Tag: خونریزی

  • ’اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی جائے‘ محمود عباس کا عالمی برادری سے مطالبہ

    ’اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی جائے‘ محمود عباس کا عالمی برادری سے مطالبہ

    فلسطینی صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا بند کر دیں تاکہ مغربی کنارے اور غزہ میں خونریزی کو روکا جا سکے۔

    فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ امریکا کی دی ہوئی جرات سے ہی اسرائیل نے غزہ جنگ جاری رکھی ہوئی ہے، غزہ میں جاری پاگل پن مزید جاری نہیں رہ سکتا۔

    فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے پوری دنیا اس کی ذمہ دار ہے۔

    محمود عباس نے اسرائیل کی مستقل حمایت پر امریکا کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکا نے غزہ میں فلسطینیوں کی مسلسل اموات کے باوجود اسرائیل کی سفارتی حمایت اور فوجی امداد جاری رکھی ہوئی ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ہے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت امریکا نے سلامتی کونسل میں تین بار جنگ بندی کے معاہدے کی قراردادوں میں رکاوٹ ڈالی، میں عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکی جائے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔

    محمود عباس نے کہا کہ پاکستان روزِ اول سے فلسطین کے ساتھ ہے اور قیام پاکستان سے لے کر آج تک فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • صدر منتخب نہ ہوا تو خونریزی ہوگی، ٹرمپ نے خبر دار کردیا

    صدر منتخب نہ ہوا تو خونریزی ہوگی، ٹرمپ نے خبر دار کردیا

    امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ صدر منتخب نہ ہوئے تو خونریزی ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ریاست اوہائیو میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی انتخابات کی تاریخ 5 نومبر کو تاریخی اور اپنی انتخابی مہم کو امریکا کے لیے اہم موڑ قرار دیا۔

    خونریزی سے متعلق بیان انہوں نے امریکی آٹو انڈسٹری کو لاحق خطرات سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے دیا۔

    ٹرمپ نے میکسیکو میں گاڑیاں بنا کر امریکیوں کو فروخت کرنے کے چینی منصوبے پر شدید تنقید کی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر میں منتخب ہوگیا تو ایک، ایک گاڑی پر سو فیصد ٹیکس لگاؤں گا اور پھر چین ان گاڑیوں کو امریکا میں فروخت کرنے کے قابل نہیں رہے گا اور اگر میں منتخب نہیں ہوا تو یہ سب کے لیے خونریز ثابت ہوگا۔

    دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کے مواخذے کے لیے تحقیقات کے سلسلے میں ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کے سلسلے میں تحقیقات کے لیے ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن 20 مارچ کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پیشی سے مسلسل انکار پر ہنٹر بائیڈن کے خلاف توہین کی کارروائی کا امکان ہے۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس حوالے سے جاری ردعمل میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن اپنے بیٹے کی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث نہیں جب کہ ری پبلکن اراکین کانگریس کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن کے خاندان نے نائب صدارت کے دوران مالی فائدہ اٹھایا۔

  • عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہوگئی

    عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہوگئی

    بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اس دوران شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 122 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں جاری خونریزی پر اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فریقین باہمی مذاکرات کے ذریعے کشیدگی ختم کریں۔

    غیر ملکی خبرررساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ صرف دارالحکومت بغداد میں ان احتجاجی مظاہروں کے دوران مزید پانچ افراد ہلاک اور پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔

    یوں گزشتہ منگل کے دن ان مظاہروں کے آغاز سے اب تک عراق میں مارے جانے والوں کی مجموعی تعداد ایک سو بارہ ہو گئی ہے۔ ان میں سے ایک سو چار مظاہرین اور آٹھ ملکی سکیورٹی اہلکار تھے۔

    عراق میں غربت اور کرپشن کے باعث ان حکومت مخالف عوامی مظاہروں میں اب تک چھ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں میں بارہ سو کے قریب فوجی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    عراق: حکومت مخالف احتجاج، 100 سے زائد افراد جاں بحق، وزیر اعظم کا اصلاحات کا اعلان

    ادھر عراق میں احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم عادل عبد الہمدی نے ملک میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، کم آمدن والے شہریوں کو رہایشی اراضی الاٹ کرنے کے اعلانات کیے، اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔