ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہو ایناس ہنیہ نے شہید دادا اور پوتی کی یادگار تصویر شیئر کردی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایناس ہنیہ نے ایک پیغام بھی شیئر کیا ہے۔
شیئر کی گئی تصویر میں د یکھا جاسکتا ہے کہ حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ اپنی پوتی کے ہمراہ موجود ہیں۔ شہید نے سفید شرٹ اور سیاہ پینٹ پہنی ہوئی ہے، جبکہ دادا اور پوتی دونوں تصویر میں مسکرارہے ہیں۔
تصویر کے کیپشن میں اسماعیل ہنیہ کی بہو نے تحریر کیا کہ شہید امل اپنے دادا اسماعیل ہنیہ سے گفتگو کرنے میں مصروف ہے، یہ دن ان دونوں کے درمیان ایک معاہدے کی طرح محسوس ہوتا ہے۔
اسماعیل ہنیہ کی بہو نے کہا کہ امل شہادت کے بعد اپنے دادا کے ساتھ جنت میں خوش ہو گی، اللّٰہ ہمارے دلوں کو صبر اور اطمینان دے۔
واضح رہے کہ عید کے دن 11 اپریل 2024 کو حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے اور 4 پوتے پوتیاں اسرائیلی حملے میں جام شہادت نوش کرگئے تھے۔