Tag: خوشبو

  • ارباز خان کے  والد اپنی  بہو خوشبو سے ناراض کیوں؟ وجہ بتادی

    ارباز خان کے والد اپنی بہو خوشبو سے ناراض کیوں؟ وجہ بتادی

    پاکستانی اداکار ارباز خان کے والد آصف خان اپنی بہو سے ناراض کیوں ہیں؟ اس حوالے سے انہوں نے لب کشائی کی۔

    ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے پاکستانی اداکار ارباز خان کے والد آصف خان کا کہنا تھا کہ خوشبو سے شادی میرے بیٹے ارباز کی بڑی غلطی ہے۔ پانچ سال ہوگئے ان سے نہ میں ملا نہ وہ ۔۔

    انہوں نے کہا کہ ارباز بہت اچھا بچہ تھا، پتہ نہیں اس نے ایسی جگہ شادی کیوں کرلی؟ ہماری فیملی میں تو کوئی سیٹی تک نہیں بجا سکتا، اتنے سادے اور اچھے لوگ ہیں۔

    آصف خان نے کہا کہ ارباز خان بس اُس ماحول میں پھنس گیا، ہم شادی کے خلاف تھے مگر اس نے کرلی، اب ماشاء اللہ اس کے دو جوان بچے ہیں، اب جو ہوگیا سو ہوگیا۔

    انہوں نے ایک دوسرے سے نہ ملنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ وہ ہم سے تعلق رکھتے ہیں نہ ہم اُن سے ملتے ہیں۔

    انہو ں نے کہا کہ میں ارباز خان سے ناراض نہیں ہوں، وہ میرا پیارا بچہ ہے، ناراضگی تھی کچھ دن کے لئے لیکن اب وہ ختم ہوچکی ہے۔

    یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

    آخر میں ارباز کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کی بیوی خوشبو اسٹیج پر کام کرتی ہے، جو مجھے پسند نہیں، اللہ اسے نیک ہدایت دے۔

  • اصل خوشبو کی پہچان؟ کویتی ماہر نے اہم بات بتا دی

    اصل خوشبو کی پہچان؟ کویتی ماہر نے اہم بات بتا دی

    کویت: ایک کویتی سرمایہ کار کا کہنا ہے کہ خوشبویات کی دنیا میں سب سے زیادہ ملاوٹ عود کے عطر اور بخور میں کی جا رہی ہے، لیکن یہ ضروری ہے کہ اصل خوش بو کی پہچان کی جائے۔

    کویتی سرمایہ کار غنم العشیران نے کہا ہے کہ خلیجی شہری عود اور بخور کے بارے میں آگہی حاصل کریں، 50 برس قبل عود کے درخت موجودہ درختوں سے مختلف ہوتے تھے، اب مصنوعی طور پر عود کے درختوں کی کاشت کی جا رہی ہے، انھیں انجیکٹ کیا جاتا ہے تاکہ وہ تیزی سے بڑھیں۔

    انھوں نے کہا کہ کاشت کیے ہوئے عود کے درخت قدرتی ہوتے ہیں، جب کہ مصنوعی عود کے استعمال سے سینے اور پھیپھڑے کے امراض ہونے کا خدشہ ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق کویتی سرمایہ کار کا کہنا کہ عود میں ملاوٹ کا سلسلہ مشرقی ایشیا کے زرعی فارموں سے لے کر عود فروخت کرنے والی دکانوں تک چلتا ہے، ملاوٹی عود گاہک کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے جس سے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    غنم العشیران کے مطابق عود کی لکڑی بے حد مہنگی ہوتی ہے اور یہ منافع بخش کاروبار ہے، اس میں لگایا گیا سرمایہ اچھا منافع دیتا ہے، پانچ برس کے دوران عود کی قیمت دگنی ہو جاتی ہے، اور اعلیٰ درجے کے عود کی خوشبو بہت اچھی ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا عرب معاشروں میں عود مہمان کے اعزاز و اکرام کی علامت ہے، سعودی شہری طویل عرصے سے عود میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں، اور سعودی خاندانوں میں عود کا کاروبار نسل در نسل چل رہا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ خلیج کے عرب ملکوں میں عود سے متعلق آگہی نہ ہونے کے برابر ہے۔

  • ہمارے پرفیوم میں کس جانور کا فضلہ شامل ہے؟

    ہمارے پرفیوم میں کس جانور کا فضلہ شامل ہے؟

    ہم اپنی روزمرہ زندگی میں پرفیومز کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں، لیکن ان پرفیومز کے بارے میں ایک راز ایسا ہے جسے جان کر آپ پریشان ہوسکتے ہیں۔

    کیا آپ جانتے ہیں ہمارے پرفیومز میں خوشبو پیدا کرنے والی شے وہیل مچھلی کا فضلہ ہے؟

    یہ بات سننے میں تو نہایت حیرت انگیز ہے لیکن آپ کو شاید علم نہیں کہ وہیل مچھلی کا فضلہ ایک نہایت قیمتی شے سمجھا جاتا ہے۔

    وہیل مچھلی کا فضلہ ۔ ایمبرگرز

    وہیل کی ایک قسم اسپرم وہیل کا فضلہ جسے ایمبرگرز کہا جاتا ہے خاصا قیمتی سمجھا جاتا ہے۔ وہیل کے جسم سے نکلنے کے کچھ عرصے بعد یہ ایک چٹانی ٹکڑے کی شکل اختیار کرلیتا ہے اور اس کے ایک گرام کی مالیت چاندی کی مالیت کے 30 گنا زیادہ ہوتی ہے۔

    اس مادے کی طلب خوشبویات کی صنعت میں بے تحاشہ ہے اور یہاں پر یہ خاصے مہنگے داموں خریدا اور بیچا جاتا ہے۔ وجہ اس کی خوشبو ہے جو پرفیومز کو دیرپا بنا دیتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق براہ راست وہیل کے جسم سے نکلنے والا فضلہ کارآمد نہیں ہوتا، یہ وہیل کے جسم سے نکلنے کے بعد کافی عرصے تک سمندر میں رہتا ہے جس کے بعد اس کی ہیئت تبدیل ہوجاتی ہے، اس کے بعد ہی یہ ہمارے کام آسکتا ہے۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ ایمبرگرز بننے والا فضلہ صرف 1 فیصد اسپرم وہیلز کے جسم سے خارج ہوتا ہے۔ ماہرین اس کی وجہ جاننے سے قاصر ہیں کہ وہ کیا عوامل ہیں جو کسی وہیل کے فضلے کو خاص بنا دیتے ہیں۔

    اسی کمیابی کی بدولت یہ مادہ خاصا بیش قیمت ہے اور اس کا ملنا کسی حد تک مشکل بھی ہے۔

    اسپرم وہیلز پر 15 سال تک تحقیق کرنے والے ایک کینیڈین ماہر ڈاکٹر شین گرو کا کہنا ہے کہ اپنی تحقیق کے 15 سالوں میں وہ ایک بار بھی ایمبرگرز کو نہیں دیکھ پائے۔

    البتہ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ساحل پر جانے والے افراد کو بغیر کسی محنت کے یہ شے مل جاتی ہے۔

    کچھ عرصے قبل آسٹریلیا میں ساحل پر جانے والے ایک جوڑے کو ایمبرگرز کا 32 پاؤنڈ وزنی ٹکڑا ملا، بعد ازاں اس کی مالیت کا اندازہ 3 لاکھ ڈالرز تک لگایا گیا، گویا اس خوش قسمت جوڑے کی لاٹری نکل آئی تھی۔

    دوسری جانب امریکا میں ایمبرگرز کی خرید و فروخت حتیٰ کہ اسے جمع کرنا بھی غیر قانونی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسپرم وہیلز کو معدومی کے خطرے کا شکار جانورں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق چند دہائیوں قبل تک ہمارے سمندروں میں لاکھوں اسپرم وہیلز موجود تھیں تاہم اب ان کا صرف پانچواں حصہ ہی بچا ہے۔

    گو کہ ایمبرگرز کو حاصل کرنے کے لیے کسی وہیل کو نقصان نہیں پہنچایا جاتا، پھر بھی ماہرین کا خیال ہے کہ خطرے کا شکار ایک جانور کی کسی شے کی خرید و فروخت کرنا اخلاقی طور پر غلط ہے۔

  • پرفیومز خطرناک طبی نقصانات اور ہوا کو آلودہ کرنے کا سبب

    پرفیومز خطرناک طبی نقصانات اور ہوا کو آلودہ کرنے کا سبب

    ہم روزانہ مختلف اقسام کے صابن، پرفیومز اور ڈیوڈرینٹس کا استعمال کرتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں یہ اشیا ماحول کو آلودہ کرنے کا سبب بنتی ہیں؟

    یہ حیران کن انکشاف جرنل سائنس میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ہوا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے پیٹرولیم سے بنائے جانے والے کیمیکلز جو عموماً پرفیومز اور رنگ و روغن میں استعمال کیے جاتے ہیں ایسے گیسی مرکبات خارج کرتے ہیں جو ہوا کو آلودہ کردیتے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق یہ وہی مرکبات ہیں جو گاڑیوں کے دھوئیں میں شامل ہوتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مرکبات ہوا میں پہلے سے موجود مرکبات کے ساتھ مل کر اسموگ کی ایک تہہ تشکیل دے دیتے ہیں۔ یہ تہہ دمہ، امراض قلب، فالج اور پھیپھڑوں کا کینسر پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ مرکبات ہیئر اسپرے اور کیڑے مار ادویات میں بھی استعمال کیا جاتے ہیں، کاسمیٹکس اشیا گھر کے اندر استعمال ہونے کے سبب گھر میں رہنے والے افراد کو طبی خطرات کا شکار بنا دیتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق کے لیے جب انہوں نے لاس اینجلس کی فضا کی جانچ کی تو اس میں نصف سے زائد آلودہ مرکبات ایسے اجزا پر مشتمل تھے جن کا اخراج روزمرہ کی پرسنل کیئر پروڈکٹس سے ہوتا ہے۔

    تحقیق میں شامل ماہرین کے مطابق اس سے قبل گاڑیوں کے زہریلے دھوئیں کو ماحول اور صحت کے لیے خطرناک سمجھا جاتا تھا اور اس کی کمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، تاہم روزمرہ کے استعمال کی ان پروڈکٹس کی طرف بھی توجہ دینی ہوگی اور انہیں ماحول دوست بنانا ہوگا۔

  • بارش میں مٹی کی سوندھی خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش میں مٹی کی سوندھی خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارشوں کے موسم میں پہلی بوند پڑتے ہی ماحول مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے جو ہر شخص کو مسحور کردیتا ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارشوں میں مٹی سے یہ خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش کے موسم میں فضا میں پھیل جانے والی یہ سوندھی خوشبو جسے پیٹریکور کہا جاتا ہے، ایک بیکٹریا کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جسے ایکٹی نوموسیٹس کہا جاتا ہے۔

    یہ بیکٹریا اس وقت مٹی میں نمو پاتا ہے جب اسے نمی اور حرارت ملتی ہے۔ جب زمین کی مٹی خشک ہوتی ہے تب یہ غیر فعال ہوتے ہیں اور اس وقت انہیں اسپورز کہا جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں ان کی ہلکی جسامت کی وجہ سے ہوا اور بارش کا پانی انہیں باآسانی فضا میں اچھال دیتا ہے۔ اس کے بعد یہ پوری فضا میں پھیل جاتے ہیں اور نم ہوا کی وجہ سے ان کی میٹھی خوشبو ہمیں بھی محسوس ہوتی ہے۔

    یہ عمل چونکہ بارشوں میں ہی انجام پاتا ہے لہٰذا اس وقت اس خوشبو کو ہم بارش سے منسوب کرتے ہیں۔

    اب یقیناً آپ کو علم ہوگیا ہوگا کہ بارشوں کی یہ مخصوص خوشبو دراصل مٹی سے نہیں اٹھتی بلکہ بیکٹریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔


     

  • لیموں حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    لیموں حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    لیموں بے شمار فوائد کا حامل پھل ہے جسے مختلف طرح سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لیموں مختلف وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں موجود اجزا جراثیموں کے خلاف مزاحمت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

    لیموں میں موجود وٹامن سی، ای، اے، کاپر، کرومیم، پوٹاشیئم، آئرن اور میگنیشئم جسم کے بے شمار مسائل سے بچاتے ہیں اور طبی طور پر فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    lemon-7

    آج ہم آپ کو لیموں کے ایسے فوائد بتارہے ہیں جن سے شاید آپ پہلے آگاہ نہ ہوں۔


    لیموں کی خوشبو

    لیموں کی مہک اور خوشبو بھی اپنے اندر جادوئی اثرات رکھتی ہے۔

    اگر آپ ایک لیموں کاٹ کر اسے رات بھر کے لیے اپنے کمرے میں رکھ دیں تو آپ اس سے بے شمار فائدے حاصل کرسکتے ہیں۔

    lemon-3

    لیموں کی خوشبو کسی جگہ پر تازگی کا احساس پھیلاتی ہے۔

    یہ خوشبو سانس سے متعلق امراض اور پھیپھڑوں کے مسائل کو حل کرتی ہے۔

    استھما، زکام، یا الرجی کے مرض میں لیموں کو سونگھنا گلے کو صاف کرتا ہے جس سے جسم کے اندر تازہ ہوا کی آمد و رفت بحال ہوتی ہے اور سانس کے بے شمار مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

    lemon-5

    لیموں کی مہک بے چینی یا اینگزائٹی اور ڈپریشن کو بھی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔


    کئی طبی مسائل کا حل

    لیموں کا باقاعدہ استعمال ملیریا اور پیچش سے حفاظت فراہم کرتا ہے۔

    لیموں دراصل خون کو صاف کرتا ہے جس کے بعد جسم کے افعال بہتر ہونے لگتے ہیں اور جلدی مسائل میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    lemon-6

    اس کا روزانہ استعمال جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

    روزانہ ایک گلاس لیموں کا شربت / جوس پینے سے گردوں کی پتھری سے چھٹکارہ پایا جاسکتا ہے۔

    لیموں جلد کے مسائل کے لیے نہایت فائدہ مند شے ہے۔ یہ جلد کی معمولی جھریوں، داغ دھبوں اور نشانات کو مٹانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے لیے لیموں کو کاٹیں اور آدھے حصے کو متاثرہ حصے پر رگڑیں۔

    پاؤں کی ایڑھیوں اور کہنیوں کو نرم اور صاف ستھرا کرنے کے لیے بھی ان پر لیموں رگڑا جاسکتا ہے۔

    lemon-2

    اسے ناخنوں کی صفائی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    غسل کے پانی میں 2 سے 3 قطرے لیموں کے ملا دینے سے دن بھر تازگی کا احساس رہتا ہے۔


    چھلکا بھی بے شمار فوائد کا باعث

    ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں کے چھلکے میں اس کے گودے سے زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔

    lemon-8

    ماہرین کے مطابق:

    لیموں کا چھلکا قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

    کولیسٹرول میں کمی کرتا ہے۔

    لیموں کا چھلکا کینسر سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

    یہ جسم کے کئی اقسام کے انفیکشن کو ٹھیک کرتا ہے۔

    lemon-4

    لیموں کا چھلکا آنتوں سے نقصان دہ جراثیم کا خاتمہ کرتا ہے۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ لیمن جوس کے بجائے لیمن سموتھی کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ اس میں چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔