Tag: خیبر پختونخوا

  • پشتو شاعر ظہور عباس کا قتل، سیکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

    پشتو شاعر ظہور عباس کا قتل، سیکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

    لکی مروت: خیبر پختون خوا کے علاقے لکی مروت میں مشہور پشتو شاعر ظہور عباس شاہ افکار بخاری کو قتل کر دیا گیا، جس پر احتجاج کرتے ہوئے سیکڑوں مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں ڈویژن کے ضلع لکی مروت میں پشتو شاعر ظہور عباس شاہ کے قتل پر سیکڑوں افراد نے احتجاج کیا، مظاہرین نے ظہور عباس کی میت کارگل چوک پر رکھ کر انڈس ہائی وے بلاک کر دی۔

    ظہور عباس شاہ افکار بخاری گزشتہ روز نا معلوم نقاب پوش ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے، واقعے کے بعد ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی اسپتال لکی مروت منتقل کی گئی تھی، تاہم مظاہرین نے ان کی میت حاصل کر کے سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کیا۔

    احتجاج کے دوران ڈی پی او قاسم علی اور ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم مذاکرات کے لیے پہنچے، پولیس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ مظاہرین کے مذاکرات میں مطالبہ کیا گیا کہ افکار بخاری کے قاتلوں کا سراغ لگا کر فوری گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ پشتو شاعر کو گزشتہ روز ان کے حجرے میں گولیاں ماری گئی تھیں، جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی تھی، پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔

  • پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار

    پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار ہوگیا، اساتذہ کے تبادلوں کے اعلامیے میں سنگین غلطیوں کے بعد محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں سرد جنگ چھڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے بعد محکمہ تعلیم بھی بحران کا شکار ہوگیا۔ 231 ہائر سیکنڈری اسکولوں کی خواتین اساتذہ کی ترقی کا اعلامیہ دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے گریڈ 17 سے 18 میں ترقی کا اعلامیہ چند روز قبل جاری کیا تھا، تاہم اعلامیے میں سنگین غلطیاں تھیں جن کی ذمہ داری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ پر ڈال دی گئی۔

    واقعے کے بعد محکمہ تعلیم اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں سرد جنگ چھڑ گئی۔ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ تبادلوں سے متعلق ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔

    ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کہا گیا کہ محکمہ تعلیم بغیر مشاورت فیصلے کر لیتا ہے، مشاورت کی ہوتی تو سنگین غلطیاں سامنے نہ آتیں۔

    دوسری جانب اساتذہ نے بھی تبادلوں کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ خواتین اساتذہ کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کردیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی بھرتیوں میں شفافیت لانے کے لیے ای ریکروٹمنٹ پالیسی متعارف کروانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    صوبائی مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ کے پی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پالیسی پر کام جاری ہے، پالیسی کے تحت امیدوار سے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ لیا جائے گا، ہر امیدوار کا ٹیسٹ دوسرے امیدوار سے الگ ہوگا۔

    پالیسی متعارف ہونے کے بعد ایک دن میں کئی ٹیسٹ کا انعقاد ممکن ہوگا۔

  • خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    کراچی: خیبر پختون خوا سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی، ریلی کا آغاز 22 نومبر کو طور خم سے ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے سے شروع ہونے والی پرانی گاڑیوں کی دسویں سالانہ ریلی کراچی پہنچ گئی ہے، یہ ریلی اسلام آباد، لاہور، بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی ہے، جہاں ریلی کے شرکا کا شان دار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ بھی موجود تھے۔

    ریلی میں حصہ لینے والی 1924 کی آسٹن گاڑی سب سے قدیم گاڑی رہی، ملک بھر سے ریلی میں ونٹیج گاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ہمر، فراری، فورڈ تھنڈر برڈ، آسٹن منی، رولز رائس سلور، فورڈ مستانگ، ہمبر ہاک، مرسیڈیز، شیورلیٹ، ولیز جیپ، واکس ویگنز، پوگاٹ اور دیگر کلاسک کاریں شامل ہیں۔

    کراچی پہنچنے پر ریلی شرکا کا استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بنیاد پر یہ ریلی منعقد کی جائے گی، اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، عمران خان دنیا کو پاکستان دکھانا چاہتے ہیں، پاکستان کا چہرہ مثبت بنے گا تو ریونیو آئے گا۔

    اس موقع پر انھوں نے کرنٹ ایشوز پر بھی بات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سبزی کی قیمت بڑھ جانے پر آپ حکومت کو مورد الزام نہیں ٹہرا سکتے، ایران سے ٹماٹر آ رہے ہیں، قیمت کم ہونا شروع ہو گئی ہے، سندھ میں آنے والے وقت میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے، صوبائی حکومت کو دیکھنا چاہیے۔

  • مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    مردان پولیس سے مقابلے میں دہشت گرد آصف خان ہلاک

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں پولیس سے مقابلے کے دوران دہشت گرد آصف خان ہلاک ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع مردان کی پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں خطرناک دہشت گرد آصف خان مارا گیا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ آصف خان اے ایس آئی سمیت 6 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ مقابلے میں ہلاک دہشت گرد آصف خان بھتہ خوروں کا سرغنہ بھی تھا، دہشت گرد سے کلاشنکوف، میگزین اور نشہ آور دوائیں بھی برآمد ہوئیں۔

    واضح رہے کہ تین دن قبل کے پی پولیس نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں رواں سال کے 10 مہینوں کے دوران دہشت گردی اور دیگر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی، صوبے میں رواں سال کے پچھلے 10 ماہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے انتہائی تسلی بخش رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    پختون خوا پولیس کے مطابق دس ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی جو کہ صوبے میں بہترین پولیسنگ کی آئینہ دار ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے ایک سی ٹی ڈی اہل کار شہید ہو گئے تھے، اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، جس سے وہ موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

  • زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق

    نوشہرہ: تحصیل جہانگیرہ گلبہار میں زہریلی بوٹی کھانے سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے ایک علاقے میں چار بچے زہریلی بوٹی کھانے کے سبب جاں بحق ہو گئے، یہ واقعہ دو دن قبل پیش آیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے بچوں میں نعمان، اسماعیل، سلیم اور نادیہ شامل ہیں، جب کہ دو بے ہوش بچوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بچوں نے کھیل کے دوران زہریلی بوٹی کھائی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    تازہ ترین:  7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی

    واقعے میں ایک بچہ موقع پر جب کہ دو بچے اگلے روز جان بحق ہوئے تھے، جب کہ 4 بچے تشویش ناک حالت میں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج تھے جن میں ایک بچی آج دم توڑ گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔

    دو بچے اب بھی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ بچوں نے جو بوٹی کھائی تھی اسے مقامی طور پر پھلی کہا جاتا ہے، جاں بحق بچوں میں بہن بھائی بھی شامل ہیں، انھوں نے قبرستان میں کھیلتے ہوئے بوٹی کھائی۔

  • دیر بالا: گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں جا گری، 6 افراد جاں بحق

    دیر بالا: گاڑی دریائے پنجکوڑہ میں جا گری، 6 افراد جاں بحق

    دیر بالا: خیبر پختون خوا کے علاقے دیر بالا میں دریائے پنجکوڑہ میں گاڑی دریا میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک گاڑی میں سوار افراد گالوم کوہستان سے باڈا جا رہی تھی کہ بریکوٹ کے پہاڑی مقام پر پنجکوڑہ دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں کار میں سوار چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

    حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ جائے حادثہ پر اکھٹے ہو کر ریسکیو کا کام کرنے لگے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور کار کو دریا سے کھینچ کر نکالا۔

    معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی شرینگل سے باڈا جا رہی تھی، حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں دو بچے بھی شامل ہیں، لاشیں نکالی جانے کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوہستان میں جیپ دریائے سندھ میں جاگری، 8 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 12 جولائی کو مانسہرہ، کوہستان میں جیپ دریائے سندھ میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، یہ واقعہ اپر کوہستان میں سیو سے داسو جاتے ہوئے پیش آیا تھا، جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، اس حادثے کے وقت بھی پولیس اور انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر لاشیں نکالی تھیں۔

  • فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام غریب افراد کے لیے ہے، قدرتی آفات کے بعد بحالی و مدد احساس پروگرام میں شامل ہے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ احساس پروگرام میں 134 منصوبے شامل ہیں۔ منصوبوں میں وفاق، صوبائی حکومت اور دیگر فریقین معاونت کریں گے، احساس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل پیمنٹ کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 120 لنگر خانے ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، 80 ہزار افراد کو بلا سود قرض فراہم کیے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ بارشوں کے باعث 34 فیصد فصلوں کو نقصان پہنچا، 25 ہزار ٹن گندم خیبر پختونخوا پہنچ چکی ہے۔ صوبے کو 4.65 ملین ٹن گندم درکار ہوتی ہے۔ 3.46 ملین ٹن شارٹ فال ہے جو مختلف ذرائع سے پورا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیریٹی کمیشن سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بونیر میں ریسکیو 1122 کے دفاتر کی منظوری دی گئی۔ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے انصاف روزگار اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ پختونخوا میں ڈینگی کا دیگر صوبوں کے مقابلے میں زور کم رہا۔ کابینہ اجلاس میں کہا گیا صوبے میں ڈینگی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

  • جسے اللہ رکھے: 2 سالہ بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی

    جسے اللہ رکھے: 2 سالہ بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی

    مانسہرہ: مشہور کہاوت ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چھکے، اس کہاوت کے مصداق خیبر پختون خوا کے ضلع مانسہرہ میں ایسا ہی ایک حیرت ناک واقعہ پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانسہرہ کے علاقے دربند میں ایک بچی چار دن سے لاپتا تھی، بچی کی عمر دو سال ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو بہت تلاش کیا گیا لیکن وہ نہیں ملی۔

    مقامی پولیس کے مطابق علاقہ دربند میں 2 سال کی لا پتا بچی 4 دن بعد کنوئیں سے زندہ مل گئی، کنوئیں سے بچی کے رونے کی آوازیں آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی جس پر دربند پولیس نے اہل علاقہ کی مدد سے بچی کو کنوئیں سے نکال لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، تین سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بچی معجزاتی طور پر چار دن کنوئیں میں زندہ رہی، دو سالہ معصوم بچی نے نوّے سے زائد گھنٹے اندھیرے کنوئیں میں بغیر کچھ کھائے پیے بھوک اور پیاس میں گزارے لیکن اللہ نے اسے زندہ رکھنا تھا، سو، اسے زندہ نکال لیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں لاہور سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس سے تین سال کا ایک بچہ شایان گر پڑا تھا، اس کی ماں نے بھی بے قرار ہو کر اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی تھی۔ معجزانہ طور پر بچہ بھی زندہ رہا اور ماں بھی، تاہم زخمی ہونے کے سبب انھیں فوراً اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    بنوں: سی ٹی ڈی اہل کار فائرنگ سے شہید

    پشاور: خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے منجہ خیل میں فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہل کار شہید ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے منجہ خیل میں سی ٹی ڈی اہل کار ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا، نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ میراخیل میں اہل کار کو نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اہل کار میر شہباز دفتر جانے کے لیے گھر سے نکلے تو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائر کھول دیا، فائرنگ سے میر شہباز موقع ہی پر شہید ہو گئے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، دریں اثنا، شہید سی ٹی ڈی اہل کار میر شہباز خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں ڈی آئی جی، ڈی پی او و دیگر پولیس حکام نے شرکت کی، بعد ازاں، شہید اہل کار کا جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: شہید ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ ادا

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 14 نومبر کو کے پی کے علاقے چمکنی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سےکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ڈی ایس پی غنی خان شہید اور ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے چمکنی میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خواہ کو تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔

  • فضاگٹ میں بندروں کے ٹولے نے سیاحوں کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    فضاگٹ میں بندروں کے ٹولے نے سیاحوں کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھیں

    جہاں وادیٔ سوات میں موسم سرما کی بارشیں اور برف باری نے ماحول خوب صورت بنایا ہوا ہے وہاں خیبر پختون خوا کے مشہور ترین سیاحتی مقام فضاگٹ میں سیاحوں کے لیے ایک اور نظارے نے دل چسپی پیدا کر دی ہے۔

    وادیٔ سوات کے مشہور ہل اسٹیشن فضاگٹ میں مرکزی سڑک کے کنارے بلند پہاڑوں کے درمیان چند بندروں نے ڈیرہ جما لیا ہے، جو سیاحوں کو دیکھ کر اچھل کود شروع کر دیتے ہیں، سیاح بھی گاڑیاں روک کر نظارہ دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔

    معلوم ہوا ہے کہ بندروں کا یہ ٹولہ جس میں حال ہی میں پیدا ہونے والے بندر بچے بھی شامل ہیں، پہاڑ پر موجود گھنے جنگل سے کھانے کی چیزوں کی تلاش میں نیچے اترتا ہے۔

    سیاح بندروں کو دیکھ کر رکتے ہیں اور انھیں کھانے کی چیزیں پیش کرتے ہیں، قریب ہی بھٹے والے نے بھی ڈیرا جما لیا ہے، جس سے سیاح بھٹے خرید کر بندروں کو کھلاتے ہیں۔

    مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بندروں کا یہ ٹولہ کافی عرصے سے پہاڑی جنگل سے کھانے کی اشیا کی تلاش میں اتر کر نیچے آ رہا ہے، سڑک پر مٹر گشت کرنے کی وجہ سے اکثر ٹریفک بھی جام ہو جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سیاحت کا فروغ، سوات ایئرپورٹ دوبارہ کھولنے کی تیاری، ترقیاتی کام آخری مراحل میں

    اس پہاڑی پر محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ہدایات پر مبنی ایک بورڈ بھی نصب کیا گیا ہے، جس پر لکھا گیا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

    مقامی شہری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ وادیٔ سوات کو دنیا کے حسین ترین مقامات میں سے ایک شمار کیا جا سکتا ہے، ان سیاحتی مقامات کو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان نے پختون خوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے بلاشبہ قابل تعریف کام کیا ہے۔