پشاور : پولیس ایکٹ 2017 میں ترامیم کی منظوری کے بعد آئی جی پولیس سے ٹرانسفر پوسٹنگز کے اختیارات واپس لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ نے پولیس ایکٹ 2017 میں ترامیم کی منظوری دے دی، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترامیم کےتحت آئی جی پولیس سے ٹرانسفر پوسٹنگز کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی اوز، ڈی آئی جیز اور ایڈیشنل آئی جیز کی پوسٹنگ کا اختیار وزیراعلیٰ کوحاصل ہوگا، ڈی پی اوز ،آر پی اوز کی پوسٹنگ کی منظوری بذریعہ سمری وزیراعلیٰ سے لی جائے گی۔
سرکاری ذرائع نے کہا کہ پہلے پوسٹنگز کا اختیار انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس کو حاصل تھا، پبلک سیفٹی کمیشن ختم کرکے پولیس کمپلینٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلی ٰ پولیس افسران کے خلاف آزادانہ انکوائریز کا حکم دے سکیں گے۔
گزشتہ روز اسمبلی نے ضلع خیبر کی صورتحال سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی منظوری دی تھی، جس کی قیادت صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کے سپرد کی گئی تھی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا نے صوبائی اسمبلی میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر کوئی بھی مہمان اسمبلی ہال میں داخل نہیں ہوگا، خیبر پختون خوا اسمبلی میں پابندی مہمانوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔