Tag: درآمد

  • وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے اقدامات کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا، صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبے بھر میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔ کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت وصول نہیں کر رہے ہیں۔ کسان ٹماٹر درآمد پر پابندی کے لیے سندھ میں احتجاج بھی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال 20-2019 میں 57 ہزار 900 ہیکٹر رقبے پر پیاز کی کاشت ہوئی تھی اور 7 لاکھ 82 ہزار 140 میٹرک ٹن پیاز کی پیداوار ہوئی، رواں سال 21-2020 میں سندھ میں 58 ہزار 200 ہیکٹر پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 20-2019 کے دوران 22 ہزار 542 ہیکٹر پر ٹماٹر کی کاشت کی گئی اور 1 لاکھ 64 ہزار 658 میٹرک ٹن ٹماٹر پیدا ہوا۔ رواں سال 2020-21 ٹماٹر کی فصل 30 ہزار ہیکٹر پر کاشت کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی ناقص پالیسی سے کسانوں کو فصل کی لاگت نہیں مل رہی، ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تجارت اور فوڈ سیکیورٹی پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    اسلام آباد: رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے پانچ ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 21.79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 5 ارب 11 کروڑ ڈالر رہا۔ یہ حجم گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 6 ارب 53 کروڑ ڈالرتھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی درآمدات میں 28 فیصد اور گیس کی درآمدات میں 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ایل پی جی درآمدات میں 32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی درآمدی بل میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا تھا کہ سال 2018 کی نسبت 2019 میں برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 4 ارب ڈالر کم ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقدار کے لحاظ سے ہماری برآمدات 29 فیصد بڑھ گئی ہیں، گرے کلاس میں اضافہ ہوا، چین بھی پاکستان کی 313 مصنوعات کو ڈیوٹی فری کر رہا ہے، درآمدات میں بھی ہماری پوزیشن اچھی ہے۔

  • انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    انڈر انوائسنگ روکنے کے لیے درآمدات کے یونٹس میں تبدیلیاں

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ انڈر انوائسنگ کو روکنے اور درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے درآمدات پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ درآمدات پر درآمد کنندگان کی آسانی کے لیے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تبدیلیاں یونٹ آف میرمنٹ سسٹم اور ویلیو ایشن یونٹ میں کی گئی ہیں، درآمد کنندگان اس بارے میں مزید تجاویز دیں۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ عمل انڈر انوائسنگ کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ 960 ارب روپے محصولات میں 15 ارب کے ٹیکس ری فنڈ شامل نہیں ہیں، مقامی ٹیکس محصولات میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا تھا کہ حوصلہ شکنی کے اقدامات سے درآمدات کی مالیت 3 ارب ڈالر کم رہی ہے، تین ارب ڈالر کم درآمدات سے 125 ارب روپے کا ٹیکس نہیں ملا ہے۔ کم درآمدات کے سبب ٹیکس کا ہدف حاصل ہوا۔

  • قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    اسلام آباد: قطر نے پاکستانی چاول کی درآمدات پر عائد پابندی ختم کر کے چاول کی درآمدات کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صفدر میکری نے کی۔

    اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ قطر اور ایران کی منڈیوں میں چاول کی برآمدات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اگلے 5 سال تک چاول کی برآمدات کو 2 سے 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائیں گے، چین اور انڈونیشیا میں اضافی مارکیٹ رسائی سے چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، حکومتی اقدامات سے درآمدات میں 6 ارب ڈالر کمی ہوئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ 5.9 ارب ڈالر کم رہا، جبکہ اس وقت ملک کا تجارتی خسارہ 31 ارب ڈالر ہے۔

    عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملک میں کھاد کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں، ہم نے قطر کو چاول کی برآمدات شروع کر دی ہے، ایران نے 5 لاکھ ٹن چاول آرڈر کیا جو آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

  • لنڈے کے کپڑوں پر بھی 10 فیصد ٹیکس عائد

    لنڈے کے کپڑوں پر بھی 10 فیصد ٹیکس عائد

    کراچی: نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی بیرون ملک سے درآمد کیے گئے استعمال شدہ کپڑوں پر بھی 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہوگئی۔ استعمال شدہ کپڑے بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کا اطلاق بھی ہوگیا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے پہلے ہی درآمدی استعمال شدہ کپڑوں کی قیمت میں اضافہ ہوچکا تھا جبکہ ڈیوٹی لگنے کے بعد یہ غریبوں کی پہنچ سے بھی باہر ہوجائیں گے۔

    پاکستان سیکنڈ ہینڈ کلوتھنگ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کو ایک فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ٹیکسوں میں اضافے اور مہنگے ڈالر کے باعث اب کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ نئے کپڑے تو خرید نہیں سکتے تھے اب پرانے کپڑے بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے استعمال شدہ کپڑے درآمد کیے گئے تھے۔ مہنگائی کی موجودہ صورتحال سے درآمد کنندگان غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہیں۔

  • امریکا اور متحدہ عرب امارات کا دفاعی سمجھوتے پرعمل درآمد کا فیصلہ

    امریکا اور متحدہ عرب امارات کا دفاعی سمجھوتے پرعمل درآمد کا فیصلہ

    واشنگٹن/ابوظبی : معاہدے کے تحت امریکا اور متحدہ عرب امارات نے ایک دوسرے کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات نے رواں سال طے پانے والے دفاعی معاہدے پر باضابطہ عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوںنے ایک دوسرے کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

    ابو ظبی اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت اور حالات باہمی عسکری، سیاسی اور مضبوط اقتصادی شراکت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے درمیان مربوط تعلقات کے قیام میںپیش رفت کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات نے خطے میں امن واستحکام کے لیے مشترکہ گہرے تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گے۔

    دونوں ملک ایک دوسرے کے دفاعی اور فوجی صلاحیت سے استفادہ کرنے اور خلیجی خطے میں دیر پا قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے خطے کی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ایران کی طرف سے خطے کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔

    قبل ازیں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا تھا کہ سعودی عرب، متحد عرب امارات اور امریکا مل کر ایران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے سے روکیں گے۔

    ابو ظبی میں امریکی سفارت خانے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر بولٹن کا کہنا تھا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا عراق کی ملیشیاﺅں کو ہمارے خلاف استعمال کرنے پر گہری تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایرانی ایجنٹوں کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور ایران کی طرف سے لاحق کسی بھی خطرے کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔

  • استثنیٰ کے حامل آٹھ میں سے تین ممالک نے ایرانی تیل کی درآمد ختم کر دی، امریکا

    استثنیٰ کے حامل آٹھ میں سے تین ممالک نے ایرانی تیل کی درآمد ختم کر دی، امریکا

    تہران : امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کے دوران استثنیٰ کے حامل آٹھ ممالک میں سے تین ممالک نے ایرانی تیل کی درآمد ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے لیے مقرر خصوصی امریکی مندوب برائن ہک نے کہا ہے کہ ایرانی خام تیل کی برآمد پر گزشتہ برس کی پابندی کے بعد استثنی کے حامل آٹھ ممالک میں سے تین ملکوں نے درآمد روک دی ہے۔

    امریکی مندوب برائن ہک نے ان تینوں ملکوں کے نام بیان نہیں کیے، امریکا کی کوشش ہے کہ ایرانی خام تیل کی برآمدات کو مکمل طور پر روک دیا جائے۔

    برائن ہک کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں عائد کی جانے والی پابندی کے بعد امریکا نے چین، بھارت، یونان، اٹلی، تائیوان، جاپان، ترکی اور جنوبی کوریا کو ایرانی تیل کی درآمد جاری رکھنے کا خصوصی استثنی دیا تھا اور یہ اجازت رواں برس دو مئی کو ختم ہو رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : ایرانی تیل پر امریکی پابندی، بین الاقوامی صارفین متاثر

    ایران پرنئی اقتصادی پابندیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں امریکا کی جانب سے نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی تھی، جس میں ایرانی تیل کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا گیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے ایران سے تیل درآمد کرنے والے آٹھ بڑے ممالک کو پابندیوں سے استثنیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • سال 19-2018: پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ

    سال 19-2018: پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ

    اسلام آباد: رواں مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا، رواں سال 7 ماہ میں 60 ارب سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے 7 ماہ 55 ارب مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے، گزشتہ7 ماہ میں موبائل فون کی درآمد میں 13.13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال 7 ماہ میں 48.71 ارب کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے جبکہ رواں سال 7 ماہ میں 42 کروڑ 38 لاکھ ڈالر (60 ارب 22 کروڑ سے زائد) مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے موبائل کی درآمدی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان بیورو شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق نئے مالی سال 19-2018 کے آٹھویں ماہ فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ 15 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، گندم، آٹا، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، چینی، گڑ اور دال مسور سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق انڈے، لہسن ،خوردنی تیل، آلو، پیاز، دال ماش، چنے کی دال، دال مونگ، سرخ مرچ اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • فرنس آئل کی درآمدات فوری بند کرنے کا حکم

    فرنس آئل کی درآمدات فوری بند کرنے کا حکم

    اسلام آباد: حکومت نے فرنس آئل کی درآمدات فوری بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں تاہم کے الیکٹرک اس پابندی سے مستثنیٰ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے فرنس آئل کی درآمدات فوری بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ریفائنریز کو صلاحیت اور معیار کو بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فرنس آئل کی پیداوار کم کر کے نہ ہونے کے برابر کر دی جائے۔

    ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ فرنس آئل کی اسٹوریج کے لیے بجلی بنانے والوں سے معاہدے کریں۔ ریفائنریز خام تیل کی ضمنی پیداوار میں فرنس آئل کی پیداوار انتہائی کم کریں گی۔ ریفائنریز صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ڈیم ڈیوٹی کا استعمال کریں۔

    دوسری جانب درآمدات بند کرنے کے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے فرنس آئل کی درآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے، کے الیکٹرک اس پابندی سے مستثنیٰ ہے۔

  • تجارتی خسارے میں کمی کے لیے 356 اشیا پر ڈیوٹی بڑھا دی گئی

    تجارتی خسارے میں کمی کے لیے 356 اشیا پر ڈیوٹی بڑھا دی گئی

    اسلام آباد: تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لیے حکومت نے کوششیں شروع کردیں اور اس ضمن میں حکومت نے 356 اشیا پر ڈیوٹی بڑھا دی گئی۔ ڈیوٹی بڑھانے سے درآمدی بل میں 2 ارب ڈالر تک کی کمی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت میں تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر جا پہنچا جس کے بعد حکومت نے درآمدی اشیا پر ٹیکسوں میں اضافہ کردیا۔

    غیر ضروری درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 50 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈیوٹی میں اضافے سے درآمدی بل میں 2 ارب ڈالر تک کی کمی متوقع ہے جبکہ اضافی ٹیکس وصولی میں 40 ارب روپے تک اس کے علاوہ ہے۔

    نئی پالیس کے تحت گاڑیاں، موبائل، فرنس آئل، ٹائرز پر زائد ٹیکسوں کا اطلاق ہوگا۔ الیکٹرانک کے سامان پر بھی ڈیوٹی بڑھائی گئی ہے۔ درآمدی گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔