Tag: خودکش دھماکا

  • افغان صوبے غزنی میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 40 زخمی

    افغان صوبے غزنی میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 40 زخمی

    غزنی: افغانستان کے صوبے غزنی میں خودکش دھماکے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کونسل چیف نے میڈیا کو بتایا کہ غزنی صوبے میں آج ایک خود کش دھماکا کیا گیا جس میں کم از کم 6 افراد ہلاک جب کہ چالیس زخمی ہوئے ہیں۔

    افغان میڈیا کے مطابق آج صبح 5 بجے انٹیلی جنس ایجنسی کے اسپیشل یونٹ دفتر پر خودکش دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی کا استعمال کیا گیا تھا، افغان حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    صوبائی کونسل چیف نصیر احمد فقیری کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق فورسز سے ہے، صوبائی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کے بعد 5 لاشیں اور 25 زخمی اسپتال میں منتقل کیے گئے۔

    افغان صدور کے درمیان شراکتِ اقتدار کا معاہدہ طے

    اس خود کش دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم، یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ روز ہی افغان قیادت میں ملک میں امن کے قیام کے لیے شراکت اقتدار کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    گزشتہ روز بھی افغان صوبے پکتیکا میں فورسز اور طالبان کے درمیان ایک جھڑپ میں 31 طالبان ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے تھے، افغان محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ طالبان فضائی کارروائی میں مارے گئے۔

    جمعرات کو بھی افغان صوبے پکتیا کے شہر گردیز میں کار بم دھماکا ہو اتھا جس میں 5 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے، یہ حملہ گردیز شہر کی فوجی عدالت کے باہر ہوا۔

  • امریکی فوج کا آپریشن ، البغدادی کی بیگمات کا خودکش دھماکا

    امریکی فوج کا آپریشن ، البغدادی کی بیگمات کا خودکش دھماکا

    ادلب : ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ابوبکر البغدادی بھی اسی آپریشن میں  خود کش جیکٹ کو اڑا لیا تھا  اور ہلاک ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ادلب میں کارروائی میں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت سے متعلق امریکی حکام کے یکے بعد دیگرے بیانات کے بعد جریدے نے امریکی فوج اور وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی شام کے علاقے ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے آڑا لیا۔

    امریکی ٹی وی نیٹ ورکس نے اتوار ہی کے روز بتایا تھا کہ شام اور عراق میں ہزاروں افراد کو دھمکانے اور بعد ازاں اپنی سطوت کھو جانے کے بعد داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ادلب میں کئے جانے والے امریکی فوجی آپریشن میں ہلاک ہوگئے۔

    امریکی فوج ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق کرنے سے قبل ان کی لاش کا ڈی این اے کروا رہی ہے۔

    امریکی ذرائع ابلاغ میں متعدد سرکاری حکام کے حوالے بتایا جا رہا ہے کہ اپنے ٹھکانے پر امریکی ٹاسل فورس کے حملے کے بعد ابوبکر البغدادی نے خود ہی اپنی کمر سے بندھی دھماکا خیز جیکٹ کو اڑا لیا۔

    مزید پڑھیں : ابوبکر البغدادی نے خودکش حملے میں اپنے 3 بچوں کو بھی مارا، امریکی صدر ٹرمپ

    انھوں نے بتایا کہ شمالی ادلب کے مضافات کے قصبے باریشا میں اتحادی فوج کے کمانڈوز کو ہیلی کاپٹرز سے اترتے دیکھا گیا ہے، جو آٹھ ہیلی کاپٹروں پر سوار تھے اور انھیں اتحاد میں شامل فوج کے لڑاکا طیاروں نے کور فراہم کر رکھا تھا، یہ کارروائی دو گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران علاقے میں گولا باری کی شدید آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

    اسی کارروائی کے دوران گاڑیوں کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا ،وہ عمارت جس میں مبینہ طور پر ابوبکر البغدادی چھپا ہوا تھا، ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

    شام میں سرگرم سوشل میڈیا بلاگرز نے بمباری کے مقام اور قافلے کو نشانے والی کارروائی کے مختصر ویڈیو کلپس شیئر کیے ہیں۔ بعد ازاں عراق کے دو سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہہ انہیں شام سے البغدادی کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

  • ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال کے دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں کوٹلہ سیداں پولیس چیک پوسٹ پردہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جہانگیر اور کانسٹیبل انعام کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے دروازے پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی ایس پی افتخار شاہ کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور خدشہ ہے کہ خودکش حملہ آور خاتون ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پشاور میں صدر کے علاقے کالا باڑی میں دھماکے سے خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    داتا دربار دھماکا: تفتیش میں تاحال کوئی بریک تھرو نہیں ملا

    لاہور: داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں مل سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے باہر دھماکے کی تحقیقات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے، ذرایع نے بتایا ہے کہ دھماکے کا بارودی مواد مال روڈ دھماکے میں بھی استعمال ہوا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار کو جیکٹ دربار کے قریب پہنچ کر فراہم کی گئی تھی، اسی طرح کی جیکٹ کیپٹن مبین پر حملے میں بھی استعمال ہوئی۔

    جیو فینسنگ کے دوران مشکوک کالز بھی شارٹ لسٹ کر لی گئی ہیں، اب تک درجنوں مشکوک افراد سے تفتیش کی جا چکی ہے، تاہم دھماکے کی تفتیش میں تا حال کوئی بریک تھرو نہیں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار دھماکا : شہدا کی تعداد 13 ہوگئی، مبینہ سہولت کار تفتیش کے بعد رہا

    یاد رہے کہ 8 مئی داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 13 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے تھے۔

    دو دن بعد سیکورٹی اداروں نے داتا دربار خود کش حملے کے چار سہولت کاروں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا تاہم تفتیش کے بعد ان میں سے ایک کو رہا کر دیا گیا۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مہر ذیشان نامی نوجوان کو مشتبہ شخص قرار دیا گیا تھا۔

  • عراق میں خودکش دھماکا، 11 افراد ہلاک، 15 زخمی

    عراق میں خودکش دھماکا، 11 افراد ہلاک، 15 زخمی

    بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع مارکیٹ میں خودکش بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بغداد کے مشرقی حصے میں واقع ایک مارکیٹ میں خودکش بم دھماکے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    بغداد پولیس حکام کے مطابق جمیلہ مارکیٹ میں ہجوم کی موجودگی میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

    خیال رہے کہ رواں سال 12 اپریل کو عراق کی انسداد دہشت گردی فورسز نے شمالی حصے ہمرین میں داعش میڈیا سینٹر سمیت ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    ملٹری کے ترجمان جنرل یحیحیٰ رسول نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کے خصوصی احکامات کی روشنی میں انسداد دہشت گردی ادارے نے ہمرین کے پہاڑوں میں موجود داعش کے باقی ماندہ دہشت گردوں پر حملہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 30 اگست کو بھی مغربی عراق کے صوبے انبار میں القائم کے علاقے میں کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    داعش کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 50 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • لاہور دھماکے کے شہدا کی تعداد 11 ہوگئی

    لاہور دھماکے کے شہدا کی تعداد 11 ہوگئی

    لاہور: داتا دربار کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور پولیس اہلکار دم توڑ گیا جس کے بعد شہدا کی تعداد 11 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز داتا دربار کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار صدام حسین دم توڑ گیا۔

    صدام کی موت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی، شہید ایلیٹ فورس کے اہلکار کا تعلق قصور سے تھا۔

    دوسری جانب لاہور دھماکے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔

    ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل گلزار کی نماز جنازہ چک جان محمد والا سرگودھا اور جوان سہیل صابر ورک کی نماز جنازہ گوجرانوالہ میں ادا کی گئی۔

    داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور25 زخمی ہوئے تھے۔

    وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی ومذہبی شخصیات نے داتا دربار کے باہرخودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد کا پیغام دیا۔

  • کابل میں خودکش دھماکا، 8 افراد ہلاک، 6 زخمی

    کابل میں خودکش دھماکا، 8 افراد ہلاک، 6 زخمی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے پولیس چیک پوائنٹ کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے، کسی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دھماکا کابل کے وسطی کے علاقے میں پولیس چیک پوائنٹ کے نزدیک ایک ہائی اسکول کے سامنے ہوا ہے۔

    وزیر داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطٓابق خودکش حملے میں پولیس آفیسر، خاتون اور عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    قبل ازیں افغان عہدے داران کا کہنا تھا کہ افغان طالبان تحریک کے جنگجوؤں کے ایک بھرپور حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کی ایک بڑی تعداد ہلاک ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کا فوجی چھاؤنی پر حملہ، 12 اہلکاروں سمیت 4 قبائلی لیڈر ہلاک

    گزشتہ روز فراہ شہر کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ پر ہونے والے حملے میں تقریباً 50 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے، حملے کے بعد فریقین کے درمیان کئی گھنٹوں تک لڑائی جاری رہی۔

    افغان حکومت کی جانب سے ہلاکتوں کی صحیح تعداد جاری نہیں کی جاتیں تاہم رپورٹ کے مطابق لڑائی کے سبب ہر ماہ کم از کم 500 لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور سیکڑوں زخمی ہوجاتے ہیں۔

  • کابل جیل کے قریب خودکش دھماکا، 7 جیل ملازمین ہلاک

    کابل جیل کے قریب خودکش دھماکا، 7 جیل ملازمین ہلاک

    کابل : افغان دارالحکومت کی پُل خرچی جیل کے مرکزی دروازے کے قریب جیل ملازمین کی گاڑی پر خودکش حملہ، کئی افراد ہلاک، تین زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع سینٹرل جیل کے قریب ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سب بڑی جیل کے مرکزی دروازے کے قریب جیل ملازمین کو لانے والی بس پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کا تاحال کسی تنظیم نے اعلان نہیں کیا ہے۔

    افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے پُل چرخی جیل ملازمین کی بس کو نشانہ بنایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جیل ملازمین کی بس مرکزی دروازے پر سیکیورٹی کلئیرنس کے لیے رکی تو خودکش حملہ آور خود کو دھماکے سے اڑا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت متاثرہ گاڑی میں خواتین افسران سوار تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پل چرخی جیل سینکڑوں قیدیوں کا گھر ہے جن میں درجنوں طالبان قیدی بھی شامل ہیں۔


    افغانستان میں دھماکا، بچوں اور عورتوں سمیت 11 شہری ہلاک


    یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو  افغان صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے ہونے والے دھماکے کے باعث گیارہ عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے  تھے جن میں ایک خاتون اور چھ بچے شامل ہیں۔

  • افغانستان میں خود کش حملہ، 68 افراد ہلاک مزید ہلاکتوں کا خدشہ

    افغانستان میں خود کش حملہ، 68 افراد ہلاک مزید ہلاکتوں کا خدشہ

    کابل: افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد68 تک پہنچ چکی ہے جبکہ سرکاری حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔

    افغان میڈیا کے مطابق ننگر صوبے کے علاقے مہمند درہ میں گزشتہ روز پولیس چیف کو تبدیل کرنے کے لیے مقامی افراد کا احتجاج جاری تھا کہ اسی دوران ایک زور دار دھماکا ہوا۔

    صوبائی گورنر کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور نے مظاہرین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک 68 افراد ہلاک اور  165 کے قریب زخمی ہیں۔

    دہشت گردی کی کارروائی کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جبکہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور نے ہجوم میں گھس کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا تھا۔


    مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک


    افغان محکمہ صحت کے ڈائریکٹر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشست وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    قبل ازیں طالبان نے متعدد افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے کیے جس کے نتیجے 56 افراد ہلاک ہوئے، عسکریت پسندوں نے مختلف علاقوں پر اپنا قبضہ بھی جمایا۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے قندوز، جوزجان اور سرے پل کے علاقوں میں حملے کیے جس میں فوجی چھاؤنیوں کو نشانہ بنایا۔

  • صومالیہ کی سرکاری عمارت پر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

    صومالیہ کی سرکاری عمارت پر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

    موگاڈیسو : صومالی دارالحکومت کے ہوڈان ڈسٹرکٹ میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سرکاری عمارت سے ٹکرا دی، جس کے باعث 6 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک صومالیہ کے دارالحکومت موگاڈیسو میں پیر کے روز ڈسٹرکٹ ہوڈان کے سرکاری دفتر کی عمارت میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زور دار دھماکے کے باعث شہر بھر میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

    ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر عبد القادر کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیموں نے 6 افراد کی لاشیں اٹھائی ہیں جبکہ افسوس ناک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    موگاڈیسو سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور  نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی ہوڈان ڈسٹرکٹ کی سرکاری عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے باعث زور دار دھماکا ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداورں کی جانب سے لی جانے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوڈان ڈسٹرکٹ آفس کی عمارت دھماکے کے نتیجے میں مکمل طور ہر تباہ ہوچکی ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد حسین عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ میں ایک تیز رفتار گاڑی کو سرکاری دفتر میں مرکزی دروازے سے ٹکراتے دیکھا جس کے بعد روز دار دھماکے کی آواز سنائی دی اور عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    صومالی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے صومالی دارالحکومت میں ایک اور سرکاری عمارت کو خودکش دھماکا اور اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی تھی۔