کراچی: گزشتہ روز کار سمیت سمندر میں ڈوبنے والے نوجوان دانیال کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سی ویو کے قریب سمندر میں کار ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ کا بیان سامنے آ گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ متوفی 3 بہنوں کا بھائی اور گیارہویں جماعت کا طالب علم تھا۔

اہل خانہ نے بتایا کہ دانیال صبح سابقہ پڑوسی کے ہمراہ سی ویو گیا تھا، دانیال والد کے ہمراہ شیٹ بورڈ کا کام کرتا تھا، حادثے کے وقت گاڑی میں کون کون موجود تھا اس کا علم نہیں۔

خیال رہے کہ سی ویو کے قریب گاڑی سمندر میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے، ڈوبنے والے نوجوان دانیال کی نماز جنازہ آج پنجاب کالونی میں ادا کر دی گئی، جس میں اہل خانہ سمیت علاقہ مکینوں نے شرکت کی، دانیال کی تدفین چانڈیو ولیج قبرستان فیز 6 میں کی جائے گی، جب کہ ڈوبنے والے دوسرے شخص افتخار کی میت راولپنڈی منتقل کر دی گئی ہے۔

متوفی افتخار پوسٹ آفس میں ملازم تھا، تعلق راولپنڈی سے تھا، ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ متوفی افتخار کے گاڑی سیکھنے کے دوران پیش آیا تھا، وہ اپنے دوست دانیال سے گاڑی چلانا سیکھ رہا تھا۔
گاڑی سمندر میں جا گری، دو افراد جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ روز سفید رنگ کی گاڑی بے قابو ہو کر سی ویو کے قریب سمندر میں جا گری تھی، گاڑی میں دو افراد سوار تھے، اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں، دونوں افراد کو نکال کر تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جناح اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ دونوں افراد اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔