Tag: درج

  • نوابشاہ: پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج

    نوابشاہ: پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت کا مقدمہ 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف درج

    نواب شاہ میں سکرنڈ پولیس کی حراست میں ملزم محمد نواز زرداری کی موت کا مقدمہ ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمہ زیر حراست جاں بحق ملزم کے بھائی اسد نواز زرداری کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ایس ایچ او ، ہیڈ کانسٹیبل اور پولیس اہلکار محسن بلوچ، صابر حسین گوپانگ کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس کی زیر حراست ملزم محمد نواز زرداری کو تشدد کرکے مارا گیا، مقدمہ درج ہونے پر اہلکاروں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقدمے کے بعد ڈی ایس پی سکرنڈ فرار ہیں جب کہ ایس ایچ او، ہیڈ محرر اور ایک پولیس اہلکار گرفتار ہیں۔

  • جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    قاہرہ : مصری وکیل نے جینیفر لوپیز کے خلاف اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اداکارہ و گلوکارہ نے الامین شہر میں منعقدہ کنسرٹ میں برہنہ حالت میں پرفارم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادھیڑ عمری میں بھی کسی خوبرو لڑکی کی طرح پرفارمنس کرنے والی گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ و لکھاری جینیفر لوپیز پر مصر کے ایک وکیل نے فحش پرفارمنس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جینیفر لوپیز نے حال ہی میں اپنی 50 ویں سالگرہ کے جشن منانے کے طور پر مصر، اسرائیل، اٹلی اور روس میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا۔

    خاص ممالک میں منعقد کیے جانے والے ان میوزک کنسرٹ میں اگرچہ لاکھوں افراد کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے، تاہم ان کنسرٹ میں 5 سے 10 ہزار افراد شامل رہے،ان میوزک کنسرٹ میں جہاں گلوکارہ کے عام مداح شامل رہے، وہیں ان کنسرٹ میں گلوکارہ کے متعلقہ ممالک کی حکومتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقد کئے جانے والے کنسرٹس کو ’ یہ میری پارٹی‘ ہے کا نام دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مشہور گانوں پر بولڈ، نیم عریاں اور جذباتی پرفارمنس کی۔

    جینیفر لوپیز نے تل ابیب، ماسکو، اناطولیہ اور مصر کے شہر الامین میں بھی پرفارمنس کی،مصری شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس میں حکومتی وزراء، مصری شوبز، موسیقی، فیشن و میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    مصر کے شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس کے بعد مصر کے معروف وکیل سمیر صابری نے امریکی گلوکارہ پر فحش پرفارمنس کا الزام لگاتے ہوئے ملک کے اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروادی۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل کے ہاں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین میں منعقد کنسرٹ میں انتہائی نازیبا اور نیم عریاں پرفارمنس کی جو مصر کے اسلامی اقدار کے خلاف تھی۔

    شکایت میں مزید لکھا گیا گیا کہ جینیفر لوپیز کا میوزک کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ کچھ دن قبل ہی مصر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور اس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایسے میں فحش پرفارمنس کے کنسرٹ میں حکومتی وزیروں کی شرکت ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

    مصری وکیل نے اپنی شکایت میں یہ بھی لکھا کہ امریکی گلوکارہ کا فحش کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات میں فریضہ حج کی ادائیگی کر رہے تھے اور ایسے موقع پر جینیفر لوپیز کی عریاں پرفارمنس قابل مذمت ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مصری وکیل سمیر صابری نے اپنی شکایت میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین شہر میں کنسرٹ میں کپڑوں کے بغیر بھی پرفارمنس کی،تاہم میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے والے چند افراد کے مطابق جینیفر لوپیز نے برہنہ پرفارمنس نہیں کی تھی البتہ ان کا لباس اس طرح تھا کہ وہ نیم عریاں دکھائی دے رہی تھیں۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل سے شکایت میں مطالبہ کیا کہ جینیفر لوپیز پر مصر میں پابندی عائد کی جائے اور آئندہ ان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد نہ کیا جائے۔

  • امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    واشنگٹن/ دوحہ: متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ امیر قطر کے بھائی نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی ۔

    تفصیلات کےمطابق امریکا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے بھائی کے خلاف اپنے عملہ کے دو ارکان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے اور ایک کو زیر حراست رکھنے پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے،شیخ خالد بن حمد آل ثانی کے خلاف 23جولائی کو امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں قانونی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    اس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی اور اس کو ایک تیسرے امریکی کو زیر حراست رکھنے کا حکم دیا تھا،اس قانونی عذر داری میں ایک اور درخواست گزار کی شکایت بھی شامل ہے۔

    اس میں اس دوسرے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ ا س کو شیخ خالد کے لیے خدمات کی انجام دہی کے دوران میں ایک احاطے میں زیر حراست رکھا گیا تھا اور بندوق سے ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔

    اس نے کہا کہ اس کو دیوار سے پھاند کر بھاگ جانے کی کوشش میں زخم آئے تھے جن کے علاج کے لیے اس کو سرجری کی ضرورت پیش آئی تھی،امریکا کی ایک خبری ویب گاہ ڈیلی کالر نے پہلے اس قانونی درخواست کی اطلاع دی تھی۔

    اس کے مطابق دونوں درخواست گزار، سکیورٹی گارڈ میتھیو پیٹارڈ اور طبی اہلکار میتھیو ایلنڈے، شیخ خالد کے لیے امریکا اور قطر میں کام کرتے رہے تھے،اس کے علاوہ قطری شیخ دنیا بھر میں جہاں کہیں سفر پر جاتے تھے تو وہ بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے۔

    شیخ خالد پر مبینہ طور پر یہ الزام عاید کیا گیا ہے کہ انھوں نے پیٹارڈ کو دو افراد کو ستمبر2017ءاور نومبر 2017 میں لاس اینجلس میں قتل کرنے کے لیے کہا تھا۔ان میں ایک مرد اور ایک عورت تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے بھائی ان دونوں کو اپنی ذاتی شہرت اور سکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتے تھے مگر ان کے محافظ پیٹارڈ نے ان کی غیر قانونی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    ان پر عائد کردہ الزامات میں سے ایک میں کہا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو ایک سے زیادہ مرتبہ حراست میں رکھا تھا۔

    اس قانونی درخواست میں شیخ خالد پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو دو مواقع پر اس کی منشا کے خلاف حراست میں رکھا تھا،دوحہ میں امریکی سفارت خانہ اور پیٹارڈ اس امریکی کی مدد کو آئے تھے اور انھوں نے اس کے قطر سے فرار میں مدد دی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جب شیخ خالد کو میتھیو پیٹارڈ کی اس حرکت کا پتا چلا تھا تو انھوں نے یہ دھمکی دی تھی کہ پیٹارڈ کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    شیخ نے پیٹارڈ کو براہِ راست قتل کرنے اور اس کی لاش صحرا میں پھینکنے میں دھمکی دی تھی۔

  • کراچی میں لفٹ سانحہ، واقعے کا مقدمہ درج

    کراچی میں لفٹ سانحہ، واقعے کا مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد کےعلاقے بوٹ بیسن میں لفٹ گرنے سے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں گزشتہ روز زیر تعمیرعمارت میں لفٹ گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے کا مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں سب انسپکٹر ریاض کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    واقعے کے مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ شامل کی گئی ہے،عمارت کے مالک محمد امین، اور پارٹنرکو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    سب انسپکٹرریاض کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں عمارت کے ٹھیکیدارموسیٰ اقبال اورعرفان الرحمان بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے میں ملزمان کی جانب سے زخمیوں کےعلاج سے انکار بھی شامل ہے۔

    کراچی میں زیرتعمیرعمارت کی لفٹ گرگئی،5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں زیرتعمیرعمارت میں تعمیراتی لفٹ گرنے سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق واقعہ تعمیراتی لفٹ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، مزدور زیرتعمیرعمارت میں شیشہ لگانے میں مصروف تھے۔

  • لاہور: تیرہ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ فیکٹری میں درج

    لاہور: تیرہ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ فیکٹری میں درج

    لاہور: فیکٹری ایریا کے علاقہ میں تیرہ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ فیکٹری میں درج کرلیاگیا۔

    پولیس کے مطابق بچی کو نامعلوم کار سواروں نے لفٹ دینے کے بہانے اپنے ساتھ لے گئے اور بچی سے مبینہ زیادتی کرکے والٹن روڈ پر پھینک کر فرار ہوگئے ، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ، پولیس نے بچی کو اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    بچی ایک گھر میں ملازمہ تھی گھر کے مالک محمد عباس کی مدعیت میں دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے مطابق بچی دوپہر اپنے گھر سے بازار میں سودا لینے گئی تھی کہ نامعلوم افراد اسے ورغلا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

  • سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج

    سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج

    کوئٹہ : سانحہ مستونگ کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے خلاف لیویز تھانہ کھڈ کوچہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

    لیویز کے مطابق  مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں پشین سے کراچی جانیوالی دو بسوں سے مسافروں کے اغواء اور بائیس مسافروں کو قتل جبکہ دو کو زخمی کرنے کا  مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

    مقدمہ نائب تحصیلدار کھڈکوچہ سبزل خان رند کی مدعیت میں لیویز تھانہ کھڈکوچہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔

     مقدمہ میں 7‘ 302‘ 324‘ 171‘363اور427 دفعات شامل ہیں  جبکہ واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے والی کالعدم تنظیم کے سربراہ اور ترجمان سمیت 12افراد کو ایف آئی آر میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مستونگ کےعلاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی وردی میں ملبوس دہشت گردوں نے کوئٹہ سے کراچی آنے والی 2 مسافر کوچز کے 21 مسافروں کو شناخت کے بعد  ہلاک جب کہ متعدد  کو یرغمال بنالیا تھا۔