Tag: خیبر پختونخواہ

  • بلوچستان اور پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز رپورٹ

    بلوچستان اور پختونخواہ سے 2 نئے پولیو کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: ملک میں 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے، ایک کیس صوبہ بلوچستان اور ایک خیبر پختونخواہ سے رپورٹ ہوا۔ ملک میں رواں برس مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 60 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے قلعہ عبداللہ میں 17 ماہ کے بچے اور لکی مروت میں 5 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق بچوں کے والدین پولیو ویکسین پلانے سے انکاری تھے۔

    رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

    سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 35 ہے، 10 کیسز قبائلی علاقوں میں جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں 5، 5 کیسز سامنے آئے۔

    خیبر پختونخواہ میں پولیو کی بڑھتی شرح پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کے خلاف مؤثر مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، اور کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    پولیو کے حوالے سے منعقد خصوصی اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا تھا کہ قطرے پلانے سے انکاری والدین کو راضی کرنے کے لیے با اثر افراد سے رابطے کیے، ویکسی نیشن پر منفی پروپیگنڈا ختم کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

    بعد ازاں پولیو کے خاتمے کے لیے سرگرم مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی وزیر اعظم کو خط لکھا، جس میں انہوں نے پختونخواہ میں بڑھتے پولیو کیسز کا نوٹس لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو ختم کرنے کے لیے ذہنوں سے شکوک نکالنا انتہائی ضروری ہے، حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔

  • پختونخواہ میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ، وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

    پختونخواہ میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ، وزیر اعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیو وائرس کے بے قابو پھیلاؤ پر وزیر اعظم عمران خان نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیو وائرس بے قابو ہونے اور پولیو کے بے شمار کیسز سامنے آنے پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا، وزیر اعظم نے بدھ کو سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان اور صوبے کے چیف سیکریٹری کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا شرکا کو بریفنگ دیں گے۔

    اجلاس میں وزیر صحت اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

    خیال رہے کہ ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، رواں برس اب تک ملک میں 53 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 32 ہے، 9 کیسز قبائلی علاقوں میں، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 3 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ بلوچستان سے بھی 4 پولیو کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔

    گزشتہ روز پختونخواہ کے شہر بنوں میں مفاد پرست تاجروں نے ٹیکس سے بچنے کے لیے پولیو مہم کے خلاف سازشیں کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے انسداد پولیو ڈاکٹر بابر بن عطا نے متعلقہ حکام کو تاجروں سے رابطے اور مذاکرات کا ٹاسک دیا، مذاکرات میں بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے تاجروں کو جب انسداد پولیو مہم کی حساسیت کے حوالے سے علم ہوا تو ان میں سے بیشتر نے بائیکاٹ کا اعلان واپس لینے کا فیصلہ کیا۔

    تین تاجر تنظیموں نے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ معصوم بچوں کے نام پر بلیک میلنگ اور ہڑتال نہیں کی جائے گی، ذاتی مفادات کے لیے مہم کو نشانہ بنانا صریحاً غلط ہے۔

  • خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہروں ایبٹ آباد، مردان، صوابی، سوات، بونیر اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 70 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    8 اگست کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کی گہرائی 279 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

  • مٹہ اور نواحی علاقوں کے لیے سوئی گیس کی فراہمی کا آغاز

    مٹہ اور نواحی علاقوں کے لیے سوئی گیس کی فراہمی کا آغاز

    سوات: ضلع سوات کے سب ڈویژن مٹہ اور نواحی علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے مٹہ اور کبل کے لیے گرڈ اسٹیشن کا بھی اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے ضلع سوات کے سب ڈویژن مٹہ اور نواحی علاقوں کو سوئی گیس فراہمی کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 4 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے سوئی گیس کا افتتاح کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے مٹہ اور کبل کے لیے گرڈ اسٹیشن کا بھی اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام کی تقدیر بدلنے کا عزم کر رکھا ہے۔ ملک کو نقصان پہنچانے والے بڑے چور جیل میں ہیں۔ بزنجو رانگ نمبر ہے وہ ہار کی وجہ سے اداروں پر الزامات لگا رہے ہیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید بھی وہاں موجود تھے۔ انہوں نےکہا کہ ہم نے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی ہے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پورے سوات کو گیس کی فراہمی مکمل کریں گے۔ سوات موٹر وے کو باغ ڈھیری تک توسیع دے دی ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، گھر گھر سوئی گیس پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے اپوزیشن پر گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ سنجرانی کو جب یہ لوگ لائیں تب ٹھیک تھا اب کیوں ٹھیک نہیں؟ ان لوگوں کو الزامات کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا۔

  • قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی

    پشاور: قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کل (20 جولائی کو) ہوگی۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق فاٹا (وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے) کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے عوام کل پہلی بار اپنے صوبائی ارکان اسمبلی کا انتخاب کریں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 16 صوبائی نشستوں پر 285 امیدوار میدان میں ہیں،جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ 28 لاکھ 1 ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    شمالی اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور حساس کیٹگریزمیں شامل ہیں جن پر فوج تعینات ہوگی۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔

    خیال رہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام گزشتہ برس کیا گیا تھا، وزیر اعظم عمران خان نے جلد سے جلد فاٹا میں صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم نے کہا تھا کہ تمام صوبے این ایف سی میں 3 فیصد فاٹا کو دیں گے، فاٹا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بہت نقصان ہوا۔ رواں مال سال کے بجٹ میں فاٹا کے لیے 73 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ بھی رکھا گیا ہے۔

  • پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں 12 قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مختلف جیلوں میں درجنوں قیدی ہیپاٹائٹس کے مرض کا بھی شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پختونخواہ کی جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کے انکشاف کے بعد خیبر پختونخواہ محکمہ جیل خانہ جات حرکت میں آگیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے قیدیوں کے 3 بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پختونخواہ کی جیلوں میں 12 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں۔ پشاور جیل میں 3، مردان میں 2، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بنوں اور تیمر گرہ میں ایک ایک قیدی ایڈز کا شکار ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جیلوں میں مناسب سہولیات نہ ہونے سے ایڈز کے مریض قیدیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں جیلوں میں ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا 71 اور ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا 25 قیدیوں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور سینٹرل جیل میں 29 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ مردان میں 12، بنوں، ہری پور اور صوابی میں 6، 6، کوہاٹ میں 5، تیمر گرہ اور ڈگر کی جیلوں میں ایک، ایک قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہے۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاحت پر مبنی ایپ کا آغاز

    ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاحت پر مبنی ایپ کا آغاز

    پشاور: ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاحت پر مبنی ایپ کا آغاز کردیا گیا، صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کا کہنا ہے کہ پختونخواہ میں سیاحت کے حوالے سے بہت مواقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر سیاحت عاطف خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے خیبر پختونخواہ ٹورازم کے لوگو کی رونمائی کی۔ یہ ملکی تاریخ کی پہلی سیاحت پر مبنی ایپ ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ سیاحت کو بڑھانا ہے اس سے لوگوں کو روزگار ملے گا، پختونخواہ میں سیاحت کے لیے بہت مواقع ہیں، ایک کروڑ لوگ آئیں اور وہ ایک ایک ہزار ڈالرخرچ کریں تو 10 کھرب ڈالر جمع ہوں گے۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاح بیرون ممالک میں عموماً ایک ہفتے میں 2 سے 4 ہزار ڈالر خرچ کرتا ہے، کوشش کریں تو 10 سال میں سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات بھی آنا شروع ہوچکے ہیں۔ یکم جون سے 16 جون تک 4 ہزار 500 سیاحوں نے اسکردو کا رخ کیا۔ ساڑھے 7 ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ایئرپورٹ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے ایئر بس اے 320 کا استعمال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خود بھی عید کی تعطیلات پر سیاحتی مقام کا دورہ کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ کا دورہ بھی کیا تھا جہاں چیف آپریٹنگ افسر نے انہیں توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی تھی۔

  • تمباکو کا زیر کاشت رقبہ نصف رہ گیا

    تمباکو کا زیر کاشت رقبہ نصف رہ گیا

    اسلام آباد: گزشتہ 4 سال میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں تمباکو پر ٹیکس عائد کرنے سے تمباکو کا زیر کاشت رقبہ نصف رہ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ مستقل ٹیکسوں اور دیگر مسائل کی وجہ سے گزشتہ 4 سال میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں تمباکو کا زیر کاشت رقبہ نصف رہ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہا تو دہشت گردی سے متاثرہ اس پسماندہ صوبہ کی صنعت و زراعت کو نقصان پہنچے گا اور ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے، تمباکو کی فضل پر بار بار ٹیکس عائد کرنے سے یہ شعبہ زوال پذیر ہو سکتا ہے جس سے محاصل متاثر ہوں گے۔

    شاہد رشید کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں پہلے ہی 400 صنعتیں بند پڑی ہیں جن کی تعداد میں اضافہ نہ کیا جائے، مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے کبھی بھی زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا مگر 46 ہزار ہیکٹر پر اگائی جانے والے تمباکو کی فصل پر مختلف ٹیکس لگانا معمول بن چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ امتیازی سلوک ہے، اٹھارویں ترمیم سے قبل اس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد تھی جبکہ ترمیم کے بعد اس پر صوبائی حکومت نے ٹوبیکو سیس عائد کر دیا۔

    شاہد رشید نے مطالبہ کیا کہ سگریٹ بنانے والی کمپنیاں کاشت کاروں سے قرض پر 36 فیصد سود لیں نہ ان سے اونے پونے فصل خریدیں جبکہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ بھی کاشت کاروں کا استحصال نہ کرے۔

  • کراچی میں مطلع ابر آلود، پختونخواہ میں طوفانی بارشوں کا امکان

    کراچی میں مطلع ابر آلود، پختونخواہ میں طوفانی بارشوں کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ خیبر پختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود بھی رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس وقت (صبح 10 بجے) شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے جبکہ ہوا کی رفتار 7 ناٹیکل میل ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں 24 گھنٹے میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، مالا کنڈ، ہزارہ اور کوہاٹ میں بارش متوقع ہے جبکہ بنوں اور ہزارہ ڈویژن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز کوہاٹ میں 15، اور ڈی آئی خان میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ڈی آئی خان میں زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری، چترال میں 36 اور دیر میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

  • پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    اسلام آباد: ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ کے 2 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیو کا شکار 2 سالہ بچے کا تعلق تحصیل پورن کی یو سی نصرت خیل سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیسٹ کے لیے متاثرہ بچے کے نمونے 30 مئی کو بھجوائے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔

    رواں برس اب تک ملک میں 23 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 10 تھی، 7 کیسز قبائلی علاقوں میں، اور 3، 3 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیے گئے۔

    پولیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی اور لاہور سمیت 6 بڑے شہروں سے نئے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، کوئٹہ کے ریلوے پل اور طاؤس آباد کے علاقوں، حیدر آباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی میں صفدر آباد اور پشاور کے شاہین ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    لاہور میں آؤٹ فال ایف، جی، ایچ کے سیوریج میں جبکہ کراچی کے سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔