Tag: خیبر پختونخواہ

  • وزیر اعلیٰ پختونخواہ کا اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کروانے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ پختونخواہ کا اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کروانے کا اعلان

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے صوبے میں بچوں کے اسکولوں میں داخلے کے لیے مہم شروع کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری اسکولوں میں داخل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم کے دوران 8 لاکھ بچوں کے اسکولز میں داخلے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیا بنگش کا کہنا ہے کہ تعلیم سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر کام جاری رکھیں گے۔ تعلیم کے شعبے میں پچھلے دور میں پختونخواہ دیگر صوبوں سے آگے رہا۔

    انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی کام کریں گے۔ کوشش ہے مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے ہوں۔

    اس حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ 5 سال کی محنت ہے کہ عوام نے دوبارہ منتخب کیا، اب ذمے داری زیادہ ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کریں گے، گورنر ہاؤس کھولنے سے متعلق گورنر ہی بتاسکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کمیشن ملازمین کو کسی اور محکمے میں ایڈجسٹ کریں گے۔ میرے اپنے بچے بھی جلد سرکاری اسکولوں میں داخل ہوں گے۔

  • ضلع کرک کی 3 بہنیں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں ایشیا کی پہلی ایلیٹ کمانڈوز

    ضلع کرک کی 3 بہنیں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں ایشیا کی پہلی ایلیٹ کمانڈوز

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں ایک چھوٹے سے گاؤں کی رہائشی 3 بہنیں اس وقت بم ڈسپوزل اسکواڈ میں شامل ہیں اور وہ جنوبی ایشیا کی پہلی خواتین ایلیٹ کمانڈوز ہیں۔

    پری گل، ثمینہ گل اور رخسانہ گل گو کہ آج اپنے گاؤں کے لیے باعث فخر ہیں، تاہم یہ سفر ان کے لیے اتنا آسان نہیں تھا۔

    وہ بتاتی ہیں کہ مقامی روایات اور سماجی رکاوٹوں کا مقابلہ کرنا ان کے والدین کی حمایت کے بغیر نا ممکن تھا۔ ان کے والدین کو اپنی بیٹیوں کو اسکول بھیجنے پر رشتہ داروں کی طرف سے سخت مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

    ثمینہ بتاتی ہے، ’ہمارا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے، ہم عید پر نئے کپڑے نہیں لیتے تھے۔ حتیٰ کہ جو پیسے ہمیں عیدی کے طور پر ملتے تھے وہ ہم اپنی گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے والد کو دے دیتے تھے‘۔

    یہ بلند حوصلہ بہنیں بتاتی ہیں کہ خاندان کی خواتین ان کی کتابوں کو پھاڑ دیتی تھی تاکہ یہ تعلیم حاصل نہ کریں۔

    رخسانہ کہتی ہے، ’اگر ہمارے والدین ہمارے ساتھ کھڑے نہ ہوتے تو آج ہم دوسرے لوگوں کے گھروں یا کھیتوں میں مشقت کر رہی ہوتیں۔ وہ بہت مشکل وقت تھا، لیکن ہمیں آج خوشی ہے کیوں کے اس وقت نے ہمیں مضبوط بنایا اور آج ہم اپنا سر فخر سے اٹھا سکتی ہیں‘۔

    خیال رہے کہ سنہ 2016 میں بم ڈسپوزل اسکواڈ میں پہلی بار ایک خاتون کو شامل کیا گیا تھا۔

    خیبر پختونخواہ کی پولیس فورس میں شامل خاتون اہلکار رافعہ قسیم بیگ بم ڈسپوزل یونٹ کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اور ایشیائی خاتون ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبر پختونخواہ نے وزیر اعلیٰ محمود خان سے عہدے کا حلف لیا۔

    خیال رہے کہ محمود خان کا انتخاب کل پختونخواہ اسمبلی میں ہوا۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    پولنگ کے بعد محمود خان 77 ووٹ حاصل کر کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔


    محمود خان کون ہیں؟

    نو منتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل مٹہ سے ہے جہاں وہ اکتوبر 1972 میں پیدا ہوئے۔

    ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری اسکول مٹہ سے حاصل کی جبکہ ثانوی تعلیم پشاور پبلک اسکول سے حاصل کی۔ انہوں نے شعبہ زراعت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

    محمود خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ تھے تاہم سنہ 2012 میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، کچھ عرصے بعد انہیں صدر تحریک انصاف مالا کنڈ بنایا گیا۔

    سنہ 2013 کے انتخابات میں بھی انہوں نے سوات سے کامیابی حاصل کی تھی، انہیں صوبائی وزیر داخلہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں اس منصب سے ہٹا دیا گیا تھا۔

    اس کے بعد محمود خان کو کھیل، آب پاشی اور سیاحت کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا۔

    محمود خان 2005 میں مٹہ تحصیل کی یونین کونسل خیریرئی کے ناظم منتخب ہوئے، اور 2008 کے بلدیاتی انتخاب میں بھی وہ اس نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔

  • تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    تحریک انصاف کے محمود خان خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے۔ ان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں نثار گل سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبر پختونخواہ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹنگ کی گئی۔

    انتخاب شروع ہوتے ہی ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے۔ وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے محمود خان کا مقابلہ متحدہ مجلس عمل کے میاں نثار گل سے تھا۔

    محمود خان نے77 اور میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

    گزشتہ روز خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا تھا جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

    پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے۔

    تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے۔

    ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے محمود جان اور مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند مدمقابل تھے۔

    پولنگ کے بعد محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوئے جبکہ جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔

    یاد رہے کہ انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا تھا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

    پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔

    اسمبلی میں تحریک انصاف کی 84، متحدہ مجلس عمل کی 13، عوامی نیشنل پارٹی کی 9، پاکستان مسلم لیگ ن کی 6، پاکستان پیپلز پارٹی کی 5، پاکستان مسلم لیگ ق کی 1 اور 3 آزاد امیدواروں کی نشستیں موجود ہیں۔

  • پشاور: خیبر پختونخواہ کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ عمران خان نے آج اجلاس طلب کرلیا

    پشاور: خیبر پختونخواہ کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ عمران خان نے آج اجلاس طلب کرلیا

    پشاور : خیبرپختونخوا میں وزیر اعلیٰ کی تقرری کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ نو منتخب اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا، اور صوبائی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا اس کا فیصلہ آج کیا جائے گا، خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کی تقرری کے حوالے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا۔

    عمران خان کی زیرصدارت پشاور میں دن دوبجے اجلاس شروع ہوگا، اجلاس میں نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزخٹک، عاطف خان اور سابق وزیراطلاعات کے پی مشتاق غنی بھی وزیراعلٰی کی دوڑ میں شامل ہیں، شرکاء سے مشاورت کے بعد وزیراعلٰی کے نام کا حتمی اعلان عمران خان خود کریں گے۔

  • پرویز خٹک اور اسد قیصر وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے

    پرویز خٹک اور اسد قیصر وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد حکومت سازی کے لیے حکمت عملی تیز کردی، پارٹی نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزارت اعلیٰ کا قلمدان نہ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو وزارت اعلیٰ کے پی کے کا قلمدان نہ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے لیے شوکت یوسفزئی کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے پرویز خٹک اور اسد قیصر کو قومی اسمبلی کی نشست رکھنے کی ہدایت ہے، فیصلہ قومی اسمبلی میں عددی اکثریت پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کے لیے آج سے مشاورت کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق کسی رہنما کو وزارت اعلیٰ کا منصب سونپا جائے گا۔

    علاوہ ازیں الیکشن 2018 میں سب سے زیادہ سیٹیں لینے والی پاکستان تحریکِ انصاف وفاق کے بعد پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے نیا پنجاب بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے، سب سے بڑے صوبے میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف نے نمبر گیم پورا کرلیا۔

    دریں اثنا وفاق میں حکومت سازی کے لیے بنی گالہ میں اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی، سید فخر امام سمیت کئی آزاد ارکان نے کپتان کے ساتھ بیٹھک کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پشاور: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

    پشاور: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کردیا۔

    تنخواہوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے متن کے مطابق فیصلے کا اطلاق رواں ماہ کی تنخواہوں سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ بجٹ 2018 میں کیا گیا تھا جو سابقہ حکومت نے پیش کیا تھا۔

    بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ایڈ ہاک ریلیف 2010 کو بھی تنخواہوں میں ضم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    بجٹ میں ایک سے 16 گریڈ تک کے ملازمین کو ترقی اور ان کی اپ گریڈیشن بھی کی گئی تھی۔

    سابقہ صوبائی حکومت کے اعلانات کے بعد نگراں حکومت نے ان کی تعمیل کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلین ٹری سونامی: سپارکو نے بھی تعریفی رپورٹ جاری کردی

    بلین ٹری سونامی: سپارکو نے بھی تعریفی رپورٹ جاری کردی

    کراچی: قومی ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹمو سفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے خیبر پختونخواہ کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی جس میں منصوبے کو کامیاب قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلین ٹری سونامی پر قومی ادارے سپارکو نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی۔

    سپارکو کی رپورٹ کے مطابق بلین ٹری منصوبے کے تحت پودوں کے تحفظ کی شرح 78 فیصد ہے جبکہ نئے لگائے گئے پودوں میں کامیابی سے نمو پانے کی شرح 88 فیصد ہے۔

    سپارکو کے ہیڈ آف سینٹرل میڈیا ڈپارٹمنٹ افتخار درانی کا کہنا ہے کہ بلین ٹری منصوبہ آئندہ نسلوں کے لیے وژن کا بہترین عکاس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محض 13 ارب میں سوا ارب سے زائد درخت لگائے گئے ہیں جبکہ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 22 ارب روپے لگایا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی۔

    خیال رہے کہ سپارکو پہلا وفاقی ادارہ ہے جس نے آزادانہ طور پر منصوبے کی جانچ پڑتال کی۔ سپارکو نے نئے لگائے گئے درختوں اور تباہی سے بچائے جانے والے جنگلات کا معائنہ کیا۔

    آئی یو سی این کی  رپورٹ کے مطابق  بلین ٹری سونامی منصوبے پر کامیاب عملدر آمد کے بعد خیبر پختونخواہ کا شمار دنیا کے ان علاقوں میں ہونے لگا ہے جس نے عالمی معاہدے ’بون چیلنج‘ کو پورا کرتے ہوئے 35 لاکھ ایکڑ زمین پر جنگلات قائم کیے۔

    رپورٹ کے مطابق منصوبے کے بعد خیبر پختونخواہ پاکستان کا واحد صوبہ بن گیا ہے جہاں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے ذریعے 35 لاکھ ایکڑ جنگلات کو بحال کیا گیا ہے۔

    عالمی اقتصادی فورم نے بھی منصوبے کو ملک کی سب سے بڑی ماحول دوست سرمایہ کاری قرار دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پختونخواہ کی نگراں کابینہ نے 4 ماہ کا بجٹ منظور کرلیا

    پختونخواہ کی نگراں کابینہ نے 4 ماہ کا بجٹ منظور کرلیا

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ نے 4 ماہ کے لیے 1 کھرب 98 ارب 90 کروڑ روپے کے مالیت کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ اجلاس میں نگراں کابینہ نے 4 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ 1 کھرب 98 ارب 90 کروڑ کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

    بجٹ میں اخراجات کے لیے ایک کھرب 45 ارب 40 کڑور روپے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 53 ارب 10 کروڑ روپے اور بجٹ میں تنخواہوں کی مد میں 84 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

    نان سیلیری بجٹ کے لیے 61 ارب 60 کروڑ روپے، پنشنرز کے لیے 20 ارب روپے اور ضلعی حکومتوں کے لیے 66.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    تنخواہوں کی مد میں ضلعی حکومتوں کو 46.7 ارب دیے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ گرانٹ میں 9 ارب 80 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

    نگراں کابینہ نے صحت کے لیے 2 ارب 79 کروڑ روپے، ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 3 ارب 39 کروڑ روپے مختص، سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے 3 ارب روپے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک ارب 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے جبکہ ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اضافی سیکیورٹی واپس لینے پر آئی جی کی عدالت میں تعریف

    اضافی سیکیورٹی واپس لینے پر آئی جی کی عدالت میں تعریف

    پشاور: وی آئی پی پروٹوکول سے متعلق کیس میں آئی جی خیبر پختونخواہ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو رپورٹ پیش کی۔ چیف جسٹس نے آئی جی کی کارکردگی کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں وی آئی پی پروٹوکول سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس کے گزشتہ روز کے سیکیورٹی واپس لینے کے حکم کے بعد آئی جی نے صوبے میں سیکیورٹی واپس لینے والوں سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

    رپورٹ کے مطابق صوبے کے 22 اضلاع سے مجموعی طور پر 1 ہزار 7 سو 69 افراد سے نفری واپس لی گئی۔

    صوبے کی سب سے زیادہ نفری پارلیمینٹیرینز کو دی گئی تھی۔ مجموعی طور پر 3 سو 97 پارلیمینٹیرینز سے نفری واپس لی گئی۔

    فہرست میں دوسرے نمبر پر سول سرکاری افسران کی تعداد 3 سو 49 ہے۔

    سابق اور موجودہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی نفری واپس لی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 3 سو 41 اراکین کو سیکیورٹی دی گئی تھی۔

    رپورٹ پیش کرنے پر چیف جسٹس نے آئی جی کی تعریف کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہت اچھا کام کیا، آپ کا شکریہ۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس کے استفسار پر آئی جی نے بتایا تھا کہ اس وقت صوبے میں 3 ہزار اہلکار ذاتی سیکیورٹی پر ہیں۔

    چیف جسٹس نے صوبے میں سرکاری و غیر سرکاری شخصیات کو دی گئی اضافی سیکیورٹی فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جن کے پاس سب کچھ ہے وہ اپنی سیکیورٹی کا بھی خود انتظام کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔