Tag: دبئی پہنچ گئے

  • نواز شریف  دبئی پہنچ گئے، کل پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے

    نواز شریف دبئی پہنچ گئے، کل پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے

    دبئی : مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سعودی عرب سے دبئی پہنچ گئے، جہاں سے کل پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے، دبئی میں آج نواز شریف کی اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سعودی عرب سے دبئی پہنچ گئے ، نواز شریف کو دبئی ائیرپورٹ پر حکام کی طرف سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔

    مسلم لیگ (ن) کےقائد نواز شریف دبئی میں اسحاق ڈارکے بیٹے کے گھرقیام پذیر ہیں، حسین نواز اورحسنین ڈار بھی سابق وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

    ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں آج نوازشریف کی اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، نوازشریف کل دبئی سےپاکستان کیلئے روانہ ہوں گے، سابق وزیراعظم خصوصی طیارےسے پاکستان پہنچیں گے۔

    نواز شریف نے سابق وفاقی وزیر برجیس طاہر کے صاحبزادے کودبئی طلب کر لیا ، جس کے بعد ن لیگ کے رہنما چوہدری ثاقب برجیس طاہردبئی کے لیے روانہ ہوگئے ، چوہدری ثاقب برجیس نواز شریف کےساتھ ہی دبئی سے پاکستان آئیں گے۔

    گزشتہ روز نواز شریف کو دو عدالتوں سےضمانت مل گئی تھی ، سابق وزیراعظم وطن واپسی پرگرفتار نہیں ہوں گے۔

    خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد آئیں گے، اسلام آباد میں قانونی امور پر مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہوں گے جہاں وہ مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

  • جے آئی ٹی ارکان کی دبئی میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں

    جے آئی ٹی ارکان کی دبئی میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں

    اسلام آباد : پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان دبئی پہنچ گئے ہیں، اراکین نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جےآئی ٹی ارکان نے قطرکے ویزے کیلئے اپلائی ہی نہیں کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی چھ رکنی جے آئی ٹی کے دو ارکان عرفان منگی اور بریگیڈیئر کامران رشید دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے مختلف شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے دونوں اراکین مبینہ طور پر شریف فیملی کی جانب سے جو گلف اسٹیل کے حوالے سے بیانات اور دستاویزات جمع کروائے گئے ہیں ان کی تصدیق کیلئے دبئی گئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین نے دبئی سے اہم ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے، ریکارڈ کی فراہمی میں دبئی حکومت نے اہم کردار ادا کیا۔

    ذرائع کے مطابق دبئی میں اسحاق ڈار اور ان کے بیٹوں کی جائیداد کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے، جےآئی ٹی نے ۔گزشتہ روز اسحاق ڈار سے دبئی جائیداد سےمتعلق سوال کیا تھا، جےآئی ٹی کے سوال پر اسحاق ڈار نےبرا بھی منایا تھا۔

    جے آئی ممبران کے قطر جانے کی خبر درست نہیں 

    خیال رہے کہ آج مختلف چینلز پر چلنے والی جے آئی ٹی اراکین کی قطر جانے کے حوالے سے خبر درست نہیں کیونکہ جے آئی ٹی ارکان نے قطر کے ویزے کے لیے درخواست ہی نہیں دی تھی۔


    مزید پڑھیں: قطری شہزادے کا پاکستان اور سفارتخانے آنے سے انکار


    واضح رہے کہ قطری شہزادے حماد بن جاسم کی جانب سے ان کے پہلےخط کی تصدیق کی گئی تھی، اس کے علاوہ قطری شہزادے نے جے آئی ٹی کو قطر آکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہامی بھر رکھی تھی تاہم انہوں نے قطرمیں پاکستانی سفارت خانے میں جا کر بیان ریکارڈ کرانے کی جے آئی ٹی کی تجویز پر عمل کرنے سےانکار کردیا تھا۔


    جے آئی ٹی قطرنہ گئی توشدید تحفظات ہوں گے‘ آصف کرمانی


  • مفتی شہاب الدین پوپلزئی عید سے پہلے دبئی پہنچ گئے

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی عید سے پہلے دبئی پہنچ گئے

    پشاور : مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی رویت ہلال کے اجلاس سے پہلے چُپ چاپ غائب ہوگئے۔ مفتی منیب الرحمان نے بھی ان کے غائب ہونے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک دن پہلے عید کرانے والے دبئی چلے گئے۔ ملک میں دوعیدیں کرانےکے ذمے دارمفتی شہاب الدین پوپلزئی پشاور میں موجود نہیں۔ جس کے بعد اب ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    رویت ہلال کا وقت قریب آتے ہی پوپلزئی کی تلاش شروع ہو گئی، مسجد قاسم خان کی انتظامیہ نےالزام عائد کیا کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ کچھ دیر بعد سوشل میڈیا پر ان کے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی تصویریں سامنے آگئیں معلوم ہوا کہ پوپلزئی دو دن پہلے خاموشی سے دبئی پہنچ چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین 22جون کو اسلام آباد سے دبئی کے لیے روانہ ہوئے، ان کی ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ 2اگست درج ہے۔ دوسری جانب مفتی شہاب الدین کی جماعت کے ارکان بھی ان کی دبئی روانگی سے بے خبر ہیں ۔

    پشاور کے مفتی پوپلزئی نے اس سال رمضان کا چاند بھی ایک روز پہلے ہی دکھا دیا تھا ۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال ایک دن پہلے رویت ہلال کا اجلاس بلاتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ


    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال علیحدہ چاندوں کا قضیہ کھڑا کر کے پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عید یا روزہ کروا دیا کرتے تھے۔

  • کراچی: عزیربلوچ کی حوالگی، ٹیم کے 2ارکان دبئی پہنچ گئے

    کراچی: عزیربلوچ کی حوالگی، ٹیم کے 2ارکان دبئی پہنچ گئے

    لیاری: گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی حوالگی کیلئے دو رکنی پاکستانی ٹیم دبئی پہنچ گئی۔

    دبئی جانے والوں میں ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی نوید خواجہ اور رینجرز کا میجر رینک کا افسر شامل ہے، ٹیم کے دونوں ارکان پی کے چھ سوسات سے شام ساڑھے سات بجے روانہ ہوئے۔

    ٹیم کے مزید ارکان ایس ایس پی سی آئی ڈی عثمان باجوہ اور ڈی ایس پی زاہد حسین ہفتے کو دبئی روانہ ہوں گے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہفتے کے روز جانے والی ٹیم کے ہمراہ ایف آئی اے کے افسر بھی شامل ہوں گے، عدالتی چارہ جوئی اور دیگر قانونی مراحل میں مزید کئی دن لگیں گے، بدھ یا جمعرات تک ملزم کو پاکستان کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ 29دسمبر 2014 کو عزیر بلوچ کو مسقط سے دبئی پہنچنے پر انٹر پول کی جانب سے گرفتارکیا گیا تھا۔

    عزیر بلوچ 2013 میں حکومت کی جانب سے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے پر بیرون ملک فرار ہوئے تھے،جس کے بعد ملک سے فرار ہونے پر پاکستانی حکومت نے عزیر بلوچ کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے تھے۔

    عزیر بلوچ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے قتل ، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور سو سے زائد دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔