Tag: خیبرپختونخوا

  • خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے 20 مریض انتقال کر گئے

    خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے 20 مریض انتقال کر گئے

    پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے 20 مریض انتقال کر گئے۔

    محکمہ صحت خیبرپختونخواہ کے مطابق کرونا وائرس سے 24گھنٹے کے دوران 20 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد561 ہوگئی۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ خیبرپختونخوامیں 24 گھنٹے میں 542 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے،صوبے میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13ہزار1 ہوگئی۔

    محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24گھنٹے میں 84 مریض صحت یاب ہوئے،جس کے بعد صوبے میں اب تک وائرس سے 3450 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    ملک میں کرونا کے 4ہزار734 نئے کیس رپورٹ، مزید 97 اموات

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی تباہ کاریاں اپنی شدت سے جاری ہیں، ملک بھر میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 734 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد مہلک وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 59 ہزار 467 ہوگئی۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 24گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے97 افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد کرونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد1935ہوگئی۔

  • خیبرپختونخوا کوگندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں،اسد قیصر

    خیبرپختونخوا کوگندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں،اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کوگندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر خوراک پنجاب،وزیر خوراک خیبر پختونخوا نے شرکت کی۔

    اسد قیصر نے صوبے میں گندم خریداری کے اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کوگندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر خوراک خیبرپختونخوا نے کہا کہ کےپی کی گندم کی پیداوار ضرورت سے کم ہے،پنجاب سے ضرورت کی گندم خریدنے کے لیے تیار ہیں۔وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کے پی کی گندم کی ضرورت پوری کرنے میں تعاون کریں گے۔

    صوبائی وزیر خوراک عبد العلیم خان نے کہا کہ پنجاب اپنی وافرگندم چھوٹے صوبوں کو فراہم کرنے کو تیار ہے۔

    اجلاس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل ملک میں فصلوں کے لیے ایک بڑا خطرا ہے،ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مل کام کرنےکی ضرورت ہے۔

  • سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں، محمود خان

    سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں، محمود خان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ ہم بیک وقت 2 محاذوں پر بر سر پیکار ہیں،لوگوں کو کرونا وائرس کے ساتھ بھوک سے بھی بچانا ہے۔

    کاروبار کھولنے سے متعلق محمود خان کا کہنا تھا کہ بازار ہفتے میں 5 دن صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے، ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پرمتعلقہ کاروبار کوبند کر دیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے کہا کہ ہمیں ان کی مشکلات کا احساس ہے، ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمے داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے معاملے پر بعض لوگ سوشل میڈیاپرمنفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، یہ سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا وقت ہے۔

    محمود خان نے ڈاکٹرز،طبی عملے کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سےشہید ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہمارے اصل ہیروز ہیں،ان شہدا کے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

    صوبے میں سیاحت سے متعلق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بنا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے خیال میں سیاحت کھولنا اس لیے ضروری ہے کہ وہ علاقے تین چار مہینے گرمیوں کے ہوتے ہیں اور ان کا روزگار ہی سیاحت کی وجہ سے ہوتا ہے اور اگر یہ تین چار مہینے چلے گئے تو ان علاقوں میں مزید غربت بڑھ جائے گی۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا عید سادگی سے منانے کا اعلان

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں اور عیدالفطرکےموقع پراجتماعات سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے عید الفطر سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عید الفطر مذہبی تہوار ہے، عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں۔

    انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر اجتماعات سے گریز کیا جائے جبکہ وزرا، مشیران، معاونین اور اراکین اسمبلی کو بھی ہدایت کی عیدالفطر کا تہوار سادگی سے منائیں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں : عوام عید گھر پر رہ کر منائیں، وزیراعلیٰ سندھ

    یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےعید کا دن کرونا کے خلاف جنگ لڑنے والے میڈیکل عملےکے نام کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ عیدالفطر کا تہوار سادگی سے گھروں پر رہ کرمنائیں اور وزیراعظم عمران خان سے بھی کہا تھا کہ وہ عید الفطر سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں۔

    خیال رہے محکمہ صحت کےپی کے مطابق خیبرپختونخوامیں کوروناسے24گھنٹےمیں مزید14افرادجاں بحق ہوئے ،جس کے بعد کوروناسےاموات365ہوگئیں جبکہ صوبہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد7ہزار155ہوگئی ہے اور اب تک کورونا کے 2ہزار198مریض صحتیاب ہوچکے ہیں.

  • خیبرپختونخوا پولیس کے درجنوں افسران واہلکار کروناوائرس کا شکار

    خیبرپختونخوا پولیس کے درجنوں افسران واہلکار کروناوائرس کا شکار

    پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے 39 افسران واہلکار عالمی وبا کروناوائرس کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے پولیس کے 39 افسران واہلکاروں میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا سے متاثر افسران میں 3ڈی ایس پی اور ایک ایس پی بھی شامل ہے۔

    خیبرپختونخوا میں وبا سے متاثرہ افسران سمیت پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 39 ریکارڈ کی گئی۔ پشاور سے 11 پولیس کے جوان کرونا کا شکار ہوئے، وبا سے اب تک صرف ایک نوشہرہ کابی ڈی یو اہلکار فہیم جاں بحق ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ 16 مئی کو پنجاب میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا، شہید رمضان عالم بطور نائب ریڈر ایس ڈی پی او اقبال ٹاؤن سرکل فرائض سرانجام دے رہا تھا۔

    پنجاب، کورونا وائرس سے ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا

    ملک کے مختلف شہروں میں کئی پولیس اہلکار وافسران کروناوائرس کا شکار ہیں، کراچی میں زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ 11 مئی کو شہر قائد میں کرونا وائرس انفیکشن سے محکمہ پولیس کا ایک اور اہل کار جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق

    واضح رہے کہ ملک بھر میں تمام متاثرہ اہلکاروں اور عہدیداروں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

  • سوات اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ

    سوات اور گردونواح میں 5.2 شدت کا زلزلہ

    پشاور:صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر مالاکنڈ، شانگلہ، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختوانخوا کے شہر شانگلہ، مالاکنڈ، مردان، سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزے کی گہرائی 186 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ افغانستان کے قریب ہندوکش ریجن میں تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 11 مارچ کو سوات اور گردو نواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زیر زمین گہرائی 110 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز پاک افغان تاجسکتان کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

  • خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی

    خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی

    پشاور: وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے پیغام میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرونا کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ ایبٹ آباد کا متاثرہ مریض برطانیہ سے واپس آیا تھا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

  • مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے، شوکت یوسفزئی

    مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے، شوکت یوسفزئی

    سوات: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے سوات میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا وائرس کا صوبے میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا، تمام اسپتالوں میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    دھرنے سے متعلق شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کا دھرنا مہنگائی کے خلاف نہیں کسی اور مقصد کے لیے تھا، مولانا صاحب اس دفعہ دھرنے کی غلطی نہیں کریں گے، پچھلے دھرنے کی طرح یہ بھی ناکام ہوگا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی گرفت مضبوط ہے، محمود خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ 3 مہینے بعد ثمرات عوام پر مرتب ہوں گے، مشکلات کا دور ختم اور خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔

    کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو سپورٹ نہیں کریں گے، شوکت یوسفزئی

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو سپورٹ نہیں کریں گے۔

  • عاطف خان اور شہرام ترکئی کیخلاف چارج شیٹ سامنے آگئی

    عاطف خان اور شہرام ترکئی کیخلاف چارج شیٹ سامنے آگئی

    پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی وزرا عاطف خان اور شہرام ترکئی کو عہدوں سے ہٹائے جانے کے بعد ان کے خلاف چارج شیٹ سامنے آ گئی۔

    ذرائع کے مطابق وفاق کے اقدامات کے باوجود عاطف خان شعبہ سیاحت میں ناکام رہے، نشاندہی کے باوجود متعلقہ مقامات میں سیاحت کے فروغ پر کام نہیں ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی کاوشوں سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا تاہم عاطف خان خیبر پختونخوا میں سیاحتی ماحول کےفروغ میں ناکام رہے، عاطف خان سیاحوں کو صوبے میں سہولیات فراہم نہ کر سکے۔

    ذرائع کے مطابق بطور وزیر بلدیات شہرام ترکئی کی کارکردگی مایوس کن رہی، وہ بلدیاتی انتخابات کا قانون منظور کروانے میں ناکام رہے۔

    یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

    ذرائع نے بتایا کہ دونوں وزرا کی کارکردگی صوبائی حکومت کیلئے شرمندگی کی وجہ بنتی رہی، وزیراعلیٰ کی باربار توجہ دلوانے کےباوجود دونوں وزیر ٹس سے مس نہ ہوئے اور مسلسل ناکامیوں کے بعد وزیر اعلیٰ نے دونوں وزرا کو فار غ کیا، خالی محکموں کے لیے نئے وزرا کا تقرر جلد کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ہٹائے جانے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور شکیل احمد شامل ہیں۔

    صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ پارٹی رہنما پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہے، ایک عرصے سے تینوں وزرا گروپنگ کی طرف جا رہے تھے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ تینوں وزرا کو کئی بار سمجھایا گیا اور بات وزیر اعظم تک بھی گئی، تینوں کو سمجھانے کے بعد بھی معاملہ حل نہ ہوا تو مجبوراً انہیں ہٹانا پڑا۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فی الحال تینوں پارٹی ارکان کو وزارتوں سے ہٹانے کا فیصلہ ہوا ہے، تینوں ارکان سے متعلق آئندہ کا فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔ لوگوں کو ڈیل کرنا، مشکلات حل کرنا اور اپنے حلقے میں موجود رہنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔

  • سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، عاطف خان

    سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، عاطف خان

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وسزیر سیاحت عاطف خان، وزیر صحت شہرام ترکئی نے صوابی کے سیاحتی مقام کا دورہ کیا، وزرا نے گدون بیرگلی میں بنیادی انفرااسٹرکچرسمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔

    عاطف خان نے کہا کہ گدون بیرگلی کی ترقی کے لیے پہلےمرحلے میں21 کروڑ کی منظوری دی، بیر گلی کو ترقی دینے کے لیے 8 کلو میٹرسڑک کی منظوری دی جا چکی ہے۔

    صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ قدرتی حسن سے مالامال گدون بیر گلی میں تمام سہولیات دی جائیں گی، گدون بیرگلی میں چیئرلفٹ،سکی ریزارٹ،ایڈونچرٹورازم کے لیے سروے ہوگا، گدون بیر گلی میں آرکیالوجیکل سائٹس بھی موجود ہے جیسے محفوظ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بیرگلی میں سیاحوں کی سہولت کے لیے ریسٹ ہاؤسز بھی بنائے جائیں گے، سیاحت کے فروغ سے مقامی سطح پر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، صوبے میں14 نئے سیاحتی مقامات تک سڑک تعمیر کی منظوری دی جا چکی۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 5 ارب کی منظوری دی جاچکی ہے، گدون امازئی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے میدان بنائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا کہ کیٹیگری ڈی اسپتال، ڈسپنسری، صحت کی دیگر سہولیات فراہم کی جائے گی، 6 ماہ بعد صحت انصاف کارڈ صوبے کے تمام عوام کو فراہم کیا جائے گا۔