Tag: خیبرپختونخوا

  • خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی، مراد سعید

    خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی، مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سوات موٹروے کو کالام تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم، وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ایم او یو سائن کرلیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر مواصلات نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    سوات ایکسپریس وے کے انتظامی معاملات این ایچ اے کے سپرد کردیے گئے۔ سوات ایکسپریس وے پرروڈ سیفٹی، سفری سہولیات کی نگرانی موٹر وے پولیس کرے گی۔

    وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ این ایچ اے کی تمام سہولتیں سوات ایکسپریس وے پردستیاب ہوں گی، فیصلہ سوات کالام جانے والے سیاحوں کی آسانی کے لیے کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ سوات موٹروے کو توسیع دے کر ٹورسٹ زون بنایا جائے گا۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ فیصلے سے ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا، خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی۔

    مراد سعید نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، مسافروں کے تحفظ کے لیے موٹروے پولیس سے معاہدہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ وزارت مواصلات سوات ایکسپریس وے کو ٹیک اوور کرے گی، سوات موٹروے کو کالام تک توسیع دینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ مسافر سوات ایکسپریس وے پر این ایچ اے کی موبائل ایپ استعمال کرسکیں گے، موسم کی صورت حال، سیاحتی مقامات کی پیشگی اطلاع مل سکے گی۔

  • خیبرپختونخوا میں کل سے تیز بارشوں اور ظفر وال میں سیلاب کا خدشہ، وارننگ جاری

    خیبرپختونخوا میں کل سے تیز بارشوں اور ظفر وال میں سیلاب کا خدشہ، وارننگ جاری

    پشاور / ظفر وال : خیبرپختونخوا میں بارشوں کاسلسلہ بدھ کی شام سے ہفتہ تک جاری رہنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے ظفروال میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کاسلسلہ بدھ کی شام سے ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کے پی کے اور اس کے مضافات میں کل سے تیز بارشیں شروع ہوں گی، جس کا دورانیہ ہفتے کے روز تک رہے گا۔

    اس سلسلے میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ایم ڈی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تیزبارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کریں، شہریوں کو بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظرحفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ ایم ڈی پی ڈی ایم اے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ،سوات، چترال کی ضلعی انتظامیہ کو پانی کے بہاؤ پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے صورتحال کے پیش نظرمتعلقہ محکموں کےاہلکاروں کی چھٹی منسوخ کرنےکا کہا ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ہزارہ، مالا کنڈ ڈویژن کے سیاح دوران سفراحتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1700پر رابطہ کریں۔

    دوسری جانب ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ظفروال میں الرٹ جاری کردیا، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ24تا27جولائی کو بارشوں کا نیا سلسلہ تباہی پھیلا سکتا ہے، اس سلسلے میں نالہ ڈیک ظفروال اور اوچ شکرگڑھ کےعلاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی میں اوچ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ نالہ ڈیک، بسنتر اور جھجری میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔

  • مالاکنڈ، سوات، بونیر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    مالاکنڈ، سوات، بونیر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں مالاکنڈ، سوات، بونیر، باجوڑ، لوئر دیر، بٹگرام میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز مینگورہ سے 10 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان کے ضلع ژوب میں زلزلے کے جھٹکے

    واضح رہے کہ رواں ماہ 8 جون کو صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، مستونگ ، مچھ، سبی ،بولان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • فضل الرحمان جیل جائیں اور مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے، شوکت یوسفزئی

    فضل الرحمان جیل جائیں اور مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے، شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو شوق ہے تو وہ بھی جیل جائیں، جیل میں مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کابینہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے ہیں ملک تباہ کردیا، شرم ان لوگوں کو نہیں آتی ہے، ن لیگ اور پی پی ایک دوسرے کو سچ کہتی تھیں کہ آپ چور ہیں۔

    شوکت یوسفزئی ہے کہا کہ جن کیسز میں یہ جیل گئے یہ کیس ہم نے نہیں بنائے، کرپشن کے خلاف ہیں، احتساب کا عمل جاری رہے گا، کرپشن کے خلاف کمیشن بننا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 روز میں شاپنگ بیگز مارکیٹ سے ہٹانے کی منظوری دے دی گئی ہے، 15 روز بعد پلاسٹک شاپنگ بیگز پر کارروائی ہوگی، کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: قوم نوافل ادا کرے کہ بڑے مگرمچھ گرفتار ہو رہے ہیں: شوکت یوسفزئی

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر مختلف ممالک میں مختلف ہے، ریٹائرمنٹ کی عمر 63 سال کرنے کی منظوری دی گئی ہے، پاکستان میں ہر سال 10 ہزار لوگ ریٹائر ہوتے ہیں، ریٹائرمنٹ کی عمر زیادہ کرنے سے ہر سال کئی ملین بچت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ میٹنگ میں میر علی بازار کے متاثرہ دکانداروں کے لیے خصوصی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ قوم نوافل ادا کرے کہ بڑے بڑے مگرمچھ گرفتار ہورہے ہیں، آصف زرداری کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، قوم کو سمجھ آچکی ہے اپوزیشن تحریک کیوں کررہی تھی۔

  • ملک بھرمیں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ

    ملک بھرمیں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ

    کوہاٹ: خیبرپختونخواکے بنوں ڈویژن میں پولیو نے پنجے گاڑھ لئے ، قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دوسال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد رواں سال کے دوران بنوں ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعدادتیزی سے بڑھ کر12 ،جبکہ خیبرپختونخوا میں پولیوسے متاثرہ بچوں کی تعداد16 اورملک بھر میں تعداد22 ہوگئی ۔

    تفصیلات کے مطابق پولیوکے مقامی حکام کے مطابق خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹرمیران شاہ کے دورافتادہ علاقے پلنگ زئی میں دوسالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔متاثرہ بچہ غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہے ۔

    رپورٹ کے مطابق مبینہ طورپربچے کو سات مرتبہ انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بنوں اورشمالی وزیرستان دونوں اضلاع ایک دوسرے سے متصل ہیں۔

    حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے بنوں ڈویژن کے دونوں اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعدادمیں آئے روز اضافہ کی وجہ سے صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی ہے اور متعلقہ حکام نے پہلے ہی بنوں کو پولیو کے حوالے سے خطرناک علاقہ قراردیا ہے جہاں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد سب سے زیادہ 12 ہوگئی ہے جن میں ضلع بنوں میں سات اور شمالی وزیرستان میں پانچ بچے متاثر ہوچکے ہیں۔

    دو جنوبی اضلاع ہنگو اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ دو قبائلی اضلاع خیبر اورباجوڑ میں بھی پولیو سے متاثرہ بچوں کی کل تعداد4 ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک صوبہ سندھ اور پنجاب میں تین تین کیس جبکہ خیبرپختونخوا میں تعدادبڑھ کر 16 ہوگئی اور یوں ملک بھر میں رواں سال کے ابتدئی پانچ ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد22تک پہنچ گئی ہے۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو کا ٹائپ ون وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، مختلف شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے، لاہور اور دیگر شہروں میں 21 کیسز رپورٹ ہونا تشویش ناک ہے۔

    عالمی ادارۂ صحت نے کہا کہ کراچی کا وائرس پاکستان سے باہر ایران میں بھی پایا گیا ہے، عارضی سفری پابندیوں کو اس صورت حال میں برقرار رکھا جائے گا۔دریں اثنا، عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت نے پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔پابندیوں میں توسیع کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہوگا، پاکستان سے باہر جانے والوں کو پولیو ویکسی نیشن لازمی کرانا ہوگی۔

    بیرون ملک جانے کے لیے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ پاس رکھنا لازمی قرار دے دیا گیا، بیرون ملک سے واپسی پر بھی پاکستانیوں کو ویکسی نیشن کروانی ہوگی۔

  • خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے بد عنوانی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ماہ میں کرپٹ عناصر سے 5 کروڑ وصول کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اینٹی کرپشن کا محکمہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحرک رہا، جنوری سے اب تک 15 ایف آئی آر درج جب کہ 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    کرپٹ عناصر سے 5 ماہ میں 5 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اس عرصے میں 3 افراد پر جرم ثابت ہوا جنھیں سزائیں سنائی گئیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 27 کیس، 356 انکوائریاں اور 1052 شکایات نمٹائی گئیں، جب کہ 98 کیسز، 1634 انکوائریاں اور 1879 شکایات زیر تفتیش ہیں۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات 504 محکمہ مال کے خلاف ہیں، دوسرے نمبر پر 311 شکایات محکمہ آب پاشی، 159 شکایات سی اینڈ بلیو کے خلاف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

    حکام نے مزید بتایا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد 547 شکایات اینٹی کرپشن کے حوالے کیے گئے، 146 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی جب کہ 401 پر کارروائی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔

  • خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری، مریض بے حال ہوگئے

    خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری، مریض بے حال ہوگئے

    پشاور : خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ڈاکٹرز کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری ہے، اوپی ڈیز نہ کھلنے سے مریض رُل گئے، مریضوں کے لواحقین نے بھی ڈاکٹروں سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کردی۔

    پشاور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا آج چوتھا روز تھا دور دراز علاقوں سے آئے مریضوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پشاورمیں ڈاکٹروں اورحکومت کی لڑائی میں مریض رل گئے۔

    خیبر پختونخواہ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کی ہڑتال کو چوتھے روز ہوگیا۔ ڈاکٹروں نے ایمرجنسی کےعلاوہ مکمل کام بند کر رکھا ہے۔

    طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مریض دربدرکی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں۔ اس کے علاوہ بنوں اور سوات میں بھی اسپتال ویران ہیں اور مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    مزید پڑھیں: کے پی اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال، وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی برطرفی کا مطالبہ

    ڈاکٹرز کونسل نے وزیر صحت ہشام اللہ اور ڈاکٹر نوشیروان برکی کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ڈی ایس پی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےڈاکٹروں کو منگل کو مذاکرات کے لیے بلالیا۔

  • ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ

    ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ

    اسلام آباد : ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہوگا، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ ہے جبکہ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے میں سرکاری سطح پر منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کل سات مئی کو پہلا روزہ رکھا جائےگا ،خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں آج پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔

    گزشتہ  روز مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا  مرکزی اجلاس کراچی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا تھا، تمام اجلاسوں میں فلکیات، سپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت مفتیان کرام بھی شریک تھے۔

    مرکزی کمیٹی نے ہر سال کی طرح دیگر شہادتیں جمع کرنے کے بعد حتمی اعلان کیا جبکہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی تاہم پشاور کی مسجد قاسم علی خان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا، مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور، خیبر، ہنگو، باجوڑ، چارسدہ اور مہمند میں پہلا روزہ رکھا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان بھر میں‌ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں‌ آیا، پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

    دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے میں سرکاری سطح پر منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔

    رحمتوں، برکتوں کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی اہل اسلام نے مساجد کا رُخ کرلیا اور تروایح کےاجتماعات کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے  امریکا، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد  فرزندان اسلام نے  آج  پہلا روزہ رکھا۔

    خیال رہے روزہ تزکیہ نفس کا ذریعہ ہے، رمضان المبارک میں مسلمان مہینہ بھر روزے رکھتے ہیں یہ حکم الہی صرف امت مسلمہ کے لئے ہی نہیں پہلی امتوں کے لئے بھی تھا، روزہ سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں، انسان کی نفسانی تطہیر اور تقوی کا باعث بھی ہے۔

    رمضان المبارک میں اسلامی تاریخ کے اہم واقعات بھی رونما ہوئے، جن میں نزول قرآن کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، رمضان مبارک کے تینوں عشروں میں یاد الہی اور عبادت خداوندی کے ساتھ کثرت سے تلاوت قرآن مجید کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

  • خیبرپختونخوا : آئس نشے کا کاروبار کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ

    خیبرپختونخوا : آئس نشے کا کاروبار کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ

    پشاور : خیبرپختونخوا کابینہ نے آئس نشے کا کاروبار کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا فیصلہ کرلیا، کابینہ نے آئس و دیگر منشیات کی روک تھام کے لئے محکمہ ایکسائز کا تیارد کردہ بل منظور کرلیا ۔

    ضم شدہ قبائلی ضلع مہمند کے علاقے غلنئی میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آئس و دیگر منشیات کی روک تھام کے لئے محکمہ ایکسائز کا تیارد کردہ بل منظور کرلیا گیا جسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    سیکرٹری و ڈی جی ایکسائز سمیت محکمے کے اعلٰی افسران نے بل پاس ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے محکمے کو مزید فعال بنانے کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے۔

    بل کے تحت آئس کی خریدو فروخت پر زیادہ سے زیادہ دس سال قید، سزائے موت اور چودہ سال قید کی سزا ہوگی جبکہ سو گرام آئس پرسات سال قید اور تین لاکھ روپے جرمانہ بھی ہوگا۔

    اس کے علاوہ منشیات بنانے والے خرید و فروخت میں ملوث لوگوں کو پچیس سال قید کی سز ا سنائی جائے گی۔ بل کے متن کے مطابق منشیات کی خرید و فروخت میں کمائے گئے پیسے اور جائیداد بھی ضبط کیا جائے گا جبکہ منشیات کی روک تھام کے لئے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

    بل میں منشیات سے متعلق مقدمات کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی تجویز بھی شامل تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے اور اسی طرح صوبہ بھر میں منشیات کے عادی افراد کی رجسٹریشن سمیت سرکاری خرچہ پر علاج بھی بل کا حصہ ہے۔

  • خیبرپختونخوا کے60 فیصداساتذہ اردو نہیں پڑھاسکتے، حکومتی رپورٹ میں انکشاف

    خیبرپختونخوا کے60 فیصداساتذہ اردو نہیں پڑھاسکتے، حکومتی رپورٹ میں انکشاف

    پشاور : حکومتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا خیبرپختونخوا کے60 فیصداساتذہ اردو بھی نہیں پڑھاسکتے، جس پر وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا نااہل اساتذہ کاکریڈٹ ن لیگ اورپی پی حکومتوں کوجاتاہے، جو بھی بےروزگارشخص ہوتاتھااسےاستادبھرتی کردیاجاتاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 60 فیصداساتذہ کے اردو نہ پڑھانے کی حکومتی رپورٹ پر اساتذہ کی نااہلی پروزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی بھی بول پڑے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا نااہل اساتذہ کاکریڈٹ ن لیگ اورپی پی حکومتوں کوجاتاہے،دونوں حکومتوں میں ماضی میں بےتحاشہ لوگوں کوبھرتی کیاگیا، جو بھی بے روزگار شخص ہوتا تھا اسے استاد بھرتی کر دیا جاتا تھا۔

    وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا ہم نے 56 ہزار اساتذہ بھرتی کیے جو فرفر انگلش بولتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا حقانی مدرسےکوفنڈزدینےکافیصلہ گزشتہ حکومت نےکیاتھا، بڑےمدارس کوحکومتی سپورٹ کیلئےفنڈزدےرہےہیں، مدارس میں پڑھنےوالےبچےبھی ہمارے بچے ہیں۔

    مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح

    وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا مدارس مفت تعلیم دےرہےہیں محرومی ختم کرناچاہتےہیں، حقانی مدرسہ بہت بڑاہے، اسے قومی دھارے میں لا رہے ہیں۔

    یاد رپے چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا، اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا۔

    وزیر اعلی نے کہا تھا کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کے ساتھ مل کر اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں، جن بچوں کے والدین ان کوسکول میں داخل نہیں کرواتے میں خود ان کو اسکول میں داخل کراؤں گا۔