Tag: خیبرپختونخوا

  • خیبرپختونخوا میں سیلاب، سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر کا اظہار افسوس

    خیبرپختونخوا میں سیلاب، سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر کا اظہار افسوس

    اسلام آباد (17 اگست 2025): پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب پر سعودی عرب، ترکیہ، روس، برطانیہ و دیگر ممالک نے اظہار افسوس کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سعودی عرب، یو اے ای، ایران، ترکیہ، کویت، روس اور برطانیہ نے اظہارافسوس کیا ہے،اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تعزیتی پیغام میں کہا ایران پاکستان کے لیے ہر طرح کے تعاون، امداد اور ریلیف کے لیے تیار ہے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر آصف زرداری کے نام تعزیتی خط میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا کہ یو اے ای مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    ترک وزارت خارجہ نے بھی سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ کویتی وزیر خارجہ ولی عہد صباح الخالد الصباح نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور سیلاب سے جانی نقصان پر تعزیت کی، برطانوی وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

  • ملاکنڈ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 10 دنوں کے لیے سیکریٹری بلدیات تعینات

    ملاکنڈ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 10 دنوں کے لیے سیکریٹری بلدیات تعینات

    پشاور (17 اگست 2025): ملاکنڈ ڈویژن میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 10 دنوں کے لیے سیکریٹری بلدیات کی تعیناتی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری کی ہدایت پر ملاکنڈ ڈویژن میں گریڈ 20 کے افسر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ثاقب رضا اسلم کو تعینات کیا گیا ہے، جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کام کی نگرانی کریں گے۔

    اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ثاقب رضا اسلم کی تعیناتی چیف سیکریٹری کی ہدایت پر دس دن کے لیے کی گئی ہے، اور انھیں دس روزہ مدت میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس دوران وہ متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کا ڈیٹا بھی اکھٹا کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بونیر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، چیف سیکریٹری اور ضلعی حکام شریک ہوئے، تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بونیر کی 7 ولیج کونسلوں میں 5380 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک 209 اموات، 134 لاپتا، اور 159 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیبرپختونخوا میں 223 ریسکیو اہلکار، 205 ڈاکٹرز، 260 پیرا میڈکس، 400 پولیس اہلکار متحرک ہیں، پاک فوج کی 3 بٹالین ریلیف آپریشن میں شریک ہیں، خوراک، ٹینٹس، کمبل، دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں، پیر بابا اور گوکند کی سڑکیں بحال، 15 مقامات سے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے، بونیر سمیت 8 اضلاع میں ریلیف ایمرجنسی نافذ ہے، 3500 پھنسے افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے، اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

  • خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    خیبرپختونخوا میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے سے زبردست تباہی ہوئی ہے، این ڈی ایم اے نے اب تک 328 اموات کی تصدیق کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی ہے، بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے ہونے والی اموات کی تصدیق شدہ تعداد تین سو اٹھائیس تک پہنچ گئی ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ کے شکار بونیر میں 230 لاشیں نکالی گئی ہیں، اور 180 سے زائد شہری زخمی ہوئے، متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ قدر نگر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جان سے گئے، قدر نگر اور ڈگر میں کئی رابطہ پل بھی بہہ گئے ہیں۔

    بونیر میں 120 سے زائد گھر بھی مکمل تباہ ہو چکے ہیں، سیلاب کے دوران جاں بحق 190 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ شانگلہ میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے، اور کئی لاپتا ہیں، جب کہ 7 سے زائد رابطہ پُل ٹوٹ چکے ہیں۔

    آبی ریلا درجنوں گاڑیاں اور مویشی بھی بہالے گیا ہے، سوات میں بھی سیلاب سے ہر طرف تباہی مچی ہوئی ہے، اور جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے، مانسہرہ میں بھی این ڈی ایم اے نے 20 اموات کی تصدیق کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار


    پی ڈی ایم اے نے بھی بارشوں اور فلش فلڈ سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں 313 افراد جاں بحق، اور 156 زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں 263 مرد، 29 خواتین، اور 21 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین، 10 بچے شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 159 مکانات کو نقصان پہنچا، 97 جزوی، 62 مکمل منہدم ہوئے، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ضلع بونیر ہوا ہے جہاں 208 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، حادثات سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام میں پیش آئے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

  • خیبرپختونخوا میں ہیلی کاپٹر کیسے کریش ہوا؟ ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

    خیبرپختونخوا میں ہیلی کاپٹر کیسے کریش ہوا؟ ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں بتایا حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرکریش ہونے کی رپورٹ جاری کردی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر 10 بجکر30 منٹ پر باجوڑ کے لئے روانہ ہوا، 12 بجے کے قریب ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوا۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ 4 بجے ہیلی کاپٹر کو ٹریس کیا گیا جو مہمند میں کریش ہوا، جس جگہ ہیلی کاپٹرکریش ہوا وہ تقریباً 8 ہزار میٹر بلندی پر ہے ، جائے وقوعہ کے آس پاس کوئی آبادی نہیں ہے۔

    سرکاری حکام نے بتایاکہ حادثہ خراب موسم اور دھند کے باعث پیش آیا کیونکہ حادثہ جس جگہ پر ہوا وہاں بارش نہیں ہورہی تھی، وہاں اونچا پہاڑبادلوں اور دھند میں ڈوبا ہوا تھا اور ہیلی کاپڑ کا ملبہ خشک نالے میں گرا۔

    شہدا کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کی گئیں، جن میں شہید پائلٹس میں شاہد سلطان اور ریٹائرڈ ونگ کمانڈر آفتاب شامل ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز امدادی سامان لیجانے والا خیبرپختونخو احکومت کا ہیلی کاپٹر گر گیا تھا ، جس میں پانچ افراد شہید ہوئے تھے۔

    خیبرپختونخو احکومت نے ہیلی کاپٹر کریش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں سرکاری ہیلی کاپٹر کریش کرگیا،سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی17 ریسکیوٹیم اور امدادی سامان باجوڑ لے جا رہا تھا۔

  • خیبرپختونخوا میں قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 307 افراد جاں بحق

    خیبرپختونخوا میں قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 307 افراد جاں بحق

    پشاور : خیبر پختونخوا میں بارش اور سیلابی صورتحال نے قیامت ڈھا دی، 300 سے زائد افرادجاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مختلف حادثات میں 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا ہے کہ حادثات زیادہ تر سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 74 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 63 جزوی طور پر اور 11 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

    مزید پڑھیں : کلاؤڈ برسٹ : کیا بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے؟

    شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں، جبکہ بونیر میں اب تک 184 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کرنے اور تمام اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • خیبرپختونخوا کے 3 اضلاع میں دہشتگردوں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

    خیبرپختونخوا کے 3 اضلاع میں دہشتگردوں کا حملہ، 5 اہلکار شہید

    خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں دہشتگردوں کے 5 حملوں میں 5 اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے، دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں اپر دیر، لوئر دیر اور پشاورمیں پولیس کو نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح دہشتگردوں نے اپر دیر میں پولیس موبائل وین پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔

    لوئر دیر کے علاقہ لاجبوک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا جبکہ پشاور میں تھانہ حسن خیل اور دو پولیس چوکیوں پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کیا، حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد فرار ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور، اپر دیر اور لوئر دیر میں رات گئے پولیس پر حملوں کی مذمت کی ہے

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حملوں میں 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر عقیدت کا  اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے، اس طرح کے واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہدااوران کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔

  • خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ، ڈبل سواری پر پابندی

    خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ، ڈبل سواری پر پابندی

    پشاور : خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اس حوالے سے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

    جس میں کہا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے جس کا اطلاق ایک ہفتے کیلئے ہوگا۔

    اعلامیے میں کہنا ہے کہ پشاور، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت میں پابندیاں عائد رہیں گی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران ڈبل سواری، وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقریریں، اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی ممنوع ہوگی، جبکہ پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔

    محکمہ داخلہ نے افغان شہریوں کی عوامی مقامات پر نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جس کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

  • خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

    پشاور(11 اگست 2025): صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اٹھائیس ارب کی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 سے 2021 کے دوران بعض نجی اسپتالوں کو غیر ضروری طور پر سہولت کارڈ کے پینل میں شامل کیا گیا، بعض اسپتالوں کو پینل پر نا ہونے کے باوجود ادائیگیاں کی گئیں۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق دس اضلاع کے پینل میں شامل 48 اسپتالوں میں سے 17 اسپتال محکمہ میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باوجود ادائیگیاں کی گئیں صرف سوات کے دو اسپتالوں کو ایک ایک ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔

    محکمہ صحت مرکزی اطلاعاتی نظام متعارف نہ کراسکا اور صحت کارڈ سے فائدہ اٹھانے والے مریضوں کی تفصیل موجود ہی نہیں ہے۔

     اس سے قبل گزشتہ دنوں نیب خیبرپختونخوا نے صوبے میں دریاؤں سے سونا نکالنے کے ٹھیکوں میں اربوں روپے کے مبینہ خوردبرد کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔

    نیب ذرائع نے کہا کہ دریاؤں سے سونا نکالنے کے لیے ٹھیکوں میں اربوں روپے کی غبن ہوئی ہے، دریائے سندھ میں نظام پور، صوابی، کوہستان اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں سے سونا نکالا جاتا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق نظام پور میں سونا نکالنے کا ٹھیکہ 6 ارب کی بجائے چار ارب پر دیا گیا ہے، من پسند افراد کو کم قیمت پر ٹھیکہ دیکر سرکاری خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے، نیب نے متاثرہ ٹھیکہ دار کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ ،  الرٹ جاری

    خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ ، الرٹ جاری

    پشاور : خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے خطے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں عوام کو خبردار رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرات بڑھ گیا۔

    پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات اورکوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا، جس میں عوام کو گلیشیئرز کے ممکنہ پھٹنے سے متعلق خبردار رہنے کی ہدایت کردی۔

    ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی اورآبادی کے انخلا کی مشقیں یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے ندی نالوں کے قریب غیرضروری نقل وحرکت نہ کی جائے اور گاڑیاں بہتے پانی میں نہ لے جائیں، سیاح محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    این ایچ اے،ایف ڈبلیواو، سی اینڈڈبلیوکو سڑکوں کی بحالی کےلیےالرٹ رہنے اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام کے لیے آگاہی مہم شروع کریں اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کی معلومات فراہم کی جائیں۔

  • خیبرپختونخوا : سینیٹ میں ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب ،  پولنگ  کا عمل جاری

    خیبرپختونخوا : سینیٹ میں ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب ، پولنگ کا عمل جاری

    پشاور : سینیٹ میں ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ جاری ہے ، کے پی اسمبلی میں اب تک 105ووٹ پول ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینیٹ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

    انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، پولنگ صبح 9 سے شام 4 تک جاری رہے گی اور ایک سو پینتالیس اراکین اسمبلی حقِ رائےدہی استعمال کریں گے۔

    الیکشن خفیہ رائے شماری کےذریعے ہوں گے اور پولنگ اسٹیشن کےاندرموبائل فون لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اب تک 105ووٹ پول ہوچکے ہیں ، ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی ثوبیہ شاہد اور جے یو آئی کی شازیہ دستبردارہوگئیں۔

    جس کے بعد اپوزیشن سے ن لیگ کی امیدوارمہتاب ظفراورپی ٹی آئی کی امیدوارمشعال اعظم ہیں جبکہ ایک آزاد امیدوار صائمہ خالد بھی سینیٹ ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہی ہے،

    یاد رہے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے مشعال یوسفزئی کو خواتین کی نشست پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مشعال یوسفزئی کو بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بیرسٹرگوہر نے صائمہ خالد کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔ لیکن اب صائمہ خالد نے سینیٹ انتخاب سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔