Tag: دارالصحت

  • نشوہ کیس: عدالت کا دارالصحت اسپتال کھولنے کا حکم

    نشوہ کیس: عدالت کا دارالصحت اسپتال کھولنے کا حکم

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کے حکم پر سیل ہونے والے دارالصحت اسپتال کو دوبارہ کھولنے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دارالصحت اسپتال سیل کرنےکے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے اسپتال کو غیر قانونی طور پر سیل کیا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ کے زبانی احکامات پر اسپتال کو سیل کیا گیا، اسپتال سیل کرنے کا عمل غیر قانونی ہے لہذا دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جائے۔  عدالت نے دارالصحت اسپتال کھولنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اس کی سیل ختم کرنے کا حکم دیا۔

    مزید پڑھیں: دارالصحت اسپتال کی اوپی ڈی کو سیل کردیا گیا، ملازمین اور شہری آمنے سامنے

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نشوہ نامی بچی دارالصحت اسپتال کی غفلت کی وجہ سے معذور ہوگئی تھی جس کے بعد اُسے علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا البتہ وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔

    نشوہ کے والد قیصر علی نے اپنی یٹی کی موت کا قصور وار اسپتال انتظامیہ اور مالکان کو ٹہھراتے ہوئے تین مطالبات پیش کیے تھے۔ انہوں نے گزشتہ اتوار جوہر چورنگی پر دھرنا بھی دیا تھا البتہ مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کی یقین دہانی کے بعد اسے ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نشوہ کیس کا چالان عدالت میں جمع، اسپتال انتظامیہ کے خلاف قتل کی دفعات میں اضافہ

    قیصر علی نے حکومت سے تین مطالبات کیے تھے جن میں سے اسپتال کو سیل کرنے، قصور وار ملازمین اور مالکان کو گرفتار کرنے اور معاملے کی جوڈیشنل انکوائری شامل تھے۔ والد کے مطالبے اور عوامی ردعمل کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال کو سیل کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد اسپتال کو سیل کردیا گیا تھا۔

  • نشوا کے والد پر زبردستی صلح کے لیے دباؤ، ڈی آئی جی ایسٹ لیاقت نیشنل پہنچ گئے

    نشوا کے والد پر زبردستی صلح کے لیے دباؤ، ڈی آئی جی ایسٹ لیاقت نیشنل پہنچ گئے

    کراچی: انجیکشن کے اوور ڈوز کے باعث موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا نشوا کے والد پر دباؤ اور زبردستی صلح نامے کے معاملے پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی لیاقت نیشنل اسپتال پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نشوا کے والد پر دارالصحت کے مالک عامر چشتی نے ایم کیو ایم کے ایک رہنما کے ساتھ صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی، جس پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے لیاقت نیشنل اسپتال میں قیصر علی سے ملاقات کی۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن بھی عامر فاروق کے ہم راہ تھے۔

    نشوا کے والد قیصر علی سے گزشتہ روز دارالصحت اسپتال کے مالک کے دباؤ سے متعلق پوچھا گیا، قیصر نے کہا کہ جن لوگوں کے نام انھوں نے دیے تھے انھیں تا حال گرفتار نہیں کیا گیا۔

    نشوا کے والد کا مؤقف تھا کہ انھیں انصاف چاہیے، قیصر علی کا کہنا تھا کہ انھوں نے عامر چشتی اور علی فرحان سمیت 10 افراد کے نام بیان میں دیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کے مظلوم باپ پر صلح کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف

    بچی کے والد نے کہا کہ پولیس ایک ہفتے کے اندر صرف معیز کو پکڑنے اور ثوبیہ کو چھوڑنے کا کام ہی کر سکی ہے۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی عامر فاروقی نے نشوا کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ دیگر تمام نامزد افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بھی نشوا کے والد سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ کوئی بھی آپ کو دھمکی دے تو پولیس کو بتائیں، کارروائی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں پر نشوا کے والد کو سیکورٹی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

  • نشوہ کیس: دارالصحت اسپتال کا ملازم عدالت میں پیش، بیان ریکارڈ، اہم انکشافات

    نشوہ کیس: دارالصحت اسپتال کا ملازم عدالت میں پیش، بیان ریکارڈ، اہم انکشافات

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال میں ننھی نشوہ کوغلط انجکشن لگانے والے وارڈ بوائےمعیز کو عدالت نے چار روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں نشوہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے دارالصحت اسپتال کے گرفتار ہونے والے ملازم کو عدالت مین پیش کیا۔

    ملزم نے بتایا کہ میرا کوئی قصور نہیں، اس معاملے میں انتظامیہ کوپوچھا نہیں جارہا،سپروائزر اورڈاکٹرزکانام بھی بتاچکاہوں، مریضوں کودوائی دینا یا انہیں انجکشن لگانا میری ڈیوٹی میں شامل نہیں البتہ ڈاکٹرعطیہ اور مس نازکےکہنے پر نشوہ کو انجیکشن لگایا تھا۔

    مزید پڑھیں: دارالصحت اسپتال میں خوفناک آتش زدگی

    یہ بھی پڑھیں: کارپوریٹ سیکٹر نے دارالصحت اسپتال پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا

    آغا مغیز کی بہن کا کہنا تھا کہ بھائی کو پھنسایا گیا، اسپتال انتظامیہ نے کہا تھا کہ ذمہ داری قبول کرنے کا بیان دے دو ہم تمھیں بچا لیں گے مگر اب ہمیں مالکان کی طرف سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    معیزکی بہن کا کہنا تھا کہ جس روز واقعہ پیش آیا بھائی چھٹی پر تھا، اسپتال والوں نے اُسے گھر سے بلایا اور پھر پھنسا دیا۔ اسپتال کے مالک عامر چشتی بچی کے والد سے سودے بازی کی کوشش میں لگے ہیں۔

    دوسری جانب گلستان جوہرمیں دارالصحت اسپتال کے خلاف بینرلگ گئے، شہریوں نے اسپتال بند کرنےکا مطالبہ کردیا، علاوہ ازیں سوئی گیس اورقومی ایئرلائن نے ملازمین کو علاج کی غرض سے دارالصحت اسپتال جانےسےمنع کردیا۔

  • دارالصحت اسپتال میں خوفناک آتش زدگی

    دارالصحت اسپتال میں خوفناک آتش زدگی

    کراچی: غفلت کے سبب نو ماہ کی بچوں کو کوما میں پہنچانے والے دارالصحت اسپتال میں آگ لگ گئی، شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع نجی اسپتال کی پہلی اور دوسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی ہے، آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ ہوگئی ہیں۔

    فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمار ت کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی ہے جسے بجھانے کے لیے دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ چکے ہیں جبکہ آگ کی شدت میں اضافے کے سبب مزید مدد روانہ کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ نشوہ نامی بچی جس کی عمر 9 ماہ ہے ، وہ دارالصحت اسپتال میں ڈائیریا کے مرض میں ایڈمت ہوئی تھی ، کہ اس کی حالت بگڑ گئی ، اسپتال نے تصدیق کی کہ بچی کو غلط انجکشن کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوہ ایک ہفتے تک وینٹی لیٹرپراسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور گزشتہ رات جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائز ہوچکی تھی۔

    بچی تاحال زیر علاج ہے اور اس کی حالت میں بہتری کی کوئی امید ظاہر نہیں کی جارہی ، واقعے کے ردعمل میں اہل علاقہ نے علاقے میں پوسٹرز لگاتے ہوئے دارلصحت اسپتال کو دارالموت قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ یہاں علاج نہ کروائیں۔

    واقعے کے ردعمل میں پاکستان ایئر لائنزنے اپنے اسٹاف کو ہدایات بھی جاری کی تھیں کہ وہ اپنے اور اہل خانہ کے علاج معالجے کے لیے دارلصحت نامی اسپتال جانے سے گریز کریں ۔

    یاد رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، بعد ازاں غفلت کے مرتکب ملازمین کو حراست میں بھی لیا گیا تھا تاہم اسپتال کے مالک عامر چشتی کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی جاسکی ہے۔

    بچی کے والد قیصر علی پر ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے دھمکیاں بھی دی تھیں کہ وہ مقدمہ واپس لے لیں ، جس کی پاداش میں اے آئی جی کراچی امیر شیخ نے انہیں ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ نشوہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، لیاقت نیشنل کے ڈاکٹروں نے دعاکا کہہ دیا ہے۔واضح رہے کہ مجرمانہ غفلت پر غلطی کے اعتراف کے باوجود دارالصحت اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی، 9 ماہ کی نشوا بدستور لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

    گزشتہ روز دارالصحت اسپتال کے مالک عامر چشتی ایم کیو ایم کے ایک رہنما کو لے کر لیاقت نیشنل اسپتال پہنچ گئے تھے ، اس موقع پر عامر چشتی کے ہمراہ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔ذرائع کے مطابق عامر چشتی اور دیگر نشوا کے والد قیصر علی سے صلح صفائی کرکے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عامر چشتی صلح صفائی کے معاملے پر معاوضہ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

  • نشوہ کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    نشوہ کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    کراچی: دارلصحت اسپتال میں غلط علاج کے سبب معذور ہوجانے والی بچی نشوہ کے والد کو دھمکیاں دینا ایس پی گلشن ِ اقبال کو مہنگا پڑگیا، طاہرنورانی کو عہدے سےبرطرف کردیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے ایس پی طاہر نورانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کردیے ہیں، ایس پی نورانی نے نشوہ کے والد کو اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ احکامات ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دیے گئے ہیں ، ایس پی نوعرانی کو سنٹرل پولیس آفس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی نے آئی جی سندھ کلیم امام کے نام بھی خط لکھ دیا ہے کہ جس میں سفارش کی گئی ہے کہ سابق ایس پی گلشن طاہرنورانی کےخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ نشوہ کےوالدکودھمکیاں دی گئیں، جو کہ انتہائی غلط عمل تھا، اس کے خلاف ایکشن لیاجائے۔

    یاد رہے کہ نشوہ نامی بچی جس کی عمر 9 ماہ ہے ، وہ دارالصحت اسپتال میں ڈائیریا کے مرض میں ایڈمت ہوئی تھی ، کہ اس کی حالت بگڑ گئی ، اسپتال نے تصدیق کی کہ بچی کو غلط انجکشن کی وجہ سے اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوہ ایک ہفتے تک وینٹی لیٹرپراسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور گزشتہ رات جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائز ہوچکی تھی۔

    تین روز قبل ایس پی گلشن طاہر نورانی دارالصحت اسپتال پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے بچی کا معائنہ بھی کیا تھا ، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بچی ابھی کومے کی حالت میں ہے اسپتال انتظامیہ کی غفلت نظر آ رہی ہے، کیس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    تاہم بعد میں ان کی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایس پی نورانی ، بچی کے والد کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ مقدمہ درج کرنےسےان کوکچھ نہیں ہوگا۔

    ایس پی کہہ رہے تھے کہ آپ کوبتارہاہوں آخرمیں نقصان آپ کاہی ہوگا،ایس پی گلشن اقبال گفتگومیں بارباروالدنشواکوڈرانےکی کوشش کرتےرہے۔مقدمےکےبعدہم زیادہ سےزیادہ سوالات کریں گے اورکچھ نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپ کوپھرکہتاہوں ان کاکچھ نہیں ہوگا آپ کاہی نقصان ہوگا،جوتکلیف ہوگی وہ آپ کوہی ہوگی اورکسی کونہیں ہوگی۔آپ کوپھربتارہاہوں یہاں جتنےلوگ کھڑےہیں کسی کانقصان نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوا کے اہل خانہ کو تحریری طور پر یقین دہانی کرا دی گئی تھی ، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہل خانہ جہاں بھی علاج کرانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

  • دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی نشوا کی حالت میں بہتری

    دارالصحت اسپتال کی غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی نشوا کی حالت میں بہتری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دارالصحت اسپتال میں غفلت کے سبب مفلوج ہونے والی 9 ماہ کی بچی نشوا کی حالت میں بہتری آنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان انجم رضوی کا کہنا ہے کہ نشوا کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، بچی کو ٹیوب کے ذریعے غذا دینا شروع کردی ہے۔

    ترجمان کے مطابق آج صبح بھی بچی کا سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے، نشوا کے دماغ کی سوجن بھی کم ہو رہی ہے۔ سوجن ختم ہونے پر پتہ چلے گا دماغ کا کتنا حصہ متاثر ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ نشوا کا سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کیا گیا تھا، رپورٹس درست آئی ہیں۔ ایک دو روز میں نشوا کو وارڈ منتقل کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کراچی کے دارالصحت اسپتال میں نشوا کو ہائی پوٹینسی دوا کی اوور ڈوز دے دی گئی تھی۔ غلط انجکشن کی وجہ سے بچی کی طبیعت بگڑ گئی۔ نشوا ایک ہفتے تک وینٹی لیٹر پر اسپتال میں ہی ایڈمٹ رہی اور ایک ہفتے بعد جب وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو بچی پیرالائزڈ ہوچکی تھی۔

    اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی تھی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہلخانہ جہاں بھی علاج کروانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

    گزشتہ روز ایس پی گلشنِ اقبال طاہر نورانی کی بچی کے والد کو دھمکیاں دینے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔

    ایس پی نورانی نے بچی کے والد کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمہ درج کرنے سے ان کو کچھ نہیں ہوگا۔ آخر میں نقصان آپ کا ہی ہوگا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے نشوا کے والد کو ایس پی گلشن جانب سے دھمکیاں دیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ 48 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی تھی۔ انہوں نے ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کو رپورٹ ملنے تک عہدہ چھوڑنے کی ہدایت بھی کی تھی۔