چکر لگائے اور پھر وہاں سے تقریباً آدھا کلومیٹر دور جانے کے بعد شام سوا چار بجے بچوں کے ساتھ ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کر لی۔

  • ان مجسموں کی شادی کیوں کرائی گئی؟ وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    گجرات: جن والدین نے بچوں کو زندگی میں ایک نہیں ہونے دیا، انھیں بچوں کے مرنے کے بعد اپنا غم کم کرنے کے لیے ان کے مجسموں کی شادی کرانی پڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر گجرات میں ایک انوکھی شادی کی تقریب منعقد ہوئی، اس شادی میں لڑکا لڑکی کے مجسموں کا ملن ہوا، کیوں کہ وہ ایک سال قبل مر چکے تھے۔

    دراصل گزشتہ برس گجرات کے ضلع تاپی کے رہائشی گنیش اور رنجنا پدوی ایک دوسرے سے شادی کے خواہش مند تھے، لیکن ان کے والدین نے انکار کر دیا، جس پر دونوں نے خود کشی کر لی۔

    انکار کے بعد گھر والوں کے طعنوں اور بدسلوکی کی وجہ سے لڑکی اور لڑکے نے درخت سے پھندا لگا کر خود کشی کر لی تھی۔

    تاہم بچوں کی خود کشی پر والدین کو اپنی غلطی کا احساس ہوا، اور انھوں نے اپنا دکھ کم کرنے کے لیے ایک سال بعد ان کے مجسمے بنا کر ان کی شادی کروا دی۔

    بھارتی میڈیا پر مجسموں کی شادی کی یہ انوکھی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں پنڈت کو لڑکی اور لڑکوں کے عروسی مجسموں کی شادی کرواتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • والدین سے فراڈ کی کہانی سن کر نوجوان نے خودکشی کرلی

    دادو: احساس کفالت پروگرام کے ڈیوائس ہولڈر کے فراڈ سے دل برداشتہ ہوکر غریب لڑکے گل حسن نے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں والدین سے فراڈ کی کہانی سن کر نوجوان نے خودکشی کرلی۔

    والدین نے بے حسی کی داستان بیان کی، نوجوان کے والد نے بتایا کہ متوفی گل حسن کی ماں احساس کفالت سے پیسے لینے گئی تو ڈیوائس ہولڈر نے ان کے فنگر پرنٹس لیئے اورکہا کل پیسے لینے آجانا۔

    والد کا کہنا تھا کہ دوسرے دن جب خاتون ڈیوائس ہولڈر کے پاس پیسے لینے پہنچیں تو اس نے کہا آج پیسے نہیں آئے۔

    گل حسن کی ماں نے بتایا کہ دوسرے ڈیوائس ہولڈرسے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ ان کے اکاونٹ سے پیسے نکالے جاچکے ہیں، جس کے بعد میں دوبار پہلے والے ڈیوائس ہولڈر کے پاس گئی اور اسے بتایا کہ فنگرپرنٹس لے کراس نے پیسے نکال لئے، پیسے دو تو اس نے انکارکردیا۔

    گھر آکر ماں نے یہ واقعہ بیمار بیٹے کو سنایا ، بیٹا بیمار تھا ، دوائی کیلئے پیسے نہ تھے، جس پر دلبرداشتہ ہو کرنوجوان نے خود کشی کرلی۔

  • ایک اور نوجوان بھارتی اداکار نے خودکشی کر لی

    ایک اور نوجوان بھارتی اداکار نے خودکشی کر لی

    ساؤتھ فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار سدھیر ورما نے 34 سال کی عمر میں اپنی رہائش گاہ پر خود کشی کر لی۔

    بھارت میں اداکاروں میں خودکشی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے، حال ہی میں اداکارہ تُنیشا شرما نے خودکچی کی تھی بھارتی میڈیا کے مطابق اب ساؤتھ فلم انڈسٹری کے مشہور نام سدھیر ورما نے اپنی رہائش پر خود کشی کر لی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار نے وشاکھاپٹنم میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پیر کے روز خودکشی کی جس کی تصدیق ان کے کچھ ساتھیوں نے سوشل میڈیا پر دی ہے۔

    سدھیر ورما کے ساتھ کام کرنے والے ساتھی اداکار سدھاکر کوماکولا نے ان کی موت پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔

     

    ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سدھیر! اتنا پیارا شخص… آپ کو جان کر اور آپ کے ساتھ کام کر کے بہت اچھا لگا بھائی،  یقین نہیں ہو رہا ہے کہ آپ اب اس دنیا میں نہیں ہو۔

    تیلگو فلموں کے مشہور ہدایت کار وینکی کدومولا نے بھی اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کئی بار سب سے پیاری مسکراہٹ میں بہت درد چھپا ہوتا ہے… آپ کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سدھیر ورما نے اپنی جان کیوں لی، اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے، لیکن کہا جا رہا ہے کہ وہ ذاتی زندگی میں گزشتہ کچھ وقت مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سدھیر ورما ذہنی طور پر بھی کافی دباؤ کا شکار  تھے، ہو سکتا ہے اسی وجہ سے سدھیر ورما نے خودکشی جیسا سخت قدم اٹھایا۔

    واضح رہے کہ سدھیر ورما نے 2013 میں فلم ’سوامی را را‘ سے فلم انڈسٹری میں میں قدم رکھا تھا۔

     

     پھر انھوں نے کئی فلموں میں کام کیا، لیکن 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کندانپو بوما‘ سے انھیں خوب شہرت حاصل ہوئی۔ لیکن بہترین اداکاری کے باوجود انھیں اچھی فلموں کے آفر نہیں ملی تھی۔

  • ’اسپتال لے جاتے ہوئے بیٹی کی سانس چل رہی تھی‘

    نئی دہلی: بھارت میں شوٹنگ کے دوران سیٹ پر خودکشی کرنے والی اداکارہ تنیشا شرما کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگر اسے قریبی اسپتال لے جایا جاتا تو اس کی جان بچ سکتی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیلی وژن کی آنجہانی اداکارہ تنیشا شرما کی والدہ ونیتا شرما نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی کی جان بچائی جاسکتی تھی۔

    اداکارہ کی والدہ نے بیٹی کے ساتھ ٹی وی ڈرامہ سیریل میں کام کرنے والے اداکار شیزان خان پر الزام عائد کیا کہ وہ تنیشا کو ایک ایسے اسپتال لے گئے تھے جو بہت دور واقع تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب تنیشا کو اسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ سانس لے رہی تھی اگر قریبی اسپتال لے جاتے تو وہ بچ سکتی تھی، ان کے مطابق قریبی اسپتال اس ڈرامے کے سیٹ سے چند منٹ کے فاصلے پر تھا۔

    اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ونیتا شرما نے کہا کہ ان کے اپنی بیٹی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے، میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے آنجہانی بیٹی کی ایک وائس میسیج بھی پلے کر کے سنوائی۔

    واضح رہے کہ 21 سالہ تونیشا شرما نے مبینہ طور پر اپنی موت سے 15 روز قبل شیزان سے مراسم ختم ہوجانے پر 24 دسمبر 2022 کو بھارتی ٹی وی کے سیریل ’علی بابا، داستان کابل‘ کے سیٹ پر خودکشی کرلی تھی۔

    ممبئی پولیس نے شیزان خان کو خودکشی میں اعانت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا اور اس وقت شیزان جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں۔

  • ’ڈاکٹر سارہ ملک کو زیادتی کے بعد قتل کیا‘ ڈاکٹر شان سلیم کا اعتراف جرم

    کراچی: شہر قائد میں ایک اور قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، سی ویو میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق خود کشی کرنے والی نوجوان فزیوتھراپسٹ سارہ ملک کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کو اسپتال کے ڈاکٹر شان سلیم نے زیادتی کے بعد قتل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح سی ویو سے دو دن کی تلاش کے بعد ریسکیو ٹیموں کو ڈاکٹر سارہ ملک کی لاش مل گئی ہے، ساتھ ہی یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ انھوں نے خود کشی نہیں کی، بلکہ انھیں قتل کیا گیا، اور پھر ان کی لاش سمندر میں پھینکی گئی۔

    تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران واقعہ خود کشی نہیں بلکہ قتل کا نکلا ہے، اور قتل کے الزام میں ڈیفنس نشاط کمرشل میں واقع جانوروں کے اسپتال کے ڈاکٹر شان سلیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے بیان کے مطابق ملزم شان سلیم نے دوران تفتیش لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سارہ ملک ڈیفنس میں واقع جانوروں کے اسپتال میں ملازمت کرتی تھی، اس کیس میں ڈاکٹر شان سلیم کے علاوہ بسمہ نامی خاتون کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    لڑکی سے جنسی زیادتی ہوئی، سی ویو میں خاتون ڈاکٹر کی خود کشی سے متعلق ایف آئی آر درج

    تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ سارہ ملک نے اپنی موت سے قبل اپنی ماں کو ٹیلی فون کر کے آگاہ کر دیا تھا کہ انھیں ڈاکٹر شان سلیم نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفتیشی پولیس کے مطابق شام کے وقت شان سلیم نے سارہ کی والدہ کو فون کر کے بتایا کہ سارہ لا پتا ہے، اور اس کا پرس اور جوتے ساحل سمندر سے ملے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں ڈاکٹر سارہ ملک کی نعش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے جس میں حتمی طور پر صورت حال واضح ہوگی۔

  • لڑکی سے جنسی زیادتی ہوئی، سی ویو میں خاتون ڈاکٹر کی خود کشی سے متعلق ایف آئی آر درج

    کراچی: سی ویو کے قریب سمندر میں کود کر خود کشی کرنے والی نوجوان ڈاکٹر سارہ ملک کی موت کے واقعے کی ایف آئی آر لڑکی کے والد ابرار احمد کی مدعیت میں درج کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو کے قریب دو دریا کے مقام پر سارہ ملک نامی نوجوان فزیوتھراپسٹ نے دو دن قبل خود کشی کر لی تھی، جن کی لاش آج صبح ریسکیو ٹیم کو ملی۔

    ساحل تھانے کی پولیس کے مطابق لڑکی کی خود کشی کیس میں ڈیفنس میں قائم جانوروں کے اسپتال کے مالک اور ایک خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اس واقعے کا مقدمہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ساحل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔

    سی ویو کے قریب سمندر سے 2 روز تلاش کے بعد خاتون ڈاکٹر کی لاش مل گئی

    ایف آئی آر کے مطابق سارہ ملک جمعے کی دوپہر گھر سے ڈیوٹی کے لیے نکلی تھی، وہ ڈیفنس نشاط کمرشل میں قائم جانوروں کے اسپتال میں ڈاکٹر تھی، اور اسپتال کے مالک سے خاتون کا کافی عرصے سے تعلق تھا۔

    مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ سارہ ملک نے ذہنی دباؤ میں آ کر خود کشی کی۔ پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں کیا جائے گا، اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

  • ڈکیتی کی مزاحمت پر شہری کو جلانے کا واقعہ کچھ اور نکلا

    کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی مزاحمت پر آتش گیر مادے کے ذریعے شہری کے جھلسنے کا واقعہ کچھ اور نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے جھلسنے والے شہری کا اسپتال میں بیان ریکارڈ کر لیا، پولیس کو شہری نے بیان دیا ہے کہ اس نے گھریلو مسائل سے تنگ آکر خود کو آگ لگائی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے وہ گھر کا کرایہ نہیں دے پایا ہے، اور مالک مکان پیسوں کا تقاضا کر رہا ہے۔

    شہری کا کہنا تھا کہ اس نے پیٹرول لے جا کر خود کو آگ لگائی، جب کہ اس سے پہلے اس کا کہنا تھا کہ اسے ڈکیتی کی واردات میں جلایا گیا ہے۔

    گزشتہ روز پولیس نے بتایا تھا کہ ڈاکوؤں نے واردات کے دوران شہری پر آتش گیر مواد سے حملہ کیا جس سے شہری کا جسم جھلس گیا، اور ڈاکوؤں نے زخمی شہری سے 15 ہزار نقدی بھی چھینی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک علاقے سرجانی میں آگ کے باعث جھلس کر ایک اور شخص بھی زخمی ہو گیا تھا، متاثرہ شخص نے پلاٹ میں کچھ جلایا جس سے آگ لگی، اور متااثرہ شخص کی جیکٹ میں آگ لگ گئی۔

  • دو دریا پر سمندر میں نوجوان لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ خودکشی، لاش نہ مل سکی

    کراچی: دو دریا پر ایک نوجوان لیڈی ڈاکٹر سارہ ملک نے مبینہ طور پر سمندر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کی ہے، تاہم ریسکیو ٹیم کو اس کی لاش تاحال نہ مل سکی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ویو پر دو دریا کے مقام پر ایک نوجوان لیڈی ڈاکٹر نے سمندر میں چھلانگ لگا دی، ریسکیو ٹیموں نے دوسرے روز بھی سمندر میں تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق پولیس کو ساحل سے لڑکی کا بیگ ملا ہے، بیگ میں موجود شناختی کارڈ سے لڑکی کی شناخت سارہ ملک دختر ابرار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ لڑکی نے سمندر میں چھلانگ کیوں لگائی؟ اس کی وجہ سامنے نہ آ سکی، لڑکی اعظم بستی محمود آباد کی رہائشی تھی۔

    لڑکی کے والد کا پولیس سے رابطہ ہو گیا، لڑکی کے والد ابرار احمد ریٹائرڈ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ہیں، والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ میری بیٹی ہاؤس جاب مکمل کر چکی تھی، بیٹی نے ایسا کیوں کیا معلوم نہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کے موبائل فون پر فون کالز کی ریکارڈنگ سے مزید معلومات حاصل کریں گے۔ ایدھی کی ریسکیو ٹیم کی سمندر میں لڑکی کی تلاش جاری ہے، گزشتہ رات اندھیرے کے باعث ریسکیو کا آپریشن روک دیا تھا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سارہ ملک فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر ہے، اور انھیں سارہ ملک کی گم شدگی کے حوالے سے کسی پر شک نہیں، تاہم اہل خانہ نے پولیس کی کارکردگی پر مایوس کا اظہار کیا۔

    گزشتہ رات لڑکی کے چاچو وقار ملک نے کہا کہ ہماری بیٹی خود کشی نہیں کرسکتی، وہ سمجھدار لڑکی ہے، ہم رات سے سمندر کنارے کھڑے ہیں لیکن پولیس ابھی تک نہیں آئی۔