Tag: داتا دربار دھماکہ

  • داتا دربار دھماکہ : شہداء کی تعداد 13 ہوگئی، مبینہ سہولت کار تفتیش کے بعد رہا

    داتا دربار دھماکہ : شہداء کی تعداد 13 ہوگئی، مبینہ سہولت کار تفتیش کے بعد رہا

    لاہور : داتا دربار دھماکے کا ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے میو اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے، پولیس نے زیر حراست نوجوان کو تفتیش کے بعد رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق داتا دربار دھماکے کے بعد لاہور کی فضا آج بھی سوگوار ہے ، میواسپتال میں زیرعلاج ایک اورزخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے۔

    دھماکے کی فوٹیج میں نظرآنے والے اور دہشت گردوں کے مبینہ سہولت کار قرار دیے جانے والے نوجوان مہر ذیشان کو سی ٹی ڈی نے تحقیقات کے بعد رہا کردیا۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مہر ذیشان نامی نوجوان کو مشتبہ شخص قراردیا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے گزشتہ رات مہر ذیشان کوحراست میں لے کر تحقیقات کی۔

    مہر ذیشان نے بتایا ہے کہ اس سے دو تین گھنٹے سوالات کئے گئے، مہرذیشان نے دھماکے کی فوٹیج میں نظر آنے پر سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔ جس میں ذیشان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ گوجرانوالہ میں کریانہ اسٹور چلاتا ہوں اور سلام کرنے دربار پر آیا تھا۔

    واضح رہے کہ سانحہ لاہور کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، پاکپتن میں چالیس مشکوک افراد کوحراست میں لیا گیا جبکہ درباربابا فریدؒ کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

    لاہور، داتا دربار خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی

    گزشتہ روز لاہور میں داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کی گئی تھی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ خود کش دھماکے کے تانے بانے ماضی میں پولیس پر ہونے والے حملوں سے ملتے ہیں، خود کش دھماکے اورمال روڈ پر پولیس پر کئے گئے حملے میں استعمال کیا گیا بارودی مواد بھی مماثلت رکھتا ہے۔

  • داتا دربار دھماکہ : وزیراعلیٰ پنجاب کے تمام دورے منسوخ، امن و امان پر ہنگامی اجلاس طلب

    داتا دربار دھماکہ : وزیراعلیٰ پنجاب کے تمام دورے منسوخ، امن و امان پر ہنگامی اجلاس طلب

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے داتا دربارکے باہر ایلیٹ فورسز کی گاڑی پر حملےکی شدیدمذمت کرتے ہوئے امن و امان پر اجلاس فوری طلب کر لیا اور بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پولیس اورایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سےرپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ نےدھماکےمیں قیمتی جانوں کےضیاع پر افسوس اورلواحقین سےتعزیت کا اظہارکیا اورزخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نےامن وامان پر ہنگامی اجلاس طلب کرتےہوئےبھکر،سرگودھااورشیخوپورہ کے دورے بھی منسوخ کردئیے، اجلاس کچھ دیر بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈ آفس میں ہوگا۔

    مزید پڑھیں : داتادربارکے باہرایلیٹ فورس کی گاڑی کےقریب دھماکہ، 8 افرادشہید، 25 زخمی

    یاد رہے لاہورمیں داتا دربار کے باہر دہشت گردوں نے ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد کے شہید ہونےکی تصدیق ہوگئی جبکہ اہلکاروں سمیت 25 افرادز خمی ہیں ، جن میں 9کی حالت تشویشناک ہے۔

    ریسکیو اہلکار جائے دھماکا پرامدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے جائے دھماکا کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے بعد لاہور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے