Tag: خیبرپختونخوا حکومت

  • کم نمبررز آنے پر دوبارہ امتحان کا موقع :  انٹر اور میٹرک طلبا کیلیے اہم خبر

    کم نمبررز آنے پر دوبارہ امتحان کا موقع : انٹر اور میٹرک طلبا کیلیے اہم خبر

    پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے انٹر اور میٹرک کے سپلیمنٹری امتحانات لینے کا فیصلہ کرلیا ، 50 فیصد سے کم نمبررز لینے والے دوبارہ امتحان دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سپلیمنٹری امتحانات لینے کا فیصلہ کرلیا، چیئرمین تعلیمی بورڈ پشاور نصر اللہ خان نے کہا کہ جن بچوں کے کم نمبرز آئے ان کو موقع دیاجارہاہے، صوبائی بورڈز کمیٹی،وزیرتعلیم ،سیکرٹری تعلیم نے فیصلہ کیا۔

    چیئرمین تعلیمی بورڈ پشاور کا کہنا تھا کہ کم نمبرز لینے والے طلبادوبارہ امتحان کامطالبہ کررہے تھے،مجموعی طور پر تعلیمی بورڈز نے سپلیمنٹری امتحانات لینےکا فیصلہ کیا، انٹر ،میٹرک میں50 فیصد سے کم نمبررز لینے والے دوبارہ امتحان دے سکتے ہیں۔

    نصر اللہ خان نے کہا سپلیمنٹری امتحان کے لئے طلبااپنی مرضی سے اپلائی کریں گے ، حکومت کیساتھ اجلاس کے منٹس آنے کے بعد شیڈول جاری ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پشاور تعلیمی بورڈ نے دسویں اوربارہویں کلاسز کے نتائج کااعلان کیا تھا ، نتائج میں دسویں کلاس کے 3 طلبا نے ٹاپ کیا، ٹاپ کرنے والے بچوں کو 50ہزار روپے اور شیلڈ انعام میں دی گئی تھی۔

  • اب پاکستانی نوجوانوں کیلئے فیس بک سے پیسہ کمانا آسان ہوگا، بڑی خوشخبری آگئی

    اب پاکستانی نوجوانوں کیلئے فیس بک سے پیسہ کمانا آسان ہوگا، بڑی خوشخبری آگئی

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک سے پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک سے پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے رابطہ کرلیا ، ضیاء اللہ بنگش نے ریجنل ہیڈ فیس بک سے رابطہ کیا۔

    ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہمارے نوجوانوں اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی جانب سے پاکستان میں فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر فیس بک سے رابطہ کیا۔

    مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یوٹیوب کی طرح فیس بک بھی پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرے تا کہ ہمارے نوجوان اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ لوگ فیس بک سے پیسے کما سکیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا پر پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں اور اس جدید دور میں یہ ان کے لیے آمدنی کا زریعہ بنے۔

    ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیے انشاءاللہ جلد ہمارے نوجوانوں کو خوشخبری ملے گی، اور فیس بک ہمارے نوجوانوں کے لیے پیسے کمانے کا زریعہ بنے گا۔

    اس اقدام سے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی بھی بین الاقوامی سطح پر پروموشن ہو گی اور پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ ہو گا جبکہ پاکستان کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا اور بہتر ہو گی۔

  • بچوں سے زیادتی کے ملزم کو سزائے موت  یا عمر قید کی سزا تجویز

    بچوں سے زیادتی کے ملزم کو سزائے موت یا عمر قید کی سزا تجویز

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں سے زیادتی کے قانون کے ترمیمی بل میں زیادتی کے ملزم کو سزائے موت یا عمر قید کی سزا تجویز کردی ہے اور کہا زیادتی کے مرتکب افراد کو حکومت سزا میں معافی نہیں دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں سے زیادتی کے قانون میں ترمیم کا بل تیار کرلیا ہے، جس میں بچوں سے زیادتی کے ملزم کو سزائے موت یا عمر قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

    بل میں بچوں کی غیراخلاقی ویڈیو پر 14 سال قید با مشقت،5 لاکھ جرمانہ ، بچوں کو بدکاری کی جانب راغب کرنے پر 10 سال قید بامشقت کی سزاتجویز کی گئی ہے جبکہ بچوں کی اسمگلنگ کےملزمان کو 14 سے 25 سال قید کی سزا دی جاسکے گی۔

    ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کو حکومت سزا میں معافی نہیں دے گی جبکہ بچوں سےزیادتی میں سزائے موت پانےوالوں کی آڈیو ریکارڈنگ کی تجویز بھی دی گئی ، آڈیو ریکارڈنگ حکومتی منظوری کے بعد عوام کو بھی دی جاسکے گی۔

    بل میں کہا ہے کہ عمرقید کی سزا پانے والے قیدی قدرتی موت تک جیل میں ہی رہیں گے اور عمرقید پانے والے قیدیوں کو پیرول پر رہا نہیں کیا جائے گا جبکہ زیادتی میں ملوث افراد کا ریکارڈ چائلڈ کمیشن میں درج کیا جائے گا اور ایسے افراد کا ریکارڈ نادرا کو بھی فراہم کیا جائے گا۔

    ترمیمی بل کے مطابق زیادتی کے مرتکب مسافر بسوں میں سفر نہیں کرسکیں گے اور ایسے افراد کو بچوں سے متعلق اداروں میں ملازمت نہیں دی جائے گی۔

    وزیر سماجی بہبود ہشام انعام اللہ نے کہا وزیراعلیٰ نے چائلڈ پروٹیکشن ترمیمی بل کابینہ اجلاس میں لانےکی ہدایت کی ، بل کا مقصد بچوں سے زیادتی کےملزمان کو قرار واقعی سزا دلانا ہے،بل کو جلد ازجلد کابینہ اور صوبائی اسمبلی سےمنظور کرایا جائے گا۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا حکومت کا کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ کرلیا اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے تحت کپور حویلی کو محفوظ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے کپور حویلی کو خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حویلی پرسیکشن فور نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنرپشاور محمد علی کا کہنا ہے کہ کپور حویلی کی خرید وفروخت پر پابندی لگا دی، محکمہ آثار قدیمہ نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا، کپور حویلی کی قیمت کا تعین کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا جلد ہی محکمہ آثار قدیمہ کو فنڈز کی فراہمی سے آگاہ کردیں گے، حکومتی فیصلے کے تحت کپور حویلی کو محفوظ کیا جائے گا۔

    یاد رہے رواں ماہ معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بالی ووڈ لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کا چار مرلے کا گھر خریدنے کا عزم رکھتی ہے اس مد میں گھر کی خریدو فروخت پر سیکشن فور نافذ کردیا گیا ہے۔

    کامران بنگش نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں گھر کو خریدا جائے گا جس کے لیے حکومت فنڈ مہیا کررہی ہے، دوسرے مرحلے میں گھر کی مرمت اور اس کی اصلی حالت میں بحالی کا کام کیا جائے گا اور دلیپ کمار کے گھر کو پشاور ریوائیول پلان کے تحت عجائب گھر میں تبدیل کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے پشاور میں واقع آبائی گھر کو خرید کر اُسے عجائب گھر یا قومی ورثہ قرار دینے کے اقدام پر خیبرپختونخوا حکومت کی تعریف کی تھی۔

    خیال ررہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے خاندان تقسیم برصغیر سے قبل پشاور کے قصہ خوانی بازار میں رہائش پذیر تھے، بعد ازاں وہ بھارت منتقل ہوگئے تھے، یہ دونوں حویلیاں تاحال موجود اور بند ہیں۔

  • خیبر پختونخوامیں اسکواش کے کھلاڑیوں کے لیے اچھی خبر

    خیبر پختونخوامیں اسکواش کے کھلاڑیوں کے لیے اچھی خبر

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سابق عالمی چیمپیئن جان شیر خان کی خدمات حاصل کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ڈی جی کھیل خیبرپختونخوا اسفند یار خٹک نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سابق عالمی چیمپیئن جان شیرخان کی خدمات حاصل کر لیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر تعلیمی ادارے میں اسکواش کورٹ کا قیام اور کوچ ہوگا۔ ڈی جی کھیل کے پی کے نے بتایا کہ 8 اسکواش کلب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

    اسفند یار خٹک کا کہنا تھا کہ ریلوے سے زمین کی لیز کے حصول کے لیے بات چیت ہو رہی ہے،زمین پر 9 اسکواش، جیم اور سوئمنگ پول تعمیر ہوں گے۔

    ڈی جی کھیل خیبرپختونخوا نے کہا کہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ستمبر تک ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل ہوگی۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے اسفند یار خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش تھی کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد پشاور میں ہو۔

    خیبرپختونخوا حکومت کا جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا حکومت نے سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

    وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کو اخراجات کی بروقت ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔

    محمود خان نے کہا کہ عالمی چیمپیئن کی جلد صحت یابی اور بہترصحت کے لیے دعاگو ہوں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جان شیر خان نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا،عالمی چیمپیئنز ہمارا سرمایہ ہیں جن پر قوم کو فخر ہے۔

    خیال رہے کہ جان شیر خان اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق عالمی چیمپئن نےگزشتہ دنوں 2 اسپائن سرجری کرائیں تھی۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا دفاتر کے پرانے اوقات کار بحال کرنے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا دفاتر کے پرانے اوقات کار بحال کرنے کا اعلان

    پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری دفاتر کے لیے اوقات کار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس وبا کے پھیلاؤ میں بتدریج کمی کے پیش نظر سرکاری دفتروں کے اوقات کار بحال کر دیے گئے۔خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق ہفتے میں 5 دن والے دفاتر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں گے۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز سرکاری دفاتر میں نماز جمعہ کے لیے 30 منٹ کا وقفہ ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق ہفتے میں 6 دن کھلے رہنے والے دفاتر صبح 9 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے،6 دن والے دفاتر جمعہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلیں گے۔

    دفاتر کے اوقات کار، سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر

    اس سے قبل 30 جولائی کو وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کے بعد دفاتر کے پرانے اوقات کار بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کے ماتحت سرکاری دفاتر صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلیں گے۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا اعلان

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں اور عیدالفطرکےموقع پراجتماعات سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عید الفطر مذہبی تہوار ہے، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔

    انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر اجتماعات سے گریز کیا جائے جبکہ وزرا، مشیران، معاونین اور اراکین اسمبلی کو بھی ہدایت کی عیدالفطر کا تہوار سادگی سے منائیں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں : عوام عید گھر پر رہ کر منائیں، وزیراعلیٰ سندھ

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےعید کا دن کرونا کے خلاف جنگ لڑنے والے میڈیکل عملےکے نام کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ عیدالفطر کا تہوار سادگی سے گھروں پر رہ کرمنائیں اور وزیراعظم عمران خان سے بھی کہا تھا کہ وہ عید الفطر سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں۔

    خیال رہے محکمہ صحت کےپی کے مطابق خیبرپختونخوامیں کوروناسے24گھنٹےمیں مزید14افرادجاں بحق ہوئے ،جس کے بعد کوروناسےاموات365ہوگئیں جبکہ صوبہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد7ہزار155ہوگئی ہے اور اب تک کورونا کے 2ہزار198مریض صحتیاب ہوچکے ہیں.

  • خیبرپختونخوا حکومت کا تمام مزدوروں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا حکومت کا تمام مزدوروں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام مزدوروں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر محنت،ثقافت شوکت یوسفزئی نے ورکرز ویلفیئر بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام مزدوروں کا ڈیٹاکمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ ورکرز کو شادی،ڈیتھ گرانٹ،معذور پنشن دی جائےگی،لواحقین کو ڈیتھ پنشن اور بچوں کو اسکالرشپ دی جائےگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ورکرز کی اکثریت مراعات سےمحروم ہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے دو ماہ کا کرایہ معاف کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرونا وائرس کے بعد کی صورت حال کی روشنی میں پریشان حال لوگوں کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے قابل تقلید مثال قائم کی۔

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے سوات کے عوام کے لیے اپنی ذاتی ملکیت والی دکانوں یا مکانوں میں رہنے والے کرایے داروں کے لیے دو ماہ کا کرایہ معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی مالکان دکانوں اور مکانات کےکرائے میں رعایت کریں، مشکل وقت کامقابلہ ایک دوسرے کا ساتھ دے کر اور متحد رہ کر ہی کیا جاسکتا ہے۔

  • کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    کرونا وائرس؛ ہدایات کی خلاف ورزی پر قید وجرمانے کی سزا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق کرونا وائرس سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افراد کو ایک سال قید و جرمانے کی سزا ہوگی، حکومت کی جانب سے مراسلے میں کیا گیا ہے کہ جرمانے میں اضافہ وقید 2 سال تک قابل توسیع ہوگی۔

    صوبائی حکومت نے مراسلے میں کہا کہ این ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت کار سرکارمیں مداخلت پر افسران کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔ مراسلے کے مطابق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر جہاں ضروری سمجھیں نوٹس جاری کریں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

    واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 195 ہوگئی ہے۔