Tag: داسو حملے

  • داسو دہشت گرد حملے کا ماسٹرمائنڈ افغانستان میں مارا گیا

    داسو دہشت گرد حملے کا ماسٹرمائنڈ افغانستان میں مارا گیا

    راولپنڈی : داسو دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ طارق افغانستان میں مارا گیا، حملے میں چینی انجینئروں سمیت تیرہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق داسو دہشتگرد حملے کا ماسٹرمائنڈ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا بدنام زمانہ سرغنہ طارق ہلاک ہوگیا۔

    بدنام زمانہ سرغنہ افغانستان کے علاقے کنڑ میں ہلاک ہوا، ٹی ٹی پی لیڈر سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل اور مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی مطلوب تھا۔

    داسو پراجیکٹ کے قریب چینی انجینیئروں کی بس پر حملہ کیا گیا تھا، حملے میں چینی انجینیئروں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    چینی انجینئر اور عملہ دو بسوں میں معمول کے مطابق صبح کی شفٹ میں داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ پر اپنے کام پر جا رہے تھے۔

    دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ وقارحسن نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے بدنام زمانہ سرغنہ طارق کی ہلاکت پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داسو دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ طارق کی ہلاکت بہت بڑی کامیابی اور پاکستان کے لیے اچھی خبرہے اور یہ پاکستانی ایجنسیوں اور کابل کی مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔

  • پاکستان نے داسو حملے میں ملوث نہ ہونے کا بھارتی بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے داسو حملے میں ملوث نہ ہونے کا بھارتی بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد : پاکستان نے داسو حملے میں ملوث نہ ہونے کا بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا داسو حملےمیں ملوث نہ ہونے کا بیان مسترد کرتے ہیں، پاکستان متعدد مرتبہ ناقابل تردید شواہد سامنے لاچکا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور معاونت ومدد سمیت دہشت گردی کی سرپرستی اورسرمایہ کی فراہمی میں بھی ملوث ہے، گزشتہ برس عالمی برادری کوٹھوس شواہد پر مبنی دستاویزات فراہم کرچکے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ لاہورحملےمیں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت بھی پیش کیے، بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید چہرہ کمانڈرکلبھوشن ہے۔

    دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ لفاظی،ابہام اورایک نئےجھوٹ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتاہے ، بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کرے، پاکستان بھارتی فتنہ انگیزیوں کوبے نقاب اور ان کی مخالفت کرتا رہے گا۔

  • دو اہم گرفتاریاں ، داسو حملے اور جوہر ٹاون دھماکے کی کڑیاں ملنے لگیں

    دو اہم گرفتاریاں ، داسو حملے اور جوہر ٹاون دھماکے کی کڑیاں ملنے لگیں

    لاہور: داسو حملے کی تحقیقات میں پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں لاہور سے دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا، گرفتار دونوں بھائیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق داسو حملہ اور جوہر ٹاون دھماکے کی کڑیاں ملنے لگیں ، دونوں حملوں میں ملوث ٹیم کا تعلق بھارتی حفیہ ایجنسی راسےثابت ہو رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ داسوحملے میں ملوث ہونے کے شبے میں لاہور سے 2مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،گرفتار دونوں بھائیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

    ذرائع کے مطابق داسو حملے میں استعمال گاڑی لاہور میں مقیم شخص کی ملکیت تھی۔

    یاد رہے داسو پاور پراجیکٹ کی بس میں دھماکہ ہوا تھا اور حادثے میں 9 چینی باشندے اور 3 پاکستانی باشندے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    حکومت پاکستان نے داسو پاور پراجیکٹ کی بس حادثے میں بارودی مواد کے استعمال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعہ میں دہشت گردی کے عنصر سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

    بعد ازاں داسو بس دھماکے کی تحقیقات کیلئے چینی حکام بھی پاکستان پہنچے تھے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ داسو واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    خیال رہے جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث تمام نیٹ ورک پکڑا گیا تھا اور ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے پیچھے بھارتی ایجنسی را اورافغان این ڈی ایس کا ہاتھ ہے‌۔