Tag: دادو

  • دادو: میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اورجوہی ڈوبنے کا خطرہ ، شہر خالی کرالئے گئے

    دادو: میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اورجوہی ڈوبنے کا خطرہ ، شہر خالی کرالئے گئے

    دادو: ڈپٹی کمشنر دادو نے میہڑ ،خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر شہر خالی کرالئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب کے بعد بیشتر شہروں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے ، مکین بے گھر ہوگئے اور کھلے آسمان تلے بیٹھے متاثرین کے لیے ہر گزرتا دن اذیت ناک ہونے لگا ہے۔

    دادو میں سیلابی پانی میں میہڑ ،خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے ڈوبنے کا خطرہ ہے ، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر دادو نے شہر خالی کرنے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ شہری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

    ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر دادو کو بھی خطرات لاحق ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    دوسری جانب دادو کے کچے کے سیلابی پانی میں ڈوب کردو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    گاؤں فرید خشک میں سیلابی پانی کی وجہ سے کشتی نہ ملنے پر دونوں خواتین پیدل نکلیں ،دونوں خواتین جامل خشک اور نازل خشک پانی میں ڈوب گئیں ، دونوں خواتین کی لاشیں مقامی لوگوں نے پانی سے نکال لیں۔

    خیال رہے سندھ میں سیلاب کے باعث خیرپور شہر سے صرف دس کلومیٹر دور قومی شاہراہ کے قریب پچاس سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔

    خیرپور سے دیہات زمینی طور پر کٹ گئے ہیں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے تاحال علاقے میں کوئی ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا۔

  • دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو میں پولنگ اسٹیشنز زیر آب آگئے، بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش

    دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے ڈپٹی کمشنر نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دادو کے ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پہلے ہی ضلع کی تمام یو سیز کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے 100 پولنگ اسٹیشن زیر آب ہیں اور 175 پولنگ اسٹیشنز کو ریلیف کیمپ قرار دیا گیا ہے، ضلع کی تحصیل اور دیہات کی رابطہ سڑکیں منقطع ہیں، پولنگ کا سامان پہنچنا ممکن نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کو 3 ماہ تک ملتوی کیا جائے۔

  • دادو اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    دادو اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر دادو اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر دادو اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی، اس کی زیر زمین گہرائی 88 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز شمال مغرب سندھ بلوچستان بارڈر تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں صوبائی دارالحکومت کراچی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے کراچی سے 15 کلو میٹر شمال میں تھا۔

  • دادو میں میڈیکل کالج کی طالبہ نے خودکشی کرلی

    دادو میں میڈیکل کالج کی طالبہ نے خودکشی کرلی

    دادو : پیپلز میڈیکل کالج شہید بے نظیر آباد کی فائنل ایئر کی طالبہ نے خود کشی کرلی ، 2 دن پہلے ڈاکٹرعصمت کے والد نے 4افراد پر بیٹی کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں دادو میں پیپلز میڈیکل کالج شہیدبے نظیر آباد کی طالبہ کی اپنے گھر میں مبینہ طور پر خود کشی کرلی، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عصمت کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سیتا رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردی گئی ہے۔

    ڈاکٹر عصمت پیپلز میڈیکل کالج شہید بے نظیر آباد میں فائنل ایئر کی طالبہ تھی اور چھٹیوں پر اپنے آبائی شہر دادو کے علاقے سیتا آئی ہوئی تھی۔

    پولیس نے بتایا 2 دن پہلےڈاکٹرعصمت کےوالدنے4افرادپربیٹی کوہراساں کرنےکامقدمہ درج کروایا تھا، جس میں والد کا کہنا تھا کہ شمن نامی شخص میری بیٹی کاجھوٹانکاح نامہ بنواکربلیک میل کررہا تھا اور میری بیٹی سے اکاؤنٹ کے ذریعے پیسےمنگوا رہاتھا۔

    ،والد نے بیان میں کہا ڈاکٹرعصمت کو کورٹ میں پیش کیا ، جہاں نکاح نامے کو جھوٹا قرار دیا گیا، شمن نامی شخص میری بیٹی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا، اس پریشانی کی وجہ سے میری بیٹی ڈاکٹر عصمت نے خودکشی کی ہے۔

  • دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: کاچھو میں سیلابی صورتحال برقرار، 300 سے زائد گاؤں متاثر

    دادو: صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر دادو کے علاقے کاچھو میں گزشتہ ہفتے بارشوں کے باعث تاحال سیلابی صورتحال برقرار ہے، کاچھو کے رہائشی کئی دنوں سے گھروں تک محدود ہیں۔

    متعدد سڑکیں اور پلیاں ٹوٹنے سے دادو اور جوہی سے زمینی رابطے معطل ہوچکے ہیں، کاچھو میں 10 یونین کونسل اور 300 سے زائد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

    سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن کا راستہ بھی تاحال بحال نہ ہوسکا جس سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب کے باعث درجنوں گاؤں متاثر ہیں، کئی دن سے بجلی بھی غائب ہے۔

    گھروں کی چھتیں اور مکانات گرنے سے علاقہ مکیں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، کاچھو میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر مرنے والوں کی تعداد 2 خواتین سمیت 8 ہوچکی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دادو کا دورہ کیا تھا، انہوں نے جوہی میں سیلاب سے تباہی پر محکمہ آبپاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری جانب پاک فوج نے دادو اور جھل مگسی میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن بھی کیا تھا، پاک فوج اور بحریہ کی ٹیموں نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔

    آپریشن میں آرمی، نیوی میڈیکل اور انجینئرنگ ٹیموں نے سول انتظامیہ کی معاونت کی جبکہ متاثرہ علاقوں میں 1 ہزار افراد کو کھانا بھی فراہم کیا گیا تھا۔

  • دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے

    دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے

    دادو: صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے علاقے جوہی میں سیلاب کی تباہی پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ محکمہ آب پاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہم ہو گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دادو کے علاقے جوہی میں کل سے پیدا صورت حال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ آب پاشی اور ضلعی انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے ساتھ ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جوہی میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے دادو کے دورے پر گئے، انھوں نے سیلاب زدہ علاقے کاچھو کا فضائی دورہ کیا۔

    اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو کام جاری ہے، جوہی کے سیلاب متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا، کل سے سہیل انور سیال اور ضلعی انتظامیہ یہاں موجود ہے، بلاول بھٹو نے بار بار رابطہ اور لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا کہا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کل سے پاک فوج اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کو تنقید کرنا ہی آتا ہے وہ تنقید کرتے رہیں، ان پر دھیان نہیں دیتا، بارشیں سندھ ہی نہیں پورے پاکستان میں ہوئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے وزیر آب پاشی سندھ سہیل انور سیال کو فون کر کے فوری طور پر دادو کے علاقے جوہی پہنچنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ سیلابی ریلے میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔

    ادھر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی ضلع دادو کے علاقے جوہی پہنچ چکے ہیں، انھوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والا پانی نئین گاج سے منچھر جھیل جاتا ہے، سیلاب کے باعث 200 سے زائد گاؤں زیر آب آ چکے ہیں، وزیر اعلیٰ کا حلقہ ہے لیکن کوئی پُرسان حال نہیں، علاقہ مکین درختوں پر چڑھ کر مدد مانگ رہے تھے۔

  • 11 سالہ بچی سنگسار: ایسی سیاست سے بہتر ہے بلاول گھر بیٹھے

    11 سالہ بچی سنگسار: ایسی سیاست سے بہتر ہے بلاول گھر بیٹھے

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ کاری سندھ کی رسم نہیں بلکہ قتل ہے، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ بلاول کو چاہیئے دوسرے صوبوں میں چیخ کر بات کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی بات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے 11 سالہ بچی کو کاروکاری کیے جانے کے معاملے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا۔

    نصرت سحر کا کہنا تھا کہ والدین کا بیان با اثر شخصیت کی وجہ سے تبدیل ہوا ہوگا۔ سندھ میں 6 ماہ میں 78 اس نوعیت کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ کاری سندھ کی رسم نہیں بلکہ یہ قتل ہے، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ جرگے وہی لوگ کرتے ہیں جو ایوانوں میں بیٹھے ہیں، اسمبلی میں مسئلہ اٹھانے پر کہا جاتا ہے میڈیا غلط رپورٹ کر رہا ہے۔ سندھ میں ایسے جرائم کے واقعات بہت زیادہ ہیں جو سامنے نہیں آتے۔

    نصرت سحر نے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کتے بچوں کو کاٹ رہے ہیں، لوگ ایڈز سے مر رہے ہیں، ڈینگی اور ہیپاٹائٹس نے صوبے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اور وزیر صحت کہتی ہیں بچے کتوں کو نہ چھیڑیں۔ کون سی جگہ کا وزیر صحت ایسے بیانات دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب اپنے صوبے کی فکر کریں، دوسرے صوبوں میں جا کر بڑی بڑی باتیں نہ کیا کریں، دوسرے صوبوں میں چیخ کر بات کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی بات کرو۔ سندھ حکومت کو عوام کی پرواہ نہیں، ایسی سیاست سے اچھا ہے بلاول گھر بیٹھ جائیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر دادو میں 11 سالہ بچی کو کاری قرار دے کر، سنگسار کر کے قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ دادو کے علاقے جوہی میں 21 نومبر کی شام کو پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والدین اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، لڑکی کی نمازِ جنازہ پڑھانے والے پیش امام کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بچی کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیٹی کی موت حادثاتی طور پر پتھریلا تودہ گرنے سے ہوئی۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کلیم امام نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی دادو سے واقعے سے متعلق تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں، مقتولہ کی قبر کشائی کے لیے متعلقہ عدالت سے بھی جلد رجوع کیا جائے گا۔

  • دادو میں 11 سال کی بچی کو کاری قرار دے کر سنگسار کر دیا گیا

    دادو میں 11 سال کی بچی کو کاری قرار دے کر سنگسار کر دیا گیا

    دادو: سندھ کے ضلع دادو میں جوہی کے علاقے میں کاروکاری کے الزام میں گیارہ سال کی بچی کو بے دردی سے سنگسار کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ دادو کے علاقے جوہی میں 21 نومبر کی شام کو ایک گیارہ سالہ لڑکی کو کاری قرار دے کر سنگسار کیا گیا اور پھر دفنا دیا گیا، لڑکی کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والدین اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، قبر کشائی کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے گا، قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، مختلف پہلوؤں سے مقدمے کی تفتیش کر رہے ہیں۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی دادو میں بچی کو سنگسار کرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی دادو سے واقعے سے متعلق تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں، انھوں نے ہدایت کی کہ تفتیش کو مؤثر بنا کر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  2019 میں 50 خواتین اور 28 مردوں کو کاروکاری پر مارا گیا: نصرت سحر

    پولیس نے لڑکی کا نمازِ جنازہ پڑھانے والے پیش امام کو بھی گرفتار کر لیا ہے جب کہ بچی کی والدہ کا دعویٰ ہے کہ ان کی بیٹی کی موت حادثاتی طور پر پتھریلا تودہ گرنے سے ہوئی۔

    جی ڈی اے کی رہنما نصرت سحر عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لوگ 11 سال سے افسوس ناک واقعات پر ماتم کر رہے ہیں، ادھر 11 سال کی بچی کو کاروکاری کا الزام لگا کر مار دیا گیا، 11 سال کی بچی کو ابھی ان باتوں کا ادراک ہی نہیں ہوگا، 2019 میں 50 خواتین اور 28 مردوں کو کاروکاری پر مارا گیا۔

  • سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی: شیخ رشید

    سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی: شیخ رشید

    دادو: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے لیے مشورہ ہے اسلام کو داؤ پر نہ لگائیں اسلام آباد لگتا رہتا ہے، سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب سب کا ہوگا یہ این آر او مانگ رہے ہیں، سینیٹ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے تلخیوں کو جنم دے گا۔ کوئی جیتے یا ہارے جیت جمہوریت کی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے انہوں نے سندھ کو لوٹا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کو مشورہ دے سکتا ہوں اور کسی کو نہیں، فضل الرحمٰن اسلام کو داؤ پر نہ لگائیں اسلام آباد پر لگتا رہتا ہے۔

    اس سے قبل لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بلو رانی کا شہر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، لاڑکانہ میں دوزخ اور قیامت کا سماں ہے اور لاڑکانہ کا ریلوے ٹریک موت کا ٹریک ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہاں انسان اس طرح رہتے ہیں جیسے جانور بھی نہیں رہ سکتا۔ سندھ کے حکمران چور ڈاکو ہیں، روزگار کے بجائے ایڈز دیا ہے، پاکستان میں لاڑکانہ سے گندا ماحول کہیں نہیں دیکھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ لاڑکانہ میں 8 سو افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے نوکری دی جائے گی، حکومت سے سوال کے بجائے چوروں، ڈاکوؤں، سندھ حکومت سے سوال کریں‌، حکومت سندھ پروگرام لائے ان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔

  • غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے، بلاول بھٹو

    غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے، بلاول بھٹو

    دادو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غربت کا مقابلہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے کردار کو دنیا مانتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے دادومیں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر پی پی کو اقتدار سونپا گیا تو وہ غریب خواتین کو بلا سود قرضے فراہم کرے گی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا ’ہمارا منشور انقلابی، غریب اور عوام دوست منشور ہے۔‘ مزید کہا ’تمام کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور فصلوں کی انشورنس ہوگی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ فوڈ کارڈ کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا کم قیمت پر فراہم کی جائے گی، بھوک،غذائی قلت کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی مقابلہ کیا جائے گا۔

    مزید کہا کہ جو وعدے شہید ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے کیے وہ پورے کیے گئے، جو وعدے میں کروں گا وہ بھی پورے کر کے دکھاؤں گا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ بے روزگاری، دہشت گردی اور ظلم سے ہے، کٹھ پتلی جماعتیں آپ کے مسائل حل نہیں کرسکتیں، بے نظیر کے خلاف بھی کٹھ پتلی جماعتیں ایک ہوگئی تھیں۔

    تھر میں پاکستان کا جھنڈا پیپلز پارٹی کی وجہ سے لہرا رہا ہے، بلاول بھٹو

    انھوں نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کی وجہ سے ان کا مشن نا مکمل رہ گیا تھا، میں اس مشن کو مکمل کرنے نکلا ہوں، اس میں عوام کا ساتھ ضروری ہے۔

    بلاول نے کہا ’پی پی کے امیدوار کام یاب ہوئے تو وہ آپ کی خدمت کریں گے، آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے پارٹی کے نظریے پر چلیں گے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔