Tag: خیرپور

  • خیرپور: کچے کے علاقے میں پولیس کا بڑا آپریشن، 7 ڈاکو مارے گئے

    خیرپور: کچے کے علاقے میں پولیس کا بڑا آپریشن، 7 ڈاکو مارے گئے

    لاڑکانہ : خیر پور میں  کچے کے علاقے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو سمیت مبینہ7 ڈاکو ہلاک کردیے اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی مسعود بنگش کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے کیٹی ممتاز کے قریب خیر پور اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں بڑا آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران موجود ڈاکووں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو سات گھنٹوں سے زائد جاری رہا۔

    جس کے نتیجے میں 7 ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کے پولیس نے بھاری تعداد میں جدید اسلحہ بھی بر آمد کرکے ڈاکوؤں کی آماج گاہوں کو تباہ کردیا، برآمد ہتھیاروں میں اینٹی ائیر کرافٹ گن راکٹ لانچر و دیگر شامل ہیں۔

    ایس ایس پی مسعود بنگش نے بتایا کہ ہلاک ڈاکووں میں سندھ کے بدنام ڈاکو پٹھان اور اقبال ناریجو بھی شامل ہیں، جو ایک سو سےزائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، جب کی ان کی سر کی قیمت 10۔ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

    ایس ایس پی مسعود بنگش کا کہنا تھا کے 7 ڈاکووں کی ہلاکت لاڑکانہ پولیس کی بڑی کامیابی ہے، جس سے سندھ کے کچے میں امن امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی۔

    دوسری جانب 7 گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والے لاڑکانہ پولیس کے آپریشن سے متعلقہ خیرپور پولیس مکمل طور پر لاعلم ہیں۔

  • پاکستان ریلویز: ٹرینوں کے روٹ تبدیل، نئے اسٹاپ مقرر

    پاکستان ریلویز: ٹرینوں کے روٹ تبدیل، نئے اسٹاپ مقرر

    کراچی: پاکستان ریلویز نے کئی ٹرینوں کے روٹ تبدیل کر دیے ہیں جب کہ دو ٹرینوں کے نئے اسٹاپ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور براستہ فیصل آباد کراچی کے درمیان شالیمار ایکسپریس کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے، کراچی لاہور براستہ ساہیوال کراچی چلنے والی کراچی ایکسپریس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا۔

    شالیمار ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس موجودہ روٹ کی بجائے ملتان سے چلیں گی۔

    ادھر پاکستان ریلوے سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوش خبری بھی دی گئی ہے، عوام کی سہولت کے لیے تیز گام اور خیبرمیل کے نئے اسٹاپ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

    محکمہ ریلوے نے راولپنڈی کراچی راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیزگام کو گھوٹکی ریلوے اسٹیشن پر اور پشاور سے کراچی کے درمیان چلنے والی خیبر میل کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر 2 منٹ کے لیے اسٹاپ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    عوام کے لیے دو منٹ کے اسٹاپ کی یہ سہولت 3 ماہ کے لیے عارضی طور پر حاصل ہوگی۔

  • پنجاب کے بعد سندھ میں خاتون کو 3 بچوں سمیت اغوا کرکے 5 افراد کی اجتماعی زیادتی

    خیرپور: صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں 5افراد نے خاتون کو 3 بچوں سمیت اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ شکایت درج کرانے کے باوجود پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں خاتون سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا ، جہاں خاتون کو3بچوں سمیت اغواکرکے5افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ واقعہ سوبھو دیرو تھانے کی حدود میں پیش آیا، ملزمان نے تشدد بھی کیا اور الزام لگایا کہ شکایت درج کرانے کے باوجود پولیس کی جانب سے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کاواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں خاتون بچوں کے ساتھ سفر کررہی تھی اور پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہوگئی، اس دوران دو ملزم کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کرخاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کےسامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    ملزمان نےایک لاکھ نقدی اورزیورات بھی لوٹ لیے تھے، ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ خاتون کوزیادتی سے پہلے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    خیال رہے پنجاب پولیس کی جانب سے گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات جاری ہے، تاہم مرکزی ملزم اب تک پولیس کی گرفت میں نہ آسکا ہے۔

  • خیرپور میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، 2 افراد ڈوب کر جاں بحق

    خیرپور میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، 2 افراد ڈوب کر جاں بحق

    خیرپور: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور میں پیرگوٹھ کے کچے کے علاقے میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، حادثے میں 2 افراد ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے، دونوں افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی ڈوبنے سے لاپتہ ہونے والے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے، مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار گاؤں مورجھبر کے 18 سے زائد افراد نقل مکانی کر رہے تھے کہ اس دوران حادثہ پیش آیا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وزیراعلیٰ سندھ کو متاثرین کے لیے مکمل ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ملک میں حالیہ مون سون کی بارشوں سے دریائے چناب اور سندھ کی ندیوں میں سیلاب آگیا ہے، جس نے کنارے میں بسنے والے باشندوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے جبکہ دریائے چناب میں سیلاب کی اطلاع ملنے کے بعد خیرپور ، جامشورو اور گڈو بیراج کے نواحی اضلاع میں دیہات کو خالی کرا لیا گیا۔

  • خیرپور اور کرک میں دو مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

    خیرپور اور کرک میں دو مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

    خیرپور: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور اور کرک میں دو مختلف حادثات میں باپ بیٹے سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں ببرلو کے قریب صبح سویرے تیز رفتار کار الٹنے سے چارافراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق کار سوار فیملی کراچی سے پنجاب جا رہی تھی۔

    دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کرک کےگرگری میں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے اسپتال کے اسپتال منتقل کر دیں، قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل فیصل آباد کے علاقے کھدر والا میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹریلر سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ سمندری کے قریب کھدر والا کے مقام سے گزرنے والے ایم تھری موٹروے پر اس وقت پیش آیا تھا جب خانیوال سے قصور جانے والی کار اچانک ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر ٹریلر سے جا ٹکرائی تھی۔

  • خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے نہر میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی

    خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے نہر میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی

    خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے کینال میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی، گزشتہ روز 3 بچوں نے میر واہ کینال میں چھلانگ لگائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیر پور میں پاگل کتوں کی بہتات کے باعث ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، گزشتہ روز پاگل کتوں کے حملے کے خوف سے تین بچوں نے نہر میں چھلانگ لگا دی تھی۔

    گاؤں ارباب سمنگ میں گاڑھی پل کے قریب کھیلتے ہوئے کتوں کے خوف سے نہر میں چھلانگ لگانے والے 3 معصوم بچوں میں سے دو کو بچا لیا گیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی تھی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر میں ڈوبنے والے 2 بچوں 8 سالہ عزیز اور 6 سالہ فرمان کو زندہ نکال لیا تاہم 6 سالہ بچہ عارف نہ مل سکا تھا۔

    خیر پور میں گھر میں شارٹ سرکٹ سے آگ

    خیرپور پولیس کا کہنا ہے کہ نہر میں ڈوبنے والے تیسرے بچے کی لاش آج خاکی شاہ پل کے قریب سے ملی۔

    مکینوں کا کہنا ہے کہ خیرپور میں پاگل کتوں کی بہتات ہو گئی ہے لیکن میونسپل انتظامیہ غائب ہے، واقعے کے بعد بھی پاگل کتوں کے مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں 69 ہزار سے زیادہ کتے کے کاٹے کے کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ واقعات لاڑکانہ میں رپورٹ ہوئے جہاں کیسز کی تعداد 23 ہزار کے قریب تھی۔

    ادھر خیرپور ہی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ نے پورا خاندان اجاڑ دیا ہے، گاؤں کولاب جیل میں شارٹ سرکٹ سے گھر میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 8 سال کی بچی سمیت 4 خواتین جاں بحق ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق کولاب جیل میں رسول بخش کاندھڑو کے گھر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی خوف ناک آگ میں جھلس کر 8 سالہ بچی عذرا، 21 سالہ نویدہ، 34 سالہ نسیمہ اور 65 سالہ نازل جاں بحق ہو گئیں۔

  • گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے ڈاؤن ٹریک بلاک

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں لاہور سے کراچی جانے والی مال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کے گمبٹ ریلوے اسٹیشن پرمال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث ڈاؤن ٹریک بلاک کردیا گیا۔

    ٹریک بند ہونے سے سکھرجانے والی سکھرایکسپریس کوروک لیا گیا، رانی پور ریلوے اسٹیشن پر سکھرایکسپریس کے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

    ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق بحالی ٹرین روہڑی سے روانہ کی گئی ہے۔

    پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    اس سے قبل رواں ماہ 17 مئی کو پڈعیدن میں ابراہیم شاہ کے مقام پر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کے بعد کراچی سے لاہور اور پشاور جانے اور وہاں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا تھا۔

    متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کوٹری سے امدادی ٹرین طلب کی گئی تھی جبکہ اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مارچ کو سکھر اسٹیشن کے قریب گڈانی پھاٹک پرسلیپر سے بھری ہوئی مال گاڑی کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، مال گاڑی سکھر سے روہڑی جا رہی تھی۔

  • امراض قلب کا قومی ادارہ اور دیگر اسپتال اب وفاق کے حوالے ہیں: مراد علی شاہ

    امراض قلب کا قومی ادارہ اور دیگر اسپتال اب وفاق کے حوالے ہیں: مراد علی شاہ

    خیر پور: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی اور دیگر اسپتال اب وفاق کے حوالے ہیں، ہم اسپتالوں کو چلانا چاہتے ہیں لیکن مالی بحران کا مسئلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ امراض قلب کا قومی ادارہ اب وفاق کے پاس ہے، جو کچھ ہو رہا ہے وہ عوام کے لیے اچھا نہیں ہو رہا، وفاق کو اللہ ہدایت دے اور ادھر ادھر کی چیزیں چھوڑ کر حکومت کریں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، وفاق کے خلاف احتجاج کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ان کے آئی جی سندھ سے کوئی اختلافات نہیں ہیں، تقرریاں حکومت کا کام ہے، پنجاب میں ہو رہا ہے یہاں کیوں نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا

    انھوں نے کہا کہ ایڈز کے مریضوں کی تعداد سے متعلق تشویش ہے، حکومت سندھ نے ایڈز سے متعلق فوری اقدامات کیے ہیں، ایچ آئی وی وائرس سے متعلق آگاہی مہم چلانی چاہیے۔

    دریں اثنا ریلوے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شیخ رشید کی بات چھوڑیں ان کی بات نہ کریں، اخباروں میں پڑھا ہے ریلوے میں 2500 ارب کا نقصان ہوا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا کہ امراض قلب کے ادارے میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا ہے، اسپتال میں ادویات اور طبی آلات نایاب ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے انتظامی امور بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

  • خیرپور: آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کا گھروں سے نکلنا دشوار ہو گیا

    خیرپور: آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ، شہریوں کا گھروں سے نکلنا دشوار ہو گیا

    خیرپور: سندھ کے علاقے پیر گوٹھ شہر میں آوارہ گدھوں کی تعداد بڑھنے لگی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور کے علاقے پیر گوٹھ میں آوارہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، مقامی لوگوں کو آوارہ گدھوں سے پریشانی لا حق ہو گئی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر جگہ آوارہ گدھے آزادانہ گھومتے نظر آتے ہیں، یہ گدھے دکانوں پر آٹا، گندم اور سبزیاں کھا جاتے ہیں۔

    مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ کو شکایات درج کرا رہے ہیں مگر مسئلہ حل نہیں ہو پا رہا ہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ گدھوں کی بڑی تعداد کے باعث شہریوں کا گھروں سے نکلنا بھی دوبھر ہو گیا ہے، وہ گھر سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختونخواہ حکومت کا گدھوں کی افزائش اور ایکسپورٹ کا اعلان

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل پنجاب میں گدھے کا گوشت عوام کو کھلانے کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، معلوم ہوا تھا کہ گدھوں کی کھالوں کی غیر قانونی تجارت کے باعث کاٹے گئے گدھوں کا گوشت تلف کرنے کی بجائے لوگوں کو کھلایا گیا۔

    دو سال قبل کراچی میں گدھوں کی تقریباً 5 ہزار کھالیں پکڑی گئی تھیں، یہ کھالیں لاہور سے کراچی بذریعہ ٹرین بھیجی گئیں، 3 گوداموں میں رکھی گئیں، کراچی اور لاہور کے کئی گروہ اس مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔

    خیبر پختون خواہ کی حکومت نے رواں سال کے آغاز پر گدھوں کی برآمد سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچانے کی حکمت عملی مرتب کی تھی، جس کے تحت گدھوں کی افزائش کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ میں فارم بنائے جانے کا اعلان کیا گیا۔

  • خیرپورسے مبینہ طور پراغوا ہونے والی ہندو لڑکی بازیاب

    خیرپورسے مبینہ طور پراغوا ہونے والی ہندو لڑکی بازیاب

    خیرپور: سندھ کے شہرخیرپورسے مبینہ طورپراغوا ہونے والی ہندو لڑکی کو بازیاب کرالیا گیا ہے، لڑکی کے والدین کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیٹی کو اغوا کیا گیا ہے، جبکہ لڑکی کا موقف ہے کہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپور کی رہائشی اور شاہ عبدالطیف یونیورسٹی کی طلبہ آرتی کماری کے اغوا کا مقدمہ ان والدین کی جانب سے درج کیا گیا تھا۔مقدمہ میں والدین نے موقف اپنایا تھا کہ ان کی بیٹی کو اغوا کرکے ان سے زبردستی اسلام قبول کروایا گیا۔

    بعدازاں خیرپور پولیس نے کارروائی کی اور دونوں کو لاہور سے برآمد کر لیا۔ آرتی کماری اور حسنین پٹھان کو خیرپور میں جوڈیشنل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    آرتی کماری نے عدالت کو بتایا کہ وہ مرضی سے مسلمان ہوئی اور حسنین سے پسند کی شادی کی ہے۔حسنین پٹھان کو عدالت نے دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر خیرپور پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کی حسنین پٹھان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    رواں سال مارچ میں گھوٹکی سے دو لڑکیوں کے اغوا کا معاملہ میڈیا کی زینت بنا تھا ۔ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے والدین کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹیاں کم عمر ہیں ، انہیں اغوا کیا گیا ہے۔ تاہم بعد میں عدالت نے طبی جانچ کی بنا پرانہیں بالغ قرار دیا۔

    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے اور حکومت سندھ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات بھی کرے۔

    ادھر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں، واقعے پر سخت ایکشن لیا جا رہا ہے، اس معاملے پرقانون سازی بھی ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے بلاول بھٹو کے واضح احکامات ہیں، اقلیتوں کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بھی دی گئی ہے۔