Tag: دانیال عزیز

  • میری جگہ میرے والد میرے حلقے سے الیکشن لڑیں گے، دانیال عزیز

    میری جگہ میرے والد میرے حلقے سے الیکشن لڑیں گے، دانیال عزیز

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر ہم نےلاک ڈاؤن یااسلام آباد پر حملہ نہیں کیا ،  میری جگہ میرے والد میرے حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرمملکت دانیال نے نااہلی کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنایا گیا، میرے خلاف3 چارج تھے کچھ 8 ماہ اور کچھ ایک سال پرانے تھے۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک چارج تھا کہ پریس کانفرنس میں تضحیک کی، پہلے چارج کے گواہ نے تسلیم کیا میں نے وہ لفظ کہے ہی نہیں، واحد گواہ جس کیس میں پیش ہوا اس میں مجھے بری کردیا گیا۔

    رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ دوسراچارج ایک نجی چینل پر چلائی جانے والی ویڈیو تھی، فوٹیج چلائی تو چینل کی آڈیو میں ٹون چلی یعنی وہ لفظ بولے ہی نہیں گئے، تیسراچارج عمران خان سے متعلق فیصلے پر میرے جملے تھے، چند ماہ پہلے کے چارج پر عدالت برخاست ہونے تک سزا ملی، میں نے جاوید ہاشمی کے انکشاف کا ذکر کیا تھا، جاوید ہاشمی نے کہا تھا کسی اور طریقے سے لوگوں کو ہٹایا جائے گا

    انھوں نے نے عدالت سے درخواست کی کہ ویڈیو کلپ کا ٹرانسکرپٹ دیاجائے، نجی چینل میں جو ویڈیو چلائی گئی اس میں میری گفتگو سنسرکی گئی، ویڈیو میں جو گفتگو کی گئی تھی ایک پرائیویٹ تقریب میں گفتگو تھی۔

    دانیال عزیز نے مزید کہا کہ فیصلے پرعدالت میں ہی تو لوگوں نے کہا یوسف رضاگیلانی جیسا کیس ہے، آصف زرداری کوسزاہوئی توصدربن گئے، یوسف رضاگیلانی کوسزاہوئی تووزیراعظم بن گئے، میں نے اداروں کومضبوط کرنے کی تگ ودوکی ہے۔


    مزید پڑھیں:  توہین عدالت کیس میں دانیال عزیزنااہل قرار


    سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے پر ہم نےلاک ڈاؤن یااسلام آباد پر حملہ نہیں کیا، تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد قانونی مشاورت کریں گے، جیل کاٹی نہ یوسف رضاگیلانی جیسےعدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔

    انھوں نے کہا کہ میں نےمقامی حکومتوں کےنظام بنائےہیں جس پرتمغہ بھی ملا ، میرے مخالفوں کے نیب میں 3،3کیسز ہیں، سروے کے مطابق میرے حلقے میں مجھے برتری حاصل تھی، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ میرے والد نے میرےحلقے سے کاغذات داخل کرائے ہیں، ہم نے ممکنہ طور پر متبادل فیصلہ کیا ہوا تھا، میری جگہ میرے والد میرے حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل سپریم کورٹ نے  مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار  دیتے ہوئے  آرٹیکل 63 کے تحت نااہل کردیا، اب دانیال عزیز اگلے 5 سال تک الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • توہین عدالت کیس میں دانیال عزیزنااہل قرار

    توہین عدالت کیس میں دانیال عزیزنااہل قرار

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے جس کے بعد وہ آرٹیکل 63 کے تحت نااہل ہوگئے۔ دانیال عزیز اگلے 5 سال تک الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔ عدالت نے انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے عدالت برخواست ہونے تک کی سزا سنائی۔

    فیصلے کے مطابق دانیال عزیز عدالت اور ججز کی تضحیک کے مرتکب ہوئے اور انہوں نے انصاف کی فراہمی کے عمل میں مداخلت کی۔

    دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر 2 فروری کوسپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا تھا۔

    کیس کی سماعت کے دوران دانیال عزیز کے وکیل علی رضا نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دانیال عزیز نے تضحیک آمیز بیان نہیں دیا، نجی ٹی وی نے پرائیوٹ تقریب کی ویڈیو نشر کی ہے۔

    جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے تھے کہ نجی ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کے نکات کی تردید نہیں کی گئی۔ اس موقع پر وکیل نے منطق پیش کی کہ نجی ٹی وی کے بیان کی ٹرانسکرپٹ کو دانیال عزیز نے تسلیم نہیں کیا، دانیال عزیز نے عدالتی فیصلوں پر فقط تنقید کی ہے۔

    فردِ جرم


    فرد جرم عائد کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم نے چارج شیٹ پڑھ کر سنائی تھی جس کے مطابق ’دانیال عزیز نے جج کی تضحیک اورعدالت کی توہین کی۔ انہوں نے 8 ستمبر کو کہا کہ نگران جج نے نیب لاہور کو طلب کر کے تیار کیا‘۔

    چارج شیٹ کے مطابق دانیال عزیز نے کہا کہ ’جہانگیر ترین کو سزا دے کر عمران خان کو بچایا گیا تھا یہ سب اسکرپٹ کے مطابق کیا گیا جبکہ 31 دسمبر کو دانیال عزیز نے کہا کہ جج کو بتانا ہوگا کیپٹل ایف زیڈ ای کی بات ان تک کیسے پہنچی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو ایف زیڈ ای سے متعلق تحقیقات کا کہا گیا تھا‘۔

    3 مئی کو جسٹس عظمت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دانیال عزیز عدالت کے فیورٹ چائلڈ ہیں، ملزم عدلیہ کا ہمیشہ فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے۔ صفائی کا موقع دیں گے۔

    توہین عدالت کیس کے فیصلے کے بعد دانیال عزیز اگلے 5 سال کے لیے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے نااہل ہوگئے ہیں۔

    نہال ہاشمی کو سزا


    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریراورتوہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے نہال ہاشمی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا تھا۔

    دانیال عزیز کا سیاسی سفر


    دانیال عزیز 25 فروری سنہ 1965 کو پیدا ہوئے ، ان کے والد سیاست داں تھے اور ایک مرتبہ وفاقی کابینہ کا حصہ بھی رہ چکے ہیں، ان کی والدہ امریکی نژاد ہیں۔

    توہینِ عدالت کے مقدمے میں نااہل قرار دیے جانے والے دانیا ل عزیز نے اپنا سیاسی سفر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 ناروال سے بطور آزاد امیدوار 1997 میں شروع کیا تھا۔

    سنہ 2002 میں ہونے والے انتخابات میں وہ ایک بار پھر ناروال سے بطور آزاد امید وار کامیاب ہوئے اور بعد میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل وہ نیشنل ری کنسٹرکشن بیورو کے چیئر مین بھی رہے تھے۔

    سنہ 2008 کے انتخابات میں انہوں نے این اے 116 ناروال سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تاہم فتح یاب نہ ہوسکے، مارچ 2013 میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور سنہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 116 ناروال سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔

    سنہ 2017 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کے بعد شاہد خاقان عباسی وزیراعظم منتخب ہوئے تودانیال عزیز وفاقی وزیر برائے نجکاری مقرر کیا گیا۔ 31 مئی کو جب حکومت کی مدت ختم ہوئی تو دانیال عزیز کا عہدہ بھی ختم ہوگیا اور آج سپریم کورٹ نے انہیں توہینِ عدالت کے جرم میں پانچ سال کے لیے نا اہل قرار دے دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سپریم کورٹ دانیال عزیز توہین عدالت کیس کا فیصلہ آج سنائے گی

    سپریم کورٹ دانیال عزیز توہین عدالت کیس کا فیصلہ آج سنائے گی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربرائی میں کل تین رکنی بینچ دانیال عزیز کیس کا فیصلہ سنائے گا، دانیال عزیز کے خلاف فیصلہ 3 مئی کو محفوظ کیا گیا تھا.

    واضح رہے کہ دوران سماعت دانیال عزیز کے وکیل علی رضا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ دانیال عزیزنے تضحیک آمیزبیان نہیں دیا، نجی ٹی وی نے پرائیوٹ تقریب کی ویڈیوکو نشر کی ہے۔

    اس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ نجی ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کے نکات کی تردید نہیں کی گئی، اس موقع پر وکیل نے منطق پیش کی کہ نجی ٹی وی کے بیان کی ٹرانسکرپٹ کو دانیال عزیزنےتسلیم نہیں کیا، دانیال عزیز نےعدالتی فیصلوں پر فقط تنقید کی ہے۔

    جسٹس عظمت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دانیال عزیزعدالت کے فیورٹ چائلڈ ہیں، ملزم عدلیہ کا ہمیشہ فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے، صفائی کاموقع دیں گے.

    اب توہین عدالت میں‌ محفوظ کیا جانے والا یہ فیصلہ آج بہ روز جمعرات سنایا جائے گا.


    نعیم الحق تھپڑ مارنے پر مجھ سے معافی مانگیں، دانیال عزیز


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نعیم الحق تھپڑ مارنے پر مجھ سے معافی مانگیں، دانیال عزیز

    نعیم الحق تھپڑ مارنے پر مجھ سے معافی مانگیں، دانیال عزیز

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیرنجکاری دانیال عزیز نے تھپڑ مارنے پر نعیم الحق سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین سرٹیفائیڈ چور ہیں عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا،ٹیکس ایمنسٹی اسکیم چوری کے زمرےمیں آتی ہے حکومت کی مہربانی ہے جو ایکشن نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ نعیم الحق تھپڑمارنے پرمجھ سےمعافی مانگیں، میں نے کہا تھا پی ٹی آئی کی لیڈر شپ چور ہے، میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین نے لکھ کر دیا انہوں نے ٹیکس چوری کیا، عمران خان نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھایا، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم چوری کے زمرے میں آتی ہے، حکومت کی مہربانی ہے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جہانگیرترین نے مالی اورباورچی کے نام آف شورکمپنیاں بنائیں، عمران خان اور جہانگیر ترین سرٹیفائیڈ چورہیں، نعیم الحق ثابت کریں کہ عمران خان اور جہانگیر ترین چور نہیں۔

    گذشتہ روز وفاقی وزیرنجکاری دانیال عزیز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے 100 دن کےایجنڈے میں ایک خفیہ راز ہے، 100دن کا پلان پاکستان کو تباہی کی طرف لے جانے کا ہے، جب میں نشاندہی کرتا ہوں تو یہ بوکھلا جاتے ہیں۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے جوٹی وی پرچلاوہ پورا کلپ نہیں تھا، تھپڑ سے پہلے اور بعد کی گفتگو نہیں دکھائی گئی، صاف نظرآرہا ہے کہ یہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کبھی خواجہ آصف پرسیاہی پھینکتے ہیں، کبھی جاویدہاشمی پر، کبھی وزیراعظم کوجوتا مارتے ہیں، کبھی اس طرح کے تھپڑ، یہ ایک سوچ ہے، جس کے پیچھے ان کی ناکامیوں کی بوکھلاہٹ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

    دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کافیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا دانیال عزیزعدالت کےفیورٹ چائلڈہیں، ملزم عدلیہ کا ہمیشہ فیورٹ چائلڈہوتا ہے، صفائی کاموقع دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بنچ نے دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی، دوران سماعت دانیال عزیز کے وکیل علی رضا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دانیال عزیزنےتضحیک آمیزبیان نہیں دیا، نجی ٹی وی نےپرائیوٹ تقریب کی ویڈیوکو نشر کیا۔

    جسٹس عظمت سعید نے کہا نجی ٹی وی پر چلنے والی وڈیوکےنکات کی تردید نہیں کی گئی، جس پر وکیل نے منطق پیش کی کہ نجی ٹی وی کےبیان کی ٹرانسکرپٹ کو دانیال عزیزنےتسلیم نہیں کیا، دانیال عزیز نےعدالتی فیصلوں پرتنقیدکی۔

    جسٹس عظمت نے کہا تحریری بیان کاجائزہ بھی لیا، فردجرم عدالتی فیصلوں پرتنقیدکرنے پرعائد نہیں کی، دانیال عزیزکا نجی ٹی وی پرچلنے والی ویڈیو پرموقف پرکھیں،وکیل دانیال عزیز نے کہا کہ ویڈیو سے غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔

    وکیل نے جب یہ کہا کہ دانیال عزیزعدلیہ کی عزت کرتےہیں اس میں کوئی اگرمگرنہیں، تو جسٹس عظمت نے کہا اگرمگرتوہے،کیا آپکا موقف ہے کہ توہین ہوتی تو افسوس ہے۔

    جسٹس عظمت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا دانیال عزیزعدالت کےفیورٹ چائلڈہیں، ملزم عدلیہ کا ہمیشہ فیورٹ چائلڈ ہوتاہے، صفائی کاموقع دیں گے،ایسےفیصلہ نہیں کریں گے، ٹرانسکرپٹ تیارکرنے میں غلطی کومان لیں گے۔


    مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس: دانیال عزیز پر فرد جرم عائد کردی گئی


    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر 2 فروری کوسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا اور 13 مارچ کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    واضح رہے رواں سال یکم فروری کو سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر اور توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی نہال ہاشمی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا تھا۔

    بعدازاں رہائی کے بعد نہال ہاشمی نے ایک بار پھرعدلیہ مخالف بیان دیا تھا جس کا چیف جسٹس نے دوبارہ نوٹس لیا اور ایک بار پھر توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا تحریری جواب مسترد کیا بعد ازان ان کی معافی قبول کرلی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسٹیل مل کی نجکاری کا فیصلہ نہیں کیا، تو ڈالر مزید مہنگا ہوجائے گا: دانیال عزیز

    اسٹیل مل کی نجکاری کا فیصلہ نہیں کیا، تو ڈالر مزید مہنگا ہوجائے گا: دانیال عزیز

    اسلام آباد: نجکاری کے وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا ہے کہ نجکاری کے معاملے پر قیاس آرائیاں مناسب نہیں. یہ معاملہ حکومت کے لیے مسئلہ بنا ہوا ہے، جسے فوری حل کرنا ہوگا۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پر حکومت کے یومیہ 15 کروڑ روپے ضایع ہورہے ہیں، دوسری جانب اسٹیل مل جیسی بند کارپوریشن کے لئے تنخواہیں دی جارہی ہیں، جو ملکی خزانہ پر بوجھ ہیں۔

    [bs-quote quote=” اسٹیل مل خریدنے والا ملازمین کو تنخواہیں اور مراعات دے گا، یوں‌ نجکاری سے اسٹیل مل ملازمین کی تنخواہیں حکومت کے سر سےاتر جائیں گی” style=”style-2″ align=”left” author_name=”دانیال عزیز” author_job=”وفاقی وزیر نجکاری” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/03/Daniyal60x60.jpg”][/bs-quote]

    ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں سالانہ 300 ملین ڈالر ادا کر رہے ہیں. ہمارے مخالفین ڈالرمہنگا ہونے کا شورمچا رہے ہیں، درحقیقت اسٹیل مل سے متعلق بروقت فیصلہ نہ کرنے سے ڈالر مزید مہنگا ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اسٹیل مل خریدنے والا ملازمین کو تنخواہیں اور مراعات دے گا، یوں‌ نجکاری سے اسٹیل مل ملازمین کی تنخواہیں حکومت کے سر سےاتر جائیں گی. اسٹیل مل کی نجکاری سے حکومتی واجبات کم ہوجائیں گے.

    وزیرنجکاری دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ یہ تصور کہ نجکاری سے یہ ہو جائے، وہ ہوجائے گا، درست نہیں، اسٹیل مل کی نجکاری سے سندھ سدرن گیس کمپنی کا بل ادا ہوگا اور نیشنل بینک کا قرضہ بھی ادا ہو جائے گا. یہ ملکی معشیت کے لیے ایک سود مند فیصلہ ہے.


    پیپلزپارٹی اسٹیل مل اور پی آئی اے کی نجکاری کی مخالفت کرے گی: رضا ربانی


    یاد رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے حکومت کی جانب سے اسٹیل مل کی نجکاری کی حمایت میں بیانات دیے جارہے ہیں. کچھ روز قبل مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ اگر کوئی پارٹی پی آئی اے اور اسٹیل مل کے واجبات ادا کرنے کی یقین دلائی کروائے، تو ایک ڈالر میں‌ حکومت یہ ادارے فروخت کر دے گی. 

    حکومتی موقف اور اقدامات پر اپوزیشن کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا. سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں‌ کہا تھا کہ پیپلزپارٹی ایسے کسی بھی اقدام کی بھرپور مخالفت کرے گی.


    اربوں کی اسٹیل مل ایک ڈالرمیں برائے فروخت: مشیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا انوکھا اعلان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • توہین عدالت کیس : دانیال عزیزکو شوکاز نوٹس جاری

    توہین عدالت کیس : دانیال عزیزکو شوکاز نوٹس جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیردانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا اور کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

    وفاقی وزیر دانیال عزیز اپنے وکیل کے ہمراہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

    دانیال عزیز نے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ جواب دینے کی مہلت دی جائے جس پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ ہم اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہیں آپ جواب جمع کرادیں۔

    بعدازاں عدالت عظمیٰ نے وفاقی وزیر دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔


    توہین آمیز تقاریر پر دانیال عزیز کو عدالت میں طلبی کا نوٹس


    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر 2 فروری کوسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • توہین عدالت کیس: دانیال عزیز کو جواب کے لیے 19 فروری تک کی مہلت

    توہین عدالت کیس: دانیال عزیز کو جواب کے لیے 19 فروری تک کی مہلت

    اسلام آباد: توہین عدالت کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو جواب جمع کروانے کے لیے 19 فروری تک کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے بعد وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔

    سماعت کے دوران جسٹس شیخ عظمت سعید نے دریافت کیا کہ کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر دانیال عزیز نے کہا کہ آپ نے نوٹس دیا تھا میں حاضر ہوں۔

    جسٹس شیخ عظمت سعید نے دریافت کیا کہ آپ نے وکیل نہیں کیا؟ جواباً دانیال عزیز نے کہا کہ اگر ضرورت ہے تو کر لیتا ہوں۔

    جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ وکیل کی ہمیشہ ضرورت ہوتی ہے۔ آپ وکیل کرلیں، سب کچھ سامنے آجائے گا۔ ’سب کچھ صاف اور شفاف ہوگا‘۔

    عدالت نے دانیال عزیز کو جواب کے لیے 19 فروری تک کی مہلت دے دی۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا کے بعد سپریم کورٹ نے طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت پر طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر سپریم کورٹ نے انہیں آج طلب کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • توہین آمیز تقاریر پر دانیال عزیز کو عدالت میں طلبی کا نوٹس

    توہین آمیز تقاریر پر دانیال عزیز کو عدالت میں طلبی کا نوٹس

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا۔ دانیال عزیز کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما کی توہین آمیز تقاریر پر سپریم کورٹ نے ایکشن لے لیا۔

    دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے دانیال عزیز کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ دانیال عزیز کے خلاف سماعت 7 فروری کو ہوگی۔

    یاد رہے گزشتہ روز ہی سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر اور توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے نہال ہاشمی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پولیس نے سینیٹر نہال ہاشمی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ایک تقریر کے دوران نہال ہاشمی نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ حساب لینے والوں سن لو تم کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے خاندان کے لیے زمین تنگ کردیں گے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے 31 مئی 2017 کو نہال ہاشمی کی عدلیہ مخالف تقریرکا از خود نوٹس لیا تھا۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن نے متنازع بیان دینے پر نہال ہاشمی کو پارٹی سے بھی نکال دیا تھا۔

    نہال ہاشمی نے دھمکی آمیز تقریر پر سپریم کورٹ سے تحریری معافی بھی مانگی تاہم عدالت نے ان کی معافی کو مسترد کردیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اسٹیل ملز کے اکاؤنٹ کا آڈٹ شروع کروا دیا گیا ہے: دانیال عزیز

    اسٹیل ملز کے اکاؤنٹ کا آڈٹ شروع کروا دیا گیا ہے: دانیال عزیز

    اسلام آباد: وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز بند ہے کوئی نئی تعیناتی نہیں ہو رہی۔ اسٹیل ملز کے اکاؤنٹ کا آڈٹ شروع کروا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں وزیر نجکاری دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز بند ہے کوئی نئی تعیناتی نہیں ہو رہی۔ اسٹیل ملز کے اکاؤنٹ کا آڈٹ شروع کروا دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سوئی سدرن کی اصل رقم زیادہ نہیں تھی۔ نیشنل بینک، سوئی سدرن اور اسٹیل ملز معاملات حل کے قریب ہیں۔ حکومت اسٹیل ملز کو انتظامی لیز پر دینا چاہتی ہے۔

    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ 15 سے 25 فیصد اسٹیل ملز ملازمین دوبارہ بھرتی ہوں گے۔ اسٹیل ملز کی کوئی چیزفروحت نہیں ہوگی، صرف انتظامی معاہدہ ہوگا۔

    سیکریٹری نجکاری نے اجلاس کو بتایا کہ اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے 5 ارب واجب الادا ہیں۔ حکومت پاکستان ہر ماہ 38 کروڑ تنخواہ کی مد میں دیتی ہے۔ جون 2018 تک شاید 12 ارب ادا کرنے کے قابل ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ جو پیسہ ملے گا وہ ریٹائرڈ ملازمین کے لواحقین کو دیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔