Tag: خود اعتمادی

  • خود اعتمادی میں اضافے کیلئے 10 رہنما اصول

    خود اعتمادی میں اضافے کیلئے 10 رہنما اصول

    کئی بار لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ کوئی مخصوص کام کر نہیں سکتے اور یہ خیال ان کی خود اعتمادی کو متاثر کرتا ہے، کچھ لوگوں میں خود اعتمادی کی کمی ہوتی ہے جس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں۔

    کیا آپ جانتے ہیں خود اعتمادی خوشحالی اور کامیاب زندگی کا راز ہے، اپنے بارے منفی سوچ کے ساتھ رہنا بہت مایوس کن ہوتا ہے۔ ایک خود اعتماد شخص لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، لوگ ان پر بھروسہ کرتے ہیں اور ان پر انحصار کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔

    موجودہ دور کا طرز زندگی بھی لوگوں کے اندر خود اعتمادی میں کمی کا باعث بنتا ہے مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند آسان عادات کو اپنا کر آپ اپنی خود اعتمادی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

    خود اعتمادی بڑھانے کے دس طریقے

    1. اپنی خامیوں کو تسلیم کریں :

    خود اعتمادی حاصل کرنے کا پہلا قدم اپنی خامیوں کو قبول کرنا ہے، اس کے ذریعے آپ اندر سے چھوٹے مسائل کو حل کرنا شروع کرسکتے ہیں۔ آپ کی کمی سُستی، کسی نئی چیز سے خوف، منفی سوچ یا اپنا دوسروں کے ساتھ موازنہ کی شکل میں ہوسکتی ہے۔

    جب کوئی شخص اس کو قبول کرتا ہے، تو خود پر بھروسہ کرنا اور اپنے آپ میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کرنا آسان ہوجاتا ہے۔

    2. خود اپنا خیال رکھنا:

    کبھی یوٹیوبرز یا انفلوئنسرز کو خود کی دیکھ بھال کا ذکر کرتے سنا ہے؟ اگر ہر وقت سنا ہے تو اس کی وجہ بہت سادہ ہے کہ اس سے آپ کو خوشی ملتی ہے، اپنا آپ اچھا لگتا ہے اور سیلبرٹی کی طرح محسوس ہوتا ہے۔

    ایک اچھا لمبا نہانا، ایک اچھے خوشبو والے شیمپو اور باڈی واش کے ساتھ لینا، پھر لوشن لگانا اور خاص طور پر نہانے کے بعد میک اپ یا خوشبو لگانا، صرف اپنے لئے، یوں احساس دلاتا ہے کہ میں اس کے قابل ہوں۔ میں بھی ایک انسان ہوں جو بہتر کا مستحق ہے۔ آپ لوگوں کا سامنا کرتے ہوئے اعتماد محسوس کرتے ہیں۔ باہر جانا اور دنیا کا سامنا کرنا آسان ہوتا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ اپنی بساط کے اندر سیلف ورتھ ہوتے ہوئے اچھے کپڑے ، جوتے پہننا۔ اچھا صحت مند کھانا کھانا اور اپنی صحت کا خیال رکھنا ،آپ کی خود اعتمادی کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    3. اپنی خوبیوں کی فہرست بنانا:

    آپ کے اندر بہت ساری خوبیاں ہوتی ہیں، نہ جانتے ہوئے بھی کبھی کبھی لوگ ایسی چیز یا عادت تعریف کرتے ہیں کہ آپ خود حیران رہ جاتے ہیں لیکن اس کے بعد اکثر دیر تک آپ کو اچھا محسوس ہوتا ہے اور آپ خوش رہتے ہیں کہ میرے اندر یہ خوبی ہے اور لوگ اس چیز کو تسلیم کرتے ہیں۔

    اس لئے ایک دن آرام سے بیٹھ کر، اپنی خوبیوں کی فہرست بنائیں۔ مثال کے طور پر ’میں بہت وقت پر کام کرتی/ کرتا ہوں‘، ’مجھ پر لوگ بہت بھروسہ کرتے ہیں‘، ’لوگوں کو مجھ سے بات کرکے تسلی ہوتی ہے‘، ’میں بہت نفاست کے ساتھ کام کرتی/ کرتا ہوں‘ وغیرہ۔

    4. اپنی کامیابی کو منانا:

    کامیابی کے لئے آپ کو دنیا فتح نہیں کرنی ہوتی، اگر آپ نے صبح اٹھ کر اپنا کمرہ سیٹ کر لیا یا اپنے گھر، جاب یا گاڑی کا کام بھی کرلیا تو یہ بھی کامیابی ہے۔ کامیابی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے بھی ملتی ہے۔

    ان سب کو منانا اور اس پر اپنے آپ کو داد دینا، آپ کی خود اعتمادی کو بہت اچھا بڑھاوا دیتا ہے۔ کھانا بنانا، دفتر کا کام مکمل کرنا وغیرہ یہ سب چھوٹی چھوٹی کامیابیاں ہیں، ان سب کو منائیں اور ان پر فخر محسوس کریں۔

    5. اپنے پسند کے کام کرنا:

    ایسے کام جو آپ کو اچھے لگتے ہوں وہ کرنے بھی آسان لگتے ہیں اور دل بھی چاہتا ہے۔ ان سے آپکو اپنے لئے وقت ملتا ہے اور آپکو ایک منفرد ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ “بیکنگ”، “پینٹنگ”، “کھانا پکانا”، “اسپورٹس کھیلنا”، “جیویلری بنانا”، “لکھنا” وغیرہ۔

    اپنی مرضی کا کام اور اس کو اچھے سے کرنا آپ کے جذبات احساسات کو خوش کرتی ہے اور خود پر اعتماد بحال ہوتا ہے ۔

    6. اپنے مقاصد پورے کرنا:

    زندگی میں ہر انسان کو کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے اور اسکا کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے۔ کسی نے ڈاکٹر بننا ہے، کسی نے دنیا دیکھنی ہے, زندگی میں سکون حاصل کرنا ہے۔ ان پر توجہ دینا اور آہستہ آہستہ ان کی طرف بڑھنا آپ کو ایک مقصد دیتا ہے زندگی میں۔ اس کے لئے آپ محنت کرتے ہیں، وقت لگاتے ہیں جس سے اپنے بارے میں بہت پتہ چلتا ہے. اس سے نہ صرف مستقبل محفوظ ہوتا ہے بلکہ آپ میں زندگی کی مشکلات اور امتحانات کا سامنا کرنے کا اعتماد آتا ہے اور اپنے اوپر بھی بھروسہ قائم ہوتا ہے کہ میں یے کر سکتا ہوں۔

    7. اپنا مقابلہ نہ کریں:

    کوئی دو لوگ ایک جیسے نہیں ہو سکتے، آپ اور آپ کا جڑواں بھائی میں بھی بہت سارے فرق اور مہارتیں ہو سکتی ہیں۔ آپ اپنے آپ کا ان سے موازنہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی وہ آپ کے ساتھ سکتے ہیں۔ یہ ایک بہت نقصان دہ اصول ہے جہاں رشتہ دار اور دوست آپ کو یا آپ کے دوسرے دوست کا ایک دوسروں سے موازنہ کرتے ہیں۔

    یاد رکھیں کہ صرف آپ ہی وہ کام کرسکتے ہیں جو آپ کر رہے ہیں۔ ایک فنکار یا لکھاری، دونوں کو اپنی طریقے سے کام کرنے کا راستہ ہوتا ہے۔ وہ اپنی آرٹ کے اسٹائل یا طریقے سے شناخت رکھتے ہیں تو جو بھی آپ کام آپ کرتے ہیں، یقین کے ساتھ انجام دیں اور سر بلند رکھیں، یہ آپ کی مہارت ہے اور کوئی بھی اس طرح نہیں کرسکتا۔

    8. اپنی قدر کو پہچانیں:

    اپنی قدر جانیں، آپ کو بھی دوسری چیزوں کی طرح اہمیت ہوتی ہے، آپ ایک پودے کو دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں، یہاں ہونے کے لئے بنا ہے، اسی طرح آپ بھی ہیں۔ آپکا وجود آپ کی ذات یہاں ہونے کے لئے ہیں اور وہ کام کرنے کے لئے جو آپ کر رہے ہیں۔

    آپ ایک اچھے دماغ اور شخصیت کے مالک ہیں ، کوئی بھی آپکو آپکی ذات کے حوالے سے برا محسوس کرانے کا حق نہیں رکھتا ایسا کرنے والوں کے لئے اپنے وقت کو ضائع مت کریں وہ خود عدم اعتماد کا شکار ہیں۔

    9. آپ کی ناکامیاں، ایک سبق:

    کبھی کبھی آپ سمجھتے ہیں کہ آپ ہر کام کر سکتے ہیں، ایسا سوچنا بری بات نہیں ہوتی لیکن حقیقت بہت مختلف ہوتی ہے اور آپ ممکن ہے کہ کامیابی کا سامنا اس طرح نہ کریں جیسا آپ نے سوچا تھا۔
    یاد رکھیں، گلاس نصف بھرا ہوتا ہے، خالی نہیں، لہذا اپنی کامیابی کے بارے میں پرامید رہیں اور حقیقت پر مبنی رہیں۔

    10. مثبت لوگوں کا ساتھ اپنائیں:

    کبھی سنا ہے؟ خربوزہ خربوزے کو دیکھ کر رنگ بدلتا ہے، یہ سچ ہے کہ آپ جن لوگوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، وہ آپ پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ لہٰذا اگر آپ کے آس پاس سست یا منفی لوگ ہوں، تو آپ بھی ان کی طرح سوچنے اور محسوس کرنے لگیں گے۔

    مثبت سوچ ، حوصلہ افزائی اور محنت کرنے والے دوستوں کا ساتھ ہمیشہ فائدہ مند ہے وہ آپ کی بہترین صورت میں حوصلہ افزائی کریں گے اور آپ کو آپ کے مقاصد تک پہنچنے میں مدد کریں گے۔

  • خود اعتماد افراد کی 8 عادات

    خود اعتماد افراد کی 8 عادات

    دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ وہ یقین کی دولت سے مالا مال ہوتے ہیں اور اپنے لیے کسی کام کو ناممکن نہیں سمجھتے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ خود اعتمادی اور ہر معاملے میں اعتماد کا مظاہرہ کرنا کامیابی کی علامت ہے۔ پر اعتماد لوگوں کی کچھ عادات ہوتی ہیں جن کو اپنا کر آپ بھی پراعتماد اور اس کے بعد کامیاب لوگوں کی فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔

    بہانے بازی سے گریز

    پراعتماد لوگ بہانے بازی سے گریز کرتے ہیں۔ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور انہیں درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    دنیا کے بے شمار کامیاب لوگوں کو ابتدا میں بے شمار مسائل کا سامنا پڑا۔ اگر وہ ان مسائل کو بڑا سمجھ کر ان کے آگے ہار مان جاتے تو آج دنیا ان سے ناواقف ہوتی۔ کامیاب لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل اور ناکافی وسائل کی شکایت کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرتے ہیں اور اپنا سفر جاری رکھتے ہیں۔

    آرام دہ ’زون‘ سے باہر نکلنا

    پراعتماد لوگ آرام دہ زندگی گزارنے سے گریز کرتے ہیں۔ یاد رکھیں آرام دہ طرز زندگی آپ کے خوابوں کو قتل کردیتا ہے اور آپ کوئی مشکل اٹھانے کے قابل نہیں رہتے۔ پراعتماد لوگ ایسے طرز زندگی کو چھوڑ کر مشکل اور چیلنجنگ زندگی گزارتے ہیں۔

    آج کا کام آج کرنا

    پراعتماد لوگ آج کا کام آج ہی کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ اسے کل پر نہیں ٹالتے۔

    لوگوں کو پرکھتے نہیں

    لوگوں کو پرکھنا آپ کا کام نہیں۔ جس طرح آپ اپنی زندگی میں لوگوں کی مداخلت ناپسند کرتے ہیں اسی طرح کوئی یہ نہیں چاہے گا کہ آپ بھی دوسروں کی زندگی پر فیصلہ صادر کریں۔ لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں۔

    مقابلہ بازی سے گریز

    پراعتماد لوگوں کا مقابلہ اپنے آپ سے ہوتا ہے۔ وہ دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز کرتے ہیں جس کے باعث وہ حسد اور جلن جیسے منفی جذبات سے محفوط رہتے ہیں۔

    دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز اس لیے بھی کرنا چاہیئے کیونکہ ہر شخص کے حالات زندگی مختلف ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ جس شخس کی کامیابی سے جلن کا شکار ہوں اس نے اپنا بچپن نہایت مشکل حالات میں گزارا ہو۔

    لوگوں کو خوش یا مطمئن رکھنا آپ کا کام نہیں

    لوگوں کی خوشی کا خیال رکھنا، یا کسی چیز کے بارے میں یقین دہانی کروانا آپ کا مسئلہ نہیں۔ اگر آپ ان کی خوشی کا خیال رکھیں گے تو اپنی خوشی سے محروم ہوجائیں گے۔

    زندگی کے حقائق کو قبول کرنا

    پراعتماد لوگ خوابوں میں رہنے کے بجائے زندگی کے تلخ و شیریں حقائق کو قبول کرتے ہیں اور ان کا سامنا کرتے ہیں۔

    lf-3

    خود کو محدود نہ کرنا

    خود کو محدود مت کریں۔ نئے نئے تجربات کرتے رہیں چاہے آپ عمر کے کسی بھی حصہ میں ہوں۔ کوئی کام کرنا نہیں بھی آتا تب بھی اسے کرنے کی کوشش کریں اور اپنی صلاحیتوں کو وسعت دیں۔

    یاد رکھیں! خود اعتمادی کامیابی کی سیڑھی ہے۔ جو افراد خود اعتمادی سے محروم ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔