Tag: دال

  • یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا بھی مہنگی کردی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں 48 روپے تک فی کلو مہنگی کردی گئیں۔

    قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کالے چنے کی قیمت 172 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی۔

    دال مسور کی فی کلو قیمت 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا کی فی کلو قیمت 235 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو اور ثابت مسور دال کی فی کلو قیمت 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔

    دال مونگ کی فی کلو قیمت بھی 30 روپے اضافے کے بعد 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی۔

  • لوبیا کھانے کے فوائد جانتے ہیں؟

    لوبیا کھانے کے فوائد جانتے ہیں؟

    دالیں ہمارے غذائی معمول کا لازمی حصہ ہیں جن کے بے شمار فوائد ہیں، کچھ دالیں ایسی ہیں جن میں فائدہ مند اجزا کی بے شمار تعداد موجود ہوتی ہے، لوبیا کی دال بھی انہی میں سے ایک ہے۔

    لوبیا میں کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے مگر صحت کے لیے فائدہ مند اجزا کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔ لوبیا کھانے کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

    دل کی صحت بہتر کرے

    ایسی غذائیں جن میں پوٹاشیم پائی جاتی ہے وہ دل کی اچھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں جبکہ خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے، لوبیا بھی ایسی ہی غذا ہے جو کہ پوٹاشیم کے ساتھ ساتھ کم فیٹ اور کیلوریز کے ساتھ ہے اور اسی لیے دل کے لیے فائدہ مند مانی جاتی ہے۔

    جلد، ناخن، بال اور مسلز مضبوط بنائے

    پروٹین جسمانی بلاکس کی تشکیل کے لیے ضروری ہوتے ہیں اور لوبیا میں پروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، پروٹین سے جلد، ناخن، بال اور مسلز مضبوط ہوتے ہیں جبکہ یہ عمر کے ساتھ خلیات پر مرتب ہونے والے اثرات کا اثر بھی کم کرنے والا جز ہے۔

    بینائی بہتر کرے

    دالیں وٹامن اے کی وجہ سے آنکھوں کی صحت بہتر بناتی ہیں، لوبیا میں وٹامن اے کی مقدار پالک سے زیادہ ہوتی ہے۔

    ہاضمہ بہتر کرے

    لوبیا میں موجود فائبر آنتوں کی حرکت کو بہت کم وقت میں بہتر کرتی ہے جس سے قبض سے نجات ملتی ہے۔

    شوگر لیول بہتر کرے

    لوبیا میں موجود فائبر بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے جبکہ یہ انسولین اور لپڈ کی سطح بھی بہتر بناتا ہے، ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار مریضوں کو بھی اسے بطور غذا استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاہم اس حوالے سے ڈاکٹر سے پہلے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

    جسمانی وزن میں کمی

    غذائی فائبر پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھتا ہے جبکہ بے وقت کھانے کی خواہش کو بھی کنٹرول کرتا ہے، لوبیا کھانے کی عادت سے موٹاپے کو ہمیشہ خود سے دور رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ جسمانی توانائی میں کمی نہیں آتی۔

    بلڈ پریشر کے لیے بھی فائدہ مند

    ہائی بلڈ پریشر سے فالج اور ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھتا ہے، ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے لوبیا انتہائی موثر ثابت ہوتا ہے جس کی وجہ اس میں موجود پوٹاشیم ہے۔

    خون کی کمی دور کرے

    اگر جسم میں ہیموگلوبن کی کمی کا سامان ہے تو آئرن سے بھرپور غذائیں جیسے لوبیا کو لازمی غذا کا حصہ بنائیں۔ اسے کھانا معمول بنانا خون میں آئرن کی سطح بڑھا کر خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔

    ہڈیوں کی صحت بہتر کرے

    عمر بڑھنے سے ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے جس سے فریکچر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ لوبیا میں موجود کیلشیئم، فاسفورس، پوٹاشیم، میگنیشم، سوڈیم وغیرہ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

  • دالوں کے وہ فوائد جن سے آپ ناواقف تھے

    دالوں کے وہ فوائد جن سے آپ ناواقف تھے

    متوازن غذائیں کھانا صحت کے لیے نہایت ضروری ہے اور دالیں بھی ان ہی میں سے ایک ہیں، دالوں کا باقاعدہ استعمال جسم کے لیے بے شمار فائدوں کا سبب ہے۔

    آج ہم آپ کو ایسی وجوہات بتائیں گے جو دالوں کو آپ کی روزمرہ خوراک کا لازمی حصہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔

    شکر اور دیگر سادہ نشاستے کے مقابلے میں دالوں کے ہضم ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس لیے اس سے نشاستہ (کاربوہائیڈریٹس) آہستہ آہستہ نکلتا ہے اور یوں ان کا انڈیکس کم ہو جاتا ہے۔ دالیں خون میں شوگر کی سطح کو یکدم نہیں بڑھاتیں، جس کی وجہ سے آپ بہت دیر تک خود کو توانا محسوس کرتے ہیں اور آپ کا پیٹ بھی بھرا رہتا ہے۔

    دالوں میں موجود زیادہ پروٹینز دالوں کو گوشت خوروں کے لیے بھی بہت اہم بناتی ہے۔ اچھی صحت کے لیے اتنی مقدار اور اتنی اقسام کے پروٹینز رکھنے والی خوراک بہت ضروری ہوتی ہے۔

    دالوں میں بہت سے وٹامنز اور منرلز بھی ہوتے ہیں جیسا کہ فولک ایسڈ، وٹامن بی 1، وٹامن بی 2، کیلشیئم، فاسفورس، پوٹاشیئم، میگنیشیئم اور آئرن، جو مدافعت اور میٹابولزم میں اضافہ کرتے ہیں۔

    دالوں میں چکنائی کم ہوتی ہے، جو اس کو دل کی صحت کے لیے مفید خوراک بناتی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ فائبر ہونے کی وجہ سے بھی دالیں غذا کے نظام کے لیے ضروری ریشے کا بہت اہم ذریعہ ہوتی ہیں۔ یہ آپ کے ہاضمے کے نظام کو صحت مند اور متحرک رکھنے اور قبض جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتی ہیں۔

    خیال رہے کہ دالیں کمزور پیٹ رکھنے والوں کے لیے مناسب نہیں ہیں۔ کئی پھلیوں اور دالوں میں لیکٹن ہوتا ہے، جو پیٹ میں بھاری پن پیدا کرسکتا ہے۔

    دالوں کو پانی میں بھگونا اور ابالنا لیکٹن کو گھٹانے میں مدد دے سکتا ہے، دالوں کو کم از کم 10 منٹ ابالیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ محفوظ ہیں۔ دالوں اور پھلیوں کو گرم پانی میں بھگونا اور پھر وہ پانی پھینک دینا، یا ابالنا یا اچھی طرح پکانا اس کو ہضم کرنا آسان بنائے گا۔

  • دالوں کی قیمت میں 70 روپے فی کلو اضافہ

    دالوں کی قیمت میں 70 روپے فی کلو اضافہ

    اسلام آباد: عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اہم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، دالوں کی قیمت میں 5 سے 70 روپے فی کلو تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے مارے عوام کے لیے مزید مشکل پیدا کردی گئی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اہم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا جن میں دالیں، گھی اور کوکنگ آئل شامل ہیں۔

    یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف اشیا میں قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا۔

    یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق دالوں کی قیمت میں 5 سے 70 روپے فی کلو تک کا اضافہ کیا گیا ہے، گھی کی قیمت میں 8 سے 60 روپے اور کوکنگ آئل 9 سے 65 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔

    نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز میں دال ماش فی کلو 70 روپے، مسور دال 25 اور دال چنا 5 روپے فی کلو مہنگی ہوگئی ہے۔