Tag: خونی ڈمپر

  • خونی ڈمپر کراچی میں دہشتگردی کر رہے ہیں، گورنر سندھ

    خونی ڈمپر کراچی میں دہشتگردی کر رہے ہیں، گورنر سندھ

    کراچی (12 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں چلنے والے ڈمپر خونی ہیں جو دہشتگردی کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں جاں بحق بہن بھائی کے گھر نیو کراچی پہنچ کر اہلخانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے کے زخمی کا کراچی کے سب سے بڑے اسپتال میں علاج کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر خونی ڈمپر دہشتگردی کر رہے ہیں۔ شہر قائد میں تواتر سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ابھی جن والدین سے مل کر آ رہا ہوں، ان کی بیٹی کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔ جاں بحق ہونے والے شاہ رخ کی ماں اس کے بغیر سوتی نہ تھی۔ اس حاثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کے پاس لائسنس نہیں تھا۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ حادثات کے بعد گاڑیوں کو نہیں جلانا چاہیے۔ یہاں سے لسانی فساد شروع ہوتا ہے، یہ قانون کا کام ہے۔ حادثات کو لسانیت کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ یہ لسانیت نہیں بلکہ کھلی دہشتگردی ہے اور سیدھا سیدھا 16 وہیلر کا مقابلہ 2 وہیلر سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوگا کہ دو پہیوں والے کو 16 پہیے والا کچل دے اور پھر بدمعاشی دکھائے۔ کسی کا باپ ہمیں نہ بتائے کہ بدمعاشی کیا ہوتی ہے۔ ہمیں کسی نے ٹھیک نہیں کیا ہم خود ٹھیک ہوئے ہیں۔ ہم ایسی قانون سازی کریں گے کہ کوئی موٹر سائیکل سوار نہ کچلا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا کہ جو بھی قانون سازی کرنا ہے، اس پر ساتھ ہیں۔ میں ٹریلر ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر بت کرنے کو بھی تیار ہوں اور ڈمپرایسوسی ایشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ یہ جو عوام کو مار کر بھاگ جاتے ہیں اس پر کوئی تو ایس اوپیز بنائیں۔

    گورنر سندھ نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری تقریروں اور باتوں کا جواب نہ دیں بلکہ کام کریں۔ وہ کام کریں گے تو ہم سراہیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-heavy-traffic-accident-168-citizens-killed/

  • کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب صبح سویرے ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک اور موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ  حادثہ نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پیش آیا، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کردی جبکہ ڈمپر کا ڈرائیور  موقع سے ڈمپر سمیت فرار ہوگیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل میں کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے 9 ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی۔

    شہریوں کے روکنے اور مارنے پر ڈرائیور نے ٹرک موٹر سائیکل پر چڑھا کر کچل دیا، موٹرسائیکل پر کوئی شخص سوار نہیں تھا۔

  • کراچی میں خونی ڈمپر  نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا

    کراچی : خونی ڈمپر نے ایک اور موٹرسائیکل سوار شہری کی جان لے لی، رات سے اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری ہے، سپر ہائی وے صنعتی ایریا میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک اور موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت محمد امان کے نام سے ہوئی تاہم جاں بحق شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    شہر میں رات سے اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہوگئی، ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : واٹر ٹینکر اور تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کچل دیے

    حادثات کلفٹن،سائٹ ایریا،لیاری ایکسپریس وے،کورنگی کراسنگ میں پیش آئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی کراسنگ کے قریب ،تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوا جبکہ صبح سپر ہائی وے پر حادثے میں زخمی ہونے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔

    سائٹ ایریا میں کوسٹر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تھی، جس پر سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا تاہم پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا تھا۔

    کلفٹن میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے منیر نامی شخص جان کی بازی ہار گیا، جو قائد آباد کا رہائشی تھا، حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر سمیت فرار ہو گیا تھا۔

  • کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور جان لے لی

    کراچی میں خونی ڈمپر نے ایک اور جان لے لی

    کراچی میں حب ریور روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے رکشہ میں سوار ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی بلدیہ حب ریور روڈ پر کوئٹہ مولانا ہوٹل کے قریب ڈمپر اور چینچی رکشہ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 45 سالہ متوفی شاہ محمد اپنے بیٹے کی شادی کیلئے شاپنگ کرنے پشین سےکراچی آیا تھا، لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    حادثہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی فوٹیج کی مدد سے تلاش جاری ہے، دوسری جانب ملیر مرغی خانہ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا۔

  • کراچی : ایک اور خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا

    کراچی : ایک اور خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر بے قابو خونی ڈمپر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے، شاہ لطیف ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر  نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو ٹکر مار دی۔

    حادثے میں موٹرسائیکل سوار بھائی جاں بحق اور اس کی بہن شدید زخمی ہوگئی، نوجوان کی لاش کو قانونی کارروائی اور زخمی لڑکی کو طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خونی ڈمپر سے کچل کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24سالہ حسنین جبکہ زخمی لڑکی کی شناخت 13 سالہ حجاب کے نام سے ہوئی ہے۔

    اس حوالے سے متوفی حسنین کے دوست سید عمیس نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حادثہ متین کمپلکس نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔

    سید عمیس کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والی 13 سالہ حجاب مارشل آرٹ کی کھلاڑی ہے اور اس نے آج ہی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

    مقابلہ جیتنے کی خوشی میں حسنین اپنی بہن کو کھانا کھلانے لے جا رہا تھا کہ راستے میں حسنین کی موٹر سائیکل کو تیز رفتار ڈمپر  نے ٹکر ماری۔

    متوفی کے دوست سید عمیس نے بتایا کہ حسنین اور حجاب لانڈھی 36بی کے رہائشی ہیں، متوفی والدین کا اکلوتا بیٹا اور دو بہنوں کا بھائی تھا۔

    حسنین کے والد سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں، متوفی انٹر کا طالب علم تھا جبکہ اس کی بہن حجاب ساتویں کلاس کی طالبہ ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-umper-crushed-three-people-riding-a-motorcycle/

  • کراچی : خونی ڈمپر نے 3 موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    کراچی : خونی ڈمپر نے 3 موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    کراچی میں ایک بار پھر خونی ڈمپر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے لگے، ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے تین موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، ایک اور حادثے میں نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا مجموعی طور پر بچے سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

     اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملیر حادثے میں13سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی بات نہ لاتے ہوئے بچہ اور ایک شخص موت کی وادی میں چلے گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق خونی ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق افراد کی شناخت 50سالہ سلیم اور 13سالہ عفان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کا نام روبینہ ہے۔

    حادثے کے بعد خونی ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم جب تک پولیس جائے وقوعہ موقع پر پہنچتی بہت دیر ہو گئی۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشن معمار حسن شاہ مزار کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اس کے 3 بہن بھائی زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 4 سالہ دعا، 5 سالہ ریحان اور 6 سالہ انس شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران 4 شہری جاں بحق

    اس سے قبل آج ہی کے دن دوپہر کے وقت کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران 2 مختلف حادثات میں 4 شہری جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، ایک مرد اور ایک بچی شامل ہے، گلستان جوہر میں 2 اور ملیر کھوکراپار میں ایک حادثہ پیش آیا۔

    گلستان جوہر میں بھی تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک مرد اور خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • فیصل آباد: خونی ڈمپرنے موٹر سائیکل سواردیور بھابھی کو کچل ڈالا

    فیصل آباد: خونی ڈمپرنے موٹر سائیکل سواردیور بھابھی کو کچل ڈالا

    فیصل آباد : جی ٹی ایس چوک میں خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار دیور بھابی کو کچل ڈالا، پولیس نے کنڈیکٹر کو گرفتار جبکہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے کامیاب ہوگیا، زبیر کی تین دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ناظم آباد کا رہائشی بائیس سالہ زبیر لیاقت اپنی بھابی انعم کے ساتھ موٹرسائیکل پر رات گئے مدینہ ٹاؤن سے واپس گھر جا رہا تھا کہ جی ٹی ایس چوک پر تیز رفتاری سے آنے والے ڈمپر ڈرائیور نے ڈمپر کو پل کی طرف موڑنے کی کوشش میں موٹرسائیکل کو کچل دیا۔

    حادثے میں زبیر اور اس کی بھابی انعم موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر سوار اس کا بھائی عامر محفوظ رہا۔

    حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے کنڈیکٹر کو گرفتار کر کے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے۔


    مزید پڑھیں: کراچی ٹریفک حادثہ ، قاتل بس ڈرائیور اور مالک گرفتار


    جاں بحق ہونے والے دیور بھابی کی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں، لاشیں پہنچنے پرگھر میں کہرام مچ گیا، لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والے زبیر کی تین دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔