Tag: خیبر پختونخوا

  • قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا فیصلہ

    قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا فیصلہ

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں کے تعین کے لیے درخواست گزاروں کے انٹرویوز کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جائیں گے، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی جانب سے انٹرویوز کا با ضابطہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    مخصوص نشستوں کے لیے انٹرویوز 8 جولائی کو اسلام آباد میں ہوں گے، انٹرویوز ارشد داد، نور الحق قادری اور محمود خان پر مشتمل پارلیمانی بورڈ کرے گا۔

    انٹرویوز کے لیے اہل امیدواروں کی تحریری فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے، جس میں انیتا محسود، مہرین رؤف آفریدی، حمیدہ شاہد، فلک ناز، تبسم، گل رخ شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  قبائلی اضلاع میں انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع

    فہرست کے مطابق راحیلہ شکیل، جیسیکا جون، کنزا اقتدار، نائلہ وسیم اور روبینہ گل بھی اہل امیدواروں میں شامل ہیں۔

    انٹرویوز کی تکمیل پر کام یاب امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں الیکشن کی تیاریاں آگے بڑھاتے ہوئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کردی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشتوں پر انتخابات کے لیے 28 لاکھ بیلٹ پپیرز چھاپے جائیں گے، یہ عمل 3سے 4دن میں مکمل ہوگا۔

    انتخابات کے لیے قبائلی اضلاع میں ایک ہزار 943 پولنگ اسٹیشن قایم ہوں گے، قبائلی اضلاع کے 26 لاکھ سے زاید ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

  • قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا: بلاول بھٹو

    قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا: بلاول بھٹو

    مہمند: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا، قبائلی علاقوں کے بجٹ میں 500 فی صد اضافہ کیا گیا، ہمارا رشتہ قربانیوں کا اور شہیدوں کا رشتہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کے پی کے ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں جلسے سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ آپ کے معاشی حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، سابق صدر آصف زرداری نے پختون خوا کو شناخت اور حقوق دیے، این ایف سی ایوارڈ میں اضافہ کر کے ہمیشہ کے لیے آپ کے لیے زیادہ پیسا رکھا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ کل بھی پشاور میں شیڈول کے مطابق پارٹی کنونشن ہوگا، 6 جولائی کو ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان جاؤں گا، ہم دیر اور باجوڑ کے بارڈر پر بھی پارٹی کنونشن رکھیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ چین سے معاہدہ کر کے آصف زرداری نے سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا، ہمارے ہاتھ میں ہوتا تو سی پیک قبائلی علاقوں سے گزر کر بلوچستان جاتا۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پنشن میں 100 فی صد اضافہ کیا جو آج تک کسی جماعت نے کیا نہ کر سکتی ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے کے پی، قبائلی علاقوں کی معیشت کو کھڑا کیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو پر نوکری دینے کا احتساب کیس بنا تھا، اگر نوکری دینا جرم ہے تو یہ میں بار بار کروں گا۔

    بلاول نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں پچھلے 6 سالوں میں انھوں نے کیا کیا ہے، کیا آپ کے صوبے میں مفت اسپتال بنے، دل کے علاج کا اسپتال بنا؟ کیا قبائلی علاقوں میں کڈنی، لیور کے مفت اسپتال کھلے؟ ان کا دوغلا نظام دیکھو اور ان کا نیا پاکستان دیکھو، نواز شریف کی آف شور کمپنی حرام ہے لیکن لاڈلے کی حلال ہے۔

    انھوں نے کہا اگر خان سچا ہے تو اسے فاٹا کا بجٹ 1000 فی صد بڑھانا چاہیے، وفاق نے تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں کٹوتی کر دی، عوام دشمن بجٹ بھی دھاندلی سے منظور کرایا گیا، سبزی، گیس، ڈیزل، پیٹرول، چینی، روٹی سب مہنگا کر دیا گیا، مرنا مہنگا جینا مہنگا ہے مگر خون سستا ہے یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹیکس کے طوفان نے عوام کو بہا دیا ہے، دوائیوں، کپڑے، چینی، دودھ سمیت ہر چیز پر ٹیکسز لگا دیے گئے، یہ کے پی اور قبائل دشمن بجٹ ہے، ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں ہمیں اپنے جمہوری حق کا تحفظ کرنا ہوگا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا میں عوام دشمن بجٹ کے خلاف نکلا میں، تبدیلی سرکار کے خلاف نکلا ہوں، ان شاء اللہ جیت عوام کی ہوگی، پیپلز پارٹی ملک کے آئین پر آنچ نہیں آنے دے گی، یہ ون یونٹ قایم کرنا چاہتے ہیں، فاٹا سے کراچی تک کئی شہری لاپتا ہیں یہ کس قسم کی آزادی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن میں اپنا کردار ثابت کرے، ضمنی الیکشن میں ثابت ہو جائے گا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، قبائلی علاقوں میں امیروں کے ہاتھ میں بلا ہے لیکن عام آدمی کے ہاتھ میں تیر ہے۔

  • بارشوں اورتیزہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، الرٹ جاری

    بارشوں اورتیزہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، الرٹ جاری

    پشاور : پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیزہواؤں  کا الرٹ جاری کردیا ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کاسلسلہ جمعرات تک جاری رہنےکاامکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

    مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اورتیزہواؤں کاسلسلہ آج شام سےاتوارتک جاری رہنے اور بیشتراضلاع میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کاسلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا ، تما م ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنےکی ہدایات کردیں ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کوموسم کی پیشگی صورت حال سےآگاہ کیاجائے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا،بلوچستان کےبیشتر میدانی علاقوں اورسندھ میں شدید گرم رہے گا۔

    مالاکنڈ،ہزارہ،پشاور،مردان، کوہاٹ ،راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن،اسلام آباد ،کشمیراورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں آج بھی موسم گرم ،مرطوب اور مطلع جزوی طورپرابرآلودرہےگا لیکن بارش کاامکان نہیں۔

  • اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ نے تعلیمی نصاب کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں اسلامیات کی کتابوں میں قرآنی آیات کے غلط ترجمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جج نے کہا کہ قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کیا جائے۔

    عدالی حکم پر صوبائی سیکریٹری تعلیم عدالت کے رو بہ رو پیش ہوئے، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔

    جسٹس قیصر رشید نے سیکریٹری تعلیم سے استفسار کیا کہ نئی نسل کے ذہنوں کو آپ آلودہ کر رہے ہیں، آپ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ کیوں نہ عدالت اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

    دریں اثنا، عدالت نے طلبہ کے پاس پہلے سے موجود اسلامیات کی کتابیں واپس لینے کا حکم بھی دے دیا، عدالت نے معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کو بھی طلب کر لیا۔

    قبل ازیں، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے چوتھی اور نویں جماعت کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ مار لکھا ہے، نصاب سے لوٹ مار کا لفظ نکالا جائے۔

    جسٹس قیصر رشید کا کہنا تھا کہ کہ آپ لوگ خود کو مسلمان کہتے ہیں اور نصاب میں الفاظ کا خیال تک نہیں رکھتے۔

  • پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی

    پشاور: پی ٹی آئی کی حکومت اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی، کے پی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا گیا، اجلاس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور حکومت نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنا بجٹ کل پیش کرے گی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے بجٹ میں 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق پشاور اور ہنگو میں وزیر اعظم سستا گھر اسکیم کا اجرا بڑے منصوبوں میں شامل ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 235 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی، اس پروگرام میں 80 ارب روپے سے زائد غیر ملکی امداد اور قرضہ شامل ہے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی پی 962 جاری اور 394 نئے منصوبوں پر مشتمل ہے، اے ڈی پی میں صوبائی حصہ 105 ارب روپے سے زائد ہے۔

    کم از کم اجرت 17500 روپے مقرر کرنے، گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافے اور گریڈ 17 سے 19 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فی صد اضافے کی تجویز ہے۔

    تعلیم کے شعبے کے لیے 162 ارب مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ بجٹ میں صحت کے لیے 52 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    دستاویز کے مطابق پولیس کے لیے 45 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے، مقامی حکومتوں کے لیے 45 ارب سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی، بلین ٹری سونامی منصوبے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    ضلع کرم میں میڈیکل کالج، شمالی وزیرستان میں ٹل، میر علی روڈ کی تعمیر بجٹ کا حصہ ہیں، قبائلی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔

    سالانہ ترقیاتی پروگرام میں گرین وزیرستان اور گرین باجوڑ منصوبہ بھی شامل ہے، قبائلی اضلاع میں یونی ورسٹی، کالجز کے قیام کے منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔

    مدارس قومی دھارے میں لانے، مساجد، قبرستانوں اور جنازہ گاہ کے لیے 300 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، پہلی بار مدارس کے طلبہ کے لیے تمام شعبوں میں ٹیکنیکل تعلیم دینے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • پشاور 20 ہزار، ہنگو 9 ہزار، سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کرنے کی منظوری

    پشاور 20 ہزار، ہنگو 9 ہزار، سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کرنے کی منظوری

    پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور، ہنگو اور سوات کے اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں گھروں کی تعمیراتی اسکیم کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں محمود خان کی زیر صدارت ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    تعمیراتی اسکیم کے تحت پشاور میں 20 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے، جب کہ ضلع ہنگو میں 9 ہزار، اور ضلع سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے اسکیم کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم کی عوام کے لیے ہم دردی اور ان کے وژن کا عکاس ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ 2019 -2020: تحریک انصاف نے 7 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا

    محمود خان نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ اسکیم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت اور اس کی فزیبلٹی رپورٹ 20 دنوں میں مکمل کی جائے۔

    کے پی کے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں سے 10 دن میں سوات اور ہنگو کی اسکیموں کا بھی حتمی پروپوزل طلب کر لیا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کوہاٹ میں ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سالانہ بجٹ میں بتایا گیا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی، اسلام آباد میں 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کا افتتاح کر دیا ہے۔

    بجٹ تقریر میں کہا گیا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام سے 28 صنعتوں کو فائدہ ہوگا، پروگرام کے لیے کراچی، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زمین حاصل کر لی گئی ہے۔

  • خیبر پختونخوا کا 750 ارب روپے کا بجٹ تیار، اٹھارہ جون کو پیش کیا جائے گا

    خیبر پختونخوا کا 750 ارب روپے کا بجٹ تیار، اٹھارہ جون کو پیش کیا جائے گا

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 20۔2019 کے لئے 750 ارب روپے سے زائد کا بجٹ تیار کر لیاہے، بجٹ اٹھارہ جون کو پیش کیا جائے گا، بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 200 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 20۔2019 کے لئے 750 ارب روپے سے زائد کا بجٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 200 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔

    صوبائی محاصل میں دس ارب روپے کا اضافہ کرکے ہدف 45 ارب سے بڑھ کر 55 ارب کردیا گیا، ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع کے لئے 36 ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں، رواں مالی سال کے دوران صوبائی حکومت نے صوبائی محاصل سے آمدن کا تخمینہ 45ارب روپے لگایا ہے ۔

    آمدن کا ہد ف 45ارب روپے سے بڑھاکر 55ارب روپے کردیا گیا ہے، نئے مالی سال کے لئے خیبر پختو نخوا کے کل آمدن کا تخمینہ 657ارب25کروڑ روپے ہے،اسی طرح جاری اخراجات کا تخمینہ 475ارب25کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ضم ہونے والے اضلاع کے جاری اخراجات کے لئے 65ارب روپے، اے ڈی پی کے لئے 36ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

  • صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مشہور پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ کو 5 روز گزر گئے لیکن تا حال یہ آپ بجھائی نہیں جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں کڑہ مار پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی، ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، جلد مکمل قابو پالیں گے۔

    گاؤں کالو خان میں مشہور پہاڑی کڑہ مار (کوڑیالہ سانپ) پر لگنے والی آگ سے بڑی تعداد میں درختوں اور جانوروں کا نقصان ہو چکا ہے، یہ پہاڑی رومانوی جوڑی یوسف خان شیر بانو کے مزار کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق پہاڑی کے ایک جانب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، پہاڑی کی دوسری جانب آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ 52 اہل کار، 5 فائر وہیکلز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، مقامی افراد، محکمہ جنگلات کے 100 اہل کار بھی امدادی کاررائیوں میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی تھی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

  • صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    صوابی: خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی کے کنڈل ڈیم میں گزشتہ رات کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 3 بہنیں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو ٹیم نے 35 افراد کو بچا لیا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بچیوں کی لاشیں بھی ڈیم سے نکال لی گئی ہیں، جب کہ باقی افراد کو پہلے ہی بچا لیا گیا تھا۔

    کشتی میں 38 افراد سوار تھے، جاں بحق بچیوں کا تعلق صوابی سے تھا، ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ جاں بحق بچیوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسپیکر اسد قیصر نے صوابی، بام خیل اور ٹوپی میں گیس منصوبوں کا افتتاح کردیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کنڈل ڈیم میں عید کے موقع پر سیر و تفریح کے لیے پہنچے تھے تاہم بد قسمتی سے کشتی چلنے کے بعد کچھ فاصلے پر ڈوب گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 35 افراد کو گزشتہ روز ہی باحفاظت نکال لیا گیا تھا تاہم آج 3 لاپتہ بچیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کے خلاف آپریشن، 5 ماہ میں 5 کروڑ وصول، 36 ملزمان گرفتار

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے بد عنوانی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ماہ میں کرپٹ عناصر سے 5 کروڑ وصول کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں اینٹی کرپشن کا محکمہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران متحرک رہا، جنوری سے اب تک 15 ایف آئی آر درج جب کہ 36 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    کرپٹ عناصر سے 5 ماہ میں 5 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اس عرصے میں 3 افراد پر جرم ثابت ہوا جنھیں سزائیں سنائی گئیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 27 کیس، 356 انکوائریاں اور 1052 شکایات نمٹائی گئیں، جب کہ 98 کیسز، 1634 انکوائریاں اور 1879 شکایات زیر تفتیش ہیں۔

    اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات 504 محکمہ مال کے خلاف ہیں، دوسرے نمبر پر 311 شکایات محکمہ آب پاشی، 159 شکایات سی اینڈ بلیو کے خلاف ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیر اعظم

    حکام نے مزید بتایا کہ احتساب کمیشن کے خاتمے کے بعد 547 شکایات اینٹی کرپشن کے حوالے کیے گئے، 146 شکایات پر کارروائی مکمل کی گئی جب کہ 401 پر کارروائی جاری ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل ڈی ریل نہیں ہوگا، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے، مایوس نہیں کریں گے۔