Tag: خود کش دھماکہ

  • صومالیہ: خود کش دھماکے میں، میئر سمیت 20 ہلاک

    صومالیہ: خود کش دھماکے میں، میئر سمیت 20 ہلاک

    موغادیشو: صومالیہ میں ایک خود کش دھماکے میں 20 ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک صومالیہ میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    صومالی حکام کا کہنا ہے کہ زیریں شبیل کے علاقے میں بدھ کو ہونے والے 2 دھماکوں میں علاقے کے دارالحکومت کے میئر سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    شدت پسند تنظیم الشباب نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

    پہلا حملہ خود کش تھا جس میں صومالیہ کے زیریں شبیل علاقے کے دارالحکومت مرکا قصبے میں اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں قصبے کے میئر عبداللہ علی وافو اور میئر کے مشیروں سمیت 12 دیگر افراد ہلاک ہوئے۔

    بدھ کو ایک دوسرے واقعے میں، افگوئے قصبے میں مویشیوں کی ایک مصروف منڈی میں بم کا دھماکہ ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ایک بارودی سرنگ کا دھماکا تھا، جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔

    اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، جنوب مغربی ریاست کے صدر عبدالعزیز حسن محمد نے الشباب اور خودکش حملہ آور کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ آور مسلمان نہیں ہو سکتا جس نے صومالی عوام کو مارا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خود کش بمبار آج صومالیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، جلد یہ پڑوسی ممالک میں دھماکے کریں گے، اس لیے ہمیں مل کر ان دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔

  • افغانستان : خوست کی جامع مسجد میں خود کش دھماکہ ،28افراد جاں بحق، 38زخمی

    افغانستان : خوست کی جامع مسجد میں خود کش دھماکہ ،28افراد جاں بحق، 38زخمی

    کابل : افغانستان میں جامع مسجد میں دھماکے سے28افراد جاں بحق اور38زخمی ہوگئے، خود کش دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے علاقے خوست میں آرمی کی جامع مسجد میں لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوا، ابتدائی طور پر دھماکے سے28 افراد کے جاں بحق اور 38 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ہ افغان صوبے خوست کے ضلع مندوزئی میں افغان آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کے ترجمان کیپٹن عبداللہ کے مطابق مسجد میں ہونے والا دھماکہ خود کش تھا، ہلاک ہونے والوں میں دس جوانوں کا تعلق افغان نیشنل آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ سے تھا۔

    زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں چھ افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، خود کش دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز عید میلاد النبی کی مناسبت سے کابل میں ہونے والے علماء کرام کے ایک پروگرام میں بھی دھماکہ ہوا تھا جس میں 50 سے زاند افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔

    افغانستان میں حالیہ دنوں میں تشدد کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے اور دوسری جانب امریکہ کی جانب سے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    تشدد کی نئی لہر کے متعلق بعض مبصرین کا خیال ہے کہ افغان طالبان مذاکرات کی میز پر اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے کی خاطر بڑے بڑے حملے کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: افغانستان، طالبان کا پولیس چیک پوائنٹ پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے شمال مغربی صوبے بادغیس میں طالبان کی جانب سے ایک چیک پوائنٹ پر حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    حملہ آوروں کا پولیس کے ساتھ ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا اور اس میں طالبان بھی مارے گئے ہیں، حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے اور ایک اہلکار کو حملہ آور اغوا کر کے لے گئے۔

  • شکارپور،خودکش بمبارکا پیچھا کرکے گولی ماری،کانسٹبل نذر

    شکارپور،خودکش بمبارکا پیچھا کرکے گولی ماری،کانسٹبل نذر

    شکار پور: شکار پورمیں عید کے اجتماع کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے والے بہادر پولیس کانسٹیبل نذر محمد نے کہا ہے کہ حملہ آور کو دیکھ کر للکارا اور پیچھا کر کے گولی ماری۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے بہادر پولیس کانسٹبل نذر محمد نے کہا کہ ہم ڈیوٹی پر موجود تھے کہ شہریوں نے شور مچا دیا کہ بم والا آرہا ہے جس پر میں اس کا پیچھے کرتے ہوئے گولی ماردی،کانسٹبل نذرمحمد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    کانسٹبل نذر محمد کا کہنا تھا کہ میں نے حملہ آور کو دور سے ہی دیکھ لیا تھا اس وقت عید گاہ میں چار سے پانچ ہزارافراد موجود تھے اور بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ تھا اس لیے میں نے دوسرے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر حملہ آور کو پکڑنا چاہا تو اس نے دوڑ لگا دی جس پر میں نے اس کو گولی ماردی جس سے وہ گر پڑا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    نذر کا مزید کہنا تھا جب کہ دوسرے حملہ آور کو پیچھے ہی پکڑلیا اس کی جیکٹ دیکھی گئی تواس میں بم فٹ تھا جس پر بم ڈسپوزیل سکواڈ نے اس کو ناکارہ بنایا تا ہم پہلے خودکش بمبار کے دھماکے سے میری آنکھ، بازو، پیٹ اور ٹانگ پر زخم آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عید کے روز دو دہشتگردوں نے شکار پور میں امام بارگاہ کے قریب عید گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جس کو نذر محمدنے اپنے ساتھیوں سمیت ناکام بنا دیا تھا۔

  • افغان صوبے پغمان میں خود کش بم دھماکہ، 10 افراد ہلاک

    افغان صوبے پغمان میں خود کش بم دھماکہ، 10 افراد ہلاک

    کابل: افغانستان کے صوبے پغمان میں خودکش بم دھماکہ سے 10 افراد ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارلحکومت کابل کے نزدیک صوبہ پغمان میں ایک مسافر بس پر خود کش بم دھماکہ ہوا ہے،جس کے نتیجے میں بس میں سوار 10 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں۔

    خود کش بم دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہیں،جب کہ افسوسناک واقے میں ہلاک ہونے والوں کی میتیوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ بس کابل سے صوبے وردک کو جا رہی تھی،خود کش بمبار پیدل تھا اور اس نے گاڑی کے پاس سے گزرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    ذرائع کے مطابق بس میں کورٹ کا عملہ سفر کر رہا تھا ، مرنے والوں میں عدالت کا عملہ اور عام آدمی دونوں شامل ہیں۔ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    یاد رہے افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کو اتوار کو ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا،کئی حلقے اس خودکش بم دھماکے کو ملا اختر منصور کی ہلاکت کا ردعمل قرار دے رہے ہیں۔

  • لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

    لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

    لاہور : علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں واقع گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے سے کم از کم 71 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔

    زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں قریبی ہسپتالو ں میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق خود کش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے دھماکہ گلشن اقبال پارک کے گیٹ نمبر ایک پر ہوا ہے۔

    ڈی سی او لاہور نے اب تک 68 افراد کی ہلاکت اور 300افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ پارک میں موجود جھولوں کے نزدیک ہوا۔ یاد رہے کہ آج مسیحی برداری کا ایسٹر کا تہوار اور چھٹی کے دن کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا۔

    اطلاعات کے مطابق مذکورہ فیملی پارک کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے۔ سیکیورٹی گارڈ بغیر چیکنگ کئے لوگوں کو اندر جانے دے رہے تھے۔

    شام چھ بج کر 44 منٹ پر خود کش حملہ آور اندر داخل ہوا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ آس پاس کی عمارتیں لرز اٹھیں۔ دھماکے کے بعد پارک کو خالی کرا لیا گیا ۔

    صدر، وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کا اظہار افسوس

    صدرپاکستان ممنون حسین وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، پرویز رشید سمیت دیگر شخصیات نے سانحہ لاہور میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ لاہور پر دل خون کے آنسو رورہا ہے،وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ میرے بچے،بچیوں اور بہن بھائیوں کو نشانہ بنایاگیا، ہر حال میں دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ وارکررہےہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت قومی یکجہتی کا متقاضی ہے،بحیثیت قوم تفرقات سےآزادہوکردہشتگردی کامقابلہ کرناہے،

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیاہے۔

    تین روزہ سوگ کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اپنے ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارک میں معصوم بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اس کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔

    عالمی برادری کی جانب سے سانحہ لاہور کی مذمت

    لاہور دھماکے کی عالمی سطح پر بھرپور مذمت کی جارہی ہے۔امریکی حکومت کا کہنا ہےکہ معصوم لوگوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں گے۔

    امریکا کا کہناہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، دھماکے کی مذمت اور لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،

    اتحادیوں سے ملکر خطے میں دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے۔ کینیڈین وزیر اعظم نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے ٹیلی فون پر افسوس کا اظہار کیا۔ نریندر مودی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا جوقابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی ادا کار رشی کپور نے بھی سانحہ لاہور پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہناہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں ان بھائی بہنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جو اس سانحے سے متاثر ہوئے۔

     


    At least 10 killed in Lahore suicide blast by arynews

  • یمن میں صدارتی محل کے قریب خود کش دھماکہ،6 افراد ہلاک

    یمن میں صدارتی محل کے قریب خود کش دھماکہ،6 افراد ہلاک

    صنعاء:یمن میں صدارتی محل کے قریب خود کش دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔

    مغربی خبر ایجنسی کے مطابق نامعلوم حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی عدن میں صدارتی محل کے داخلی دروازے کی سیکورٹی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔

    چوکی صدر ہادی کی سرکاری رہائش گاہ سے پندرہ سو میٹرز کے فاصلے پر واقع ہے، حملے کے وقت صدر ہادی صدارتی محل میں موجود نہیں تھے۔

  • دمام کی مسجد میں خود کش دھماکہ، شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے ذمہ داری  قبول کرلی

    دمام کی مسجد میں خود کش دھماکہ، شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے ذمہ داری قبول کرلی

    دمام:  سعودی عرب کے شہر دمام کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خود کش دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کرلی ہے، دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔

    اس دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام کے ذریعے قبول کی ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں فرقہ واریت کا عفریت پاؤں پھیلا رہا ہے ،عراق اور شام کے بعد اب سعودی عرب دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا ہے، سعودی عرب کے شہر دمام میں نماز جمعہ کے دوران دہشت گردوں نے امام حسین نامی مسجد میں خود کش دھماکے کی کوشش کی ۔

    تاہم حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے کا موقع نہ مل سکا ، سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے مسجد میں داخل ہونے سے روکے جانے پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

    سعودی وزارت داخلہ کے مطابق حملہ آور برقع پہنے ہوئے تھا اور روکے جانے پر اس نے خود کو مسجد کے دروازے پر دھماکے سے اڑالیا، حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا تو بڑی تعدا د میں جانی نقصان کا خدشہ تھا۔

    اس سے قبل بھی جمعے کو سعودی عرب کے صوبے قطیف میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں اکیس افراد جاں بحق اور ایک سو تئیس زخمی ہوگئے تھے۔