Tag: داعش

  • افغان طالبان نے برطانوی پاسپورٹ والے داعش ریکروٹ پکڑ لیے: دی گارجین کا انکشاف

    افغان طالبان نے برطانوی پاسپورٹ والے داعش ریکروٹ پکڑ لیے: دی گارجین کا انکشاف

    کابل: برطانوی اخبار دی گارجین نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان نے داعش کے 2 ریکروٹوں کو پکڑا ہے، جن میں ایک کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے افغانستان سے انخلا کے بعد داعش میں عالمی بھرتی کی کوشش کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے، دی گارجین نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ طالبان نے داعش کے 2 مشتبہ برطانوی ریکروٹوں کو افغان سرحد پر پکڑا ہے۔

    داعش میں بھرتی دونوں برطانوی شہریوں کے پاس پاسپورٹ تھا، دونوں شہریوں کو ازبکستان سے ملنے والی اطلاعات کے بعدگرفتار کیا گیا جب وہ گزشتہ موسم خزاں میں شمالی سرحد سے افغانستان میں داخل ہو رہے تھے۔

    ان میں سے ایک کے پاس برطانوی دوسرے کے پاس یورپی پاسپورٹ تھا، دی گارجین نے طالبان ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ گرفتار افراد سے 10 ہزار پاؤنڈ اور نائٹ وژن چشمے بھی برآمد کیے گئے۔

    واضح رہے کہ سیکڑوں برطانوی شہری شام اور عراق میں داعش کے تحت رہنے کے لیے گئے تھے، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب برطانیہ کے شہریوں کو مبینہ طور پر افغانستان میں اس گروپ میں شامل ہونے کی کوشش میں روکا گیا ہے، اور طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آئی ایس میں بین الاقوامی بھرتی کی کوشش کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

  • پشاور میں فورسز کی کارروائی، داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک

    پشاور میں فورسز کی کارروائی، داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تھانہ فقیر آباد کی حدود میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، دہشت گرد رنگ روڈ قبرستان میں واردات کی غرض سے موجود تھے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے جدید خود کار اسلحہ اور مختلف دستاویزات برآمد ہوئے۔

    دہشت گردوں کا تعلق داعش سے تھا

    کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) نے بعد ازاں میڈیا کو بتایا کہ پشاور میں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق داعش سے تھا، ہلاک ملزمان میں ایک کمانڈر حیات تھا جو پشاور داعش کا انچارج تھا۔

    سی سی پی او کے مطابق مرکزی کمانڈر سلیمان تھا جس کا تعلق باجوڑ سے تھا، تیسرا دہشت گرد افغانی تھا۔

    سی سی پی او کا کہن ا ہے کہ 2 پولیس اہلکاروں اور سکھ شہری ستنام سنگھ کے قتل میں داعش نیٹ ورک ملوث تھا جکس میں مذکورہ ملزمان بھی شامل تھے، سنہ 2017 میں پشاور میں داعش کا ہیڈ کوارٹر بھی پکڑا گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات مقابلے میں 2 دہشت گرد فرار بھی ہوگئے۔

  • کیا امریکا اور اتحادیوں نے عراق سے بھی انخلا کر لیا؟

    کیا امریکا اور اتحادیوں نے عراق سے بھی انخلا کر لیا؟

    بغداد: عراقی سیکیورٹی ایڈوائزر نے کہا ہے کہ امریکا نے اتحادیوں کے ساتھ عراق میں جنگی مشن ختم کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے سلامتی مشیر کی جانب سے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مشن ختم کر کے انخلا کرنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

    لیکن کیا امریکا اور اتحادیوں نے واقعی عراق سے بھی انخلا کر لیا ہے؟ اگرچہ سلامتی مشیر نے تو کہا ہے کہ امریکا اور اتحادی فورسز نے ملک سے انخلا کر لیا ہے، تاہم امریکا کی جانب سے عراق سے انخلا کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور اتحادی فورسز عراق میں داعش کے خلاف کارروائی کر رہی تھیں۔

    ادھر عراقی سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ بدھ کے روز حکومت نے داعش کے 100 عراقی جنگجوؤں کو وطن واپس بلا لیا ہے جو شمال مشرقی شام میں کرد فورسز کے زیر حراست تھے۔

    عراق میں بم دھماکے بدستور جاری ہیں، عراقی فوج کے مطابق عراق کے جنوبی شہر بصرہ کے مرکز میں منگل کو ہونے والے ایک موٹرسائیکل دھماکے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کے روز عراق میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

  • داعش نے  قندھار کی مسجد میں خود کش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی

    داعش نے قندھار کی مسجد میں خود کش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی

    کابل : داعش نے قندھار کی مسجد میں خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی، دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار کی مسجد میں جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 63 ہو گئی ہے جبکہ 90 دیگر زخمی ہیں۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ داعش نے مسجد میں خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے اور بیان میں کہا کہ داعش کے دو جنگجوؤں نے مسجد کے محافظوں کو گولی مار کر ہلاک کیا اور بعد میں ، نمازیوں میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    خیال رہے گذشتہ جمعے کو بھی افغانستان کے شہرقندوز میں نمازجمعہ کے دوران مسجد کے اندر دھماکا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں 50 افراد جاں بحق اور 100 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

    واضح رہے رواں ماہ کے آغاز میں اماراتِ اسلامی کی سیکیورٹی فورسز کے ایک خصوصی یونٹ نے کابل کے ضلع میں داعش کے خلاف آپریشن کیا ، افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن میں داعش کے جنگجوؤں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں داعش کے تین جنگجو مارے گئے تھے۔

  • داعش کے سابق سربراہ ابوبکر بغدادی کا نائب سمیع جاسم گرفتار

    داعش کے سابق سربراہ ابوبکر بغدادی کا نائب سمیع جاسم گرفتار

    بغداد: عراقی فورسز نے داعش کے سابق سربراہ ابوبکر بغدادی کے نائب سمیع جاسم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کا کہنا ہے کہ عراقی سیکیورٹی فورسز نے داعش کے مسلح گروپ کے ایک سینئر رکن کو گرفتار کر لیا ہے۔

    الکاظمی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سمیع جاسم کو، جو مسلح گروہ کے مالی معاملات کا انچارج اور مارے گئے رہنما ابوبکر البغدادی کا نائب تھا، ملک سے باہر گرفتار کیا گیا۔

    پیر کو انھوں نے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ جب ہمارے سیکیورٹی فورسز کے ہیروز انتخابات کو محفوظ بنانے پر توجہ دے رہے تھے تو دوسری طرف ان کے انٹیلیجنس سروسز کے ساتھی سمیع جاسم کو پکڑنے کے لیے ایک پیچیدہ بیرونی آپریشن کر رہے تھے۔

    الکاظمی نے اسے عراقی افواج کی جانب سے اب تک کی جانے والی کراس بارڈر انٹیلیجنس کارروائیوں میں سے ایک اہم کارروائی کہا۔ جاسم کی گرفتاری کو بغداد کے لیے ایک اہم پیش رفت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق عراقی حکومت اسے ایک بڑی کامیابی سمجھتی ہے، کیوں کہ جاسم عراق اور شام میں بہت ساری کارروائیوں کا ذمہ دار تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاسم کی گرفتاری چند دن قبل عمل میں لائی گئی، تاہم جاسم کو کہاں گرفتار کیا گیا، اسے تاحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے اس سے قبل داعش کے کئی دہشت گردوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر انعام کی پیش کش کی تھی، ان میں جاسم بھی شامل تھا۔ 2015 میں، امریکی محکمہ خزانہ نے جاسم کو گروہ کو مالی مدد یا دیگر خدمات فراہم کرنے کے لیے بھی نامزد کیا تھا۔

    یاد رہے کہ داعش کا سابق سربراہ ابوبکر بغدادی 2019 میں شام میں امریکی حملے میں مارا گیا تھا۔

  • کابل ایئر پورٹ دھماکے، امریکا کا داعش کے ’منصوبہ ساز‘ پر ڈرون حملہ

    کابل ایئر پورٹ دھماکے، امریکا کا داعش کے ’منصوبہ ساز‘ پر ڈرون حملہ

    کابل: کابل ایئر پورٹ دھماکوں کے بعد امریکی فوج نے داعش کے خلاف ڈرون کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ’منصوبہ ساز‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی فوج نے کہا ہے کہ داعش کے ’منصوبہ ساز‘ کو نشانہ بنانے کے لیے مشرقی افغانستان میں ڈرون حملہ کیا گیا، خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کیپٹن بل اربن نے ڈرون حملے کے بعد بتایا کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم نے ہدف کو ہلاک کر دیا ہے۔

    امریکی عہدے دار کے مطابق ڈرون حملہ داعش کے ایک جنگجو پر کیا گیا ہے جو حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر حملوں سے بھی اس کا تعلق تھا یا نہیں۔

    کابل دھماکے : حملہ آوروں کو قیمت چکانا پڑے گی، جوبائیڈن

    داعش کے دہشت گرد کے خلاف کارروائی مشرق وسطیٰ سے اڑائے گئے ڈرون کے ذریعے کی گئی، حملے کے وقت وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ کار میں تھا، اور کار کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کہا تھا کہ کابل دھماکوں کے ذمہ داروں کو تلاش کر کے انھیں انجام تک پہنچایا جائے گا، انھوں نے پینٹاگون کو حملے کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

    یاد رہے کہ کابل ایئرپورٹ خودکش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے، داعش نے خود کش حملہ آور کی شناخت بھی جاری کی، داعش خراسان کے بیان کے مطابق حملہ عبدالرحمٰن الوگری نامی خود کش بمبار نے کیا۔ اس حملے میں 13 امریکی فوجیوں کے علاوہ 170 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  • نیوزی لینڈ کا داعش سے تعلق رکھنے والی خاتون سے متعلق بڑا فیصلہ

    نیوزی لینڈ کا داعش سے تعلق رکھنے والی خاتون سے متعلق بڑا فیصلہ

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے انسانیت کی بنیاد پر داعش سے تعلق رکھنے والی خاتون کی شہریت منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوہیرا ایڈن نامی خاتون نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی دوہری شہریت رکھتی تھیں، ان کا تعلق داعش سے بھی تھا، جس پر آسٹریلیا نے گزشتہ برس ان کی شہریت ختم کر دی تھی، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ سوہیرا ایڈن کی شہریت ختم کرنے سے وہ اور ان کے بچے دربدر ہو جائیں گے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سوہیرا ایڈن نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئی تھی، 6 سال کی عمر میں وہ آسٹریلیا منتقل ہوئیں، 26 سالہ خاتون آسٹریلیا سے شام 2014 میں منتقل ہوئیں جہاں وہ داعش کی زیر نگرانی رہیں۔

    2019 میں شام میں ایک مہاجرین کیمپ میں اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی سویڈن سے تعلق رکھنے والے 2 داعش جنگجوں سے شادی ہوئی تھی۔‘

    سوہیرا ایڈن اور ان کے بچوں نے فروری میں شام کی سرحد پار کر کے ترکی میں سکونت اختیار کر لی تھی، تاہم ترکی کی وزارت دفاع نے انھیں حراست میں لینے کے بعد ’داعش کی دہشت گرد‘ قرار دیا تھا، اور کہا تھا کہ انھیں ترکی میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے پر پکڑا گیا۔

    گزشتہ سال آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا تھا کہ دہشت گردوں سے تعلق کی وجہ سے خاتون نے آسٹریلوی شہریت کا استحقاق کھو دیا ہے۔

    تاہم دوسری طرف نیوزی لینڈ کا رویہ باقی ممالک سے بالکل مختلف ہے، جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ انھیں اور ان کے 2 بچوں کو ملک بدر نہیں کیا جائے گا، پیر کو ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کی ذمہ دار نہیں ہیں، اور چوں کہ آسٹریلیا نے اس خاندان کو اپنانے سے انکار کر دیا ہے، اس لیے اب وہ ہماری ذمہ داری ہیں۔

    یاد رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے اس سے قبل آسٹریلیا پر اپنی ذمہ داری سے انکار کرنے پر تنقید کی تھی، جیسنڈا نے کہا ہے کہ سوہیرا ایڈن اور ان کے بچوں کو ترکی کی درخواست پر نیوزی لینڈ بلایا جائے گا، اور انھیں کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • لاہور سے داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور سے داعش کے 5 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ریجن نے ایک بڑی کارروائی میں داعش کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی لاہور ریجن نے پانچ دہشت گرد گرفتار کر لیے، ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، گرفتار دہشت گردوں سے نفرت انگیز مواد برآمد کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے ممبر لاہور کے بھٹہ چوک کے قریب موجود تھے، دہشت گردوں میں ناظم اللہ، ضیا الرحمان، اشتیاق، عبدالرحمان، اور ملک کاشف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد لوگوں میں نفرت انگیز مواد تقسیم کر رہے تھے، اور اپنی تنظیم کے لیے فنڈ بھی جمع کر رہے تھے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے ایسی 40 کتابیں برآمد کی گئیں جن پر پابندی عائد ہے، فنڈز اور داعش کی 2 رسیدیں بھی برآمد ہوئیں۔

    لاہور اور سبّی میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، 6 گرفتار ایک ہلاک

    دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی لاہور نے ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے ایک دہشت گرد محب اللہ کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ محب اللہ ریڈ بُک میں شامل تھا، دوسرے دہشت گرد کا نام حنیف طیب ہے، دہشت گردوں کو گلشن راوی بندروڈ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

  • موزمبیق کے ایک شہر پر داعش نے قبضہ کر لیا

    موزمبیق کے ایک شہر پر داعش نے قبضہ کر لیا

    ماپوٹو: داعش نے موزمبیق کے شہر پالما پر قبضہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش نے موزمبیق کے شہر پالما پر قبضہ کر لیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق داعش نے گزشتہ بدھ کو شہر پالما پر حملے کا آغاز کیا تھا، اور اب اس نے شہر پر قبضہ کر لینے کا دعوی کر دیا ہے۔

    موزمبیق کی وزارت دفاع کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مسلح دہشت گردوں نے گیس کے ذخائر کے حامل چھوٹے شہر پالما پر حملہ کر دیا ہے، جس میں متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    داعش کے حملے کے بعد پالما سے مقامی لوگوں نے شہر چھوڑنا شروع کر دیا تھا، میڈیا رپورٹس میں بھی کہا جا رہا ہے کہ لوگ شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گیس کے ذخائر سے مالا مال پالما شمالی موزمبیق میں واقع ایک ساحلی شہر ہے، فرانس کی ٹوٹل کمپنی اس علاقے کا تیل اور گیس نکالنے کے لیے تنصیبات لگا رہی ہے۔

    موزمبیق کے کابودلگادو ریجن کے شہر اور دیہات 2017 سے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، اب تک اس علاقے میں داعش کے حملوں میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے، ہزاروں افراد جانیں بچانے کے لیے علاقہ چھوڑ کر دیگر مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔

  • افغانستان: پیدائش کے 3 گھنٹے کے بعد نومولود پر قیامت ٹوٹ پڑی

    افغانستان: پیدائش کے 3 گھنٹے کے بعد نومولود پر قیامت ٹوٹ پڑی

    کابل: افغان دارالحکومت میں شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی نومولود کی زندگی بچ گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ منگل دہشت گردوں نے کابل میں میٹرنٹی ہوم کو نشانہ بنایا اس دوران ایک ایسی نومولود بچی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی جس کی صرف تین گھنٹے پہلے ہی پیدائش ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں مذکورہ بچی کی ماں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئی تھی، سرکاری میٹرنٹی ہوم میں مجموعی طور پر 24 ہلاکتیں ہوئیں جن میں 2 بچے، خواتین اور نرس سمیت ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

    افغانستان: جنازے میں خودکش حملہ، 25 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    منگل کے روز صبح کے وقت میٹرنٹی ہوم میں تین شدت پسند داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے باعث 24 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں، مذکورہ دہشت گردانہ واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی سوگ منایا گیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کے ذریعے صارفین نے کابل حملے میں ہلاک ہونے والے بچوں اور ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا شدید غم وغضے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا وہ انسان ہی نہیں ہوسکتے جو بچوں کو بے دردی سے قتل کریں۔ خیال رہے کہ مذکورہ حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔