Tag: خیبر پختونخوا

  • گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کا اسکینڈل : اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر   کی ضمانت مسترد

    گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کا اسکینڈل : اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کی ضمانت مسترد

    اسلام آباد : خیبر پختونخوا میں گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری کے اسکینڈل میں گرفتار اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان کی ضمانت مسترد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں گندم کی 30 ہزار بوریاں چوری ہونے کے اسکینڈل میں گرفتار اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر خالد خان کی ضمانت مسترد کر دی۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ملزمان پر قومی خزانے کو 19 کروڑ 77 لاکھ 52 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے اور شریک دیگر ملزمان کی ضمانت بھی اس سے قبل مسترد کی جا چکی ہے۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ کیس کا چالان جمع کرایا جا چکا ہے اور معاملہ اس وقت اینٹی کرپشن نوشہرہ میں زیرِ سماعت ہے۔

    سپریم کورٹ میں جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور ضمانت مسترد کرنے کا حکم سنایا۔

  • خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ڈیڑھ ارب مالیت کے مویشی اور چارہ بہہ گیا

    خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ڈیڑھ ارب مالیت کے مویشی اور چارہ بہہ گیا

    محکمہ لائیو اسٹاک نے کہا ہے کہ پشاور: خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 1 ارب 57 کروڑ روپے مالیت کے مویشی اور چارہ بہہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے باعث مویشیوں کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، محکمہ لائیو اسٹاک نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب میں 5 ہزار سے زائد مویشی اور 10 ہزار مرغیاں ہلاک ہوئیں۔

    محکمہ لائیو اسٹاک کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ 7 اضلاع میں مجموعی طور پر 5 ہزار 328 مویشی ہلاک ہوئے۔

    ہلاک مویشیوں میں 1 ہزار 91 بکریاں اور 1 ہزار 628 بچھڑے شامل ہیں، بونیر میں 748، سوات میں 218، شانگلہ 116، باجوڑ 58، بٹگرام 29، لوئردیر 16 اور مانسہرہ میں 6 بکریاں ہلاک ہوئیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیلاب میں 1 ہزار 89 گائے، 822 بھینسیں، 544 بھیڑیں ہلاک ہوئیں، بونیر میں 703، سوات میں 71، شانگلہ میں 38 بھینسیں ہلاک ہوئیں۔

    بونیر میں 875، سوات میں 112، شانگلہ 63، باجوڑ میں 30 گائے سیلاب میں بہہ گئیں، سیلاب کے باعث پولٹری فارمز کو بھی شدید نقصان پہنچا، بونیر میں 9 ہزار مرغیاں، باجوڑ و سوات میں 4 ہزار 435 گھریلو مرغیاں ہلاک ہوئیں۔

    محکمہ لائیواسٹاک نے رپورٹ میں بتایا کہ مانسہرہ، شانگلہ، بونیر، سوات میں جانوروں کے 336 شیلٹرز کو نقصان پہنچا، سیلاب سے 28 کروڑ 60 لاکھ مالیت کا جانوروں کا چارہ خراب ہوا۔

  • خیبر پختونخوا میں کتنے سیلاب متاثرین کو امدادی چیک ملے؟ اعداد وشمار سانے آ‌گئے

    خیبر پختونخوا میں کتنے سیلاب متاثرین کو امدادی چیک ملے؟ اعداد وشمار سانے آ‌گئے

    پشاور (26 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے کتنے متاثرین میں امداد تقسیم کی جاچکی ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں تاریخ کے تباہ کن سیلاب سے 400 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔ کے پی حکومت نے متاثرین کے لیے 4.4 ارب روپے کی رقم جاری کر دی ہے۔

    اب تک کتنے متاثرین کو امداد فراہم کی گئی اور باقی متاثرین کو چیک کیوں نہیں ملے، اس حوالے سے ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اعداد وشمار بتا دیے۔

    پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک نے بتایا کہ کے پی میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے جاں بحق 406 افراد میں سے 332 کے ورثا کو امدادی چیکس دے دیے گئے ہیں۔ جو متاثرین باقی رہ گئے ہیں، انہیں چیکس کی فراہمی میں کچھ تیکنیکی مسائل ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اتوار تک تمام سیلاب متاثرین کو چیکس دے دیے جائیں گے۔ کے پی حکومت نے 2.4 ارب روپے پہلے اور مزید 2 ارب روپے آج جاری کیے ہیں۔ ان میں سے 3790 ملین روپے متاثرہ اضلاع کو ٹرانسفر کر دیے ہیں۔ ڈی آئی خان اور باجوڑ کو 100، 100 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

    اسفندیار خٹک نے کہا کہ خوراک کی مد میں 15 ہزار فی خاندان دیا جا رہا ہے۔ خوراک کی مد میں 70 ہزار خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے گا، اور اب تک باجوڑ میں 9 ہزار 165 افراد کو خوراک کی مد میں معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مکمل تباہ 598 گھروں میں سے 36 کے مالکان کو معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/gilgit-baltistan-flood-victims-approved-of-rs-3-billion/

  • نیا قانون متعارف ! گاڑی مالکان کے لئے بڑی خبر

    نیا قانون متعارف ! گاڑی مالکان کے لئے بڑی خبر

    پشاور: گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے نیا قانون متعارف کرادیا گیا ، جس کے تحت گاڑی کی فروخت کے بعد بھی رجسٹریشن نمبر گاڑی کے مالک کے پاس ہی رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں کے پی موٹر وہیکل آرڈیننس ترمیمی بل 2025 پیش کر دیا گیا، جس کے تحت شہری اپنی پسند کا شخصی رجسٹریشن مارک حاصل کر سکیں گے۔

    مجوزہ بل کے تحت گاڑی کی فروخت کے بعد بھی رجسٹریشن نمبر گاڑی کے مالک کے پاس ہی رہے گا، تاہم اگر تین سال تک نمبر استعمال نہ ہوا تو اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔

    بل میں رجسٹریشن نمبر کی جعلسازی پر بھاری جرمانے اور گاڑی ضبط کرنے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ ہر سال بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی رجسٹریشن نمبر فعال رکھا جائے گا۔

    ترمیمی بل کے تحت متعلقہ افسران کو سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ اور تصدیق کا اختیار بھی دیا جائے گا، جبکہ مالک کی وفات کی صورت میں گاڑی خودکار طور پر ان کے لواحقین کے نام منتقل ہو جائے گی.

    مزید پڑھیں : سخت شرائط! ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    یاد رہے گذشتہ روز سندھ موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دی گئی تھی یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت دی گئی جس کے بعد بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا۔

    بل کے تحت ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر مزید شرائط عائد کر دی گئی ہیں، ایل ٹی وی (لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل) اور ایچ ٹی وی (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل) لائسنس کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس کو لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ ڈرائیورز مناسب تربیت حاصل کرنے کے بعد ہی لائسنس حاصل کرسکیں۔

    گورنر سندھ نے کہا تھا کہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قانون سازی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق موٹر وہیکلز بل کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • خیبر پختونخوا میں جو نقصانات ہوئے ہیں اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا، مصدق ملک

    خیبر پختونخوا میں جو نقصانات ہوئے ہیں اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا، مصدق ملک

    وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں جو نقصانات ہوئے ہیں اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت ہے جو نقصان ہوا ہے اس کا مداوا نہیں ہوسکتا، جہاں بھی تعمیراتی کام ہورہے تھے روک کر خیبر پختونخوا کیلئے مشینری دینےکی ہدایت ملی۔

    مصدق ملک نے کہا کہ راستے بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، دوردرازعلاقوں میں پہنچا جارہا ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام وسائل بروئےکار لائے جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ شام کی صورتحال دیکھ لیں ایک تہائی حصہ چلاگیا، خانہ جنگی کا سامنا رہا، یوکرین کو بھی دیکھ لیں ایک تہائی حصہ چلا گیا اور جنگ اب بھی جاری ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھ کر اندازہ ہوگیا طاقتور ہونا ناگزیر ہے، وہ لوگ جو کہتے ہیں دفاع پر کم خرچ کرنا چاہیے انھیں اب اندازہ ہوجانا چاہیے۔

    https://urdu.arynews.tv/app-compensation-to-flood-victims-kpk/

  • خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے  معاوضے کا خصوصی  پیکج دُگنا کر دیا گیا

    خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے معاوضے کا خصوصی پیکج دُگنا کر دیا گیا

    پشاور : وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے لیے معاوضے کا پیکج دُگناکر دیا گیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ کے بجائے بیس لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے معاوضوں کی ادائیگی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

    وزیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر معاوضے کا پیکج دگنا کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ کے بجائے بیس لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    بیرسٹر سیف نے بتایا کہ تمام متاثرہ اضلاع کو 85 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں اور سیلاب متاثرین کو چیکس کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوات کا دورہ کیا اور متاثرین میں معاوضے کے چیکس تقسیم کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعلیٰ خود متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

    مزید پڑھیں : صرف ضلع دیر میں 1000 سے زائد اموات ہو سکتی ہیں، وزیر اعظم کے معاون نے خدشہ ظاہر کر دیا

    مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 1700 پر دی جائے۔

    خیال رہے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے صوبے میں اب تک 325 افراد جاں بحق اور 156 زخمی ہو چکے ہیں۔

    جاں بحق افراد میں 274 مرد، 30 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

    بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 336 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے 106 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

    اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ نقصان بونیر میں ہوا جہاں اب تک 217 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دیگر حادثات سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام میں پیش آئے۔

  • خیبر پختونخوا  میں سیلابی تباہ کاریاں، متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    خیبر پختونخوا میں سیلابی تباہ کاریاں، متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    پشاور : خیبر پختونخوا میں سیلابی ریلوں سے متعدد گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے جبکہ مکانات، زرعی اراضی اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، کئی گاؤں اجڑ گئے، مکانات، زرعی اراضی اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ درجنوں جانور اور گاڑیاں بھی پانی کے ریلوں میں بہہ گئیں۔

    خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع باجوڑ، لوئر دیر اور دیگر مقامات پر سیلابی ریلوں نے بستیاں اجاڑ دیں، کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں اور راستے بند ہوگئے۔

    صوبائی حکومت نے آج صوبے بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

    ادھر بلتستان کے علاقے شگر، کھرمنگ اور گانگچھے میں بھی بارشوں اور سیلاب نے قیامت ڈھا دی، گانگچھے کے علاقے سرمو میں دریا کی سطح بلند ہونے سے سپنشن برج بہہ گیا جبکہ کھرمنگ کے کمنگو نالے کے اطراف میں کئی مکانات اور زرعی زمین تباہ ہوگئی۔

    مزیدپڑھیں : خیبرپختونخوا میں قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 307 افراد جاں بحق

    باغیچہ کے مقام پر سیلابی ریلے کہ زد میں آکر آر سی سی پل بہہ جانے کے باعث جگلوٹ سکردو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے معطل ہوگئے ہیں جبکہ شگر میں کئی کلومیٹر رابطہ سڑکیں اور دیہی علاقوں کا نقشہ بدل کے رکھ دیا ہے

    اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں کے باعث واپڈا پاور ہاؤسز کے چینل بند ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی ایک ہفتے سے بار بار متاثر ہو رہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں آج بھی موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ جاری کیا ہے۔

  • خاتون کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام بنادی گئی

    خاتون کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام بنادی گئی

    بٹگرام(15 اگست 2025): خیبر پختونخوا کے ضلع میں خاتون کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام بنادی گئی جبکہ خاوند کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں تھانہ شملائی کی حدود ملزمان مقتولہ کی تدفین کر رہے تھے، پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ شملائی کے دور افتادہ گاؤں ولاڑ گٹ میں پیش آیا ہے، مقتولہ 3 بچوں کی ماں تھی جبکہ خاوند کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کو بہیمانہ تشددکے بعد قتل کیا گیا، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/rawalpindi-daughter-in-law-dies-due-to-violence14-august-2025/

    دوسری جانب آج ہی راولپنڈی تھانہ دھمیال کے علاقہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر سسرالیوں کے تشدد سے بہو جان کی بازی ہار گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سسرالیوں نے بہو پر تشدد سے ہلاکت کے معاملے کو دبانے کی کوشش کی، مقتولہ کی لاش تابوت میں بند کر کے والدین کو جنازے کے وقت اطلاع دی۔

    تابوت بند لاش دیکھ کر والدین کو شک ہوا تو میت کو غسل دینے پر اصرار کیا، تابوت کھلنے پر متوفیہ کے جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے۔

    والد غلام اختر نے پولیس کو بیان دیا کہ میری بیٹی کو تشدد کر کے قتل کیا گیا ہے جس کے بعد دھمیال پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی۔

  • خیبر پختونخوا: دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹوں پر راکٹ لانچرز سے حملہ، اہلکار شہید

    خیبر پختونخوا: دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹوں پر راکٹ لانچرز سے حملہ، اہلکار شہید

    لوئر دیر(14 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں پولیس چیک پوسٹ پر 3 دہشت گرد حملوں میں 1 اہلکار شہید ہوگئے۔

     تفصیلات کے مطابق پشاور کے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں نے 3 پولیس چوکیوں اور ایک تھانے پر حملے کیے، لاجبوک چیک پوسٹ پر حملے میں پولیس اہلکار ثنااللہ شہید ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز، اسنائپر اور رائفلز سے حملہ کیا، لعل قلعہ، کلال ڈھیری اور شداس پوسٹوں پر بھی حملے کیے گئے، پولیس کی جوابی کارروائی پر دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    گزشتہ شب دو بجے کے قریب پولیس کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار رات گئے معمول کی پیٹرولنگ کر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر فائرنگ کردی۔

    ڈی پی او سید بلال کے مطابق پولیس اہلکار ڈیوٹی پورا کرکے واپس پولیس لائن آرہے تھے کہ اس پر پناہ کوت کے مقام پر فتنہ الخوارج حملہ کردیا جس میں 3 اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے ۔

  • بنوں پولیس دہشت گردوں کے مستقل نشانے پر، حملے میں 3 ہلاک، ایک اہلکار شہید

    بنوں پولیس دہشت گردوں کے مستقل نشانے پر، حملے میں 3 ہلاک، ایک اہلکار شہید

    بنوں (03 اگست 2025): بنوں پولیس پر ایک بار پھر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، جس میں 3 حملہ آور مارے گئے، اور ایک اہلکار شہید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر حملہ کیا جسے بہادر پولیس اہلکاروں نے ناکام بنا دیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے ہیں، ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں، پولیس اہلکار نیاز نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔


    بنوں میں 24 گھنٹوں کے دوران دہشت گردی کے 4 بڑے واقعات


    پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں اہلکار سوداد، مفتی محمود زخمی ہوئے، حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، حملے کی ناکامی کے بعد آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں علاقےمیں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آر پی او، ڈی پی او نے کامیاب آپریشن پر پولیس کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    21 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع بنوں میں نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، دہشت گردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا تھا، جس کے بعد وہ اندر گھسے اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    25 جولائی کو بنوں پولیس نے رات گئے بسیہ خیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا، جب حملہ آوروں نے مختلف سمتوں سے اسنائپرز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس کی بروقت اور دلیرانہ جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے۔

    26 جولائی کو بنوں میں دہشت گردوں نے تھانہ ہوید کی حدود میں مزنگہ پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا تھا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے بم گرایا تھا، تاہم خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔