Tag: دبئی ایئرپورٹ

  • دنیا کا مصروف ترین دبئی ایئرپورٹ ویران ہوگیا؟

    دنیا کا مصروف ترین دبئی ایئرپورٹ ویران ہوگیا؟

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے مشہور ترین دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں کافی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کا شمار دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے، تاہم حالیہ رپورٹ میں اس ایئرپورٹ سے مسافروں کی کم آمدورفت ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے 2019 میں دبئی ایئرپورٹ سے 86.4 ملین افراد نے سفر کیا جو 2018 کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد 3.1 فیصد کم ہے۔ غیرملکی میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر 2020 میں بھی مسافروں کی آمد ورفت اس ایئرپورٹ پر گھٹے گی۔

    کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے متحدہ عرب امارات کا بڑا اعلان

    متعلہ اداروں کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں کمی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، ان میں ہیلی پیڈ کی عارضی بندش، انڈین جیٹ ایئر ویز کا حادثہ اور بوئنگ 737 میکس طیاروں کی پرواز پر پابندی قابل ذکر ہیں۔ خیال رہے کہ مسلسل حادثے کے باعث بوئنگ طیاروں کی پرواز پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    2019 میں دبئی ایئرپورٹ ممکنہ طور پر 32.2ملین مسافروں سے محروم رہا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں پھیلتے وائرس کے پیش نظر کئی ممالک نے اپنے شہریوں پر سفری پابندی بھی عائد کردی ہے جس کے باعث مزید مسافروں کی آمد ورفت معطل رہے گی، جس سے ایئرپورٹ انتظامیہ کو شدید خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

  • دبئی: شیشے کے باکس سے سونے کی اینٹ نکالو اور کروڑ پتی بن جاؤ

    دبئی: شیشے کے باکس سے سونے کی اینٹ نکالو اور کروڑ پتی بن جاؤ

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایئرپورٹ پر 20 کلو وزنی سونے کی اینٹ جیتنے کا چیلنج دیا گیا ہے، شیشے کے باکس سے سونے کی اینٹ نکالو اور کروڑ پتی بن جاؤ۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے ایئرپورٹ پر شیشے کے باکس میں ایک 20 کلو گرام وزنی سونے کی اینٹ رکھی گئی ہے اور ایئرپورٹ پر آنے والوں کے لیے دعوت عام ہے کہ جو شخص اس اینٹ کو باکس سے نکال لے گا، سونا اس کا ہوجائے گا۔

    شیشے کے اس باکس میں ایک چھوٹا سا سوراخ ہے جس میں بمشکل ہاتھ اندر جاتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی لوگ اس اینٹ کو باکس سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ناکام ثابت ہوئے ہیں تاہم ایک شخص نے ویڈیو شیئر کرکے دعویٰ کیا ہے کہ وہ یہ چیلنج جیت گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص نے سونے کی اینٹ کامیابی سے نکال لی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کی جیت کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ دبئی میں لاکھوں درہم جیتنے کی مختلف انعامی اسکیمیں متعارف کرائی جاتی ہیں تاہم ایئرپورٹ پراس طرح کی اسکیم پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔

  • دبئی ایئرپورٹ مسلسل پانچویں سال دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ قرار

    دبئی ایئرپورٹ مسلسل پانچویں سال دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ قرار

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسلسل پانچویں بار سال کے مصروف ترین فضائی اڈے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

    دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق رواں سال مطلوبہ ہدف مکمل نہ ہونے کے باوجود دبئی ایئرپورٹ 2013 سے مسلسل دنیا کے سب سے مصروف ترین ایئرپورٹ کے اعزاز کا حامل ہے۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کے دوران دبئی ایئرپورٹ پر 90 کروڑ افراد نے سفر کیا ہے، ان افراد میں سب سے زیادہ بھارتی مسافر تھے جن کے بعد دوسرے نمبر پر سعودی مسافر ہیں۔

    مزید پڑھیں: امارات ایئرلائنزکی پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں کمی

    قبل ازیں سال 2017 کے دوران تقریبا 89 کروڑ افراد نے دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کیا تھا۔

    دبئی ایئرپورٹ بین الا براعظمی فضائی روٹس کے درمیان ٹرانسٹ حب کی حیثیت رکھتا ہے اور خلیج کے دیگر ممالک کی طرح اس کے مسافروں کی تعداد میں گزشتہ چند سالوں میں حیرت انگیز اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا کا سب سے مصروف ترین ایئرپورٹ ہوا کرتا تھا تاہم دبئی نے اس سے یہ اعزاز سنہ 2014 میں چھین لیا تھا اور آج تک پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے دو سال قبل متحدہ عرب امارات سمیت مڈل ایسٹ اور شمالی افریقہ کے کئی ممالک سے لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ لے کر سفر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

    جولائی 2017 میں پابندی عائد ہونے کے پانچ ماہ بعد ہی دبئی کی ایئر لائن ایمرٹس نے اعلان کیا تھا کہ نئے حفاظتی اقدامات کے بعد انہیں امریکا کی جانب سے عائد کردہ اس پابندی سے استثنیٰ مل گیا ہے۔

  • دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دوحہ: دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ایک حیرت انگیز موبائل ایپ متعارف کرادی جس کے بعد اب مسافر پاسپورٹ کے بجائے اسمارٹ فونز کے ذریعے چیک آؤٹ کرسکیں گے۔

    خصوصی اسمارٹ گیٹ نصب

    دبئی امیگریشن حکام نے یہ سہولت ایمریٹس ایئر لائن کے تعاون سے دبئی ایئرپورٹ پر منگل کو متعارف کرادی ہے جس کے لیے خصوصی اسمارٹ گیٹ لگایا گیا ہے۔

    یہ موبائل ایپ اور اسمارٹ گیٹ متعارف کراتے وقت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی اینڈ فارن افیئرز کے ڈی جی میجر جنرل محمد احمد المری اور ڈپٹی چیئرمین آف پولیس اینڈ اینڈ پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل دہی خلفان تمیم بھی موجود تھے۔

    کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم

    اس نئے سسٹم کو "ا سمارٹ یو اے ای والٹ” کا نام دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دبئی سے دیگر ممالک روانہ ہونے والے ہر مسافر کی کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم ہوسکے گا۔

    تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگادیے جائیں گے

    یہ سہولت فی الوقت دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر متعارف کرائی گئی ہے بعدا زاں موبائل ایپلی کیشن کا تمام ایئرلائن سے لنک ہونے کے بعد یہ سہولت تمام ٹرمینل پر شروع کردی جائے گی اور تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگا دیے جائیں گے۔

    دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا،لیفٹیننٹ جنرل تمیم

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے بتایا کہ اسمارٹ والٹ کے ذریعے مسافروں کا وقت بچے گا، ان کی دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا، مسافروں کو اسمارٹ گیٹ پر صرف اسمارٹ فون اور فنگر پرنٹس کی ضرورت ہوگی اور ڈیپارچر کا عمل ختم ہوجائےگا۔

    یو اے ای والٹ میں مزید تفصیلات بھی شامل کی جائیں گی

    حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یو اے ای والٹ ایپ میں مسافر کی ذاتی شناخت، پاسپورٹ کی تفصیلات اور اسمارٹ گیٹ کارڈ کا ڈیٹا داخل کیا جائے گا بعدازاں اس میں دیگر تفصیلات بھی شامل کی جاسکیں گی۔

    اس ایپ کی یو اے ای کے تمام سرکاری دفاتر تک رسائی ہوگی

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں تمام اماراتی باشندوں اور غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا اس اپیلی کیشن سے منسلک کردیا جائے گا جس کے بعد لوگوں کو متحدہ عرب امارات کے کسی بھی سرکاری ادارے میں داخل ہوتے وقت کسی بھی قسم کی دستاویز دکھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    اسمارٹ فون میں انسٹال ایپ کے ذریعے بار کوڈ ظاہر ہوگا

    ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ میں ظاہر ہونے والا بار کوڈ تمام تفصیلات محض چند سیکنڈ میں ظاہر کردے گا۔

    یہ ایپ ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ ہوسکے گی

    یہ اپیلی کیشن ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ،یہ اپیلی کیشن انتہائی محفوظ ہے اور تمام تر سیکیورٹی فیچرز رکھتی ہے، ڈویلپرز کے مطابق اس اپیلی کیشن کو ہیک کرنا یا اس کا غلط استعمال کرنا ناممکن ہے۔

    پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ لانا نہیں پڑے گا، ایمریٹس ایئر لائن حکام

    ایمریٹس ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ اب مسافر کو پاسپورٹ لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حتی کہ بورڈنگ کارڈ بھی نہیں لانا پڑے گا اس لیے کہ مسافر کا تمام ڈیٹا یعنی اس  کا نام و تصاویر، فلائٹ نمبر اور جہاز کا سیٹ نمبر بھی موبائل والٹ ایپ کے ذریعے اسمارٹ فون سے ظاہر ہوگا۔

    یہ پڑھیں: دبئی ائیرپورٹ پرمسافروں کی تھکن دور کرنے کے لیے خصوصی کیبن نصب