Tag: خیبر پختونخوا

  • کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوش خبری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی وادی کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا، جس میں 20 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے وادئ کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی، کالام کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر 60 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

    صوبے کے محکمہ کھیل و سیاحت کا کہنا ہے کہ کالام اسٹیڈیم میں 20 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جب کہ اس کی تعمیر کی لاگت کا اندازہ 607 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت دیگر منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے، صوبے میں اسکولوں کی تعمیر اور بحالی پروگرام SCRP کے تحت صوبے میں 4.5 ارب کی لاگت سے 128 اسکولوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

    اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 54 دوسرے میں 74 اسکولوں پر کام ہو رہا ہے، اس منصوبے پر 3.2 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

    صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے نہ صرف بجلی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی صنعتوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہوگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

  • خیبر  پختون خوا: سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار

    خیبر پختون خوا: سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار

    پشاور: خیبر پختون خوا میں سرکاری کالجز کے آفیشنل سوشل میڈیا اکاؤنٹ لازمی قرار دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے کے پی بھر کے تمام کالجز کو آفیشل سوشل میڈیا پیج بنانے کی ہدایت کر دی ہے، ہائر ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے تمام کالجز کے پرنسپلز کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جن کالجز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نہیں وہ فوری آفیشل اکاؤنٹس بنائیں، سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایک ہی آفیسر یا آفیشل ہینڈل کرے گا، اور متعلقہ آفیسر کی معلومات محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بھی شیئر کی جائیں گی۔

    مراسلے میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مختلف کالجز کے نام پر بنے تمام غیر آفیشل اکاؤنٹس ختم کیے جائیں، ہر کالج کا صرف ایک ہی آفیشل اکاؤنٹ موجود رہے گا۔

    مراسلے کے مطابق پیچز پر کالجز سے متعلق سرگرمیاں، ایڈمیشن کا طریقہ کار، سیمینار ، ورکشاپ اور دیگر سرگرمیاں اپ لوڈ کی جائیں گی، آفیشل پیجز پر غیر ضروری اور غیر متعلقہ پوسٹ کو شیئر نہیں کیا جائے گا۔

  • خیبر پختون خوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

    خیبر پختون خوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

    پشاور: خیبر پختون خوا کابینہ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کی گئی ہے، صوبائی وزیر شہرام ترکئی کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا محکمہ تفویض کر دیا گیا۔

    وزیر تعلیم اکبر ایوب کو لوکل گورنمنٹ کا وزیر بنا دیا گیا، وزیر خوراک قلندر خان لودھی کو ریونیو اسٹیٹ کا محکمہ دے دیا گیا، جب کہ انور زیب خان کو زکوٰة و عشر کا وزیر بنا دیا گیا۔

    خلیق الرحمان سے ہائر ایجوکیشن کا محکمہ لے کر انھیں وزیر خوراک بنا دیا گیا ہے، جب کہ ان کی جگہ معاون خصوصی  کامران بنگش کو ہائر ایجوکیشن کا وزیر بنا دیا گیا، کامران بنگش کے پاس بلدیات کا محکمہ تھا۔

    کے پی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، وزرا کے قلم دان تبدیل، 9 معاون خصوصی بھی مقرر

    معاون خصوصی ریاض خان سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لے کر سی این ڈبلیو کا قلم دان حوالے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 4 جنوری کو بھی خیبر پختون خوا کی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کی گئی تھیں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کیے گئے تھے، جب کہ 9 معاون خصوصی بھی مقرر کیے گئے تھے۔

  • نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل، ریگولیٹری اتھارٹی متحرک

    نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل، ریگولیٹری اتھارٹی متحرک

    پشاور: خیبر پختون خوا میں نجی اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی متحرک ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے نجی اسکولوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کی تفصیل حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک مراسلہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ نجی اسکولوں میں کرونا کی صورت حال جاننے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ اسکول کے بارے میں اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے۔

    کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی ، مزید 13 تعلیمی ادارے بند

    پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تاحال 10 سے زائد اسکولوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نوٹس دیے جا چکے ہیں۔

    ادھر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے اسکولوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ تعلیم نے اب تک 12 سو 26 اساتذہ کا کرونا ٹیسٹ کرایا، جن میں 11 اساتذہ اور 2 کلاس فور ملازمین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق 623 ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جب کہ 600 ٹیسٹس کے نتائج آنا باقی ہیں، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے والے اسکول اور کلاس روم کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا تھا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول رشکئی کے 8 اساتذہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈی ای او نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ افراد کو 15 دن کی چھٹی پر گھر بھیج دیا تھا۔

  • رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

    رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رشکئی اقتصادی زون خیبر پختون خوا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، سی پیک کے تحت فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں رہے ہیں، پاکستان کو ترقی کے لیے اپنی صنعتوں کو ترقی دینا ضروری ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ترقی اور غربت میں کمی خیبر پختون خوا میں ہو رہی ہے، پختون خوا میں اتنا روزگار نہیں ہے، انڈسٹریل زون کا قیام ضروری تھا، یہ کے پی کے عوام کے لیے بڑا موقع ہے، ہم چاہتے ہیں خیبر پختون خوا میں رہ کر لوگوں کو ملازمتیں ملیں اور انھیں نوکریوں کے لیے مشرق وسطیٰ اور دیگر جگہوں پر نہ جانا پڑے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا خیبر پختون خوا کے نوجوانوں کو نوکریاں ملنے سے صوبے میں خوش حالی آئے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے خطے میں خوش حالی آئے گی، افغانستان میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں، امن سے وسطی ایشیا تک تجارت ہوگی، سی پیک کے تحت پاکستان میں ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا، پاکستان سے افغانستان کے راستے ازبکستان تک ریلوے لنک قائم ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کہا ہمارا اگلا راستہ انڈسٹرلائزیشن ہے، اس لیے ہمیں چین سے بہت فائدہ ہوگا، جیسے جیسے ہم صنعتی زونز بنائیں گے ہم چینی صنعتوں کو اپنی طرف راغب کریں گے کیوں کہ وہاں سے اب صنعتیں نکلنا چاہتی ہیں۔

  • مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    مانسہرہ: صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مانسہرہ میں مٹی کا تودہ مکان پر گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے اوگی حسین بانڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں مکان کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس نے بتایا کہ جائے حادثہ سے ایک خاتون کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اس سے قبل 28 اگست کو پولیس نے شانگلہ میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ فرقان اور واصف خان کی موت اس وقت ہوئی جب وہ گھر میں موجود تھے کہ تودہ آگرا۔

    یاد رہے کہ 27 جولائی کو اورکزئی ایجنسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچیاں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ڈی پی او اورکزئی نثار خان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

  • کرونا کا تدارک، خیبر پختونخوا حکومت سرِ فہرست

    کرونا کا تدارک، خیبر پختونخوا حکومت سرِ فہرست

    پشاور: خیبر پختون خواہ حکومت نے 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، یہ رپورٹ صرف اے آر وائی نیوز پر نشر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت نے دو سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، یہ رپورٹ 10 سے زائد مختلف شعبوں کے اہداف سے متعلق ہے، رپورٹ میں کرونا وبا سے نمٹنے کے اقدامات پر 61 فی صد عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے تدارک کے حوالے سے صوبوں میں خیبر پختون خوا حکومت سر فہرست رہی، صوبائی حکومت نے کرونا کے خلاف فرنٹ ورکرز کے لیے 24 ارب کا پیکج مختص کیا۔

    تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کرائے گئے، قبائلی اضلاع کے لیے تاریخ ساز 184 ارب کا بجٹ مختص کیا گیا۔

    صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں 7 ہزار 168 اسامیاں نکالی گئیں، 945 ملین کی لاگت سے انصاف روزگار اسکیم کا اجرا کیا گیا، پبلک ہیلتھ کا بجٹ 124.3 ارب تک بڑھایا گیا، بی آر ٹی اور سوات ایکسپریس وے فلیگ شپ منصوبے ثابت ہوئے، 27 مختلف شعبوں میں ٹیکس کی کمی کی گئی، صوبائی محصولات میں 65 فی صد تک اضافہ کیا گیا۔

    پہلی مرتبہ طور خم سرحد کو روزانہ کھولنے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رشکئی صنعتی زون پر کام کا آغاز ہوا، جس سے 2 لاکھ نوکریاں دستیاب ہوں گی، یہ منصوبہ سی پیک کے ویسٹرن روٹ سے منسلک ہوگا۔

    مزید سیاحتی مقامات کی تلاش کے ساتھ سیاحتی پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا، سیاحتی علاقوں میں سڑکوں کے لیے 14.5 ارب مختص کیے گئے، جنوبی اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے لیے 3.04 ارب مختص کیے گئے۔

  • چترال میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں، بروغل فیسٹیول ملتوی

    چترال میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں، بروغل فیسٹیول ملتوی

    چترال: حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث پاکستان، تاجکستان اور افغانستان کو ملانے والی واخان پٹی پر موجود آخری سرحدی گاؤں بروغل میں فیسٹیول ملتوی کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بروغل فیسٹیول 5 اور 6 ستمبر کو اَپر چترال کی وادی بروغل میں منعقدہونا تھا، تاہم سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد اب یہ فیسٹیول 12 اور 13 ستمبر کو وادی بروغل میں منعقد ہوگا۔

    فیسٹیول میں یاک پولو، کرکٹ، فٹ بال، بُز کشی، میراتھن، دیگر روایتی کھیل اور موسیقی کی محفل منعقد ہوگی، اس فیسٹیول میں چترال کے دور دراز علاقوں سے کھلاڑی تبت کے پہاڑی علاقوں ميں پائے جانے والے جنگلی بیل ’یاک‘ کے ذریعے بروغل پہنچتے ہیں۔

    قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلیے بڑی خوشخبری

    فیسٹیول محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا اور ضلعی انتظامیہ اَپر چترال کے تعاون سے منعقد ہوگا، یہ فیسٹیول سطح سمندر سے 13 ہزار 600 فٹ بلندی اور چترال سے 250 کلو میٹر دور منعقد ہوتا ہے۔

    وادی بروغل میں 30 کے قریب تازہ پانی کی مختلف جھیلیں بھی موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ اس علاقے کی مخصوص اور منفرد جعرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹیول ایڈونچر ٹور ازم کے شائقین کے لیے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں سیاح دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ گلیشیئرز، دریاؤں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔

  • عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا، 60 لاکھ خاندانوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کے انتظامات مکمل

    عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا، 60 لاکھ خاندانوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کے انتظامات مکمل

    پشاور: پی ٹی آئی نے عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، خیبر پختونخوا میں میڈیکل کوریج کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت کے 60 لاکھ خاندانوں کے لیے مکمل میڈیکل کوریج کے انتظامات مکمل ہو گئے، اس سلسلے میں خیبر پختون خوا حکومت اور اسٹیٹ لائف انشورنس میں معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔

    مفاہمتی یادداشت پر ہوم ورک مکمل ہونے کے بعد اب اس معاہدے پر دستخط کل ہوں گے، معاہدے کے تحت کے پی حکومت 5 سال میں 8 ارب روپے فراہم کرے گی، میڈیکل کوریج 10 لاکھ روپے تک طبی سہولتوں کا احاطہ کرے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کل وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں صحت انصاف پروگرام پر دستخط ہوں گے، مرحلہ وار اس پروگرام کو ہر ضلع تک پہنچایا جائے گا، ہر خاندان کو شناختی کارڈ پر 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ملے گی۔

    صحت انصاف کارڈ کے حامل افراد کے کیلئے بڑی خبر

    واضح رہے کہ فروری میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ریاست مدینہ کے اصولوں کے تحت پاکستان کو عظیم فلاحی ریاست بنایا جائے گا، اس سلسلے میں خیبر پختون خوا میں پہلی بار صحت انشورنس کا نظام لایا گیا ہے۔

    اس سے قبل پنجاب میں صحت سہولت کارڈ بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں، اس پروگرام کے تحت پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیے گئے۔

  • بونیر:گاڑی کھائی میں گر گئی، 8 افراد جاں بحق

    بونیر:گاڑی کھائی میں گر گئی، 8 افراد جاں بحق

    بونیر: صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بونیر میں چلندری چغرزئی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال ڈگر اور آر ایچ سی دیوانہ بابا منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    نوشہرہ: اکبر پورہ کے قریب بس کھائی میں گر گئی، 5 افراد جاں بحق

    اس سے قبل خیبر پختونخواہ میں موٹروے پر جبہ داؤد زئی میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے،حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کی شکار ہونے والی کوچ لاہور سے پشاور جا رہی تھی۔