Tag: دادی

  • ’’دادی کے مرنے سے پہلے لکھ پتی کیسے بنیں‘‘ کس ملک کے عوام نے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا؟

    ’’دادی کے مرنے سے پہلے لکھ پتی کیسے بنیں‘‘ کس ملک کے عوام نے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا؟

    اس سال گوگل پر ’’یہ کیسے کریں‘‘ کے حوالے سے سرچ کی گئی ٹاپ ٹین فہرست میں دادی کے مرنے سے پہلے لکھ پتی کیسے بنیں کی ترکیب سرچ کی گئی۔

    گوگل دنیا کا سب سے بڑا اور مقبول سرچ انجن ہے جہاں ایک ذرے سے لے کر بڑی سے بڑی چیز کی تلاش کی جاتی ہے۔ اکثر لوگ شخصیات، کھیلوں، کھانوں کی تراکیب سمیت کسی کام کو معلوم کرنے کا طریقہ بھی سرچ کرتے ہیں۔

    سال 2024 کے اختتام پر گوگل نے پاکستان کے ٹاپ سرچ ٹرینڈز کا اعلان کیا۔ اس میں ایک ’’کیسے کریں؟‘‘ کے عنوان سے بھی ٹاپ ٹین سرچنگ شامل ہے، اور اس میں دوسرے نمبر پر جو سب سے زیادہ ترکیب معلوم کی گئی ہے وہ ’’دادی کے مرنے سے پہلے لکھ پتی بننے کی ہے۔

    گوگل کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست کے مطابق پاکستانیوں نے جاننے کے لیے سب سے زیادہ ’’پولنگ اسٹیشن کو کیسے چیک کریں۔‘‘ سرچ کیا۔

    پاکستان میں رواں برس 8 فروری کو عام انتخابات ہوئے تھے اور اکثر ووٹرز موبائل فون سروس بند ہونے کے باعث اپنے پولنگ اسٹیشن تلاش کرتے رہے تھے اور بڑی تعداد نے اس کے لیے گوگل سے مدد لی ہوگی۔

    دوسرے نمبر پر جو ترکیب سب سے زیادہ سرچ کی گئی وہ دادی کے مرنے سے قبل لاکھوں کیسے کمائے جائیں کی ترکیب رہی۔

    گوگل سے پوچھی گئی ٹاپ ٹین تراکیب کی فہرست درج ذیل ہے۔

    1. پولنگ سٹیشن کو کیسے چیک کریں۔

    2. دادی کے مرنے سے پہلے لاکھوں کیسے کمائے جائیں۔

    3. استعمال شدہ کار کیسے خریدی جائے۔

    4. پھولوں کو زیادہ دیر تک کیسے بنایا جائے۔

    5. پی سی میں یوٹیوب ویڈیوز کیسے ڈاؤن لوڈ کریں۔

    6. بغیر سرمایہ کاری کے کیسے کمایا جائے۔

    7. اپنے چار سالہ بچے کو اشتراک کرنا کیسے سکھایا جائے؟

    8. جینز سے گھاس کا داغ کیسے نکالا جائے۔

    9. گھٹنے کی چوٹ کے بعد دوبارہ ورزش کیسے شروع کی جائے۔

    10. ورلڈ کپ لائیو کیسے دیکھیں

  • سوتیلی دادی نے بچی کو زمین پر پٹخ پٹخ کر اس کی جان لے لی

    سوتیلی دادی نے بچی کو زمین پر پٹخ پٹخ کر اس کی جان لے لی

    بہاولنگر : محض چند ٹافیاں چوری کرنے کے الزام میں سوتیلی دادی نے 7سالہ پوتی کو بے دردی سے مار مار کر اس کی جان نکال دی, پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں سوتیلی دادی کے ہاتھوں ننھی پوتی کی موت کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے ملزمہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    چند ٹافیاں چوری کرنا7سالہ بچی کا ایسا جرم بن گیا جس نے اس کی سانسیں چھین لیں، بچی نے محلے کی ایک دکان سے مبینہ طور پر دو ٹافیاں چوری کی تھیں۔

    دکاندار کی اہلیہ نے بچی کے گھر جاکر اس کی شکایت کی تو سوتیلی دادی نے طیش میں آکر بچی پر بہیمانہ تشدد کیا، دادی نے بچی کو زمین پر پٹخ پٹخ کر بہت بری طرح پیٹا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ بچی سوتیلی دادی کا تشدد برداشت نہ کرسکی اوراسپتال میں دوران علاج دم توڑگئی، بچی کی والدہ کی مدعیت میں ملزمہ حمیداں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • 11 سالہ لڑکے کا بے مثال کارنامہ، سوشل میڈیا پر چرچے

    11 سالہ لڑکے کا بے مثال کارنامہ، سوشل میڈیا پر چرچے

    انڈیانا: امریکی ریاست انڈیانا میں کار چلا کر اپنی دادی کی جان بچانے والے 11 سالہ بچے کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا میں انجیلا نامی خاتون نے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر اپنا واقعہ شیئر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ میں روڈ پر چہل قدمی کر رہی تھی کہ اچانک میری بینائی کم ہوگئی اور خون میں گلوکوز کی سطح 40 ملی گرام تک گر گئی، طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے میں ایک اسٹاپ سائن کی طرف بیٹھ گئی۔

    انجیلا کا کہنا تھا کہ میری خراب طبعیت دیکھ کر میرا پوتا فوراََ گھر کی طرف گیا،اچانک میں نے اپنی دائیں طرف سے ایک کار کو آتے ہوئے دیکھا جب وہ قریب آئی تو میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ یہ تو میری مرسڈیز بینز ہے اور اسے کوئی اور نہیں 11 سالہ پی جے بریور چلا رہا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ پی جے کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا، تاہم وہ اس سے پہلے اپنے دادا کے لیے گاڑیوں کو گھر کے پارکنگ اسپیس میں پارک کرتا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ اس کے پوتے نے انہیں فوری کار میں بتایا اور گھر لے آیا جہاں مجھے گلوکوز کی گولیاں دی گئی جسے کھانے کے بعد میری طبعیت میں بہتری آئی۔

    انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ میں آپ کو بتاتی چلوں کہ یہ بچہ صرف 11 سال کا ہے اور یہ اپنی ماں سے بہتر ڈرائیونگ کرتا ہے۔

  • نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں 2 سالہ بچے کو پاس ہی موجود دادی کی نظر بچا کر اغوا کرلیا گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ ڈربن کی ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ مارکیٹ کا سیکیورٹی گارڈ تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دادی 2 سالہ بچے کے بالکل قریب ہی کھڑی ہیں تاہم ان کی نظر دوسری طرف ہے۔ یونیفارم میں ملبوس سیکیورٹی گارڈعام سے انداز میں چلتا ہوا آتا ہے اور بچے کے پاس رک کر اسے بہلانے کے بعد گود میں اٹھا کر چلتا بنتا ہے۔

    دادی کافی دیر بعد پلٹ کر دیکھتی ہیں اور پوتے کو غائب پا کر چلانا شروع کردیتی ہیں۔ اس دوران وہ باہر کی جانب جاتی ہیں اور انہیں گارڈ کی گود میں اپنا پوتا دکھائیدے جاتا ہے جس کے بعد وہ اسے جھپٹ کر واپس لے لیتی ہیں۔

    اس دوران مارکیٹ انتظامیہ نے پولیس کو بھی اطلاع دے دی جس نے فوراً موقع پر پہنچ کر گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فی الوقت ملزم کے عزائم نامعلوم ہیں کہ اس نے بچے کو اغوا کیوں کیا۔

    پولیس نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرسمس میں رش کے باعث باہر جاتے ہوئے اپنے بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

  • نانی اور دادی کے زمانے کی یہ عادت بے حد فائدہ مند

    نانی اور دادی کے زمانے کی یہ عادت بے حد فائدہ مند

    نیا دور ہے، لوگ بھی نئے ہیں، تاہم یہ حقیقت ہے کہ نانی اور دادی کے پرانے زمانوں کی کئی عادات اور ہدایات ایسی ہیں جن کی وجہ تو بظاہر معلوم نہیں، لیکن جدید سائنس نے نانی دادی کی ان ہدایات کو بالکل درست ثابت کردیا ہے۔

    ہم اکثر اپنی نانی دادی کی ہدایات کو ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دیتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ جدید دور میں ان عادات اور توہمات کی کوئی ضرورت نہیں ہے، لیکن جدید تحقیقوں نے ثابت کردیا ہے کہ ہماری نانی دادی کی کہی ہوئی باتیں ہمارے لیے کس قدر فائدہ مند ہیں۔

    ایسی ہی ایک ہدایت کھانا کھانے کے بعد غسل نہ کرنے کی بھی ہے جس سے اکثر نانیاں اور دادیاں منع کرتی ہیں اور وہ اپنی جگہ بالکل درست ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانا کھانے کے فوراً بعد غسل کرنا ہمارے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کھانا کھانے کے فوراً بعد نہانا ہاضمے میں مشکل پیدا کرسکتا ہے۔

    دراصل جب ہم کھانا کھاتے ہیں تو معدے کے گرد دوران خون کی گردش بڑھ جاتی ہے جس سے کھانا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے۔ لیکن اگر ہم کھانا کھانے کے فوراً بعد نہانے چلے جائیں گے تو خون کی روانی پورے جسم میں تیز ہوجائے گی اور یوں ہاضمے کا عمل رک جائے گا۔

    نہانے کے بعد ہمارے جسم کا درجہ حرارت بھی کم ہوجاتا ہے اور جب یہ درجہ حرارت اپنے معمول پر واپس آتا ہے تو ہاضمے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے جسمانی اعضا خصوصاً دل کو خون پمپ کرنے کے لیے اضافی کام کرنا پڑتا ہے۔

    ہاضمے کا عمل رک جانے یا سست پڑجانے سے طبیعت میں بوجھل پن پیدا ہوسکتا ہے جبکہ تیزابیت بھی ہوسکتی ہے۔

    اس تمام عمل سے بچنے کے لیے نہ صرف نانی دادی بلکہ ماہرین کی بھی تجویز ہے کہ کھانا کھانے کے بعد نہانے کے بجائے، نہانے کے بعد کھانا کھایا جائے جب جسم ہلکا پھلکا ہوتا ہے اور طبیعت تازہ دم ہوتی ہے۔

  • جنیوا کی سڑکوں پر کہانیاں سناتی دیو ہیکل دادی اماں

    جنیوا کی سڑکوں پر کہانیاں سناتی دیو ہیکل دادی اماں

    آپ دادی کی اپنے پوتوں پوتیوں کو چاند پر چرغہ کاٹنے والی ایک بڑھیا کی کہانی سنانے کے بارے میں تو جانتے ہوں گے، ہوسکتا ہے یہ کہانی آپ نے بھی بچپن میں اپنی دادی سے سنی ہوگی۔ اب ایسی ہی ایک دیوہیکل سی دادی اپنے شہر کے باسیوں کے یہ کہانی سنانے کے لیے دنیا بھر میں سفر کر رہی ہیں۔

    ایک فرانسیسی تھیٹر گروپ کی جانب سے بنائی جانے والی یہ دیو ہیکل دادی اور پوتی جہاں جاتی ہیں، وہاں لوگ انہیں دیکھنے کے لیے سڑکوں پر امڈ آتے ہیں۔

    اٹھارہ فٹ بلند پوتی اور چھڑی کے سہارے چلتی دادی اماں آج کل سوئٹزر لینڈ کے شہر جینوا میں ہیں اور اس منفرد ترین پتلی تماشے کو دیکھنے کے لیے لوگ جوق در جوق آرہے ہیں۔

    جنیوا کی سڑکوں کا کچھ سفر دیو ہیکل دادی اماں نے وہیل چیئر پر بھی طے کیا۔ دوسری جانب پوتی بھی لالی پاپ کھاتی رہی اور تماشائیوں کو محظوظ کرتی رہی۔

    ان دونوں دیو ہیکل کٹھ پتلیوں کو کرین کے ذریعہ رسیوں کی مدد سے حرکت دی جاتی ہے۔

    اس منفرد ترین کٹھ پتلی تماشہ بنانے والے تھیٹر گروپ کا کہنا ہے کہ دیو ہیکل دادی اماں کہانیاں بھی سنائیں گی۔

    ان دیوہیکل پتلیوں کو تیار کرنے میں اس گروپ کو 3 سال کا عرصہ لگا۔ اس سے قبل یہ کٹھ پتلیاں لندن اور مونٹریال میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں جہاں انہیں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔