Tag: خیبر پختونخوا

  • خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلہ آ گیا

    خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلہ آ گیا

    پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلہ آ گیا، جس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مینگورہ شہر سمیت ضلع سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کے نواحی اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کی گہرائی 212 کلومیٹر تھی جب کہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا، زلزلے کے جھٹکوں کا دورانیہ 15 سے 20 سیکنڈ تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے سوات، بٹگرام، لوئر دیر، چترال، دیر بالا، ملاکنڈ، شانگلہ، چارسدہ، مانسہرہ اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی مینگورہ شہر اور اس کے نواح میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

  • پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    پشاور : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد ملک بھر میں رواں برس اس وائرس سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 56 تک جا پہنچی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے مطابق پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوا ہے۔

    این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے، رواں سال صرف ڈی آئی خان سے 7پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق رواں سال بلوچستان سے 26، کے پی سے 15کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال سندھ 13، پنجاب، اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    اس سے قبل پاکستان میں پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد پولیو کیسز کی تعداد 55 ہوگئی تھی۔

    قومی ادارہ صحت کی ریجنل لیبارٹری نے 3 پولیو کیسز کی تصدیق کر دی جس کے مطابق پولیو کیسز ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے۔

    واضح رہے کہ پولیو ایسا موذی مرض ہے جس کا شکار بچہ زندگی بھر کے لیے چلنے پھرنے سے معذور ہو جاتا ہے۔

    پولیو کی روک تھام کے لیے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 1992 میں ہوا تھا۔ جس میں ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاتے ہیں۔

    تاہم کئی پسماندہ علاقوں میں مختلف منفی مفروضوں کے باعث والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کر دیتے ہیں جب کہ کئی پولیو ورکرز اس مہم میں اپنی جانیں بھی گنوا بیٹھے ہیں۔

  • کرم کشیدگی: مزید 12 افراد ہلاک، مسلح افراد نے خواتین، بچوں، بزرگوں کو آگ لگا دی

    کرم کشیدگی: مزید 12 افراد ہلاک، مسلح افراد نے خواتین، بچوں، بزرگوں کو آگ لگا دی

    خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں کشیدگی نے شدت اختیار کرلی، دو گروپوں میں جھڑپوں میں مزید 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں جمعرات کو گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ میں 40 سے زائد شہریوں کی موت کے بعد جمعے سے قبائل کے مابین جھڑپوں میں اب تک مزید 30 افراد کی جان جا چکی ہے اور متعدد زخمی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے دیہات کالو کنج، بادشاہ کوٹ اور بگن بازار جلا دیا گیا، لوٹ مار کی گئی، کرم میں 24گھنٹے میں جھڑپوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔

    عمائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلح افراد نےکئی بے گناہ خواتین، بچوں، بزرگوں کو آگ لگادی ہے۔

    خیال رہے کہ جمعرات 21 نومبر کی صبح ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے پشاور اور پشاور سے پاراچنار کے لیے 200 گاڑیوں پر مشتمل کانوائے روانہ ہوا تھا۔

    مسافر گاڑیوں کے پہنچتے ہی مسلح افراد نےگاڑیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 45افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    7 روز تک مشروط فائر بندی 

    کرم کی صورتحال کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی پارا چنار میں موجود ہے، ضلع کرم میں عمائدین سے مذاکرات مثبت رہے ہیں، ایک فریق کے عمائدین  نے 7 روز تک مشروط فائر بندی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ امن کے لیے فریقین کیساتھ الگ الگ بیٹھک جاری ہے، آج بھی عمائدین کیساتھ مذاکرات کیے جائیں گے، تجاویز اور مطالبات سامنے رکھے جائیں گے، حکومت فریقین کے آمنے سامنے جرگے سے مسئلے کا حل نکالے گی۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ پختون معاشرے میں جرگہ ہی واحد حل ہے، گزشتہ رات وزیراعلیٰ کو زوم میٹنگ کے ذریعے پیش رفت سے آگاہ کیا ہے، اس حکومتی وفد میں وزیراطلاعات، وزیر قانون، آئی جی کے پی شامل ہیں۔

  • کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 6 خواتین سمیت 38 افراد جاں بحق

    کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 6 خواتین سمیت 38 افراد جاں بحق

    ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 38 افراد مارے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کرم میں پاراچنار جانیوالی مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 خواتین سمیت 38 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ترجمان ڈی پی او احسان اللہ کا کہنا ہے کہ قافلوں میں مسافر گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے، دوسری جانب زخمی افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • کس صوبے نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی؟ وفاقی وزارت خزانہ نے بتا دیا

    کس صوبے نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی؟ وفاقی وزارت خزانہ نے بتا دیا

    اسلام آباد: وفاق نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صوبوں کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی۔

    وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا نے وفاق کو 103 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا ہے، گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر کے پی کا خسارہ 10 ارب روپے تھا، جب کہ آمدن 316 ارب اور اخراجات 212 ارب روپے رہے۔

    وفاقی رپورٹ کے مطابق اس کے برعکس جولائی تا ستمبر پنجاب حکومت کا خسارہ 160 ارب روپے رہا، صوبے کی آمدن 866 ارب رہی جب کہ اخراجات 1026 ارب روپے رہے، اس طرح گزشتہ مالی سال پنجاب حکومت نے پہلی سہ ماہی میں 28 ارب روپے کا خسارہ کیا تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر سندھ کی معاشی کارکردگی بھی بہتر رہی ہے، جولائی تا ستمبر سندھ نے 131 ارب روپے کا سرپلس بجٹ وفاق کو دیا، اس دوران سندھ کی آمدن 568 اور اخراجات 437 ارب روپے رہے، گزشتہ مالی سال پہلی سہ ماہی میں سندھ نے 19 ارب روپے کا سرپلس دیا تھا۔

    وفاقی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر بلوچستان نے وفاق کو 85 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا، اس دوران بلوچستان کی آمدن 168 ارب روپے اور اخراجات 83 ارب روپے رہے، جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر بلوچستان نے 171 ارب روپے کا سرپلس دیا تھا۔

  • حکومت سے آئینی ترامیم پر مذاکرات انتخابات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے: بیرسٹر سیف

    حکومت سے آئینی ترامیم پر مذاکرات انتخابات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے: بیرسٹر سیف

    مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ حکومت سے آئینی ترامیم پر مذاکرات انتخابات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ حکومت سے آئینی ترامیم پر مذاکرات انتخابات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے اس لیے اپوزیشن کسی دباؤ یا لالچ  میں آکر عوام کا ساتھ نہ چھوڑیں۔

    بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اپوزیشن سے مذاکرات غیر منتخب حکومت کو جائز قرار دینے کی کوشش ہے، موجودہ پارلیمنٹ نامکمل اور غیر آئینی ہے اسے قانون سازی کا حق نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بھی انتخابی عمل کو متنازع قرار دے چکی ہے، اپوزیشن میں کوئی حق نہیں رکھتا کہ حکومت سے آئینی ترامیم پر مذاکرات کرے، ایسی حکومت سے آئینی ترمیم پر مذاکرات آئین، جمہوریت، عدالتوں کی توہین ہے۔

  • خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری

    خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری

    لکی مروت: پولیس نے خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب 73 دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت پولیس نے انتہائی  مطلوب 73 دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی، پولیس نے دہشتگردوں، بھتہ خوروں، سہولت کاروں کے نام، ولدیت اور سکونت جاری کردیں۔

    ڈی پی او لکی مروت تیمور خان نے کہا کہ دہشتگردوں انکے سہولت کاروں کیخلاف  آپریشن مزید فعال کرنے کا حکم جاری کردیا گیا، ملزمان دہشتگردی، بھتہ خوری، بم دھماکوں، سیکیورٹی اداروں پر حملے میں ملوث ہیں۔

  • سوات اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    سوات اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں زلزلے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مینگورہ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، لوگ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 151 کلو میٹر تھی۔

    زلزلہ کوہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

  • میٹرک نتائج کا اعلان

    میٹرک نتائج کا اعلان

    پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے 8 تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    پشاوربورڈ کے ہونے والے میٹرک کے امتحانات میں اس بارت تین طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں طالبات کے نمبر بالکل یکساں ہیں، ثنیہ صافی، سعیدہ سویرہ اور مروا عالم نامی اسٹوڈنٹس کو پہلی پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

    ثنیہ، سعیدہ اور مروا تینوں طالب علموں نے 1176 نمبرز حاصل کیے ہیں، اس کے علاوہ عائزہ ایاز کی 1175 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے۔

    طالب علم جعفر شاہ نے 1174 نمبرز حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کی، پشاور بورڈ کے تحت دسویں جماعت میں امیدواروں کے پاس ہونے کی شرح 87 فیصد رہی۔

  • بنوں واقعات پر محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی رپورٹ سامنے آ گئی

    بنوں واقعات پر محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی رپورٹ سامنے آ گئی

    پشاور: بنوں میں پرتشدد واقعات پر محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کے پی نے بنوں واقعات سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی کو دہشت گردوں نے فورسز کے سپلائی ڈپو پر حملہ کیا تھا جس میں 8 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری شہید ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 19 جولائی کو سیاسی سمیت تاجر برادری کا ایک احتجاجی اجتماع ہوا جو پر امن طور پر ختم ہوا، لیکن اس دوران مظاہرین کی آڑ میں کچھ شرپسندوں نے پتھراؤ کیا، اور سیکیورٹی فورسز کے سپلائی ڈپو پر لگائے گئے خیموں کو آگ لگا دی گئی، ڈپو کی دیوار کو گرا دیا اور فائر کیا گیا۔

    پولیس نے صورت حال کا جائزہ لیا اور انھیں وہاں سے نکالنے کی پوری کوشش کی، لیکن اس دوران ایک شخص جاں بحق جب کہ 25 زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہدایت کی تھی کہ مظاہرین کو پرامن منتشر کیا جائے۔

    20 جولائی کو وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر اور دیگر کو مظاہرین سے بات چیت کے لیے بھیجا، وزیر اعلی ٰنے اس واقعے میں ایک انکوائری بھی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ایک 40 رکنی جرگے کو مسئلے کو باہمی طور پر حل کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

    جرگے نے کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سمیت انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی، اور اس طرح یہ جرگہ مظاہرین کا 16 نکاتی ایجنڈا سامنے لایا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان نکات پر غور کیا جا رہا ہے جو حل ہو سکتے ہیں ان کو فوری تسلیم کیا جائے گا، نیز وزیر اعلیٰ خود اس تمام معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔