Tag: داخلہ ٹیسٹ

  • سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ کے داخلہ ٹیسٹ کا آج دوبارہ انعقاد ہوگا

    سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ کے داخلہ ٹیسٹ کا آج دوبارہ انعقاد ہوگا

    سندھ بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا دوبارہ ٹیسٹ آج ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ بھر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان آج ہوگا۔ یہ امتحان کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت لیا جائے گا اور مجموعی طور پر 38 ہزار 609 امیدوار ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔

    آئی بی اے سکھر کے مطابق پرچہ 200 کثیر انتخابی سوالات پر مشتمل ہو گا، دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہے۔

    ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور جامعہ کراچی میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں مسکن، میٹروویل اور شیخ زید گیٹس سے داخلہ ممکن ہوگا۔

    سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول، گیٹ نمبر 3 سے امیدوار داخل ہو سکیں گے۔ مہران یونیورسٹی جامشورو گیٹ نمبر دو سے داخل ہونا ہوگا۔

    حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے اور امیدوار اسکول کے مرکزی گیٹ سے داخل ہو سکیں گے۔

    شہید بینظیر آباد میں کوئسٹ مرکزی گیٹ اور لاڑکانہ پولیس ٹریننگ اسکول کے مین گیٹ سے امیدواروں کا امتحانی مراکز میں داخلہ ہوگا۔

    ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امیدواروں کے موبائل فون، اسمارٹ واچز اور الیکٹرانک گیجٹس ساتھ لانے پر سخی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔

    امیدواروں کے امتحانی مراکز میں داخلے کے لیے اصل ایڈمٹ سلپ، شناختی کارڈ سمیت دیگر اہم دستاویزات لازمی قرار دی گئی ہیں جب کہ امیدواروں کے والدین کے لیے تمام مراکز میں انتظار گاہ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ تقریباً دو ماہ قبل ملک بھر میں لیا گیا تھا تاہم پرچہ سوشل میڈیا پر لیک ہونے کے بعد عدالت میں ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کرنے اور ٹیسٹ دوبارہ لینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

    اب عدالتی احکامات کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد آئی بی اے سکھر کروا رہا ہے، ایم ڈی کیٹ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت ہو رہا ہے۔

  • داخلہ ٹیسٹ، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کو اہم ہدایت جاری

    داخلہ ٹیسٹ، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کو اہم ہدایت جاری

    اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے تمام یونیورسٹیوں کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ آنے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اور مکمل اقدامات کریں۔

    پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022 کے مطابق سال 2024 کے لیے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ٹسٹ 22 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔ یہ ان طلبا کے لیے بہت ضروری امتحان ہوتا ہے جو پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم میں ایک فائدہ مند کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔

    صدر پی ایم ڈی سی نے ایک بیان میں ایم ڈی کیٹ امتحان میں دیانت داری کو برقرار رکھنے اورشفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا، کہ تمام طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق یکساں اور مناسب مواقع ملیں۔

    ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی ذمہ داری ملک بھر کی ممتاز سرکاری یونیورسٹیوں کو سونپی گئی ہے، امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے متعلقہ حکام نے جن اداروں کو نامزد کیا ہے ان میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی، خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان شامل ہیں۔

    پنجاب میں ہونے والے ڈاخلہ ٹیسٹ کی نگرانی پروفیسر خالد مسعود گوندل، سندھ میں پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج، کے پی میں پروفیسر محمد زبیر خان، بلوچستان میں پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ اسد، اسلام آباد، جی بی اور آزاد جموں و کشمیر میں بیرسٹر سلطان منصور نگرانی کریں گے۔

    ایم ڈی کیٹ کے لیے کل 1 لاکھ 74 ہزار 744 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد پی ایم اینڈ ڈی سی نے 1 لاکھ 67077 درخواستوں کو حتمی شکل دی ہے۔ ملک بھر میں یہ امتحان کم از کم 30 مقامات پرمنعقد کیا جائے گا، جس میں دبئی اور ریاض کے دو بین الاقوامی مراکز بھی شامل ہیں۔

    پی ایم ڈی سی کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی اور نقل کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ایم ڈی کیٹ 2024 کے بارے میں تازہ ترین معلومات اور اپ ڈیٹس پی ایم اینڈ ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

  • جامعہ کراچی میں داخلہ ٹیسٹ کے حوالے سے اہم خبر

    جامعہ کراچی میں داخلہ ٹیسٹ کے حوالے سے اہم خبر

    کراچی: جامعہ کراچی میں تعلیمی سیشن 2024 کے لیے داخلہ ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں تعلیمی سیشن 2024 کے لیے بی ای، بی ایس، بی ایڈ (آنرز) اور ڈاکٹر آف فارمیسی کا داخلہ ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔

    یہ ٹیسٹ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں منعقد ہوا، جس میں 9000 سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، داخلہ ٹیسٹ کا وقت صبح دس بجے مقرر کیا گیا تھا جس کا دورانیہ 90 منٹ پر مشتمل تھا اور انٹری ٹیسٹ پرچہ ایم سی کیوز پر مبنی تھا۔

    داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر ہیلپ ڈیسک موجود تھی، تمام داخلی دروازوں سے طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچانے کی سہولت پوائنس (بسوں) کے ذریعے فراہم کی گئی۔

    جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، اور کیے جانے والے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔

  • جامعہ کراچی میں داخلہ لینے والے طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    جامعہ کراچی میں داخلہ لینے والے طلبا کے لئے بڑی خبر آگئی

    کراچی : جامعہ کراچی میں بی ای، بی ایس، بی ایڈ، آنرز ٹیسٹ بیسڈ پروگرام میں داخلہ ٹیسٹ کے لئے طلبا کو ایڈمٹ کارڈز جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے داخلہ ٹیسٹ 3 دسمبر کو ہوں گے، جس کے طلبا کو ایڈمٹ کارڈز جاری کردیئے گئے۔

    ڈائریکٹرایڈمیشنز کا کہنا ہے کہ بی ای، بی ایس، بی ایڈ، آنرز ٹیسٹ بیسڈ پروگرام کے ایڈمٹ کارڈز جاری ہوئے، طلبہ ایڈمٹ کارڈز یونیورسٹی ویب سائٹ پر چیک کرسکتے ہیں۔

    ڈایئریکٹر ایڈمیشنز نے طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ کی ہارڈ کاپی نکلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارڈ کاپی کے بغیر امتحانی سینٹر میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

  • جامعہ کراچی: داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان

    جامعہ کراچی: داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان

    کراچی: جامعہ کراچی میں تعلیمی سال 2022 کے لیے بی ای، بی ایس اور بی ایڈ (آنرز) کا داخلہ ٹیسٹ 12 دسمبر کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2022 کے ڈاکٹر آف فارمیسی، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، بی ای، بی ایس اور بی ایڈ (آنرز) پروگرام کے لیے داخلہ ٹیسٹ اتوار 12 دسمبر 2021 کو منعقد ہوگا۔

    داخلہ ٹیسٹ میں 15 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوں گے، تمام امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں جس پر رپورٹنگ ٹائم امتحانی مرکز اور کمرۂ امتحان کا نمبر درج ہے۔

    داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 10:00 بجے اپنے اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ اپنے متعلقہ امتحانی مرکز پر حاضری کو یقینی بنائیں۔

    شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر تمام امتحانی مراکز پر سینیٹائزر، فیس ماسک اور تھرمل گن کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد طلبہ کو کمرہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے گی۔

    طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے سلور جوبلی اور مسکن گیٹس پر پوائنٹس (بسوں) کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔