Tag: داخلے

  • سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    ریاض : سعودی حکام نے ویژن 2030 کے تحت غیر ملکی شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اپنی معیشت کا انحصار تیل سے کم کرنے اور معیشت کو مستقل بنیادوں پر مستحکم کرنے کےلیے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں جس کے تحت غیر مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبہ تاحال ابتدائی مراحل میں ہے، اس کو رواں برس ہی حتمی شکل دے دی جائے گی اور سال کے آخرتک نیا ویزہ سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کے لیے عاید پابندیوں میں نرمی کی جائے گی اوریورپ، جاپان، امریکا اورچین کے شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام مذکورہ منصوبے کے تحت مسلمانوں کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی تاریخی مقامات تک رسائی کے لیے ویزے جاری کرنے پر بھی سوچا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ جمعرات کو سعودی حکام نے سمندر پار زائرین کو برقی ویزہ دینے کے منصوبے کی منظوری دی تھی جس تحت ویزے کی درخواست آن لائن دی جائے گی اور سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے جانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

    مزید پڑھیں : سیاحت کا فروغ، سعودی حکومت نے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس سعودی حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کےلیے نئی اور آسان ویزہ پالیسی اعلان کیا تھا جس کا ایک مقصد دسمبر میں ہونے والی فارمولا ون کو ریس کو فروغ دینا تھا۔

    حکومت کی جانب اس سہولت کا اعلان گزشتہ برس نومبر میں کیا گیا تھا جس کے بعد 1000 سے زائد غیر ملکی سیاح ریاض پہنچے تھے اور انہوں نے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔

    ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کو ایساملک بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کا شہری آئے اور سیر و تفریح کرے، اس اقدام کا مقصد روشن خیالی اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے بعد وسیع پیمانے پر اصلاحاتی عمل شروع ہوچکا ہے جس سے مملکت کی مختلف صنعتوں پر اثر پڑنا شروع ہوگیا ہے، اسی سلسلے میں ایک عرصے سے بند سعودی سینما کی بھی واپسی ہوچکی ہے۔

  • سپریم کورٹ نے تاحکم ثانی پرائیویٹ میڈیکل کالجزکوداخلوں اوراشتہارات سے روک دیا

    سپریم کورٹ نے تاحکم ثانی پرائیویٹ میڈیکل کالجزکوداخلوں اوراشتہارات سے روک دیا

    اسلام آباد : پرائیوٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں کے معاملے پرکیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے تاحکم ثانی نجی میڈیکل کالجزکو داخلوں اوراشتہارات سے روک دیا اورکیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پرائیوٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں کے معاملے پرچیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کیس کی سماعت کی۔

    چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ہم نے کالجز کی فیس ساڑھے 8 لاکھ روپے مقرر کی ہے اس سے ایک پیسہ بھی زائد نہیں لینے دیں گے، فیس میں کھانے اور رہائش کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ میڈیکل کالجز 34 لاکھ روپے تک وصول کرکے والدین کا استحصال کررہے ہیں۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کس موٹرسائیکل پرسامان رکھ کرلایا جاتا ہے سب معلوم ہے اور کس طرح انسپکشن ہوتی ہے تصاویر سمیت تمام معلوم آتی ہے۔

    چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم معیاری ڈاکٹرز بنانا چاہتے ہیں، میڈیکل کالجزچلانے کے شعبے میں ایسے لوگ آچکے ہیں جودکاندارہیں۔

    سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 745 ملین روپے ریکور کرکے طالب علموں کو واپس کرائے۔

    بعدازاں سپریم کورٹ نے تاحکم ثانی نجی میڈیکل کالجزکو داخلوں اوراشتہارات سے روک دیا اورکیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کیپ2014، انٹر سال اول میں داخلے میں امیدواروں کو مشکلات

    کیپ2014، انٹر سال اول میں داخلے میں امیدواروں کو مشکلات

    کراچی : انٹر سال اول میں داخلے کے خواہشمند ہزاروں امیدواروں کو فارم جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کیپ کے تحت کراچی کے کالجوں میں انٹر سال اول میں داخلے شروع ہوگئے تاہم ہزاروں امیدواروں کو فارم جمع کرانے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، رواں سال کیپ کے تحت داخلے کے لیے مینوئل فارم کی تقسیم ختم کر کے کمپیوٹرائزڈ فارم کا اجراء کیا جا رہا ہے مگر داخلہ فارم ڈاون لوڈ کرنے میں متعدد امیدواروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کیپ دو ہزار چودہ کیلئے کالجوں میں کاوٴنٹر تاحال قائم نہ ہوسکے، کمپیوٹرائزڈ فارم میں ڈاؤن لوڈنگ میں دشواریوں کے باعث ابتک صرف ایک ہزار سے زائد امیدوار داخلہ فارم جمع کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ اٹھارہ اگست ہے۔

    واضح رہے کہ ایک لاکھ سے زائد امیدواروں نے میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے، داخلے کے خواہشمند امیدواروں نے شکایت کی ہے کہ داخلہ پالیسی ابہام کا شکار ہوچکی ہے، بیشتر امیدواروں کا کہنا ہے کہ داخلہ فارم خود ڈاون لوڈ کرنا ہوتا ہے جبکہ اکثر ویب سائٹ بند رہتی ہے۔