Tag: خیرسگالی پیغام

  • پاک بحریہ کے جہاز خیر سگالی پیغام کے ساتھ مراکش بندرگاہ پہنچ گئے

    پاک بحریہ کے جہاز خیر سگالی پیغام کے ساتھ مراکش بندرگاہ پہنچ گئے

    کراچی: پاک بحریہ کے دو بحری جہاز خیر سگالی کا پیغام لے کر مراکش کی بندرگاہ کاسا بلانکا پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے دو جہازوں نے مراکش کی بندرگاہ کاسا بلانکا کا دورہ کیا، ان جہازوں میں پی این ایس معاون اور اصلت شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کاسا بلانکا پہنچنے پر مراکش کی میزبان بحریہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، مشن کمانڈر اور نیوی آفیسرز نے کاسا بلانکا کے کمانڈر سینٹر میری ٹائم سیکٹر اور ملٹری ریجن آف کاسا بلانکا سے ملاقاتیں کی۔

    پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے مراکشی عوام اور بحریہ کے لیے پاکستان کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا، ملاقاتوں میں باہمی دل چسپی اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مراکش کے حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریئر ایڈمرل زاہد الیاس پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی تعینات

    ملاقاتوں میں مراکش حکام نے سمندری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس معاون پر عشایئے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مراکش بحریہ کے حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے شرکت کی، ترجمان نے بتایا کہ مشن کمانڈر نے مراکشی حکام کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کیا۔

    دریں اثنا، دونوں ممالک کے جہازوں نے مشترکہ مشقوں میں بھی حصہ لیا۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سے متعلق خیرسگالی پیغام جاری

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سے متعلق خیرسگالی پیغام جاری

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے کی آمد سے متعلق خیرسگالی پیغام جاری کیا گیا ہے، خیرسگالی پیغام کی ویڈیو برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کے پاکستانی دورے کی تفصیلات سامنے آگئیں، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑا اسلام آباد، لاہور اور مغربی حصوں کا دورہ کرے گا۔

    برطانوی ہائی کمشنر کے مطابق شاہی جوڑا دورے میں پاکستانیوں سے بھی ملاقات کرے گا، ملاقاتوں میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

    تھامس ڈریو کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کا پاکستان کا دورہ ماضی کی روایات کا تسلسل ہے، برطانیہ پاکستان سے دیرپا اور مستحکم تعلقات کا خواہش مند ہے۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ مسرتوں بھرا ہوگا، امید ہے شاہی جوڑے کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شاہی جوڑا 15 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کل شب ساڑھے 9 بجے پاکستان پہنچیں‌ گے۔

    جمعرات کو شہزادہ اور شہزادی چترال روانہ ہوں گے، اسی روز ان کے درہ خیبر اور قلعہ خیبر کا دورہ بھی متوقع ہے تاہم یہ بہتر موسمی حالات سے مشروط ہوگا۔

    برطانوی شاہی جوڑا جمعرات کی رات واپس وفاقی دارالحکومت پہنچے گا۔ 18 اکتوبر یعنی جمعے کو ان کے فیصل مسجد کے دورے کا بھی امکان ہے۔ برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔