Tag: خیبرپختونخواہ

  • خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تباہ کاریوں کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    پرونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک اور شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسلا دھار بارش کے باعث مختلف واقعات میں 18 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 5 مکانات اور ایک اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 2 مکان اور دو اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چترال میں بھی تیز بارش اور سیلابی صورت حال سے نقصانات کا اندیشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ، شیشیکوہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

  • وزیر بلدیات خیبرپختونخوا نے لاکھوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی اسکیم کا افتتاح کردیا

    وزیر بلدیات خیبرپختونخوا نے لاکھوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی اسکیم کا افتتاح کردیا

    پشاور: وزیر بلدیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے سوات میں 70 لاکھ روپے کی لاگت سے ترقیاتی اسکیم کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیربلدیات ڈاکٹر امجد علی نے پی کے 6 سوات میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، اور اسی سلسلے میں انہوں نے نوے کلے یوسی کوٹھا میں70 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر ٹینک اور واٹر سپلائی کی نئی سکیم کا افتتاح بھی کر دیا۔

    افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، اور عوامی مفاد کے منصوبے بلا تاخیر مکمل کئے جائیں گے۔

    پی کے 6 سوات میں پانی، نکاس آب اور مواصلات کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے جس سے نئے پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیرہوجائےگا۔

    واضح رہے کہ صوبائی وزیر معدنیات کا رواں ہفتہ یہ تیسرا ترقیاتی منصوبہ ہے جس کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس سے پہلے انہوں نے لاکھوں روپے کی لاگت سے زرخیلہ چونگی میں جنازگاہ اور تیرنگ میں 70لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر ٹینک اور واٹر سپلائی کی نئی سکیم کا افتتاح بھی کر چکے ہیں۔

    ڈاکٹر امجد علی نے عوامی اجتماع سے کہا کہ ہماری حکومت عوام کو کھبی بھی مایوس نہیں کرے گی۔ کیونکہ ہم نے کرپشن اور سفارش کلچر کو ختم کرکے میرٹ کو ترجیح دی ہے، حکومت عوامی ضروریات سے باخبر ہے، اسی لئے بلدیاتی اداروں کو پانی، نکاس آب اور صحت و صفائی کے حوالے سے دس فیصد فنڈز مختص کرنے کا پابند بنایا ہے۔

  • پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ آج پیش کرے گی، کے پی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور حکومت نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنا بجٹ آج پیش کرے گی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے بجٹ میں 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق پشاور اور ہنگو میں وزیر اعظم سستا گھر اسکیم کا اجرا بڑے منصوبوں میں شامل ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی، اس پروگرام میں 80 ارب روپے سے زائد غیر ملکی امداد اور قرضہ شامل ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی پی 962 جاری اور 394 نئے منصوبوں پر مشتمل ہے، اے ڈی پی میں صوبائی حصہ 105 ارب روپے سے زائد ہے۔

    بجٹ میں کم از کم اجرت 17500 روپے مقرر کرنے، گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافے اور گریڈ 17 سے 19 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فی صد اضافے کی تجویز ہے۔

    تعلیم کے شعبے کے لیے 162 ارب مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ بجٹ میں صحت کے لیے 52 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    دستاویز کے مطابق پولیس کے لیے 45 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے، مقامی حکومتوں کے لیے 45 ارب سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی، بلین ٹری سونامی منصوبے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    ضلع کرم میں میڈیکل کالج، شمالی وزیرستان میں ٹل، میر علی روڈ کی تعمیر بجٹ کا حصہ ہیں، قبائلی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔

    سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گرین وزیرستان اور گرین باجوڑ منصوبہ بھی شامل ہے، قبائلی اضلاع میں یونی ورسٹی، کالجز کے قیام کے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔

    مدارس قومی دھارے میں لانے، مساجد، قبرستانوں اور جنازہ گاہ کے لیے 300 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، پہلی بار مدارس کے طلبہ کے لیے تمام شعبوں میں ٹیکنیکل تعلیم دینے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے اور ملک کے دیگر صوبوں میں شوال کا چاند آج دیکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت دوسرے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

    گورنر ہاؤس میں بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا جہاں گورنر شاہ فرمان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    دوسری جانب ملک بھر میں بوہری برداری بھی آج عید منا رہی ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا جبکہ پان منڈی، سولجربازار، بلوچ کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

    مفتی شہاب کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے، شوکت یوسف زئی

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اطلاعات شوکت یو سف زئی کا کہنا تھا کہ مفتی شہاب الدین کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں، عیدیں اور رمضان تقسیم ہونے پرافسوس ہوتا ہے۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    واضح رہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

  • جنوبی وزیرستان میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

    جنوبی وزیرستان میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں تمام تراجتماعات، ریلیوں، جلوسوں اور قابل اعتراض تقریروں پرمکمل پابندی ہوگی۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع میں ہرقسم کے ہتھیار کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہتھیار ساتھ کے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 5 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی اور گاڑیوں میں کالے شیشے کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    چند افراد مذموم مقاصد کے لیے پی ٹی ایم کارکنوں کو اکسا رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ دو روز قبل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں خاڑکمر چیک پوسٹ پر حملے میں پانچ جوان زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد بھی مارے گئے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علی وزیر کو 8 ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ محسن داوڑ ہجوم کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔

  • حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے درالحکومت پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف 17 گھنٹوں تک آپریشن جاری رہا جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

    سیکیورٹی فورسزکی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرنے کے بعد گھر اور قریبی علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج اور خیبرپختونخواہ پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن رات گئے شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ اے ایس آئی قمرعالم شہید ہوگئے، ایک افسراور جوان بھی زخمی ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تمام دہشت گردوں کی لاشوں کو مکان سے نکال لیا گیا ہے اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق رات گئے حیات آباد میں ایک گھر پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے اے ٹی ایس کمانڈو قمرعالم شہید ہوئے۔

    سیکورٹی اہلکاروں نے بہترین حکمت عملی اپنا کر دہشت گردوں کو عمارت کے ایک ہی حصے میں محصور کرکے عمارت کی بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو کلیئر کرنے کے بعد فیصلہ کن آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

    سی سی پی او پشاور کے مطابق دہشت گرد پشاور میں بڑے حملے کی منصوبہ بند کررہے تھے جن کے مقاصد کو ناکام بنا دیا گیا۔

    کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمود نے آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

    وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ کے مطابق آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکار کا تعلق بڈھ بیر ماشوخیل سے ہے جس کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی۔

    پشاورہائی کورٹ کے جسٹس ایوب خان مروت قاتلانہ حملے میں زخمی

    یاد رہے کہ رواں سال 28 فروری کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم ملزمان نے ہائی کورٹ کے جج کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

  • خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر نے مہنگائی سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ بتا دیا، ویڈیو دیکھیں

    خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اسپیکر نے مہنگائی سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ بتا دیا، ویڈیو دیکھیں

    پشاور: خیبرپختونخواہ کی اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے مہنگائی سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ بیان کردیا۔ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں حکمت اور دانش مندی سے کام لینا پڑے گا۔

    اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی زیادہ ہے تو دو روٹی کے بجائے ایک روٹی پر کچھ عرصے کے لیے اکتفا کرنا پڑے گا، وہ وقت ضرور آئے گا کہ جب آپ انشاء اللہ دو روٹیوں سے بڑھ کر ڈھائی روٹی کھائیں گے۔

    یاد رہے کہ یکم اپریل کو محکمہ شماریات کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مجموعی طور پر نو اعشاریہ41فی فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: مہنگائی میں اضافے پرحکومت پریشان، روک تھام کیلئے مضبوط نظام بنانےکافیصلہ

    محکمہ شماریات ڈویژن سے جاری رپورٹ کے مطابق مارچ2019 میں مہنگائی کی شرح 9.4فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ جولائی 2018 سےمارچ 2019 تک مہنگائی کی شرح میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    مہنگائی میں اضافے پر حکومت پریشان ہیں اور فراط زر کی شرح میں اضافے کو روکنے کیلئے اقدامات متوقع ہے۔ قیمتوں میں اضافےکی روک تھام کیلئے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی اہم اشیائےخوردونوش کی دستیابی یقینی بنانےکے لیے مضبوط نظام بنانےکافیصلہ کیا، قیمتیں بڑھنے کاباعث بنے والے کاریٹلز کے خلاف بھی کارروائی کی جائےگی۔

    حکومت نے فیصلہ کیا کہ مہنگائی کےجانچنے کے قوانین میں ترامیم ، اشیا خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بننے والے گٹھ جوڑ کےخلاف قوانین میں مزید سختی کی جائےگی۔

    یہ بھی پڑھیں: پانچ سال میں مہنگائی کی شرح کہاں تک پہنچی؟ اعداد و شمارجاری

    یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائےگا اور ہر ماہ اجلاس بھی طلب کیا جائے گا، جس میں طلب و رسد کا جائزہ لیاجائےگا اور اشیاء کی قلت کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ قیمتوں کو روکا جاسکے۔

  • خیبرپختونخواہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    خیبرپختونخواہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے پچیس اضلاع میں آج سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے 25 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کے 56 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے 27 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہربچے کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

    پولیو ٹیمیں بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، افغان مہاجرین کے کیمپوں اور دیگرعوامی مقامات پرپولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کے لیے دستیاب ہوں گی۔

    دوسری جانب طورخم میں بھی پاک افغان سرحد پرانسداد پولیو مہم شروع ہوگئی تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پھیلنے والے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔

    حکومت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے دوران ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

    ملک بھر میں پولیو مہم مکمل، اقوام متحدہ نے عملے کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا

    واضح رہے کہ گزشتہ 2 سال میں پاکستان نے انسداد پولیو کے لیے نہایت بہترین اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں جن کے باعث ان 2 سالوں میں پولیو کیسز کی شرح میں خاصی کمی آئی ہے۔

  • مانسہرہ: پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    مانسہرہ: پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    مانسہرہ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے حلقہ پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

    مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30 میں مسلم لیگ ن کے مظہر علی قاسم اور پاکستان تحریک انصاف کے سید احمد حسین شاہ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

    پی کے 30 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 93 ہزار830 ہے جن میں ایک لاکھ 10ہزار647 مرد اور83 ہزار183خواتین ووٹرز ہیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے 183 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سردار جہانزیب کا کہنا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی کے لیے 1237 مرد وخواتین پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس کے جوان تعینات ہیں۔

    یاد رہے کہ صوبائی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے میاں ضیاء الرحمان کی جعلی ڈگری کیس میں نا اہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

  • نوشہرہ میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

    نوشہرہ میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

    نوشہرہ : صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں فائرنگ سے بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں تحصیل پبی کے علاقے کندی تازہ دین میں فائرنگ کے واقعے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور2 خواتین شامل ہیں۔

    ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پرفائرنگ‘ ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید

    یاد رہے کہ دو روز قبل صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بنوں میں گھر کے اندر دھماکا، میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق

    اس سے قبل رواں سال جنوری میں صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں ایک گھر کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔