Tag: خیبر

  • سرکاری اسکول ٹیچر کو گولیاں مار کر  قتل کردیا گیا

    سرکاری اسکول ٹیچر کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

    خیبر: باڑہ بر قمبرخیل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سرکاری اسکول ٹیچر کو قتل کردیا، طلبا نے واقعےکے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر کے علاقے باڑہ بر قمبرخیل میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سرکاری اسکول ٹیچر کو قتل کردیا۔

    گورنمنٹ مڈل اسکول سرکہ کمر کے استاد روح الامین کو اسکول کے قریب مسلح افراد نے نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جبکہ ملزمان ان کی موٹرسائیکل بھی لے گئے۔

    موقع پر موجود افراد نے زخمی ٹیچر کو اسپتال منتقل کیا لیکن وہ زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    مزید پڑھیں : ملتان : خاتون ٹیچر کا دن دیہاڑے قتل

    طلبا نے سرکاری اسکول ٹیچر کے قتل کے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    یاد رہے ملتان میں خاتون ٹیچر کو دن دیہاڑے قتل کردیا گیا تھا، قاتل نے بچوں کے سامنے گولی چلائی اور فرار ہوگیا تھا۔

    بعد ازاں خاتون ٹیچر کو قتل کرنے والے شخص عون کو گرفتار کرلیا گیا تھا، پولیس نے بتایا تھا قاتل محلے دار تھا، وہ شادی کرنا چاہتا تھا اور ٹیچر نے عون سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔

  • خیبر کی علی مسجد میں دھماکا :  خودکش حملہ آور اور  سہولت کار کے خاکے تیار

    خیبر کی علی مسجد میں دھماکا : خودکش حملہ آور اور سہولت کار کے خاکے تیار

    پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر میں علی مسجد پر دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور اور سہولتکار کے خاکے تیار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں مسجد خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر مسجد خودکش حملہ آور اور سہولتکار کے خاکے تیار کرلیے اور کہا سہولتکارعبداللہ عرف سلمان سے متعلق اطلاع پرنقدانعام دیا جائے گا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ سہولتکار کی اطلاع دینےوالے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، خودکش حملہ آور کانام انصارعرف ابوزر کی مونچھیں اور داڑھی تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ خودکش حملہ اورکوسہولتکار نےجیکٹ اورروسی ساختہ کلاشنکوف دی۔

    گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں علی مسجد کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کے 8 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سہیل خالد نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ علی مسجد خود کش دھماکے میں ملوث 8 سہولت کار گرفتار کر لیے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے سے لاتعلقی ظاہر کی لیکن تحقیقات کے مطابق وہ اس دھماکے میں ملوث ہے۔

    سہیل خالد کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور آئی ای ڈی بنانے کا سامان ملا ہے، حملہ آورافغانستان سے آیا جس کا نام انصار تھا، سہولت کاروں سے افغان سم، جہاد پمفلٹ و دیگر دستاویز برآمد ہوئیں۔

  • خیبر: علی مسجد خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

    خیبر: علی مسجد خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

    پشاور: ضلع خیبر تھانہ علی مسجد خودکش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ علی مسجد گل ولی خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے کمانڈر ایوب سمیت دیگر دہشتگرد کو نامزد کیا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ دہشتگردوں کو 23 جولائی کو پولیس موبائل ٹارگٹ کرنے کا الرٹ موصول ہوا تھا جس کے بعد پشاور پولیس نے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا۔

    خیبر : تھانہ علی مسجد کی حدود میں خود کش دھماکا، ایس ایچ او شہید

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران ایڈیشنل ایس ایچ او جیسے ہی مسجد میں داخل ہوا تو خودکش بمبار نے دھماکہ کر دیا، پشاور مسجد کے باہر سے ایک دہشتگرد کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جس سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے کے لیے بھجوا دئیے گئے ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں ایک سال کے دوران کتنے دہشت گردی کے واقعات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    واضح رہے کہ 2 روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں تھانہ علی مسجد کی حدود میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

  • خیبر: باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ کے پولیس اسٹیشن میں دہشت گردوں کا حملہ  ،  3پولیس اہلکار شہید، 4 زخمی

    خیبر: باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ کے پولیس اسٹیشن میں دہشت گردوں کا حملہ ، 3پولیس اہلکار شہید، 4 زخمی

    خیبر : باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ کے پولیس اسٹیشن میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا، حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 4اہلکار زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ بازار میں دھماکا اور فائرنگ ہوئی ، ریسکیوذرائع نے بتایا کہ دھماکا باڑہ بازار تحصیل کمپاؤنڈ میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہوا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی، دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تاہم ریسکیو1122 نے دھماکے میں زخمیوں کو ایچ ایم سی علاج کے لئے منتقل کردیا ہے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر حملہ خودکش ہوسکتا ہے تاہم دھماکے کے بعد باڑہ بازار کو بند کردیا گیا اور علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ کے پولیس اسٹیشن میں دہشت گردوں نے حملہ کیا ، دہشت گرد حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 4اہلکار زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نےبروقت کارروائی کرکےدودہشتگردوں کو گیٹ پرروکا، دونوں حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ اور دھماکے کئے گئے، فائرنگ کے تبادلےمیں اہلکار زخمی ہوئے ، جس میں ایک کی حالت تشویشناک ہے‌۔

    پولیس نے بتایا کہ دھماکےکی وجہ سے عمارت اور گیٹ کو نقصان پہنچا، بادی النظر حملہ آوروں نے اندر جانے میں ناکامی پر خود کو اڑا دیا۔

    یاد رہے گزشتہ رات پشاور پولیس اسٹیشن ریگی ماڈل ٹاون کے انٹری چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق سبحان شیر ناکہ بندی پر حملے میں شرپسندوں کی تعداد معلوم نہ ہوسکی، جہاں سے فائرنگ کی گئی وہاں مکمل آندھیرا تھا۔

  • خیبر : سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن: میجر عبداللہ  شہید ہوگئے

    خیبر : سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن: میجر عبداللہ شہید ہوگئے

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز کے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے دوران میجر عبداللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد اور سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر عبداللہ کی قیادت میں سیکیورٹی دورسز نے ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کے فرار کے راستے مسدود کردیئے، دہشت گردوں نے اس دوران شدید فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وطن کے بہادر سپوت کوہاٹ کے 33 سالہ میجر میاں عبداللہ شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

    پاک ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

    گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے خود کو اُڑا لیا تھا ، دھماکے میں تین اہلکار شہید جبکہ تین شہری شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں میانوالی کے اکتالیس سالہ نائب صوبیدار صاحب خان، ڈیرہ اسماعیل خان کے چالیس سالہ نائیک محمد ابراہیم اور مردان کے چوبیس سالہ سپاہی جہانگیر خان شامل تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا ہدف سکیورٹی فورسز کی چوکی تھی تاہم ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے مشکوک حملہ آور کو بروقت روک لیا، جس سے بڑی تباہی ٹل گئی۔

  • خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    کراچی: خیبر پختون خوا سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی، ریلی کا آغاز 22 نومبر کو طور خم سے ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے سے شروع ہونے والی پرانی گاڑیوں کی دسویں سالانہ ریلی کراچی پہنچ گئی ہے، یہ ریلی اسلام آباد، لاہور، بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی ہے، جہاں ریلی کے شرکا کا شان دار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ بھی موجود تھے۔

    ریلی میں حصہ لینے والی 1924 کی آسٹن گاڑی سب سے قدیم گاڑی رہی، ملک بھر سے ریلی میں ونٹیج گاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ہمر، فراری، فورڈ تھنڈر برڈ، آسٹن منی، رولز رائس سلور، فورڈ مستانگ، ہمبر ہاک، مرسیڈیز، شیورلیٹ، ولیز جیپ، واکس ویگنز، پوگاٹ اور دیگر کلاسک کاریں شامل ہیں۔

    کراچی پہنچنے پر ریلی شرکا کا استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بنیاد پر یہ ریلی منعقد کی جائے گی، اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، عمران خان دنیا کو پاکستان دکھانا چاہتے ہیں، پاکستان کا چہرہ مثبت بنے گا تو ریونیو آئے گا۔

    اس موقع پر انھوں نے کرنٹ ایشوز پر بھی بات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سبزی کی قیمت بڑھ جانے پر آپ حکومت کو مورد الزام نہیں ٹہرا سکتے، ایران سے ٹماٹر آ رہے ہیں، قیمت کم ہونا شروع ہو گئی ہے، سندھ میں آنے والے وقت میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے، صوبائی حکومت کو دیکھنا چاہیے۔

  • کے پی اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال، وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی برطرفی کا مطالبہ

    کے پی اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال، وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی برطرفی کا مطالبہ

    پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ 5 سال میں جتنے مطالبات تھے وہ مان لیے گئے ہیں، اب مزید کیا مطالبات ہیں ڈاکٹروں کے، جن ڈاکٹرز کا دور دراز علاقوں میں تبادلہ ہوا انھیں وہاں جانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات کے پی نے کہا ہے کہ جس ڈاکٹر کا دور درازعلاقوں میں تبادلہ ہوا انھیں وہاں جانا ہوگا، ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کیا؟ وہ ہم سے بات کریں۔

    دوسری طرف خیبر پختون خوا میں ینگ ڈاکٹرز کی غنڈہ گردی کے بعد ہٹ دھرمی شروع ہو گئی ہے، لیڈی ریڈنگ، حیات آباد، ایوب میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر اسپتالوں میں آج بھی ہڑتال رہی، ڈاکٹروں نے وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ احتجاج، مطالبات ڈاکٹرز کا حق ہے، کوشش ہے ان کے مسائل حل کریں، اس وقت احتجاج سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے، ہم نے ڈاکٹرز کے مطالبے پر 142 فی صد اضافہ کیا، 50 فی صد نرسوں، 12 فی صد پیرامیڈکس میں اضافہ کیا گیا۔

    شوکت یوسف زئی نے کہا کہ کم زور ڈسٹرکٹس میں ہمیں تعلیم اور صحت کے وسائل دینے ہیں، نہیں چاہتے کوئی ٹکراؤ کریں، انکوائری کے بعد دیکھیں گے کہ کسی کو شو کاز جانا چاہیے یا نہیں، کچھ لوگوں کی وجہ سے سب داغ دار ہو جاتے ہیں، سارے ایسے نہیں، بائیکاٹ کی بات کرنے والے شام کو پرائیویٹ پریکٹس کرتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ڈاکٹرز کا احتجاج

    انھوں نے کہا کہ عوام کو پتا چلنا چاہیے کہ ہم نے کیا کیا اور بدلے میں کیا ملا ہے، حکومت نے انتظامیہ اور حکومتی معاملات چلانے ہوتے ہیں، ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں، جب ہم آئے تھے تو مجموعی طور پر 3639 میڈیکل افسر تھے، کہتے تھے ڈاکٹرز کم ہیں، ہم نے 142 فی صد میڈیکل افسران بڑھائے، ڈسٹرکٹ افسران میں 232 فی صد اضافہ کر دیا، ہیومن ریسورس میں 39 فی صد اضافہ کیا۔

    کے پی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ہیلتھ الاؤنس پہلے 10 ہزار تھا ہم نے 1 لاکھ 40 ہزار کر دیا، نرسنگ کا سروس اسٹرکچر نہیں تھا اس کے لیے 5 سال کا فارمولا دیا، لیکن اب بھی احتجاج کیا جا رہا ہے، 80 سال کے بزرگ پر انڈے کیوں پھینکے گئے، کیا یہ ہمارا کلچر ہے؟

    انھوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ان علاقوں میں ڈاکٹرز فراہم کریں، عمران خان کہتے ہیں غریبوں کے لیے کام کروں گا، لیکن غریبوں تک ڈاکٹرز نہیں بھیج سکیں گے تو پھر ہمارا فائدہ کیا ہے، جس ڈاکٹر کا دور درازعلاقوں میں تبادلہ ہوا انھیں جانا ہوگا، بڑی تنخواہیں جو لے رہے ہیں یہ عام آدمی کی جیب سے آتی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان وادی تیراہ پہنچ گئے، اسپورٹس گالا میں شرکت

    وزیر اعظم عمران خان وادی تیراہ پہنچ گئے، اسپورٹس گالا میں شرکت

    خیبر: وزیر اعظم عمران خان خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ پہنچے جہاں انہوں نے اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خیبر پختونخواہ کے گورنر اور وزیر اعلیٰ بھی تقریب میں شریک تھے۔

    وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر فرنٹیئر کور کے دستے نے انہیں سلامی دی۔ باغ امن میلے میں پرجوش نوجوانوں نے روایتی رقص بھی کیا۔

    وزیر اعظم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

    اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہوں گے۔

    مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

  • کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    کابینہ اجلاس: خیبر پختونخواہ کی پہلی صحت پالیسی منظور

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس ضلع خیبر میں ہوا۔ اجلاس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سابق فاٹا میں کابینہ کا اجلاس کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قبائلیوں کے لیے خوشخبری ہے ہم نے منصوبہ بندی کرلی ہے، قبائلیوں کو صحت کارڈ، تعلیم اور ترقیاتی منصوبے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے وزیرستان تک کابینہ کے مزید اجلاس ہوں گے، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع کو ترقی دیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا انضمام سے متعلق ششماہی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلاحی اداروں کی رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن بل 2018 کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس میں قبائلی اضلاع میں ماتحت عدالتوں کے فوری قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے لیے ایک ارب جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

    صوبائی کابینہ نے پختونخواہ کی پہلی ہیلتھ پالیسی سال 2025-2018 کی منظوری بھی دے دی۔ سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ پالیسی کے ذریعے اسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سسٹم مضبوط کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو ضروری، معیاری، منصفانہ اور پائیدار طبی سہولتیں دی جائیں گی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کا طریقہ بنایا جائے گا۔

    پالیسی میں 3 سال سے کم عمر بچوں اور خواتین میں غذائی کمی پر پروگرام بھی شامل ہے۔

    بریفنگ کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی ششماہی بنیادوں پر رپورٹس کی منظوری دے گی اور کمیٹی کو پالیسی میں تبدیلی یا قانون سازی سے متعلق اختیار حاصل ہوگا۔

    اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ایبٹ آباد بائی پاس کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، پشاور سے طور خم تک ریلوے ٹریک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔

    شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پشاور سے طور خم تک سفاری بس شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وفاق، پنجاب، پختونخواہ این ایف سی میں 3 فیصد حصہ فاٹا کو دینے پر متفق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں صوبے کی پہلی صحت پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ میں کوئلہ کان شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ 6 ماہ میں پاک افغان سرحد طور خم 24 گھنٹے کے لیے کھول دی جائے گی۔

  • خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    خیبر پختونخواہ کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا، فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع خیبر پختونخواہ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ کا اجلاس پہلی بار قبائلی ضلع میں ہوگا۔ کابینہ کا اجلاس 31 جنوری کو ضلع خیبر میں ہوگا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کابینہ اجلاس کا ایجنڈا مرتب کر لیا ہے۔ اجلاس 16 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں سیشن کورٹس قیام سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق پالیسی بھی زیر غور آئے گی۔

    قبائلی ضلع میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

    خیال رہے گزشتہ ماہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اگلے 5 سال کے لیے ترقیاتی منصوبہ بندی مکمل کرلی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردہ منصوبوں میں دیہی علاقوں کے لیے ایمبولنس سروس، مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی اور ایک سال کے اندر 24 گھنٹے فعال ثانوی مراکز صحت کا قیام شامل تھا۔

    منصوبوں میں صحت کے شعبے میں 4 ہزار ایل ایچ ڈبلیوز کی بھرتیاں اور لائیو اسٹاک کی 5500 ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنانا بھی شامل ہے۔

    5 سالہ منصوبہ بندی میں محکمہ پولیس میں خواتین افسران کی تعداد میں 4 گنا اضافہ، مزید 13 ماڈل پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور 30ہزار خواتین کو ہنر و تربیت دے کر ان کو بااختیار بنانا بھی شامل ہے۔

    پختونخواہ حکومت 3 ماہ میں 100 فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے، تشدد کی روک تھام کے لیے ریجنل وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر کے قیام، سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی ریسٹ ہاؤس عوامی استعمال کے لیے کھولنے اور 3 ہائیکنگ ٹریلز کے قیام کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔