کبیر والا : شادی کی تقریب میں آتش بازی کے دوران اچانک پاس موجود ایک پیٹرول ڈپو میں آگ لگ گئی، تین دکانیں بھی زد میں آکر خاکستر ہوگئیں۔
اے آر وائی نیوز کبیر والا کے نمائندے خرم شہزاد کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر کبیر والا میں پیٹرول ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کی وجہ ڈپو کے قریب ایک گھر میں شادی کی تقریب میں کی جانے والی آتش بازی بتائی جارہی ہے۔
آتش بازی کے دوران ایک پٹاخہ آسمان سے پیٹرول ڈپو میں جاگرا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے شعلوں کی شکل اختیار کرلی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پٹرول ڈپو کے ساتھ واقع دکانوں کو بھی لپیٹ میں لیا، جس سے دو میڈیکل اسٹور اور ایک سبزی کی دکان بھی خاکستر ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقعہ پر پہنچ گئیں اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد آگ بجھا دی، اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بغداد : عراق کے شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 69 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تاہم گیارہ افراد لاپتا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عراق کے شہر الکوت میں ایک بڑے شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، جس کے نتیجے میں انہتر افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی اور گیارہ افراد لاپتا ہیں۔
حکام نے بتایا کہ زیادہ تر لوگوں کی موت باتھ روم میں دم گھٹنے سے ہوئی، جب کہ ایک شخص نے کو بتایا کہ اس کے پانچ رشتہ دار لفٹ میں ہی دم توڑ گئے۔
فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔، لیکن ایک زندہ بچ جانے والے نے شخص نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایئر کنڈیشنر پھٹ گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی فوٹیج میں بچوں سمیت لوگوں کو چھت پر کھڑے مدد کے لیے پکارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور عمارت کا اگلا حصہ بری طرح جل گیا ہے۔
صوبے کے گورنر محمد المیحی نے آتشزدگی میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے اعزاز میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا افسوسناک آتشزدگی نے 69 بے گناہ شہریوں کی جان لی ، ہلاک ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
محمد المیحی کا کہنا تھا کہ آگ ہائپر مارکیٹ اورایک ریستوران میں اس وقت لگی جب مال میں بہت سے خاندان رات کا کھانا کھا رہے تھے اور بہت سے لوگ خریداری میں مصروف تھے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ شہری دفاع کی ٹیموں نے عمارت کے اندر پھنسے 45 سے زائد افراد کو بچا لیا
کراچی : کورنگی کریک کے قریب گیس پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ حکام نے آگ تیسرے درجے کی قرار دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق فائربریگیڈ حکام سوئی گیس کمپنی کے عملے سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 6 فائر ٹینڈر آگ پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا، بعد ازاں سوئی سدرن کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی بورنگ کے دوران گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا جس سے آگ اچانک بھڑک اٹھی۔
پولیس کے مطابق نجی سوسائٹی کی جانب سے پانی کیلئے بورنگ کروائی جارہی تھی، گیس پائپ لائن میں آگ آئل ریفائنری سے دور لگی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورنگ کا کام مکمل ہوچکا تھا، تاہم جب پائپ واپس نکالا جارہا تھا کہ اچانک گیس کی لیکج شروع ہوگئی جوس دیکھتے ہی دیکھتے بڑھتی چلی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس پائپ لائن میں آتشزدگی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم آگ لگنے کے باعث اطراف کے علاقوں میں دھواں پھیل گیا، علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،۔
کراچی : کلفٹن تین تلوار کے قریب شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، عمارت کی پہلی منزل پر کپڑے اور مختلف اشیاء کی سیکڑوں دکانیں ہیں۔
اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کلفٹن میں 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور میں لگی ہے، فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق پہلی منزل پر شاپنگ سینٹر قائم ہے، تیسرے فلور پر مختلف دفاتر بنے ہوئے ہیں، پہلے فلور پر 4سو دکانیں ہیں، جن میں کپڑا اور مختلف اقسام کی اشیا ہیں۔
فائربریگیڈ حکام نے مزید پتایا کہ متاثرہ دکاندار اپنا مال محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں، تاہم آگ پر 70 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا مزید کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں سے سارا سامان باہر نکال لیا۔
آگ کے دھوئیں سے فائربریگیڈ کے اہلکار کی حالت غیر ہوگئی، فائر بریگیڈ اہلکارکو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل پر لگی، جس نے متعدد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، شاپنگ سینٹر کے اطراف موجود سلنڈرز کو باہر نکال دیا گیا ہے۔
آگ لگتے ہی کے الیکٹرک نے موقع پر پہنچ کر بجلی منقطع کردی تھی، آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، نقصان کا مجموعی تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
آگ پر قابو پالیا گیا
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کلفٹن تین تلوار چورنگی کے قریب شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے حصہ لیا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔
مارکیٹ صدر کے مطابق آتشزدگی کے باعث 20سے25 دکانوں کو نقصان پہنچا، جن دکانوں کو نقصان ہوا وہاں، کپڑا اور فورم موجود تھا، آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
کراچی: فیڈرل بی ایریا صغیر سینٹر میں قائم ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں آگ لگنے کے واقعہ میں 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ فیڈرل بی ایریا کے بلاک سولہ میں ایل پی جی کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی، آگ سے جھلس کر دکان میں موجود 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ایل پی جی کی دکان رہائشی عمارت میں قائم تھی۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردی گئیں، دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گیس سلنڈر پھٹنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔
اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے رات گئے دکان کا دورہ کیا، انکا کہنا تھا کہ رہائشی علاقوں میں ایسی دکانیں نہیں ہونی چاہئیں۔
کراچی : شاہ فیصل کالونی کراچی میں علاقے میں غیرقانونی پٹرول پمپ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد علاقے میں مزید پانچ غیرقانونی پٹرول پمپس کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں پیٹرول یونٹ میں آگ لگنے کے واقعے میں ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کی غفلت سامنے آگئی۔
شاہ فیصل کالونی میں ایک نہیں پانچ پٹرول یونٹس کی موجودگی کاانکشاف ہوا اور مبینہ طورپر تمام پیٹرول پمپس کا ایک ہی مالک نکلا، جو واقعہ کے بعد سے فرار ہے۔
پیٹرول یونٹس پتھرروڈ،جمعہ گوٹھ،چاولہ پل اورگرین ٹاؤن میں موجود ہے اور آگ لگنےوالےپیٹرول پمپ کو16 سالہ ملازم چلاتا تھا۔
شاہ فیصل حادثے کے فوری بعدضلعی انتظامیہ نےپھرتیاں دکھائیں اور علاقے میں قائم4پٹرول یونٹس اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل نےسیل کردئیے، پولیس کا کہنا ہے کہ پٹرول یونٹس ریاض نامی شخص کےملازمین چلاتے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں غیر قانونی پیٹرول کی دکان میں آتشزدگی کے واقعہ کا مقدمہ جاں بحق شہری کے بھائی سلمان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ قتل،آتش گیرمادہ غیرمحفوظ رکھنا،عمارت کونقصان کی دفعہات تحت درج ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں پولیس کی کوئی غفلت یا کوتاہی نہیں ، پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ دکان کو بند کرا دیا تھا ، جس کے بعد مالک نے کورٹ سے رجوع کر کے اسٹے آرڈر لے رکھا تھا۔
ہری پور : گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سریکوٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، طالبات اور اساتذہ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، 500 سے زائد بچیاں زیرتعلیم تھیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سری کوٹ میں شارٹ سرکٹ سےآگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں پورے اسکول کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے بھگڈر مچ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ٹی ایم اے غازی کی فائربریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہے۔
اسکول میں پانچ سے زائد طالبات زیرتعلیم ہیں ، مقامی افراد نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سریکوٹ میں لگنے والی آگ بجھادی گئی ہے اور اسکول سے 500 سے زائد طالبات اور 35 کے قریب اساتذہ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
فائربریگیڈ کی گاڑی تاخیر سے پہنچی ،اسکول کاتمام ریکارڈ مکمل طورپر جل گیا تاہم ریسکیو1122 کی فائر بریگیڈ کی متاثرہ اسکول میں امدادی کارروائیاں جاری ہے۔
راولپنڈی : خوفناک آگ نے رمضان سستے بازار کو جلا کر راکھ بنا ڈالا، نوے فیصد اسٹالز جل گئے ، جس میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی مصریال روڈ چوہڑ کے علاقے میں قائم رمضان سستے بازار میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، تیزی سے پھیلنے والی آگ نے بازار میں درجنوں سٹال لپیٹ میں لے لئے۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کے لئے پہنچیں ، فائربریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی محنت سے آگ پرقابوپالیا ہے۔
ریسکیوحکام نے بتایا گیارہ ریسکیو فائرٹینڈرز اور تیس سے زائد فائر فائٹرز نے آپریشن میں حصہ لیا تاہم ابتدائی طورآگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
مصریال روڈپررمضان بازارمیں لگی آگ نے نوےفیصد اسٹالز جلا دیے، جس میں لاکھوں روپے کا سامان جل گیا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیروبی میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے آگ اتنی خوفناک تھی کہ شعلے اور دھواں میلوں دور تک آسمان پرپھیل گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ اتنی خوفناک تھی کہ فضا میں دھواں اور آگ کے بھیانک شعلے بلند ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، آگ نے گھریلو اشیا بنانے والی مارکیٹ کو جلا کر راکھ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق آگ تیز ہوا کے سبب بہت بہت تیزی سے پھیلی ریسکیو اہلکاروں کو بھی آگ کو کنٹرول کرنے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی، آگ لگنے سے علاقے میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے۔