Tag: خودکش دھماکا

  • چمکنی میں ہونے والا خود کش دھماکا کیسے ہوا؟

    چمکنی میں ہونے والا خود کش دھماکا کیسے ہوا؟

    پشاور: خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور کے علاقے چمکنی میں پولیس موبائل پر خود کش حملے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے جب کہ دو زخمی ہوئے ہیں، ایس پی رورل مختیار خان کے مطابق تھانہ چمکنی میں ہونے والا یہ دھماکا خود کش تھا۔

    ایس پی مختیار خان نے بتایا کہ پولیس موبائل گشت پر تھی، ایسے میں ایک مشکوک شخص کو دیکھ کر تلاشی کے لیے روکا گیا، لیکن مشکوک شخص خود کش بمبار تھا، پولیس کے روکنے پر اس نے خود کو اڑا لیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، خود کش حملہ آور کے اعضا اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی مختیار خان کے مطابق دھماکے سے 3 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔


    پشاور میں پولیس موبائل پر خود کش حملے میں 2 اہلکار شہید


    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور کے علاقے چمکنی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، علی امین گنڈاپور نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے، انھوں نے کہا عوام کے جان و مال کے محافظوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے، حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

    انھوں نے کہا صوبائی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

  • کابل میں سرکاری دفتر پر خودکش دھماکا

    کابل میں سرکاری دفتر پر خودکش دھماکا

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارتِ شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے دفتر پر خودکش دھماکا ہوا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارتِ داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے عمارت میں گھسنے کی کوشش کی، فورسز نے خودکش حملہ آور پر فائرنگ کی جس سے دھماکا ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل میں ہونے والے خودکش بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ 11 فروری کو بھی قندوز میں بینک کے باہر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں طالبان کے سیکورٹی کمانڈر سمیت 25 افراد ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوگئے تھے۔

    مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا، سپریم لیڈر افغانستان

    عینی شاہدین کے مطابق افغانستان کے قندوز ڈسٹرکٹ اسپتال میں 30 لاشیں لائی گئی، اس کے علاوہ دیگر اسپتالوں میں بھی زخمی لائے گئے ہیں، مرنے والوں میں زیادہ تعداد طالبان اہلکاروں کی بتائی جارہی ہے۔

  • چارسدہ : پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا، اہلکار محفوظ رہے

    چارسدہ : پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا، اہلکار محفوظ رہے

    چارسدہ : اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہلکار محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا ہوا، پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی۔

    دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

    حکام نے بتایا کہ حملہ آور نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کے مقام سے تباہ موٹر سائیکل اور انسانی اعضاء ملے ہیں تاہم دھماکا خودکش تھا یا کچھ اور تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے ہولناک دھماکے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے،جب کہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے، کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے نے) نے دعویٰ کیا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ان کے خودکش بمبار نے دھماکا کیا۔

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکا، دل دہلا دینے والی فوٹیج سامنے آگئی

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکا، دل دہلا دینے والی فوٹیج سامنے آگئی

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دل دہلا دینے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 24 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہو گئے۔

    CCTV Footage oF Quetta Railway Stattion Blast

    ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی  کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جس کی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پلیٹ فارم پر مسافروں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ٹرین کی آمد کے منتظر ہیں جس کے فوراً بعد اچانک سے آگ کا شعلہ لپکتا ہے اور ساتھ ہی زوردار دھماکا ہوجاتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے کے بعد پلیٹ فارم پر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ جاتی ہے اور دھواں پھیل جاتا ہے، دھماکا ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت ہوا۔

    کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کر لی

    کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 22 افراد جاں بحق 51 زخمی

  • خودکش دھماکا پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار، رپورٹ عدالت میں پیش

    خودکش دھماکا پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار، رپورٹ عدالت میں پیش

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت میں ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، یہ خودکش دھماکا پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دے دیا گیا، سی ٹی ڈی نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی کو ملوث قرار دے دیا گیا، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا، نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کی کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لا کر بلاسٹ کیا۔

    خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا، پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی، اور دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں دو چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے میں وقار، الیاس، نعیم، رانو خان، عظیم، طارق، علی، حمزہ، صبیح سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    خودکش دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے، دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں، واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، یہ مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں بی ایل اے کے کمانڈر بشیر احمد بلوچ عرف بشیر زیب اور عبدالرحمان عرف رحمان گل کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • کابل میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 13زخمی

    کابل میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 13زخمی

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں ہوا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق خودکش حملے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 13زخمی ہیں، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    دوسری جانب امریکی ریاست شکاگو میں مسافر ٹرین کے اندر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شکاگو میں فائرنگ کا واقعہ ٹرین کے اندر پیش آیا، اطلاع پر پولیس کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔

    فائرنگ کے باعث 3 افراد موقع پر جبکہ ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس نے 25 سالہ حملہ آور نکولس اور ٹزکو حراست میں لے لیا ہے۔

    بھارت کا فوجی طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات حاصل نہیں ہوسکیں، تحقیق کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

  • شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکا،  فوجی جوان سمیت 2 افراد شہید

    شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکا، فوجی جوان سمیت 2 افراد شہید

    میران شاہ : شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں فوجی جوان سمیت دو افراد شہید ہو گئے جبکہ 9 شہری زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش دھماکہ ہوا۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں حوالدارمحمد امیر اور ایک بے گناہ شہری شہید ہوا، 30 سالہ شہید حوالدار کا تعلق میانوالی سے ہے.

    ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 9 بے گناہ شہری بھی زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دہشت گرد کمانڈر محمد نور مارا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سے گولیاں اور ہتھیار برآمد کر لیے گئے، محمد نور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا تھا کہ مقامی عمائدین نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج سے مکمل تعاون کا عزم کیا۔

  • جامعہ کراچی میں خاتون نے خودکش دھماکا کیسے کیا اورکون سا مہلک کیمیکل  استعمال ہوا؟

    جامعہ کراچی میں خاتون نے خودکش دھماکا کیسے کیا اورکون سا مہلک کیمیکل استعمال ہوا؟

    کراچی: تفتیشی حکام کا کہنا ہے کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے میں پہلی بارمہلک کیمیکل کا استعمال کیا گیا اور خودکش بمبار نے جیکٹس سے جڑی پن کو کھینچ کر دھماکا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کنفیوشس ڈپارٹمنٹ کے باہر خودکش دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئیں۔

    اے آروائی نیوز نے ملنے والی ایجیکٹ پن کی خصوصی تصویرحاصل کرلی ، خودکش بمبار نے جیکٹس سے جڑی پن کو کھینچ کر دھماکا کیا۔

    تصویر میں ایجیکٹ پن کیساتھ لال کالی تار اور لوہے کی پتلی راڈ دیکھی جاسکتی ہے ، بی ڈی ایس کو خودکش جیکٹ سے منسلک پن موقع پر ہی مل گئی۔

    حکام کے مطابق خود کش حملے میں سی 4 کے ساتھ بھاری مقدارمیں فاسفورس استعمال کیا گیا ، کسی بھی خودکش دھماکے میں پہلی بارمہلک کیمیکل کا استعمال کیا گیا، فاسفورس کیمیکل کی مقدار بہت زیادہ تھی۔

    تفتیشی حکام نے بتایا کہ دھماکے کے بعد کیمیکل سے گاڑی مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آگئی ، جائے وقوع سے ملنے والے شواہد کو فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا ،رپورٹ آنے کے بعد مزید مواد کے استعمال سے متعلق تفصیل سامنے آئے گی۔

    دھماکا اس قدر شدید رتھا کہ جسم کے عضادور تک اڑ کر گرے ، جسمانی اعضانہ ملنے کی وجہ سے بی ڈی کی سرچنگ جاری رہےگی۔

  • جامعہ کراچی میں خودکش دھماکا کیسے ہوا؟عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتادیا

    جامعہ کراچی میں خودکش دھماکا کیسے ہوا؟عینی شاہد نے انکھوں دیکھا حال بتادیا

    کراچی : جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے کے عینی شاہد نے بتایا کہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ معمول کےمطابق کلاس لینے آرہے تھے، جونہی گاڑی ٹرن ہونے لگی تو دھماکا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی احاطے میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خود کش دھماکے کے واقعے کے عینی شاہد انسٹیٹیوٹ کے سیکیورٹی گارڈ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ معمول کےمطابق کلاس لینے آرہے تھے، جونہی گاڑی ٹرن ہونے لگی تو دھماکا ہوگیا۔

    عینی شاہد نے کہا کہ آواز بہت زور دار تھی، اپنی مددآپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے، گاڑی میں ہماراایک سپروائزر بھی تھاجوزخمی ہوا جبکہ گاڑی میں سوار ایک غیر ملکی بھی زخمی ہوا۔

    انسٹیٹیوٹ کے سیکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ 11 بجے کلاس آف ہونے کے بعد ڈائریکٹر لنچ کرکے دوپہر میں آتے تھے، ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھاتھا، جب دھماکے کی آواز سنی تواوسان خطا ہوگئے تھے۔

    یاد رہے گذشتہ روز جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق دھماکے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ہوانگ گیوپنگ سمیت خواتین اساتذہ ڈنگ میوپنگ اور چن سا ہلاک ہوئی جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور خالد بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔

    بعد ازاں ایک دہشت گرد گروپ نے خودکش حملہ آور لڑکی کی تصویر جاری کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

  • گوادر دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہوگئی

    گوادر دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہوگئی

    گوادر: بلوچستان کے شہر گوادر میں خود کش دھماکے میں زخمی ایک بچہ دم توڑ گیا، جس سے دھماکے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپتال ذرائع نے گوادر خود کش دھماکے میں ایک اور بچے کی موت کی تصدیق کر دی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے لوگوں میں دہشت گردوں کے خلاف غصہ اور بے چینی ہے، کچھ نوجوانوں کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گوادر میں چینی قافلے کے قریب خود کش حملے میں 2 بچے شہید اور چینی شہری سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے، وزارت داخلہ کے مطابق حملہ آور چینی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا تھا، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے پر سیکیورٹی اہل کاروں نے دہشت گرد کو روکا مگر اس نے پندرہ بیس میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    گوادر میں دہشت گرد حملہ، چین کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    چینی سفارت خانے کی جانب سے گوادر میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے، چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمیوں کا مناسب علاج، حملے کی مکمل تحقیقات اور واقعے میں ملوث قصور واروں کو سخت سزا دے، اور آئندہ اس قسم کے واقعات روکنے کے لیے مضبوط حفاظتی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال خراب رہی ہے، پے در پے کئی دہشت گرد حملوں میں متعدد چینی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود چینی باشندوں کو محتاط رہنے، حفاظتی احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی بھی اپیل کی ہے۔