Tag: خیبرپختونخوا

  • انضمام شدہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا ترجیح ہے،وزیراعظم

    انضمام شدہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا ترجیح ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انضمام شدہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا ترجیح ہے، بعض بیرونی عناصر ان علاقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا میں توانائی، ہائرایجوکیشن، صحت، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا ترجیح ہے، بعض بیرونی عناصر ان علاقوں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضروری ہے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل پر قبائلی عوام کو باخبر رکھا جائے، انضمام شدہ علاقوں کے عوام کو پورے عمل میں ہر طرح سے شریک بنایا جائے۔

    پاورپراجیکٹ منصوبوں کےواجبات سےمتعلق وزیراعظم نے معاملات حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے فراہمی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر قومی پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ پالیسی تشکیل دینے کا عمل شروع کیا جائے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے منظم نظام تشکیل دیا جائے۔

  • یوم قائد کے موقع پر خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس

    یوم قائد کے موقع پر خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس

    پشاور: یوم قائد کے حوالے سے خیبرپختونخوا سائیکلنگ ریس 23 دسمبر(کل) کو منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام یوم قائد کے موقع پر سائیکل ریس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں صوبے کے تمام ڈویژن شرکت کریں گے۔

    خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نادرن بائی پاس اور موٹر وے چوک کے مقام پر ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں چائنہ سائیکل کی 14 کلومیٹر کی ریس اور اسپورٹس سائیکل کی 28 کلو میٹر کی ریس شامل ہے۔

    ریس کا افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ 23 دسمبر بروز پیر صبح 9:00 بجے کریں گے۔

    اسی روز اختتامی تقریب قیوم اسٹیڈیم میں دوپہر 1.00 بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی ڈی جی اسپورٹس خیبرپختونخوا اسفند یار خٹک ہوں گے، کامیاب کھلاڑیوں میں کیش، سرٹیفیکیٹ اور ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی۔

  • خیبرپختونخوا میں آوارہ کتوں کی افزائش روکنے کیلئے بڑا منصوبہ

    خیبرپختونخوا میں آوارہ کتوں کی افزائش روکنے کیلئے بڑا منصوبہ

    پشاور: خیبرپختونخوا میں انتظامیہ نے آوارہ کتوں کی افزائش روکنے اور ویکسی نیشن کے لیے سرجری منصوبے کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ لائیواسٹاک نے مشترکہ منصوبہ شروع کیا ہے، منصوبے کے تحت کے پی کے میں کتوں کی افزائش پر قابو پایا جائے گا جبکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بھی کمی لائی جائے گی۔

    ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر معصوم شاہ کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن کے علاوہ سرجری بھی ہوگی، سرجری سے کتے لڑ نہیں سکتے اور نہ ہی کاٹ سکیں گے، کتوں میں مائیکروچپ اور ربن لگائے جائیں گے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

    میئرز سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک

    حال ہی میں سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں کراچی سمیت صوبے کے تمام بلدیاتی کونسلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ آوارہ کتے پکڑے جائیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام سامنے آگیا، صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 40 کروڑ کی رقم کھیلوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، کے پی کے حکومت نے صوبے میں سیاحت سمیت کھیل کے فروغ کا بھی بیڑا اٹھا لیا ہے۔

    صوبائی وزیرسیاحت عاطف خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈ پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر2 کروڑ کی منظوری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 تعلیمی اداروں میں اسکواش کورٹس کے لیے 11 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کے لیے 10 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کے لیے ایک کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، ہری پور میں میدان بنانے کے لیے ایک کروڑ 60 مختص ہے ہیں۔

    سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان میں ٹورازم زون بنا رہے ہیں، عاطف خان

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ پر کام جاری ہے، 9 سال بعد صوبے میں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا گیا، پاکستان کو کھیل کے حوالے سے ایک مثالی ملک بنانا چاہتے ہیں۔

    سینیٹر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ معاوضہ پروگرام شروع کیا، گولڈ میڈل کھلاڑیوں کو 20، سلور کو 15 جبکہ برونزمیڈل کھلاڑیوں کو 10 ہزار ملیں گے، کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ جنوری سے شروع ہوجائے گا۔

  • ایڈورڈز کالج پشاور سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ

    ایڈورڈز کالج پشاور سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی تاریخی درس گاہ ایڈورڈز کالج پشاور کی پراپرٹی منتقل نہ کرنے اور عیسائی شناخت برقراررکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈورڈز کالج کی موجودہ صورتحال سےمتعلق خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے مشترکہ طور پر کی۔

    اجلاس میں ایڈورڈز کالج سےمتعلق مختلف امورپراتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ایڈورڈزکالج کی عیسائی شناخت برقراررہےگی۔

    اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ نیشنلائزیشن کےتحت ایڈورڈزکالج کی پراپرٹی کومنتقل نہیں کیاجائے گا اور ایڈورڈزکالج کی پراپرٹی عیسائی برادری کی ہی رہےگی۔

    خصوصی اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایڈورڈزکالج کاپرنسپل ہمیشہ عیسائی برادری سےہی ہوگا۔

    واضح رہے کہ پہلے یہ خبریں گرم تھیں کہ ایڈورڈز کالج کو حکومتی تحویل میں لیا جارہا ہے جس کے بعد سے غیر یقینی کی فضا تھی تاہم اب حکومت نے دو ٹوک اور واضح فیصلہ کیا ہے کہ ایڈورڈز کالج کی پراپرٹی منتقل ہوگی اور نہ ہی عیسائی شناخت تبدیل کی جائے گی۔

  • نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    فیصل آباد: اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 میچ میں سندھ نے فاسٹ بولر کی مدد سے خیبرپختونخوا کو ہرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کے گروپ میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی، فاسٹ بولر انور علی نے تین اور محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    خیبرپختونخوا کی ٹیم 177 رنز کے تعاقب میں 168 رنز بناسکی، سندھ کے احسن علی8 چوکوں، 3 چھکوں کے ساتھ 64 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    قبل ازیں سندھ کی ٹیم کے اوپنرز خرم منظور اور احسن علی نے شاندار 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، خرم منطور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    دوسرے اینڈ پر احسن نے اپنی جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا، احسن نے 8 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    سعد علی نے 20 رنز بنائے، خیبرپختونخوا نے پانچ بولرز سے اوورز کرائے اور سب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی 2 وکٹیں جلد گرگئیں، فخر زمان 15 اور محمد حسین بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کا نشانہ بنے۔

    کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی، رضوان آخری اوور میں 70 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    سندھ کے فاسٹ بولر انور علی نے اپنے تین اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • نیشنل ٹی 20 سیکنڈ‌ الیون ٹورنامنٹ: سندھ اور بلوچستان کی کامیابی

    نیشنل ٹی 20 سیکنڈ‌ الیون ٹورنامنٹ: سندھ اور بلوچستان کی کامیابی

    کراچی: نیشنل ٹی 20 سیکنڈ‌ الیون ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں سندھ اور بلوچستان نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوینٹی سیکنڈ‌ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے روز سندھ نے سینٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، دوسرے میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو ہرادیا۔

    بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز بنائے اور خیبرپختونخوا کی ٹیم کو 179 رنز کا ہدف دیا، خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بھی مقررہ اوورز میں 178 رنز ہی بنائے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں کیا گیا۔

    سپر اوور میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کی ٹیم کو 6 رنز تک محدود رکھا اور ایک گیند قبل 7 رنز بنا کر کامیابی اپنے نام کی۔

    عادل امین 47 اور فخر زمان 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد محسن نے چار، عثمان شنواری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    پہلے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو شکست دے دی، سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، محمد اخلاق 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    عثمان صلاح الدین نے 41 رنز بنائے، نعمان انور نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،سندھ کی جانب سے حسان خان، غلام مدثر اور محمد سمیع نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں سندھ کے اوپنرز کی جانب سے 118 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا گیا، عماد عالم نے 38 گیندوں پر 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جاہد علی 49رنز بناکر نمایاں رہے۔

    سندھ نے باآسانی 15 گیندوں قبل ہدف حاصل کرکے پہلی کامیابی اپنے نام کی۔

  • نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی

    نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے، ٹارچ سرمنی 4 اکتوبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ کے پی کی زیر صدارت نیشنل گیمز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل گیمز کے سلسلے میں شرکا کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ نیشنل گیمز کے لیے ٹارچ سرمنی 4 اکتوبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہوگی، اور 18 اکتوبر کو بابو سر پاس سے کے پی میں داخل ہوگی، ایونٹ کی اختتامی تقریب یکم نومبر 2019 کو ہوگی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے لا اینڈ آرڈر کمیٹی اور ہیلتھ کمیٹی کی منظوری دی اور محکمہ کھیل کو کھیلوں کا معیاری سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے، ٹارچ سرمنی سے کھیل اور سیاحت کے فروغ سے عوام میں آگاہی پیدا ہوگی، اس ایونٹ کے لیے بھرپور انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

    واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں پہلی بار 33 ویں نیشنل گیمز کا انعقاد عمل میں آ رہا ہے، جس کے لیے حکومت نے 17 کروڑ روپے جاری کیے تھے، صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے کہا تھا 5 ہزار سے زاید کھلاڑی اس میں شرکت کریں گے، یہ مقابلے پشاور، مردان اور کوہاٹ میں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ذرایع نے کہا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ایونٹ پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی کوشش کی تھی، اس کا کہنا تھا قیوم اسٹیڈیم کا ایتھلیٹکس ٹریک اس قابل نہیں کہ یہاں مقابلے ہوں، دوسری طرف کے پی حکومت قیوم اسٹیڈیم میں ہی ایتھلیٹکس ایونٹ کرانے کی خواہش مند تھی۔

    صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی کا کہنا تھا ٹریک ٹھیک ہے اگر کوئی خامی ہے بھی تو اسے دور کیا جائے گا، اگر ایتھلیٹکس ایونٹ پشاور سے منتقل ہوا تو نیشنل گیمز افادیت کھو دیں گے، نیشنل گیمز پر کروڑوں خرچ کر رہے ہیں، ایونٹ کے پی میں ہی کرائیں گے۔

    انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ قیوم اسٹیڈیم کے ٹریک پر پیچز ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایتھلیٹکس فیڈریشن خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ سے متفق ہے، اسپورٹس بورڈ ٹریک کے حوالے سے کمی بیشی دور کر لے گی۔

  • سوات میں زلزلے کے جھٹکے :  شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی

    سوات میں زلزلے کے جھٹکے : شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی

    سوات : صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں مینگورہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، شہری خوف و ہراس کا شکار ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں مینگورہ اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کھڑی گاڑیوں اور گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقامی افراد کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، آخری اطلاعات تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، مستونگ ، مچھ، سبی ،بولان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • خیبرپختونخوا سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ

    پشاور : محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پرپاکستان کاجھنڈابنانےکافیصلہ کرلیا اور تمام اسکولوں کےپرنسپلز،ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ ٹیچرز کو جلد عمل کرنے ہدایات کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبےکےسرکاری اسکولوں کےمین گیٹ پر پاکستان کا جھنڈا بنانے کا فیصلہ کرلیا ، جھنڈےکےاوپر’’ہم پاکستانی، وی آر پاکستانی‘‘بھی لکھاجائے گا جبکہ جھنڈےکےساتھ ہی محکمہ تعلیم خیبرپختونخواکا لوگو بھی بنایاجائے گا۔

    ڈائریکٹرایجوکیشن خیبرپختونخوا نے ایجوکیشن افسران کومراسلہ جاری کردیا ، جس میں تمام اسکولوں کےپرنسپلز،ہیڈ ماسٹرزاورہیڈ ٹیچرز کو جلد عمل کرنے ہدایات کی گئی ہے۔

    مشیرتعلیم خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اقدام سےطلبامیں وطن سے محبت کا جذبہ مزید بڑھے گا، ’’ہم پاکستانی‘‘کا پیغام صوبے کے ہر گھر تک جائے گا۔

    یاد رہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اور کہا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل25(اے) کے تحت 8سے لے کر16سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اس سال داخلہ مہم میں آٹھ لاکھ بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا اوراس سلسلے میں ایجوکیشن آفسران سے باقاعدہ بریفنگ بھی لی جائے گی۔