Tag: دادو

  • ام رباب چانڈیو کی سوشل میڈیا پر کمپرومائز کی خبروں کی تردید

    ام رباب چانڈیو کی سوشل میڈیا پر کمپرومائز کی خبروں کی تردید

    دادو (21 اگست 2025): ام رباب چانڈیو نے سوشل میڈیا پر کمپرومائز کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دادو، میہڑ میں تہرے قتل کے معاملے میں سوشل میڈیا پر کمپرومائز کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ ام رباب نے والد، دادا، چچا کے قتل کیس میں مخالف فریق کے ساتھ کمپرومائز کر لیا ہے۔

    تاہم، ام رباب چانڈیو نے سوشل میڈیا پر کمپرومائز کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، اور کہا ہے کہ قاتلوں کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے، ہم قتل کیس پر کوئی کمپرومائز نہیں کر رہے ہیں۔

    ام رباب نے کہا قاتل بوکھلا چکے ہیں، انھیں اسلام اور قانون کی سزا کا علم ہے، یہ ہمیں ہراساں کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، اس کیس کو 8 سال ہو چکے ہیں اور میں مسلسل جدوجہد کر رہی ہوں، میں تب تک کھڑی رہوں گی جب تک ان قاتلوں کو پھانسی نہیں ہوتی۔

    ام رباب چانڈیو نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کی پریس ریلیز مسترد کر دی

    انھوں نے کہا میرا یہ بیان لکھ لیں، سندھ کا شعور سن لے، جدوجہد جاری رہے گی، میں سرداروں سے کبھی سمجھوتا نہیں کروں گی، میں اپنے والد کا علم بغاوت تھامے کھڑی ہوں، ان شا اللہ، جاگیردارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کامیاب ہوگی، اور مجھے یقین ہے کہ ایک نئی تاریخ رقم ہوگی۔

    یاد رہے کہ دادو کی تحصیل میہڑ میں 17 جنوری 2018 کو فائرنگ کر کے ام رباب کے والد، دادا اور چچا کو قتل کر دیا گیا تھا۔ نومبر 2020 میں اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کے مطابق اعلیٰ پولیس افسران بھی ملزمان کے سامنے بے بس تھے، تاہم سپریم کورٹ کے دباؤ پر سندھ پولیس نے قتل کے مرکزی ملزم ذوالفقار چانڈیو کو بلوچستان سے کشمور منتقل ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔

  • ویڈیو رپورٹ: پھل خریدتے ہیں تو گھر کی سبزی نہیں خرید پاتے

    ویڈیو رپورٹ: پھل خریدتے ہیں تو گھر کی سبزی نہیں خرید پاتے

    دادو: سندھ کے دیگر شہروں کی طرح دادو میں بھی موسم سرما کے پھل پہنچ گئے ہیں، تاہم مہنگائی کے باعث شہری پھل کھانے سے قاصر ہیں۔

    ویڈیو رپورٹ کے مطابق دادو میں موسم سرما کے پھل پہنچ گئے ہیں، کینو، سیب، انار اور امرود سمیت مختلف پھلوں کے ٹھیلے سج گئے ہیں، مگر دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث شہری پھل کھانے سے قاصر ہیں۔

    مارکیٹ میں پھل تو پہنچ گئے ہیں مگر خرید و فروخت میں بالکل ہی سست روی نظر آ رہی ہے، شہری کہتے ہیں کہ مہنگائی کے باعث پھل خریدنے میں پریشانی ہو رہی ہے، اگر پھل خریدتے ہیں تو گھر کی سبزی نہیں خرید پاتے۔

    سردیاں آتے ہی سردیوں کے ذائقے دار پھل بھی مارکیٹ اور پھر گلیوں تک آ جاتے ہیں، طبی ماہرین ہمیشہ مشورہ دیتے ہیں کہ سردیوں کے پھلوں کا استعمال ضرور کیا جائے کیوں کہ یہ کئی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔

    ویڈیو رپورٹ: شادیوں کے سیزن میں رنگ برنگی چارپائیوں کی مانگ میں اضافہ

    لیکن مہنگائی کا کیا کیا جائے کہ اس نے خریدارو‍ں کو پریشان کر رکھا ہے، جس سے پھلوں کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی متاثر ہوتے ہیں، اور انھیں مندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی زیادہ ہو گئی ہے اس لیے سردیوں کے پھل خریدنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔

  • دادو میں 45 بچیوں کی پیسوں کے عوض شادی، کیا لڑکیاں سیلاب متاثرین میں سے تھیں؟

    دادو میں 45 بچیوں کی پیسوں کے عوض شادی، کیا لڑکیاں سیلاب متاثرین میں سے تھیں؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ایک گوٹھ خان محمد ملا میں مون سون سے قبل پیسوں کے عوض اب تک 45 کم عمر لڑکیوں کی شادیاں کرائی جا چکی ہیں، جس کے باعث انھیں ’مون سون کی دلہنیں‘ کہا جانے لگا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کم عمر بچیوں کی شادیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے ایک کمیٹی بنا کر انکوائری کرنے اور رپورٹ دینے کی بھی ہدایت کی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ان شادیوں کے پس منظر میں موجود سماجی، معاشی اور قانونی وجوہ بتائی جائیں، اور بتایا جائے کہ کیا یہ لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں، اگر لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں تو ان کی کتنی امداد کی گئی؟

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر حیدرآباد کو انکوائری رپورٹ میں سفارشات دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    مون سون دلہنیں

    جیسے ہی پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوا، ضلع دادو کے خان محمد ملا گوٹھ میں کم عمر لڑکیوں کی شادی کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے، بچیوں کی کم عمر میں شادی کا فیصلہ والدین اس لیے کر رہے ہیں تاکہ سیلاب کے خطرے سے خاندان کو جس معاشی عد تحفظ کا سامنا ہوگا، اس سے بچا جا سکے۔

    ضلع دادو کے اس گاؤں میں اب تک 45 کم عمر لڑکیوں کی شادی ہو چکی ہے، ان میں سے 15 کی رواں سال مئی اور جون میں ہوئی۔ اے ایف پی کے مطابق 14 سالہ شمائلہ اور اس کی 13 سالہ بہن آمنہ کی بھی پیسوں کے عوض شادی ہوئی، شمائلہ کو اس کے سسرال نے 2 لاکھ روپے کے عوض خریدا، جب کہ ایک اور لڑکی نجمہ علی کو 2022 میں ڈھائی لاکھ میں شادی کے لیے خریدا گیا تھا۔ غیر سرکاری تنظیم سُجاگ سنسار کے بانی معشوق برہمانی کے مطابق سیلاب کی وجہ سے مون سون کی دلہنوں کا ایک نیا رجحان پیدا ہوا ہے۔

    پاکستان میں اگرچہ حالیہ برسوں میں کم عمر لڑکیوں کی شادیوں کی بلند شرح کم ہو رہی ہے، تاہم سماجی کارکنوں نے خبردار کیا ہے کہ 2022 میں غیر معمولی سیلاب کے بعد موسمیاتی معاشی عدم تحفظ کی وجہ سے کم عمری میں شادیوں میں پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سندھ کی زرعی پٹی کے متعدد دیہات 2022 کے سیلاب کے اثرات سے نہیں نکل سکے ہیں۔

  • محکمہ تعلیم سندھ میں سیکڑوں گھوسٹ اور مفرور ملازمین کا انکشاف

    محکمہ تعلیم سندھ میں سیکڑوں گھوسٹ اور مفرور ملازمین کا انکشاف

    کراچی : سندھ کے محکمہ تعلیم میں سیکڑوں کی تعداد میں گھوسٹ اور مفرور ملازمین کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دادو کے چیف مانیٹرنگ افسر کی نشاندہی پر ڈی ای او نے فہرست جاری کردی ہے، جس میں محکمہ تعلیم دادو میں600سے زائد گھوسٹ اور مفرور ملازمین کا انکشاف سامنے آیا۔

    مذکورہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ڈپٹی ڈی ای او نے تعلقہ ایجوکیشن افسران سے فوری جواب طلب کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق گھوسٹ اور مفرور ملازمین میں پرائمری، سیکنڈری، مڈل اسکول کا ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ عملہ شامل ہے۔

    ڈی ای او کے مطابق اگست 2023 سے فروری 2024 تک ملازمین گھوسٹ اور مفرور ہیں، ڈپٹی ڈی ای او کا کہنا ہے کہ افسران سے غیرحاضر ملازمین سے متعلق جواب مانگا گیا ہے۔

  • عدالت نے 3 ملزمان کو 50،50 پودے لگانے کی انوکھی سزا سنادی

    عدالت نے 3 ملزمان کو 50،50 پودے لگانے کی انوکھی سزا سنادی

    دادو: سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیرقانونی طور پر درختوں کی کٹائی کا جرم ثابت ہونے پر 3 ملزمان کو 50،50 پودے لگانے کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں درختوں کی کٹائی کے کیس میں ملزمان پر کچے کےعلاقے میں غیرقانونی طورپردرختوں کی کٹائی کاجرم ثابت ہوگیا ، جس پر عدالت نے 3 ملزمان کو 50،50 پودے لگانے کی سزا سنادی۔

    عدالت نے غیرقانونی طور پر درختوں کی کٹائی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سناتے ہوئے کہا کہ ملزمان 18 ماہ میں 50،50مختلف اقسام کے پودے مختلف مقامات پر لگائیں۔

    سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عرفان اللہ پھل نےکیس کافیصلہ سنایا ، محکمہ جنگلات کے افسران نےملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرایا تھا۔

  • الیکشن ڈیوٹی پر مامور 200 سرکاری ملازمین غائب ہوگئے

    الیکشن ڈیوٹی پر مامور 200 سرکاری ملازمین غائب ہوگئے

    دادو: الیکشن ڈیوٹی پر مامور 200 سرکاری ملازمین غائب ہوگئے، ان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور 200 سرکاری ملازمین غائب ہوگئے، ڈی آر او کا کہنا ہے کہ غائب ہونے والوں میں پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران سمیت دیگرشامل ہیں.

    فیاض راہوجو نے بتایا کہ دادو میں ڈیوٹی سےغائب ہونے والے 200 سرکاری ملازمین کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔

    نوٹ: الیکشن کی تمام رپورٹس، خبروں اور تجزیوں کیلیے لنک پر کلک کریں

    ابتدائی طور پر 10 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دیگر غائب ملازمین کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ڈی آراو فیاض راہوجو کا کہنا تھا کہ غائب سرکاری ملازمین کی جگہ متبادل الیکشن عملے کا بندوبست کردیا گیا ہے۔

  • دادو : مسافر کوچ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ، 30 مسافر زخمی

    دادو : مسافر کوچ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ، 30 مسافر زخمی

    دادو : مسافر کوچ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں تیس افراد زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد کراچی جانے والی کوچ الٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں مسافرکوچ اورٹریکٹرٹرالی میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں تیس افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام نے بتایا یہ افسوسناک حادثہ میہڑ کے قریب پیش آیا اور حادثےکےبعد کراچی جانےوالی کوچ الٹ گئی، مسافر کوچ میں چالیس سے زائد افراد سوار تھے تاہم زخمیوں کوتعلقہ اسپتال خیرپورناتھن شاہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب مٹیاری میں قومی شاہراہ پر کوچ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 20مسافرزخمی ہوگئے ، زخمیوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کوچ پنو عاقل سے کراچی جارہی تھی ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    گذشتہ روز سیہون جانے والےزائرین کو حادثہ پیش آیا تھا ، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے، حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک خاندان سے تھے۔

  • والدین سے فراڈ کی کہانی سن کر نوجوان نے خودکشی کرلی

    دادو: احساس کفالت پروگرام کے ڈیوائس ہولڈر کے فراڈ سے دل برداشتہ ہوکر غریب لڑکے گل حسن نے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں والدین سے فراڈ کی کہانی سن کر نوجوان نے خودکشی کرلی۔

    والدین نے بے حسی کی داستان بیان کی، نوجوان کے والد نے بتایا کہ متوفی گل حسن کی ماں احساس کفالت سے پیسے لینے گئی تو ڈیوائس ہولڈر نے ان کے فنگر پرنٹس لیئے اورکہا کل پیسے لینے آجانا۔

    والد کا کہنا تھا کہ دوسرے دن جب خاتون ڈیوائس ہولڈر کے پاس پیسے لینے پہنچیں تو اس نے کہا آج پیسے نہیں آئے۔

    گل حسن کی ماں نے بتایا کہ دوسرے ڈیوائس ہولڈرسے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ ان کے اکاونٹ سے پیسے نکالے جاچکے ہیں، جس کے بعد میں دوبار پہلے والے ڈیوائس ہولڈر کے پاس گئی اور اسے بتایا کہ فنگرپرنٹس لے کراس نے پیسے نکال لئے، پیسے دو تو اس نے انکارکردیا۔

    گھر آکر ماں نے یہ واقعہ بیمار بیٹے کو سنایا ، بیٹا بیمار تھا ، دوائی کیلئے پیسے نہ تھے، جس پر دلبرداشتہ ہو کرنوجوان نے خود کشی کرلی۔

  • پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو گرفتار

    پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو گرفتار

    دادو: پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب کونسلر نیاز علی برڑو کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق میہڑ میں پولیس نے چھاپا مار کر پی ٹی آئی کے نو منتخب کونسلر نیاز برڑو کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ تصادم کے خدشے پر نیاز برڑو کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    نیاز برڑو کی گرفتاری کے خلاف شہر میں ہڑتال کر دی گئی، اور پی ٹی آئی کارکنوں نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ میہڑ میونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 میں ری کاؤنٹنگ کی درخواست دائر ہے، پی ٹی آئی کونسلر نے نتائج کی تبدیلی کی صورت میں شدید احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

    ادھر لیاقت جتوئی نے نیاز برڑو کی گرفتاری پر رد عمل میں کہا ہے کہ سندھ حکومت سے دادو میں پی ٹی آئی کی جیت ہضم نہیں ہو رہی، میہڑ میں جیتنے والے کونسلر کی سیاسی وفاداری تبدیل کرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

    لیاقت جتوئی نے کہا سندھ حکومت جیتنے والے کونسلر کے خلاف انتقامی کارروائی بند کرے، گرفتار کونسلر کو رہا نہ کیا گیا تو پورے ضلع میں احتجاج کریں گے۔

  • دادو میں سیلاب کا خطرہ

    دادو میں سیلاب کا خطرہ

    دادو: صوبہ سندھ کے شہر دادو کو سیلابی ریلے سے سخت خطرہ لاحق ہے، شہر میں ریڈ الرٹ جاری ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم این وی ڈرین میں سیلابی پانی کا جوہی شہر پر دباؤ ہے، سیلابی ریلے کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، بڑی تعداد میں شہری رنگ بند کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔

    شہری کشتیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کا بھاری کرایہ ادا کر کے نقل مکانی میں بھی مصروف ہیں۔

    خیال رہے کہ این ڈی ایم اے کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

    اب تک 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔