Tag: خیبر پختونخوا

  • ایبٹ آباد میں غیر قانونی کان کنی، پہاڑ میں دراڑیں، آبادی شدید خطرے میں

    ایبٹ آباد میں غیر قانونی کان کنی، پہاڑ میں دراڑیں، آبادی شدید خطرے میں

    ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت و بے حسی نے آبادی کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔ چلیتر گاؤں میں ہونے والی غیر قانونی کان کنی سے گاؤں کے تمام گھروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور پہاڑ سرکنے لگا۔

    ایبٹ آباد کے چلیتر گاؤں کے رہائشیوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی۔ ایبٹ آباد میں محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ کی غیر قانونی کان کنی سے گاؤں کے تمام مکانوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

    سو سے زائد مکانات پر مشتمل گاؤں میں ہونے والی کان کنی نے پہاڑوں میں بھی دراڑیں ڈال دی ہیں، جبکہ پہاڑ بھی سرک رہا ہے جو کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔

    ٹرمپ کا کوئلے کی کانیں کھودنے کا منصوبہ *

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور محکمہ معدنیات کے اعلیٰ حکام کو معاملے سے آگاہ کیا گیا لیکن محکمہ معدنیات اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ آبادی کا کہنا ہے کہ اس طرح کی درجنوں کانیں آبادی کے درمیان سے نکالی گئی ہیں جس کے باعث پہاڑ بھی سرکنے لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ کان کنی ماحول اور انسانی صحت کے لیے ایک مضر عمل ہے۔ مختلف کانوں سے نکالی جانے والی دھاتیں اپنی اصل حالت میں موجود ہوتی ہیں جو اپنے تمام تر نقصانات کے ساتھ نہ صرف کان کنوں بلکہ قریبی آبادی اور ماحول پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    کانوں میں کھدائی کرنے والے مزدوروں اور قریبی آبادیوں میں رہنے والے افراد میں سانس کی بیماریاں عام ہوتی ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی جاتی ہیں اور بالآخر ان کی موت پر منتج ہوتی ہیں۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون

    موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک اے ڈی بی نے پاکستان کے 3 شہروں کے لیے ایک ترقیاتی منصوبے کی منظوری دی ہے جس کے تحت ان شہروں میں موسمیاتی تغیرات کے نقصانات کی بحالی کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے منظوری دیے جانے والے اس منصوبے میں تکنیکی معاونت شہروں میں موسمیاتی تغیر کے نقصانات سے بحالی کے ٹرسٹ یو سی سی آر ٹی ایف کے حوالے کی گئی ہے۔

    اس منصوبے کے تحت ترقی پذیر ممالک کے بڑے شہروں میں موسمیاتی تغیر (کلائمٹ چینج) سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ اور ان کی بحالی کی جائے گی۔ ان نقصانات میں کلائمٹ چینج کے باعث وقوع پذیر ہونے والے واقعات جیسے سیلاب، ہیٹ ویو، یا غذائی قلت سے ہونے والے نقصانات شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کلائمٹ چینج کے باعث موسموں کی شدت میں اضافے کا خطرہ

    منصوبے میں پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، بھارت، انڈونیشیا، میانمار، اور ویتنام کے شہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اے ڈی بی کے مطابق جن 3 پاکستانی شہروں کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے وہ کلائمٹ چینج کے حوالے سے نہایت شدید خطرات کا شکار ہیں۔

    منصوبے کے تحت ان شہروں میں مقامی رہائشیوں کے ساتھ مل کر دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ ایسے انفراسٹرکچر کے قیام پر کام کیا جائے گا جو موسمیاتی  تبدیلیوں کی صورت میں ہونے والے نقصانات کو برداشت کرسکے۔

    اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک ہی کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بڑے شہروں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنہ 1951 سے ان شہروں کی آبادی میں سالانہ 4 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کم عمری کی شادیاں آبادیوں میں اضافے کا سبب

    اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ سنہ 2060 تک پاکستان کی 60 فیصد آبادی شہروں میں رہائش پذیر ہوجائے گی جس سے ان شہروں کو انفرا اسٹرکچر، ماحول، معیشت اور امن و امان کے حوالے سے بے پناہ دباؤ اور سنگین خطرات کا سامنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کی 30 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور

    اے ڈی بی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں اربنائزیشن (گاؤں، دیہاتوں سے شہروں کی طرف ہجرت) کا عمل ایک بدترین صورتحال میں بدل چکا ہے جس کی وجہ مناسب حکمت عملیوں اور منصوبہ بندی کا فقدان، کمزور قوانین، اور سہولیات کی عدم فراہمی ہے۔

    اے ڈی بی کے منصوبے میں شامل خیبر پختونخوا کے 3 شہر بھی اسی صورتحال کا شکار ہیں اور وہاں رہائش پذیر بیشتر آبادی کو گھر، روزگار اور بنیادی سہولیات کا عدم فراہمی کا سامنا ہے۔

  • سوچ میں تبدیلی پولیو کے خاتمے کے لیے ضروری

    سوچ میں تبدیلی پولیو کے خاتمے کے لیے ضروری

    دنیا بھر میں آج انسداد پولیو کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک ہیں جہاں آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی پولیو جیسا مرض موجود ہے۔

    سنہ 2015 میں جاری کی جانے والی رپورٹس کے مطابق یہ دو ممالک پولیو زدہ تھے تاہم رواں برس افریقی ملک نائجیریا میں بھی ایک سے 2 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد اب نائیجریا بھی اس فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔

    polio-1

    رواں برس پاکستان میں 15 جبکہ افغانستان میں 8 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ پاکستان میں پولیو ویکسین حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جانے والی ویکسین ہے جو پولیو ورکرز گھر گھر جا کر 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو پلاتے ہیں، تاہم اس کے باوجود پاکستان میں پولیو وائرس کی موجودگی کا سبب والدین کے توہمات اور کم علمی ہے۔

    پاکستان میں پولیو کیسز کی بڑی تعداد صوبہ خیبر پختونخوا سے رپورٹ کی جاتی ہے جہاں کے غیر ترقی یافتہ اور قبائلی علاقوں میں پولیو ویکسین کو بانجھ کردینے والی دوا سمجھی جاتی ہے۔

    یہی حال کراچی کے کچھ پسماندہ علاقوں کا بھی ہے جہاں پولیو ویکسین کو غیر ملکی ایجنڈے کے تحت پلائی جانے والی دوا سمجھی جاتی ہے جس میں لوگوں کو بیمار کردینے والے اجزا شامل ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: انسداد پولیو کے لیے جاپان کا پاکستان کو قرض

    سر سید اسپتال کراچی کے ڈاکٹر اقبال میمن کے مطابق ایک بار جب وہ لوگوں میں پولیو کے خلاف آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ایک مہم میں شامل ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے یہ بھی سنا کہ ’پولیو ویکسین میں بندر کے خون کی آمیزش کی جاتی ہے جس سے ایبولا اور دیگر خطرناک امراض کا خدشہ ہے‘۔

    سنہ 2014 میں پاکستان میں پولیو وائرس کے مریضوں کی تعداد 306 تک جا پہنچی تھی جو پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔ اس کے بعد پاکستان پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی گئیں تھی۔ اسی سال پڑوسی ملک بھارت پولیو فری ملک بن گیا۔

    مزید پڑھیں: بھارت کا ہنگامی انسداد پولیو مہم کا اعلان

    تاہم حکومتی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے چلائی جانے والی آگاہی مہمات کے باعث رفتہ رفتہ لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آنے لگی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ سنہ 2015 میں پولیو کیسز کی تعداد گھٹ کر 54 ہوگئی اور رواں سال اب تک 16 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

    polio-3

    قبائلی علاقہ جات کے میڈیا آفیسر عقیل احمد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں بھی پولیو سے بچاؤ اور قطرے پلانے کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی آرہی ہے۔ سنہ 2014 میں بیشتر قبائلی علاقوں میں 33 ہزار 6 سو 18 بچے پولیو کے قطرے پلانے سے محروم رہ گئے۔ یہ وہ بچے تھے جن تک دشوار گزار راستوں کی وجہ سے رسائی نہ ہوسکی، یا ان کے والدین نے انہیں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔

    مزید پڑھیں: قبائلی علاقے میں پولیو کیسز کی شرح صفر

    اس کے بعد صرف 2 سال میں ڈرامائی تبدیلی آئی اور اب پولیو کے قطرے پینے سے محروم بچوں کی شرح صرف 1 فیصد رہ گئی ہے۔

    رواں برس جون میں پشاور میں پانی کے نمونوں کی جانچ کی گئی جو پولیو وائرس سے پاک پائے گئے جس کی تصدیق عالمی ادارہ صحت نے بھی کی۔

    یاد رہے کہ پاکستان بھر میں صوبہ پنجاب واحد ایسا صوبہ ہے جہاں رواں برس پولیو کا کوئی کیس منظر عام پر نہیں آیا۔

    آج انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں پولیو کی اعزازی سفیر آصفہ بھٹو نے ملک بھر کے والدین کو پیغام دیا کہ پولیو ویکسین کے دو قطرے دو مرتبہ ہر بچے کو پلائیں۔

  • فلم ’جانان‘ نے ریلیز کے پہلے روز شائقین کا دل جیت لیا

    فلم ’جانان‘ نے ریلیز کے پہلے روز شائقین کا دل جیت لیا

    اے آر وائی فلمز اور آئی آر کے فلمز کی مشترکہ پیشکش فلم ’جانان‘ نے عید الاضحیٰ پر دھوم مچادی۔ عید کے دوسرے روز ملک بھر کے سینما گھروں میں فلم کے لیے ہاؤس فل ہوچکے ہیں۔

    اے آر وائی فلمز اور آئی آر کے فلمز کی مشترکہ پیشکش فلم ’جانان‘ عیدالاضحیٰ پر ریلیز کردی گئی ہے جسے دیکھنے کے لیے فلم بین سینما گھروں میں امڈ آئے ہیں۔

    janaan-2

    فلم کو دیکھنے کے لیے شوبز کے مختلف ستاروں نے بھی سینما گھروں کا رخ کیا اور فلم کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    فلم ’جانان‘ کی کہانی خیبر پختونخوا کے رسم رواج اور ثقافت میں پنپنے والی محبت کی عکاس ہے۔

    فلم میں ارمینہ رانا خان، بلال اشرف اور علی رحمٰن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں مشی خان، عجب گل اور نیئر اعجاز شامل ہیں جبکہ اس کا اسکرپٹ عثمان خالد بٹ نے لکھا ہے۔

    janaan-3

    ریحام خان، حریم فاروق، منیر حسین اور عمران کاظمی کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں۔

    دوسری جانب لندن کے اوٹو ایرینا سینما میں پاکستان کی پہلی فلم کے پریمیئر کا انعقاد ہوا۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق فلم انڈسٹری پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

    فلم ’جانان‘ برطانیہ کے 38 سینما گھروں میں ریلیز ہوئی جسے شائقین نے خوب سراہا ہے۔

    ایکشن، رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’جانان‘ پاکستان سمیت 15 ممالک میں عید الاضحیٰ پرنمائش کے لیے پیش کردی گئی ہے۔ فلم کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد سینما گھروں میں آرہی ہے اور اسے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے

    مردان: آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے جہاں انہوں نے مردان دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

    آج صبح مردان میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل حیات الرحمٰن بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف نے اسپتال میں دہشت گرد حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس دوران وہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی ملے۔

    آرمی چیف کے دورے کے دوران ضلعی انتطامیہ اور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزرا بھی وہاں موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات تو کیے گئے تاہم عام لوگوں کو تکلیف نہیں دی گئی۔ ان کے دورے کے دوران مریض اسپتال میں آتے رہے جبکہ اسپتال کے اندر عام گاڑیاں بھی گھومتی رہیں۔

    واضح رہے کہ آج صبح صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں ضلع کچہری گیٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجہ میں 4 پولیس اہکاروں اور 3 وکلا سمیت 12 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے۔

    اس سے قبل آج ہی علیٰ الصبح پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی میں 4 دہشت گرد ناپاک عزائم لے کر داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد دستی بم، ایس ایم جی گنوں اور خود کش جیکٹ سے مسلح تھے۔

  • فلم ’جاناں‘ کے گانوں کا البم ریلیز

    فلم ’جاناں‘ کے گانوں کا البم ریلیز

    اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بننے والی پاکستانی فلم ’جاناں‘ کے گانوں کا البم ریلیز کردیا گیا۔ فلم عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

    آئی آر کے فلمز، ایم ایچ پروڈکشنز اور اے آر وائی فلمز کی مشترکہ پیشکش فلم ’جاناں‘ کے مصںف عثمان خالد بٹ ہیں۔ ریحام خان، حریم فاروق، منیر حسین اور عمران کاظمی کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں۔

    فلم کی کاسٹ میں ارمینہ رانا خان، بلال اشرف اور علی رحمان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں مشی خان، عجب گل اور نیئر اعجاز شامل ہیں۔

    ٹائٹل سانگ سنیئے

    فلم کا ٹائٹل سانگ بھارتی گلوکار ارمان ملک نے گایا ہے جس کی تحریر فاطمہ نجیب کی ہے جبکہ گانے کی کمپوزیشن سالم سولیمہ نے دی ہے۔ ارمان ملک نے پہلی مرتبہ کسی پاکستانی فلم کے لیے گایا ہے۔

    ٹریلر دیکھیئے

    فلم جاناں کی کہانی خیبر پختونخوا کے پس منظر، رسم رواج اور ثقافت میں پنپنے والی محبت پر مبنی ہے۔

  • خیبر پختونخوا کے عوام اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ، امیر مقام

    خیبر پختونخوا کے عوام اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ، امیر مقام

    پشاور: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پشاور لاکر تاریخی جلسہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام موٹروے بنانا چاہتے ہوں تو شیر کا ساتھ دیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے زیر اہتمام پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے احتجاجی سیاست کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔

    تحریک انصاف ناکام ریلی میں مصروف ہے جبکہ ن لیگ کا ایک شیر بڑا جلسہ کر رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا جلسہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ لوگ اب تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہیں، خیبر پختونخواہ کی غیورعوام نواز شریف کے پاکستان ویژن کو جانتی ہیں۔

    امیر مقام نے کہا کہ عوام نے 120دن کے دھرنے کی سازش کو بھی ناکام بنا یا ،عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے خیبر پختونخواکا نا م خراب کیا ۔

    انہوں نے کہا ستمبر یا اکتوبر میں وزیر اعظم نواز شریف پشاور میں تاریخی جلسہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان پشاور آئے تو ساری پولیس ریلی میں لگ گئی ،پولیس کو سیاست سے آزاد کرنےوالوں نے پولیس کو اپنی ریلی کی سیکیورٹی پر لگا دیا۔

    جلسے کے دوران گوعمران گو کے نعرے بھی لگوائے گئے۔ جلسے میں مسلم لیگ ن کے کارکن جوش میں اسٹیج پر چڑھ گئے۔

     

  • آئی جی سندھ کا سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا حکم

    آئی جی سندھ کا سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا حکم

    کراچی: سوات خیبر پختونخوا ریموٹ کنٹرول دھماکے کے تناظر میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو احکامات جاری کیے ہیں کہ صوبائی سیکیورٹی پلان کے تحت جاری سیکیورٹی اقدامات کے مجموعی امور کو مزید سخت ، مربوط اور غیر معمولی بنایا جائے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے جاری احکامات میں کہا ہے کہ تمام سرکاری نیم سرکاری عمارتوں،دفاتر، قونصل خانوں،سفارت کاروںکے رہائشی مقامات،حساس تنصیبات،ریلوے اسٹیشنوں،ایئر پورٹس،بس ٹرمینلز وغیرہ سمیت تمام پبلک مقامات ، تجارتی و صنعتی علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں و انٹیلی جینس ایجینسیوں سے رابطوں میں رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو پولیس رینج ، ڈسٹرکٹس ، زونز کی سطح پر انتہائی ٹھوس اور مؤثر بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ خفیہ سراغ رسانی اور اس کے تحت حاصل ہونے والی معلومات کی شیئرنگ اور فالو کرنے کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کے حوالے سے بروقت انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔صوبے کے تمام داخلی خارجی راستوں ، میدانی ، مضافاتی علاقوں میں تھانوں کے لحاظ سے ناکہ بندی ، کڑی نگرانی اور سرچنگ جیسے اقدامات کو مربوط اور غیر معمولی بنایا جائے، جبکہ تمام ہائی ویز کے ساتھ ساتھ علاقوں میں پیٹرولنگ کو مذید سخت کیا جائے، رینڈم اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ اور بالخصوص موٹر سائیکل گشت کو تمام تھانہ جات مسلسل رابطوں کے تحت غیر معمولی بنائیں۔

  • خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    پشاور:خیبر پختون خوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جن سے باقاعدہ پیداوار ستمبر سے شروع ہوگی۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل )نے مکوری فائیو میں تیل و قدرتی گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان اسٹاک ایکسچینج میں جاری کردہ نوٹس میں کیا گیا جس کے مطابق نئے ذخائر سے یومیہ 2800 بیرل تیل اور 19.26 مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل کی جاسکے گی۔

    قبل ازیں اسی سال تیل تلاش کرنے والے ایک نجی کمپنی کو بھی صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں ڈرلنگ کے دوران تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر ملے تھے۔
    واضح رہے کہ اس وقت سب سے زیادہ گیس صوبہ سندھ سے حاصل کی جارہی ہے تاہم آل پاکستان سی این جی گیس ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ 18ویں ترمیم کے مطابق قدرتی وسائل پر صوبوں کا پچاس فیصد حصہ ہے لیکن سندھ سے نکلنے والی پچاس فیصد گیس سندھ کو نہیں دی جارہی۔

    خیبر پختون خوا سے تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہونے کے بعد قانونی طور پر وفاق کے پی کے کو بھی پچاس فیصد حصہ دینے کا پابند ہوگا تاہم عمل درآمد نہ ہوا تو کے پی کے کی حکومت یا تاجر اس کےخلاف آواز بلند کرسکتے ہیں۔

  • ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین، الزام ثابت نہ ہوسکا

    ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین، الزام ثابت نہ ہوسکا

    پشاور : احتساب کمیشن نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر ضیاءاللہ آفریدی کیخلاف اثاثوں کی چھان بین کی فائل بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں زیرحراست صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی خلاف انکوائری ختم کردی گئی۔ احتساب کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کےدوران ضیاءاللہ آفریدی کے کسی قسم کے غیرقانونی اثاثے ثابت نہ ہوسکے۔

    احتساب کمیشن کے ذرائع کے مطابق ضیاءاللہ آفریدی کے منجمد بینک اکاؤنٹس بھی بحال کردیئے گئے ہیں اور ان کی ایک سال کی تنخواہ ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ کے بعد ضیاءاللہ آفریدی کی ضمانت کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : تحریک انصاف کے وزیرِمعدنیات کرپشن کے الزام میں گرفتار

     

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں خیبرپختونخوا احتساب کمیشن نےتحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاللہ آفریدی کو کرپشن کے الزامات میں گرفتارکیا تھا۔

    گرفتاری کے بعد اعلیٰ قیادت نے انہیں معدنیات کی وزارت سے بھی فارغ کردیا تھا۔ ضیااللہ آفریدی پراختیارات کے ناجائز استعمال کرنےکےالزمات تھے۔