Tag: خیبر پختونخوا

  • پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز، فضا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا

    پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز، فضا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا

    پشاور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ذاتی جائرو کاپٹر نے فضاؤں میں اڑان بھری ہے، گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر اس اڑان کے دوران فضاؤں میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 اگست جشن آزادی کے دن ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنے ذاتی جائرو کاپٹر کے ساتھ پرواز کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم فضا میں لہرایا گیا، یہ پرواز جے یو آئی ف کے رہنما ارباب فاروق جان اور انٹرنیشنل انسٹرکٹر لائسنس یافتہ پائلٹ قاضی اجمل نے اڑائی۔

    یہ پاکستان میں جائرو کاپٹر کی پہلی پرواز تھی جس میں قاضی اجمل نے ایئر شو کی طرح مہارت سے بہت جذباتی انداز میں مختلف کرتب دکھائے اور کراؤڈ سے داد وصول کی۔

    قاضی اجمل پاکستان کا واحد انسٹرکٹر پائلٹ ہے جس نے جدہ فلائنگ کلب میں 6 سال کے دوران سعودی رائل گارڈز کے ساتھ ساتھ 35 سے زائد لوگوں کو جائرو کاپٹر کی ٹریننگ دی ہے، تجربے کے لحاظ سے قاضی اجمل کی فضائی گھنٹوں کی لاک بک میں درج تعداد ساڑھے چار ہزار گھنٹوں سے تجاوز کر گئی ہیں۔

    ارباب فاروق جان کا کہنا تھا کہ پشاور میں انشاءاللہ فلائنگ اسٹارٹ کر دی ہے، آج 14 اگست پر پوری قوم کو مبارک باد اور سرپرائز دے رہے ہیں، پہلی مرتبہ پشاور میں جائرو کاپٹر پر فلائنگ کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو 18 سے زائد ای میلز کر چکے ہیں مگر انھوں نے تاحال ملاقات کے لیے رابطہ نہیں کیا۔

    ارباب فاروق جان کے مطابق ٹڈی دل نے پاکستانی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے جس کے لیے حکومت پاکستان نئے طیارے خریدنے جا رہی ہے جب کہ قاضی اجمل اور ان کی پوری فیملی نے اپنے ذاتی جہازوں سے ٹڈی دل اسپرے کرنے کی پیش کش کی ہے۔

    واضح رہے کہ بین الاقوامی جائرو کاپٹر انسٹرکٹر قاضی اجمل جے یو آئی ف کے رہنما ارباب فاروق کے بھانجے ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے 21 اضلاع میں 45 لاکھ 62 ہزار بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلائی جائیں گی۔

    مہم کے لیے 19 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 17859 موبائل اور 1237 فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں، واضح رہے کہ کرونا کی وجہ سے 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، 21 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا بل گیٹس سے رابطہ، کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو

    وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کو پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے کرونا صورت حال اور انسداد پولیو مہم پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ٹاسک ملا ہے: وزیر اعلیٰ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو آج 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ملا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے پشاور میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی مہم میں 1 ارب 20 کروڑ درخت سے زائد کا ہدف پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    محمود خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں 853 مقامات پر شجر کاری مہم کا انعقاد ہو رہا ہے، انشاءاللہ آج صوبے میں 20 لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے۔ آج ہمیں فیلڈ پر جانا ہے اور شجر کاری کے لیے پودے لگانا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان ترقی کرے گا۔

    انھوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے علاوہ صوبے میں شیلٹر ہوم کی بہتری کے لیے بھی ٹائیگرز فورس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں ٹائیگرز فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں دنیا کی سب سے اونچی اور طویل فاصلے تک کیبل کار چلانے کا منصوبہ تیار

    خیبر پختونخوا میں دنیا کی سب سے اونچی اور طویل فاصلے تک کیبل کار چلانے کا منصوبہ تیار

    پشاور : خیبر پختونخواحکومت نے اپردیرتا لوئرچترال سیاحتی اضلاع میں کیبل کار چلانے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، منصوبے کی تکمیل پرسالانہ 8 ملین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے اہم منصوبہ تیار کرلیا گیا ، اپردیرتا لوئرچترال سیاحتی اضلاع میں کیبل کار منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کیبل کار کی مجموعی لمبائی 14 کلومیٹر اور رفتار6 میٹرفی سیکنڈہوگی جبکہ کیبل کار میں فی مسافر کے آنے جانے کا کرایہ 500روپے مقرر کیا گیا ہے۔

    کیبل کار میں یومیہ 30 ہزار سیاح سفر کرسکیں گے، ہر کیبل کار میں 10 سیاحوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور 38 منٹ کے یک طرفہ ٹرپ میں 250 سیاح سفر کرسکیں گے۔

    منصوبے کی تکمیل پر سالانہ 8 ملین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے ، جب کہ منصوبے میں اسٹیشنز پر کار پارکنگ اور ریسٹورنٹ کی سہولت بھی ہوگی اور منصوبہ کے لیےہائیڈرو جنریشن پلانٹ سےبجلی فراہم کی جائے  گی۔

  • اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    اورکزئی میں گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد، 20 ہزار جرمانہ عائد

    کوہاٹ: خیبر پختون خوا کے ضلع اورکزئی میں ایک گھر سے چیتے کے 2 بچے برآمد ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملوث افراد پر 20 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈویژنل آفیسر محکمہ جنگلی حیات کوہاٹ نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی کے علاقے کلایہ میں ایک گھر سے گزشتہ روز چیتے کے 2 بچے برآمد ہوئے ہیں، خبر ملنے پر اورکزئی انتظامیہ اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلایہ میں ایک شخص نے بیچنے کی غرض سے گھر میں چیتے کے دو بچے رکھے تھے، جن کی عمریں تقریباً 2 ماہ ہیں، کارروائی کے دوران چیتے کے دونوں بچے برآمد کیے گئے، جب کہ محکمے نے اس میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کلایہ کے دور افتادہ گاوں لی ساڑئی میں چیتے کے بچے بیچنے کی غرض سے ایک شخص نے گھر میں رکھے ہوئے تھے، ولی اللہ نامی شخص نے چیتے کے بچوں کو فروخت کرنے میں معاونت کی، جس کی کی نشان دہی پر گھر کو ٹریس کر کے چیتے کے بچے برآمد کیے گئے۔

    دونوں افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے جرمانہ بھی کیا گیا ہے، ڈویژنل آفیسر کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ چیتے کے دونوں بچوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے وائلڈ لائف پارک منتقل کیا جائے گا۔

  • اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت

    اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت

    پشاور: سابق مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر کے پی کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات کے سلسلے میں انکوائری کمیشن کی منظوری آج صوبائی کابینہ سے لی جائے گی۔

    اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کا اجلاس 11 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، جس میں آڈیو ٹیپ کے حوالے سے انکوائری کمیشن کی منظوری بھی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ اجمل وزیر آڈیو کیس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کا قیام 14 جولائی کو ہوا، محکمہ انتظامی امور نے انکوائری کمیشن سے متعلق اعلامیہ جاری کیا تھا۔

    اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا

    11 جولائی کو خیبر پختون خواہ حکومت نے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کامران بنگش کو مشیر اطلاعات کے پی کی اضافی ذمہ داری سونپ دی تھی، جن کے پاس بلدیات کا قلم دان بھی تھا۔

    حکومتی اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجمل وزیر کو مبینہ آڈیو معاملے پر عہدے سے ہٹایا گیا، آڈیو کی تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی، مبینہ آڈیو میں اشتہارات پر ٹیکسز کی مد میں چھوٹ، ٹیکس چھوٹ کو کمیشن میں تبدیل کرنے سمیت اشتہاری کمپنی کے نمائندے سے بات کی گئی تھی۔

    اجمل وزیر نے عہدے سے ہٹانے جانے کے بعد بیان دیا کہ میرے خلاف منظم سازش ہوئی ہے، سازشیوں نے راستہ روکنے کے لیے گھٹیا طریقہ اپنایا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا قائل ہوں، الزامات جس پر بھی لگے سامنا کرنا چاہیے۔ انھوں نے آڈیو سے متعلق کہا کہ مختلف اجلاسوں، بریفنگز کو کٹ کر کے من گھڑت آڈیو تیار کرائی گئی، جس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے میرا تعلق ہی نہیں ہے۔

  • وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بڑا قدم، 3 منصوبوں کا افتتاح، عید کے بعد سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری

    مانسہرہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے شوگران میں سڑکوں کی تعمیر کے 3 منصوبوں کا افتتاح کر دیا، عید کے بعد صوبے میں سیاحتی مقامات کھولنے کی خوش خبری بھی سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے وزیر اعلیٰ نے آج مانسہرہ میں سڑکوں کی تعمیر کے تین منصوبوں کا افتتاح کیا، 35 کلو میٹر سڑکوں کے اس منصوبے میں شوگران، گھنول پابرنگ اور مانور ویلی روڈز شامل ہیں، جن کی تعمیر پر 14 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر سے سیاحت کو فروغ ملے گا، مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے، ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کو فروغ دے کر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے۔

    انھوں نے کہا صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 2400 ملین روپے مختص کیے جا چکے ہیں، کائیٹ پراجیکٹ کے تحت 370 کلو میٹر روڈ انفرا اسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے، کرونا وبا کی مشکل صورت حال کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا سیاحت کے فروغ کے لیے ٹور ازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اب نئے ٹور ازم زونز قائم کیے جا رہے ہیں، صوبے میں سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے ایس او پیز بھی تیار کر لیے گئے ہیں، عید کے بعد وفاق اور دیگر صوبوں کی مشاورت سے سیاحت کھولنے پر کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے صوبائی حکومت کو 53 ارب روپے کا بجٹ خسارہ ہوا، ہمارے فلیگ شپ منصوبوں میں بی آر ٹی، مالم جبہ اسکائی ریزورٹ، بلین ٹری، سوات موٹر وے شامل ہیں، یہ سب منصوبے کرپشن سے پاک ہیں، ہم متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو منصوبوں کی تحقیقات کی دعوت بھی دیتے ہیں، پن بجلی، صنعت، معدنیات، سیاحت کا فروع ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

  • پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب؟

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کب؟

    لاہور: پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دنگل کی تیاری شروع کر دی، رواں سال کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ رواں سال کے آخر تک شروع ہوگا، اراکین پنجاب اسمبلی کو اس سلسلے میں گرین سگنل بھی دے دیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اراکین کو کرونا کے ساتھ بلدیاتی انتخابات پر بھی توجہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اراکین سے کہا گیا کہ اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی تفصیلات فراہم کریں اور حلقوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ اراکین اسمبلی پارٹی قیادت کے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کے لیے کام کریں گے۔

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کی اہم ہدایت

    ادھر خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ویلج اور نیبرہڈ کونسلز کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر کام کا آغاز 6 جولائی سے کیا جائے گا، ہر ضلعے کا ڈسٹرکٹ کمشنر بطور کنوینر مقرر کیا گیا ہے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیاتی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کے لیے 25 جولائی تک ضروری انتظامات کیے جائیں گے، حلقہ بندیوں کے لیے نقشہ جات اور ضروری معلومات کو حتمی شکل دی جائے گی، کمیٹیاں 20 اگست تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کریں گی۔

    عوامی تجاویز اور اعتراضات کے لیے حلقہ بندیوں کی فہرستیں 21 جولائی کو جاری ہوں گی، ان پر فیصلہ 5 اکتوبر کو کیا جائے گا، 13 اکتوبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستوں کا اعلامیہ جاری ہوگا۔

  • خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    پشاور: خیبر پختون خوا کا 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بجٹ سے متعلق خیبر پختون خوا کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ے کہ کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام اور فنانس بل کی منظوری دی جائے گا۔

    خیبر پختون خوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 923 ارب روپے رکھا گیا ہے، صوبائی بجٹ میں 15 ارب روپے سے زائد سود کی ادائیگی کے لیے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرایع کے مطابق کے پی بجٹ میں صحت کے لیے 24 ارب 38 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، سڑکوں کی تعمیر کے لیے 41 ارب 84 کروڑ سے زائد روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جب کہ تعلیم کے لیے 30 ارب 20 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    کرونا کے لیے بجٹ میں 22 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، توانائی کے لیے 11 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد، آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 315 ارب روپے سے زائد، اے ڈی پی کی مد میں 100 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے۔

    ذرایع کے مطابق بجلی کے منافع، بقایا جات کی مد میں 60 ارب روپے سے زائد ملیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں 50 ارب روپے سے زائد ملیں گے، صوبے کو آئل اینڈ گیس رائلٹی کی مد میں 20 ارب روپے سے زائد ادائیگی ہوگی۔

    کے پی بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لیے 150 ارب روپے سے زیادہ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں ماسک نہ پہننے پر اب جرمانہ ہوگا

    شمالی وزیرستان میں ماسک نہ پہننے پر اب جرمانہ ہوگا

    میرانشاہ: خیبر پختون خواہ کے علاقے شمالی وزیرستان میں کرونا وائرس ایس او پیز کے مطابق ماسک نہ پہننے پر جرمانہ مقرر کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے ضلع بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    ڈی سی شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد علی خان کو 4 جون کو شمالی وزیرستان کا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا ہے، اس سے قبل وہ نوشہرہ میں ڈی سی کے عہدے پر فائز تھے۔

    ماسک پہننا لازمی قرار، خلاف ورزی پر جیل ہوسکتی ہے

    یاد رہے کہ چند دن قبل صوبائی وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر کا کرونا ٹیسٹ بھی پازٹیو آ گیا تھا جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

    30 مئی کو حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیس ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مارکیٹوں سمیت پُر ہجوم مقامات پر ماسک لازمی پہنیں۔

    اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے تنبیہہ جاری کی تھی کہ مارکیٹس، عوامی مقامات، مساجد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چیکنگ ہوگی اور ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 3 ہزار جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات کے تحت جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 5,248 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 144,478 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,729 ہو گئی ہے۔