Tag: خیبر پختونخوا

  • لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی ایک چوری شدہ بلی کو پولیس نے ڈھونڈ نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو سے چوری ہونے والی بلی برآمد کر لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار بلی چوری کے بعد فروخت کر دی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پرشین بلی کو فقیر آباد سے برآمد کیا گیا ہے، 10 روز قبل پھندو پولیس نے بلی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پشاور میں بلی کے مالک محمد ہارون کی جانب سے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی، ہارون کا کہنا تھا کہ ان کی ایرانی بلی کھو گئی ہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی۔

    پولیس نے فقیر آباد سے بلی برآمد کی، پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے بلی چوری کے بعد ایک شہری کے ہاتھ 15 ہزار روپے میں فروخت کی تھی۔

    پولیس نے بلی برآمد کر کے اس کے مالک محمد ہارون کے حوالے کر دی، مالک کا کہنا تھا کہ یہ پرشین بلی ہے جس کی قیمت لاکھوں روپے ہے۔

    ٹک ٹاک پر اس بلی کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی تھیں، جس کے بعد اس کو شہرت ملی۔

  • خیبر پختون خوا: اسکولوں میں ڈبل شفٹ سے متعلق اہم فیصلہ

    خیبر پختون خوا: اسکولوں میں ڈبل شفٹ سے متعلق اہم فیصلہ

    پشاور: خیبر پختون خوا کابینہ کے اجلاس میں آج پرائمری، مڈل، ہائی، اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسکولوں میں اب ڈبل شفٹ لگے گی، صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ڈبل شفٹ کے لیے موجودہ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جہاں پر ممکن نہ ہو وہاں پر فکس پے پر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    صوبائی کابینہ نے فکس پے کے لیے وظیفے کے تعین کی بھی منظوری دے دی، پرائمری ٹیچر کے لیے 12000 روپے، مڈل 15000 ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، ہائی اسکول ٹیچر کے لیے 18000 ہزار اور ہائیر سیکنڈری ٹیچر کے لیے 20000 ماہانہ، جب کہ کلریکل اسٹاف 7000، کلاس فور کے لیے 5000 روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔

    اسکول بیگ کا وزن کتنا ہونا چاہیے؟

    ڈبل شفٹ مالی سال 2021-22 سے نافذالعمل ہوگا، باہر سے لیے گئے اساتذہ خالصتاً عارضی بنیادوں پر لیے جائیں گے۔دریں اثنا، کابینہ میں صوبے میں یکساں نظام تعلیم کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔

  • مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط

    پشاور: آئی جی خیبر پختون خوا نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے آئی جی نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کے لیے تمام صوبوں کے آئی جیز کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق خیبر پختون خوا پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہے، اور وہ کے پی پولیس کو مطلوب ہیں اس لیے انھیں گرفتار کر کے کے پی پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرایع نے بتایا تھا کہ ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر گرفتاری سے بچنے کے لیے مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ میں ایک مدرسے میں پناہ لے لی ہے۔

    مفتی کفایت اللہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاڑکانہ پہنچ گئے، ذرائع

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ نے لاڑکانہ کے مدرسے اشاعت القرآن میں پناہ لے لی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رہنما راشد سومرو نے مفتی کفایت اللہ کو لاڑکانہ میں پناہ دی ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی کفایت اللہ پر ریاستی اداروں کو دھمکیاں دینے پر خیبر پختون خوا میں مقدمہ درج ہے، کابینہ نے کے پی حکومت کو مفتی کفایت کے خلاف مقدمے کی ہدایت کی تھی۔

  • انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ایکسٹریم کولڈ ویدر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلیف نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ صوبے میں انتہائی سرد موسم کی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، جس میں بے گھر افراد کو شیلٹر اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    اعلامیے میں ڈپٹی کمشنرز کو بےگھر افراد کے لیے شیلٹر اور کھانے کے فوری بندوبست کی ہدایت کی گئی ہے، اعلامیے کے مطابق ناشتے کے لیے 100 روپے اور دوپہر اور شام کے کھانے کے لیے 2،2 سو روپے فی کس مختص کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی تا کشمیر جاڑا پورے جوبن پر ہے، شمالی بلوچستان شدید سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پارہ نقطہ انجماد سے پانچ ڈگری نیچے آ گیا، سڑکوں اور پائپ لائنوں میں پانی جم گیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت منفی 8 اور قلات میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    شہر میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ہر سو سفیدی چھا گئی ہے، ضلع اورکزئی میں برف باری نے موسم شدید سرد کر دیا۔

    گلگت بلتستان کے پہاڑ برف سے ڈھک چکے ہیں، بابو سرٹاپ اور چلاس میں برف باری کے ساتھ خون جماتی سردی نے ڈیرے ڈال دیے، گوپس میں پارہ منفی 8 اور اسکردو میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں بھی سرد ہوائیں چل پڑی ہیں، شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری تک گر گیا، محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے سے 7 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے کی پیش گوئی کی ہے.

  • خیبر پختون خوا تمام صوبوں‌ میں‌ بازی لے گیا

    خیبر پختون خوا تمام صوبوں‌ میں‌ بازی لے گیا

    پشاور: خیبر پختون خوا فوڈ سیکورٹی پالیسی تیار کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں خیبر پختون خوا کی پہلی فوڈ سیکورٹی پالیسی کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔

    یہ پالیسی حتمی منظوری کے لیے کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے گی، اس کی تیاری کے ساتھ ہی کے پی کے ملک میں فوڈ سیکورٹی پالیسی تیار کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

    پالیسی میں زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لیے 19 مختلف اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور موجودہ ڈیموں کی ریزنگ اقدامات بھی شامل ہیں۔

    پالیسی کے تحت بڑے پیمانے پر زیتون کی کاشت کی جائے گی، ایگری کلچر بزنس ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ محکمہ منصوبہ بندی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی کا انتظام کرے۔

  • بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے کے پی میں بارشوں اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو ممکنہ طور پر ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات میں جمعے اور ہفتے کو بارش اور برف باری کا امکان ہے، بالائی خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں اور برف باری کے پیش نظر اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ بالائی علاقوں میں مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، بارشوں اور برف باری سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، اس لیے سیاحوں کو موسمی صورت حال سے با خبر رکھا جائے، سیاح بھی دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • اسکول بیگ کا وزن کتنا ہونا چاہیے؟ بل پیش

    اسکول بیگ کا وزن کتنا ہونا چاہیے؟ بل پیش

    پشاور: خیبر پختون خوا کی اسمبلی میں آج ایک ایسا بل پیش کیا گیا ہے جس کا تعلق بچوں کے اسکول بیگ کے وزن سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی میں اسکول بیگز لمی ٹیشن آف ویٹ بل 2020 ایوان میں پیش کر دیا گیا، یہ بل آج اسپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں پیش کیا گیا۔

    خیبر پختون خوا میں اسکول بیگ کا وزن مقرر کرنے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کا عمل شروع ہو گیا ہے، اس سلسلے میں جو بل پیش کیا گیا ہے اسے ’اسکول بیگز لمی ٹیشن آف ویٹ بل 2020‘ کا نام دیا گیا ہے، یہ بل صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے ایوان میں پیش کیا۔

    مذکورہ ایکٹ کے تحت ہر کلاس کے لیے بیگ کے الگ الگ وزن کا تعین کیا گیا ہے، مجوزہ بل کے مطابق جماعت اوۤل کے بچوں کے لیے بیگ کا وزن 2.4 کلوگرام ہوگا۔

    بل کے مطابق جماعت دوئم کے لیے بیگ کا زیادہ سے زیادہ وزن 2.6 کلوگرام اور تیسری جماعت کے لیے 3 کلوگرام وزن مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ہائی سیکنڈری کے طلبہ کے لیے بیگ کا وزن 7 کلوگرام تک ہوگا۔

    بچوں کے بھاری اسکول بیگ سے متعلق قانون سازی کی جائے، پشاور ہائی کورٹ کا حکم

    مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے اسکول بیگ کا وزن مقررہ مقدار سے زائد ہوگا تو سرکاری اسکول پرنسپلز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، جب کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو 2 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں اس سلسلے میں ایک درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے کے پی حکومت کو قانون سازی کا حکم دیا تھا اور 4 ماہ کی مہلت دی تھی، جسٹس قیصر رشید نے کیس کی سماعت میں ریمارکس دیے تھے کہ بھاری بستوں سے بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

    مارچ 2018 میں اس حوالے سے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کلینکل عباسی شہید اسپتال کراچی نے تمام اسکول پرنسپلز کو ایک خط میں کہا تھا کہ بھاری بیگ اٹھانے والے بچے مختلف تکالیف کا شکار ہوتے ہیں، انھیں گردن، ریڑھ کی ہڈی اور کندھے میں درد کی شکایات ہو سکتی ہیں، روزانہ کئی بچوں کو ان ہی تکالیف کے باعث اسپتال لایا جاتا ہے، اس لیے بیگ کا وزن مناسب رکھا جائے۔

  • پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    پشاور: وزیر محنت و ثقافت خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن بچانے کی فکر ہے، کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پی پی دہرا معیار چھوڑ دے، سندھ میں لاک ڈاؤن اور کے پی میں جلسوں کے اعلان کا کیا مطلب ہے؟ کرونا صورت حال کے پیش نظر اپوزیشن پشاور جلسہ منسوخ کرے، پی ٹی آئی حکومت کے مخالفین بھی اپوزیشن سے جلسہ منسوخ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

    پشاور میں 202 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ، 18افراد وینٹی لیٹرز

    انھوں نے سوال اٹھایا کیا اپوزیشن رہنماؤں کے اپنے بچے جلسے میں شریک ہو رہے ہیں، یہ صرف دوسروں کے بچوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں؟

    گزشتہ روز صوبائی وزیر نے اپنے ایک ویڈیو رد عمل میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپوزیشن کو کرونا کی صورت حال پر بریفنگ دینے کے لیے وزرا کی کمیٹی تشکیل دی ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی مگر انھوں نے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا جو انتہائی افسوس ناک اور غیر جمہوری عمل ہے۔

    دوسری طرف جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے رد عمل میں کہا ہے کہ حکومت اعلان کر رہی ہے کہ پشاور میں جلسہ نہیں کرنے دےگی، اور اس کی وجہ کرونا کے پھیلاؤ کا خدشہ بتایا جا رہا ہے، لیکن وزیر اعظم نے سوات میں جلسہ کیا اور اب پی ڈی ایم کے جلسے کھٹک رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اراکین پہلے سخت ترین بندشیں چاہتے تھے، اور مجھ پر طنز و تنقید کے نشتر چلایا کرتے تھے، وہی آج زندگیاں خطرے میں ڈال کر عاقبت نا اندیش سیاست کر رہے ہیں، اور عدالتی احکامات ہوا میں اڑا کر کیسز میں تیز اضافے کے باوجود جلسے پر مصر ہیں۔

  • فش فارمنگ اب ہو گئی آسان!

    فش فارمنگ اب ہو گئی آسان!

    پشاور: اے آر وائی نیوز کے قارئین یہ جان کر حیران ہوں گے کہ فش فارمنگ اب بہت آسان ہوگئی ہے۔

    پشاور میں بائیو فلاک ٹیکنالوجی والا پہلا مچھلی گھر قائم کیا گیا ہے، جس میں دیسی اور بدیسی مچھلیاں نہایت آسانی سے پالی جا سکتی ہیں، یعنی مچھلیوں کی افزائش اب گھریلو طریقے سے بھی ممکن ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز  کی خصوصی رپورٹ کے مطابق پشاور رِنگ روڈ پر پہلا بائیو فلاک ٹیکنالوجی پر مبنی مچھلی گھر قائم کیا گیا ہے، جہاں پانی کے ایسے ٹینکرز بنائے گئے ہیں جن میں ہر ایک میں 10 ہزار لیٹر پانی اسٹور کیا گیا ہے، اور ایک ٹینکر میں 800 سے 1500 تک مچھلیوں کی افزائش کی جا سکتی ہے۔

    اس مچھلی گھر ’اسمارٹ بائیو فلاک فش فارم‘ کے مالک ہمایوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں روایتی طور پر جو ایک ایکڑ میں فارمنگ ہوتی تھی وہ اب دس بارہ ہزار لیٹر کے ٹینک میں ممکن ہو گیا ہے، اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اب ہم ایک ٹینک میں اتنی ہی پروڈکشن لے سکتے ہیں جتنی ہم پہلے ایک ایکڑ علاقے میں لیتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا اس نئے طریقے میں ایک تو پانی کا استعمال بہت کم ہو گیا ہے، پورا سال ایک ہی پانی ہوتا ہے، تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، جگہ بھی بہت کم درکار ہونے کی وجہ سے اب گھروں میں خواتین بھی آرام سے مچھلیوں کی فارمنگ کر سکتی ہیں جو کہ پہلے ممکن نہیں تھا۔

    ہمایوں کے مچھلی گھر میں 20 سے زائد ٹینک بنائے گئے ہیں، جن میں ہزاروں مچھلیوں کی افزائش کا عمل جاری ہے، ان ٹینکس میں مچھلیوں کو آکسیجن فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے، کیوں کہ چھوٹی جگہ پر سیکڑوں مچھلیاں پالی جاتی ہیں تو انھیں آکسیجن کی ضرورت بھی زیادہ ہوتی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ صرف جگہ نہیں، اس فارم کے قیام کے لیے سرمایہ کاری بھی کم لگتی ہے، ایک عام روایتی فارم پر بہت پیسا خرچ ہوتا ہے لیکن اس ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ 80 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک ایک ٹینک بنا سکتے ہیں۔

  • کرونا وائرس نے پاکستان میں ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی

    کرونا وائرس نے پاکستان میں ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی

    پشاور: پاکستان میں کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر کے دوران کو وِڈ نائنٹین سے ایک اور ڈاکٹر جاں بحق ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس انفیکشن میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر نے پشاور میں جان دے دی، پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سلطان زیب کئی دن سے کرونا وائرس میں مبتلا اور زیر علاج تھے۔

    پرووینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کمیونٹی طب کے شعبے میں ڈاکٹر سلطان زیب کی خدمات ہمیشہ یاد رکھے گی۔

    ڈاکٹر سلطان زیب حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج تھے، وہ ایسوسی ایٹ ڈین خیبر کالج آف ڈینٹسٹری تھے، ان کی تدفین بونیر میں کی جائے گی۔ سلطان زیب کے انتقال کے ساتھ صوبے میں کرونا سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

    ادھر پی ڈی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے تاحال کسی شہید ڈاکٹر یا ہیلتھ ورکرز کے لیے منظور شدہ شہدا پیکج نہیں دیا گیا۔

    پاکستان میں کرونا کی دوسری لہر ، مزید 11 اموات ریکارڈ

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 11 افراد کرونا وائرس انفیکشن سے جاں بحق ہو گئے ہیں، جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 806 ہو گئی ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 807 نئے کیسز بھی سامنے آئے، جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہوگئی۔