Tag: خیبر پختونخواہ

  • خیبر پختونخواہ میں موٹر سائیکل فائر فائٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    خیبر پختونخواہ میں موٹر سائیکل فائر فائٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے موٹر سائیکل فائر فائٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ برقت طبی امداد کے لیے منی ایمبولینس بھی لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں بھی آگ بجھانے کے لیے موٹر سائیکل فائر فائٹر سروس متعارف کروائی جائے گی۔

    موٹر سائیکل فائر فائٹر سسٹم سے تنگ گلیوں میں آتش زدگی سمیت کسی بھی قسم کے ہنگامی آپریشن میں فوری مدد ملے گی۔ سسٹم میں 35 لیٹر پانی اور آگ بجھانے کے دیگر آلات ہوں گے۔

    ڈی جی ریسکیو کے مطابق مریضوں کو برقت طبی امداد کے لیے منی ایمبولینس بھی لائی جارہی ہے جس میں جدید آلات، ایمرجنسی یونٹ اور فرسٹ ایڈ دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: خیبر پختونخواہ میں خواتین کے لیے علیحدہ بس سروس

    یاد رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں انفراسٹرکچر کے متعدد شعبوں میں کام کیا جارہا ہے۔

    صوبے میں ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ سسٹم پر بھی کام جاری ہے جس کے تحت خواتین کے لیے علیحدہ بس سروس شروع کی جارہی ہے۔

  • وادی راجگال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری، متعدد ہلاک

    وادی راجگال میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری، متعدد ہلاک

    خیبر ایجنسی: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے وادی راجگال میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ کارروائی خیبر ایجنسی میں گزشتہ رات کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کالعدم لشکر اسلام کے سرغنہ منگل باغ کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ فضائی بمباری میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ بھی ہوئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات خیبر ایجنسی میں ہی دہشت گردوں نے سرحد پار سے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جسے پاک فوج نے بروقت ناکام بناتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا۔

    مزید پڑھیں: ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں کاحملہ، 2 اہلکار شہید

    فوج کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ہی خیبر پختونخواہ کے علاقے شبقدر میں دہشت گردوں نے ایف سی سینٹر پر بھی حملہ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے اس حملے کو بھی ناکام بناتے ہوئے 2 خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا۔

    ڈی پی او سہیل خالد کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • سخت سیکیورٹی میں فائنل کا انعقاد احمقانہ فیصلہ ہے، عمران خان

    سخت سیکیورٹی میں فائنل کا انعقاد احمقانہ فیصلہ ہے، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد کا فیصلہ احمقانہ ہے جس سے فائدہ ہونے کے بجائے الٹا نقصان ہو گا۔

    وہ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے پی ایس ایل فائنل پر ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانےکا فیصلہ احمقانہ ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تیس ہزار افراد کی سیکیورٹی کے لیے60 ہزار پولیس کو تعینات کیا جائے گا اور پوری پنجاب پولیس لاہور میں تعینات ہو گی اس طرح اگر تحفظ دیا گیا تو اس سے دنیا میں کون سا مثبت پیغام جائےگا؟

    انہوں نے کہا کہ اگر حالات نارمل ہوتے اور غیر معمولی اقدامات نہ اٹھانے پڑتے تب اگر پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوتا تو اس سے پاکستان کے امیج میں بہتری آتی اس طرح سخت سیکیورٹی میں فائنل کرا بھی دیا جائے تو نیک نامی کے بجائے ہماری کمزوری ظاہر ہوگی۔

    سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ اس طرح کی سخت سیکیورٹی میں تو عراق وشام میں بھی میچ ہوسکتا ہے دہشتگردی کیخلاف اگرجنگ جیتنی ہے توپولیس اور تھانے کو مضبوط کرناہوگا کیوں کہ حالات نارمل ہونے پر ہی انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان آئے گی۔

  • گھریلو تشدد کی شکایت براہ راست پختونخواہ اسمبلی میں

    گھریلو تشدد کی شکایت براہ راست پختونخواہ اسمبلی میں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلی میں خواتین پر گھریلو تشدد، جنسی ہراسمنٹ یا کم عمری کی شادی کی شکایات درج کروانے کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی۔

    زما آواز یعنی ’میری آواز‘ نامی یہ ہیلپ لائن خواتین کو سہولت فراہم کرے گی کہ وہ اپنے یا کسی اور پر ہوتے گھریلو تشدد کی شکایت براہ راست خیبر پختونخواہ کی اسمبلی میں درج کروا سکیں۔

    یہ ہیلپ لائن 9212026-091 اسمبلی کے خواتین پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی) نے یو ایس ایڈ کے اشتراک سے قائم کی ہے اور یہ ڈبلیو پی سی کے دفتر سے ہی آپریٹ کی جائے گی۔ خیبر پختونخواہ کی خواتین صبح 9 سے شام 5 بجے تک ٹیلی فون کے ذریعہ یہاں اپنی شکایات درج کروا سکیں گی۔

    مزید پڑھیں: جنسی حملوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

    ڈبلیو پی سی کی ایک مقرر کردہ کمیٹی درج کی جانے والی شکایات کا جائزہ لے کر فوری طور پر متعلقہ حکام کو ان پر کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کرے گی۔

    منصوبے میں شامل پختونخواہ کی خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ اس ہیلپ لائن کے ذریعے نہ صرف خواتین اپنے اوپر ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف شکایات درج کروا سکیں گی، بلکہ وہ اسمبلی میں بیٹھے قانون سازوں کو مشورے اور تجاویز بھی دے سکیں گی کہ خواتین کی فلاح کے لیے مزید کیا اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔

    اس ہیلپ لائن کے ذریعہ قانونی مدد کی طلبگار خواتین کو وکلا کی خدمات بھی فراہم کی جاسکیں گی۔

    مزید پڑھیں: آئی ڈی پی خواتین نفسیاتی مسائل کا شکار

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں خواتین کو گھر سے باہر جنسی ہراسمنٹ اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات سے بچانے کے لیے علیحدہ بس سروس کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔

    منصوبے کے تحت خیبر پختونخواہ کے 3 ضلعوں پشاور، مردان اور ایبٹ آباد میں خواتین کے لیے علیحدہ بس سروس شروع کی جائے گی۔ صوبائی شعبہ ٹرانسپورٹ کے نمائندگان کے مطابق یہ منصوبہ صوبے میں شروع کیے جانے والے ماس ٹرانزٹ سسٹم کا حصہ ہے۔

  • فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، عمران خان

    فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، عمران خان

    پشاور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہایت ضروری امر ہے۔

    سربراہ تحریک انصاف پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے ہمراہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور اور لاہو ر میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر ذور دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا دہشت گردوں کی آماج گاہ بن چکا ہے جہاں سے دہشت گرد آ کر ملک کے دورے حصوں میں کارروائیاں کرتے ہیں اس لیے ضروری ہو گیا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کردیا جائے تاکہ اس علاقے کے مسائل کو حل کر کے دیگر شہروں کے مقابلے میں کھڑا کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا میں سیکیورٹی صورتِ حال انتہائی خراب ہے جس کے باعث دہشت گردی کی ایک نئی لہر آ رہی ہے اس لیے ہماری ایجنسیوں سمیت سب لوگوں کو آپس میں تعاون اور ربط کو بڑھانا پڑے گا۔

    انہوں نے فاٹا کے خیبرپختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کی ضرورت پر ذور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضربِ عضب اور نیشنل ایکشن پلان سے فائدہ اٹھانا ہے تو جتنی جلدی ممکن ہو سکے فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں شامل کریں اور اس کام میں تاخیر کی گئی تو اس کا فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا کے پاس وسائل نہیں ہیں اور قبائلی علاقوں کا سارا نظام تباہ ہوچکا ہے اس لیے اگر وہاں بلدیاتی حکومتیں قائم کردی جائیں تو اس طریقے سے قبائلی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور وہاں بھی ترقی ہو سکتی ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان کے مطالبے کی پوری حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فاٹا کو فی الحال 50 ارب روپے مل رہے ہیں لیکن پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد فاٹا کو سالانہ 80 سے 100 ارب روپے ملیں گے۔

    اس موقع پر پرویز خٹک نے اسپتال میں موجود میڈیا نمائندگان اور لواحقین سے اپیل کی کہ وہ مریضوں کی سہولت کے لیے اسپتال سے باہر چلے جائیں تاکہ مریضوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ نے اسپتال کا دورہ کرنے والے سیاسی رہنماﺅں نے سے اپیل کی کہ وہ میڈیا سے گفتگواسپتال کے باہر کریں تاکہ ڈاکٹرز کو مریضوں کی دیکھ بھال میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    پشاور : قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکے کے بعد غلنئی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران غلنئی کے علاقے میں دہشت گردوں سے مڈبھیڑ میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان فرنٹیئر کانسٹبلری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران شیخ بانڈہ میں غلنئی کے علاقے کے قریب دہشت گردوں سے مقابلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کمین گاہوں کے قریب پہنچ گئے تھے جسے بھانپتے ہوئے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورس پر فائرنگ کردی تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    و اضح رہے کہ آج مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پالیٹکل انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر خود کش دھماکے میں 3 خاصہ دار اہلکار سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد کا ساتھی بھی ہلاک ہوا تھا۔

    بعد ازاں پشاور کے علاقے حیات آباد میں بھی دہشت گردوں نے جج کی گاڑی کو نشانہ بناکر دھماکے سے اُڑادیا کیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید جب کہ 18افراد زخمی ہوگئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • پشاور، زپ لائننگ ایونٹ کا آغاز 18 فروری سے ہوگا

    پشاور، زپ لائننگ ایونٹ کا آغاز 18 فروری سے ہوگا

    پشاور : ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخواہ اور ایڈوانچر ایجز کلب کے زیراہتمام زِپ لائننگ کا پہلا ایونٹ 18 فروری کو منعقد ہوگا جس میں نوجوان 40 فٹ کی بلندی سے زِپ لائننگ کرتے ہوئے نیچے 10 فٹ کی بلندی تک آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواہ اور ایڈونچر ایجزکلب کے باہمی اشتراک سے نوجوان مرد و خواتین کے لیے دو روزہ زِپ لائننگ ایونٹ منعقد کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس کا آغاز 18 فروری کو ہوگا۔

    یہ فیصلہ ٹورازم کارپوریشن کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طارق، منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید،ایڈونچر ایجزکلب کے خالد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے بتایا کہ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواہ اور ایڈونچر ایجز کلب نے صوبے کے نوجوانوں کو ایڈونچر سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس اور سرگرمیاں اپنے ہی شہر پشاور میں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا پہلا ایونٹ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ زِپ لائننگ کا ایونٹ اب تک خیبر پختونخواہ کے کسی بھی مقام پر نہیں ہوا جب کہ دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں یہ سہولت میئسر ہے اس لیے کے پی کے کھلاڑیوں کو اسلام آباد، لاہور ، کراچی اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا تاہم اب یہ کھلاڑی اپنے ہی صوبے میں زِپ لائننگ کرسکیں گے۔

    مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ اس ایونٹ میں نوجوان 40 فٹ کی بلندی سے زِپ لائننگ کرتے ہوئے 10فٹ کی بلندی تک آئیں گے اور اس دوران 100 میٹر کا فاصلہ طے کریں گے جس کے لیے اسٹیل وائر استعمال کی جائے گی جو کہ ایک وقت میں 4 ٹن وزن برداشت کرسکتی ہے تاہم اس پر 100 کلوگرام وزن تک کے شخص کو زِپ لائننگ کرائی جائے گی۔

    جب کہ زِپ لائننگ کا دوسرا ایونٹ 25 اور 26 فروری کو اور تیسرا و آخری ایونٹ 4 اور 5 مارچ کو حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں ہی منعقد ہوگا جس میں شرکت کے خواہش مند کھلاڑی 03339307384 پر رابطہ کر سکتے ہیں اور اپنے ناموں کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

    دریں اثناء سیکرٹری محمد طارق کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبہ کے نوجوانوں کو سیاحت کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ ایڈ ونچرز اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے جس سے قبل رافٹنگ، پیراگلائیڈنگ اور دیگر ایڈونچر ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

    یاد رہے زِپ لائننگ زیادہ تر دو پہاڑوں کے مابین کی جاتی ہے جس کا اصل مزہ زیادہ سے زیادہ اونچائی پر آتا ہے تاہم کھلے میدان کی سطح پر دیگر شہروں کی طرح اب پشاور میں بھی زِپ لائننگ کا ایونٹ منعقد ہوگا۔

  • چترال:امدادی کاموں کے لیے این ڈی ایم اے کے ہیلی کاپٹر روانہ

    چترال:امدادی کاموں کے لیے این ڈی ایم اے کے ہیلی کاپٹر روانہ

    چترال: خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں برفانی تودے گرنے کے بعد امدادی کام جاری ہیں۔ صوبائی حکومت کی درخواست پر این ڈی ایم اے نے چترال میں ہیلی کاپٹر مہیا کر دیے۔

    شدید برفباری اور بارش کے باعث چترال میں برفانی تودے گرنے کے بعد علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ علاقے میں امدادی کام جاری ہے۔

    خیبر پختونخواہ حکومت کی درخواست پر قدرتی آفات سے نمٹنے کےادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے چترال میں امداد اور بحالی کے لیے ہیلی کاپٹر مہیا کر دئیے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گولیان، استور گوریاں اور یرخولاسٹ ویلی میں امدادی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔

    ادارے کے فراہم کیے گئے ہیلی کاپٹر متاثرین کو خیمے، کمبل، ادویات، خوراک کی ترسیل اور مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق جن علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے وہاں زخمیوں کو طبی امداد ہیلی کاپٹر کے ذریعے دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چترال میں برفانی تودے گرنے کے 2 واقعات میں ایک ہی گھر کے 3 افراد سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • اسکردو میں پھر برفباری، فضائی اور زمینی راستہ منقطع

    اسکردو میں پھر برفباری، فضائی اور زمینی راستہ منقطع

    ملک بھر میں سرد موسم اپنے عروج پر ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کی وجہ سے اوکاڑہ سے بہاولپور تک نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ صفر ہوگئی۔ دوسری جانب اسکردو اور ملحقہ علاقوں میں ایک روز کے وقفے کے بعد برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کےمختلف شہروں میں شدید دیکھی جارہی ہے۔ اوکاڑہ سے بہاولپور تک نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ صفر ہوگئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کریں۔

    دھند کے باعث چکوال میں موٹر وے پر ٹریلر اور مسافر بس میں تصادم ہوگیا جس میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    ادھر اسکردو اور ملحقہ علاقوں میں ایک روز کے وقفے بعد برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جس کے بعد اسکردو کا فضائی اور زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔

    دوسری جانب نیشنل ہائی ویز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل کو مسافر گاڑیوں کے لیے آج کھول دیا جائے گا۔ ٹنل کو برفباری کے باعث گزشتہ روز بند کیا گیا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بالائی علاقوں میں مطلع اب رآلود رہے گا جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    خیبر پختونخوا، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

  • بینکاک: خواتین کو ہراساں کرنے پر ’’کے پی کے‘‘  افسران ملک بدر

    بینکاک: خواتین کو ہراساں کرنے پر ’’کے پی کے‘‘ افسران ملک بدر

    اسلام آباد: تھائی لینڈ میں خواتین کو ہراساں کرنے والے خیبر پختونخوا کے تین پراسیکیوشن افسران کے خلاف تحقیقات کے بعد سخت ترین قدم اُٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے یہ تینوں افسران امریکی پروگرام کے تحت ہونے والے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے سرکاری خرچ پر تھائی لینڈ گئے تھے جہاں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں تھائی لینڈ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے ملک بدر کردیا۔

    ذرائع کے مطابق تینوں اہم سرکاری افسران کو تھائی لینڈ کے ایک ہوٹل کے سوئمنگ پول میں موجود خواتین کی تصاویر لینے کی شکایت پر تھائی انتظامیہ نے مقامی سطح پر کارروائی کرنے کے بجائے الزام ثابت ہونے پر ملک بدر کرتے ہوئے پاکستان واپس بھیج دیا۔

    دوسری جانب اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ بدر سے نکالے جانے والے تینوں پاکستانی افسران کو سخت تحقیقات سے گزرنا ہوگا اور غالب امکان ہے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے ان افسران کو اپنی ملازمتوں سے ہاتھ بھی دھونا پڑسکتا ہے کیوں کہ تینوں افسران ابھی مستقل نہیں ہوئے تھے بلکہ اپنی ملازمتوں کی عارضی مدت پر تھے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اب تک اپنے 25 افسران کو مختلف گروہ کی صورت میں تربیت کے لیے بینکاک بھیجا تھا جب کہ ڈائریکٹر محکمہ پراسیکیوشن بھی ایک گروپ کے ہمراہ تھائی لینڈ گئے تھے۔