Tag: خیرسون

  • یوکرین کے علاقے خیرسون پر قبضے کی جنگ نے بڑی اہمیت اختیار کر لی

    یوکرین کے علاقے خیرسون پر قبضے کی جنگ نے بڑی اہمیت اختیار کر لی

    کیف: یوکرین کے علاقے خیرسون پر قبضے کی جنگ نے روس یوکرین جنگ میں بڑی اہمیت اختیار کر لی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین روس جنگ میں خیرسون سے متعلق لڑائی مرکزی حیثیت اختیار کرنے لگی ہے، دونوں متحارب ممالک کی افواج علاقے میں پیش قدمی کے لیے پر تول رہی ہیں۔

    بہ ظاہر اسٹریٹجک لحاظ سے جنوبی یوکرین کے اہم ساحلی شہر خیرسون سے روسی فوجیوں کی پسپائی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، کیف کی افواج مسلسل پیش قدمی کر رہی ہیں، جب کہ روسی صدر پیوٹن نے گزشتہ روز خطرناک علاقوں سے شہریوں کے انخلا کی منظوری دے دی ہے، تاکہ بمباری سے شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔

    روسی صدر کے اس اقدام سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ماسکو کی افواج خیرسون کا دفاع کرنے کی تیاری کر چکی ہیں، اور علاقے میں متحارب افواج میں خوں ریز جنگ کا پارہ مزید چڑھنے والا ہے۔

    پیوٹن نے جنوبی خیرسون سے عام شہریوں کے انخلا کی توثیق کر دی

    تاہم یوکرین کی فوج نے عندیہ دیا ہے کہ وہ عسکری پیش قدمی سے پہلے دشمن کی نقل و حرکت پر بغور نظر رکھے گی، خیرسون کے علاقے میں ایک روس نواز رہنما نے جمعرات کو قوی امکان ظاہر کیا کہ روسی افواج دریائے دونیپرو کے مشرقی کنارے کی طرف روانہ ہوں گی۔

    رہنما کے تبصرے کو اس اشارے کے طور پر لیا گیا ہے کہ روسی افواج شہر کے قریب کے علاقوں سے پیچھے ہٹ سکتی ہیں، رہنما نے جمعہ کو کہا کہ شہر میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    واشنگٹن پوسٹ نے جمعہ کے روز مغربی حکام کے حوالے سے کہا کہ روسی افواج پسپائی کے لیے تیار دکھائی دیتی ہیں، اخبار نے اطلاع دی ہے کہ یوکرین کی فوج جلد ہی شہر پر دوبارہ قبضہ کر سکتی ہے۔

  • پیوٹن نے جنوبی خیرسون سے عام شہریوں کے انخلا کی توثیق کر دی

    پیوٹن نے جنوبی خیرسون سے عام شہریوں کے انخلا کی توثیق کر دی

    ماسکو: روسی صدر پیوٹن نے جنوبی خیرسون سے عام شہریوں کے انخلا کی توثیق کر دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے جنوبی یوکرین میں روسی مقبوضہ خیرسون کے کچھ حصوں سے عام شہریوں کے انخلا کی منظوری دے دی ہے۔

    دوسری طرف کیف کی افواج اسٹریٹجک ساحلی شہر میں مسلسل پیش قدمی کر رہی ہیں، جب کہ پیوٹن نے کہا ہے کہ خطرناک علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو وہاں سے نکل جانا چاہیے، کیوں کہ شہری آبادی کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔

    صدر پیوٹن ماسکو ریڈ اسکوائر میں یومِ یک جہتی کے موقع پر لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے، اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ خیرسون سے رہائشیوں کو انتہائی خطرناک علاقوں سے نکالنا ضروری ہے، ہم نہیں چاہتے کہ حملوں اور بمباری سے شہری آبادی کو نقصان پہنچے۔

    واضح رہے کہ کم از کم 70 ہزار لوگ خیرسون سے پہلے ہی منتقل ہو چکے ہیں، یہ واحد بڑا شہر ہے جسے ماسکو نے فروری میں فوجیوں کے حملے کے بعد قبضے میں لے لیا تھا۔

    دوسری جانب یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوجی پیچھے نہیں ہٹیں گے، یوکرین کو کچھ مشکل فیصلے لینا ہوں گے۔ کیف نے روس پر یوکرین کے شہریوں کو زبردستی ملک بدر کرنے کا الزام بھی لگایا، جسے جنگی جرم سمجھا جاتا ہے، تاہم ماسکو نے اس کی تردید کی ہے۔